Tag: Pakistan Street Child Football

  • ناروے میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے تیسرا میچ بھی جیت لیا

    ناروے میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے تیسرا میچ بھی جیت لیا

    اوسلو: ناروے میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اپنا مسلسل تیسرا میچ بھی جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوسلو، ناروے میں جاری فٹبال کپ ’ناروے کپ‘ کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والی اسٹریٹ چائلڈ پر مشتمل فٹبال ٹیم ’مسلم ہینڈز‘ نے ناروے کی ٹیم شولڈ اِل/اسٹیگابورڈ کو شان دار شکست دے کر اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا۔

    پاکستانی ٹیم نے اپنا یہ تیسرا میچ 2 صفر سے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیتا ہے، میچ میں کامیابی پر تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں جمع ہو گئی تھی اور تماشائیوں نے پاکستانی پرچم اٹھاتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    پاکستان کی جانب سے احمد رضا نے چوتھے منٹ میں خوب صورت گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور کچھ دیر بعد طفیل شنواری نے ایک اور گول کر کے میچ جیت لیا، اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان گروپ 15 میں سرفہرست آ گیا ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے۔ راؤنڈ آف 32 میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم جمعرات کو ناروے مولڈے فٹبال کلب سے مقابلہ کرے گی۔

    31 جولائی کو مسلم ہینڈز نے اپنے دوسرے میچ میں اَروول اِل کلب کو 2-1 سے شکست دے کر سیکنڈ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، قومی ٹیم کی جانب سے کپتان طفیل شنواری، عبدالوہاب نے ایک، ایک گول اسکور کیا تھا۔ جب کہ اپنے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے فرِگ اوسلو کو ایک کے مقابلے میں 11 گول سے ہرایا تھا۔

    ناروے میں پاکستانی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے ناروے کپ میں شامل پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

  • پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم آج صبح وطن واپس پہنچ گئی، اسلام آباد ایئر پورٹ پر شان دار استقبال

    پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم آج صبح وطن واپس پہنچ گئی، اسلام آباد ایئر پورٹ پر شان دار استقبال

    اسلام آباد: پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم آج صبح وطن واپس پہنچ گئی، پاکستان ٹیم اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں رنر اپ پوزیشن کے ساتھ وطن لوٹی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبال وزیر مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات‘ چیئرمین مسلم ہینڈز حسنین اور فٹ بال کے دیگر شائقین نے کیا۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر حسنات نے کہا کہ یہ بچے ہمارے ہیرو ہیں، ہمیں اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم پر فخر ہے، میں وزیراعظم اور صدر سے اپیل کرتا ہوں کہ ٹیم کو انعامات سے نوازا جائے۔

    وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ وہ کھلاڑی جن پر قومی خزانے سے پیسا خرچ کیا جاتا ہے اور جن سے بہت توقعات وابستہ کی جاتی ہیں لیکن وہ خاطر خواہ نتائج نہیں لاتے، ان کے مقابلے میں ان بچوں نے اپنی اہمیت ثابت کی ہے۔

    انھوں نے مسلم ہینڈز نامی تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے مخلتف جگہوں سے یہ قابل بچے منتخب کیے اور ایک شان دار ٹیم تشکیل دی، میں تنظیم کا شکر گزار ہوں۔

    پاکستان اسٹریٹ چائلد فٹ بال ٹیم کے کپتان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم کو ساڑھے تین ماہ دن رات پریکٹس کرائی، پوری ٹیم بہت اچھا کھیلی مگر بد قسمتی سے ہم فائنل نہیں جیت پائے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ازبکستان نے پاکستان کو شکست دے دی

    انھوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ رہیں، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جو دیگرممالک کی ٹیموں کے پاس ہیں، اگر سہولتیں فراہم کی جائیں تواس سے بہترکھیل پیش کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: تیسرا اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ: پاکستان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

    ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بھی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دیکھا ہے ہمارے بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، انشاءاللہ آئندہ ورلڈ کپ میں اس سے بہتر کارکردگی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اسٹریٹ چائلد فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی تھی لیکن ازبکستان ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کے باوجود فائنل ہارگئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔