آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی دیکھنے میں آئی ہے، وزیر اعظم نے قوم کے نام مبارکباد کا پیغام بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کے حالیہ معاشی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد پھر سے بحال ہوا ہے اور اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے نتیجے میں 100انڈیکس میں 2446 پوائنٹس کا اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 43899 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
زبردست تیزی کے باعث مارکیٹ 5.9 فیصد بڑھ گئی، مارکیٹ میں 36 کروڑ حصص کا کاروبار 8 ارب روپے میں طے ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں آنے والی تیزی کا سبب آئی ایم ایف سے ہونے والا اسٹاف لیول معاہدہ ہے، پچھلے ہفتے پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان 3 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری محنت اور درست پالیسیوں سے معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے معاشی ترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، الحمد لِلّٰہ ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے، پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہو گئے ہیں، پُر خلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے۔