Tag: PAkistan super league

  • پی ایس ایل کی آن لائن ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ بحال ہوگئی

    پی ایس ایل کی آن لائن ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ بحال ہوگئی

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کی آن لائن ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ بحال کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ویب سائٹ بحال کردی گئی ہے، شائقین کرکٹ اب بغیر کسی رکاوٹ کے آن لائن ٹکٹ بک کر سکتے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے نجی کورئیر کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کی آن لائن ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ پر 6 فروری کی شام 5 بجے سے آن لائن ٹکٹ بکنگ شروع ہونا تھی جس کے چند گھنٹوں بعد ہی اس پر سائبر حملہ کیا گیا۔

  • پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے شیڈول کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کر کے خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔

    ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔

    پی ایس ایل شیڈول مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی میچ 13 فروری کو سیزن سات کے چمپیئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا۔

     میگا ایونٹ 13فروری سے 19 مارچ تک 4 وینیوز پرکھیلا جائے گا،  پی ایس ایل ایٹ 2 مرحلوں میں کھیلا جائےگا، 13 سے 26 فروری تک ملتان اور کراچی  میں مقابلے ہوں گے، جبکہ 26 فروری سے 19 مارچ تک لاہور، راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو ملتان میں ہوگی، افتتاحی میچ  لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا، ایونٹ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    https://twitter.com/thePSLt20/status/1616396805696282625?s=20&t=e6ynVgyEYNQ5n2qCMFxvtQ

    تمام پلے آف میچز کی میزبانی بھی لاہور کرے گا، کراچی کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈہوم گراؤنڈ پر 5 ،5 میچ کھیلیں گی جبکہ راولپنڈی میں پی ایس ایل ایٹ کے 11 میچز کھیلے جائیں گے۔

     کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز ایونٹ کے 9،9 میچوں کی میزبانی کریں گے، جبکہ ملتان میں 5میچزکھیلےجائیں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے شیڈول کے مطابق کراچی کنگز ہوم گراؤنڈ پر تمام 5 حریفوں سےایک ایک میچ کھیلےگی، کراچی کنگز کی ٹیم اپنا پہلامیچ 14فروری کو پشاورزلمی سےکھیلےگی۔

  • رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    پی ایس ایل 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 207 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 150 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شان مسعود نے 83 اور محمد رضوان نے 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    خوشدل شاہ نے 4 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب مقصود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ری روسو 5 رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے اپنے آخری اوور میں 16 رنز دیے جو قلندرز کی شکست کا سبب بنے۔

    حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز نے جیت کےلیے ملتان سلطانز کو 207 رنز بڑا ہدف دیا تھا۔

    فخر زمان نے 35 گیندوں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے قلندرز کے اسکور میں 76 رنز شامل کیے، اور احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کو کیچ دے بیٹھے جب کہ عبداللہ شفیق نے مجموعی اسکور میں 24 رنز کا اضافہ کیا۔

    تیسرے نمبر پر کامران غلام پچ آئے اور 31 گیندوں پر 43 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حفیظ ٹیم کے مجموعی اسکور میں 16 اور بین ڈنک صرف 9 رنز کا اضافہ کرسکے جب کہ ڈیوڈ وایزی 13 اور راشد خان 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پہلی اننگز میں شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ، عمران طاہر اور ڈیوڈ ولی نے لاہور قلندرز کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) سیز سیون کا پہلا ڈبل ہیڈر آج ہونے جارہا ہے جس میں دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اِن ایکشن ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا میچ ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    May be an image of text

  • پی ایس ایل 7: کھلاڑی کب بائیو سیکیور ببل میں داخل ہونگے؟

    پی ایس ایل 7: کھلاڑی کب بائیو سیکیور ببل میں داخل ہونگے؟

    کراچی: پی ایس ایل سیزن 7 کو عالمی وبا کرونا سے بچانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو اصول وضوابط طے کئے تھے ان پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل سیزن سیون کیلئے تمام ٹیموں کے کھلاڑی آج سے بائیو سیکیور ببل میں چلے جائیں گے، کھلاڑیوں کے بائیو سیکیور ببل میں جانے سے قبل ہوٹل کے تمام مقامات اور کمروں میں سینٹائزر اسپرے کردیا گیاہے۔

    ملک کے دیگر شہروں سے کراچی آنے والے کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل انٹری گیٹ پر ایک ٹیم کھلاڑیوں کے بیگز کو سینیٹائز کرے گی۔

    کراچی کنگز کے مقامی کھلاڑی اور کوچز بھی آج سے ببل کا حصہ ہوں گے، ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی مختلف شہروں سے کراچی پہنچ رہے ہیں وہ بھی آج رات تک بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم آفیشلز اور مقامی کھلاڑی 2 بجے تک کراچی پہنچیں گے اور بائیو سیکیور ببل کا حصہ بنیں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے طے کردہ ایس او پیز کے تحت ہوٹل اسٹاف سمیت مینجمنٹ کے آفیشلز کو بھی بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہوگا ۔

    ذرائع کے مطابق لائزن آفیسر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ٹیموں کا ہوٹل میں ایک دوسرے سے سامنا نہ ہو جبکہ آرمی میڈیکل کور سے تعلق رکھنے والے بائیو ببل انٹیگریٹی منیجر معاملات کی نگرانی کریں گے۔

    لاہور کے ہوٹل میں باقاعدہ رکاوٹیں کھڑی کر کے غیرمتعلقہ افراد کو روکا جائے گا اور سکواڈز کیلئے الگ لفٹ، ڈائننگ ایریاز مختص کئے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل جونیئر شروع کرنے کا اشارہ

    پی ایس ایل جونیئر شروع کرنے کا اشارہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان سپرلیگ جونیئر شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    پاکستان سپرلیگ 7 کی ڈرافٹنگ تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  قذافی اسٹیڈیم میں جتنےمیچزز دیکھے اُن میں پچز بے کار تھیں، میری پہلے دن سے ساری توجہ پچز کو بہتر بنانے پر ہے۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ فرنچائز مالکان سے بھی یہی بات ہوتی رہی لیگ کو اوپرلےکر جانا ہے، پی ایس ایل 7ویں سیزن کے بعد مزید اوپر کی طرف جائے گا کیونکہ یہ دنیا کی سب سے بہترین فاسٹ بولنگ لیگ ہے۔

    پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ لیگز دراصل مقامی کھلاڑیوں سے بنتی ہیں جبکہ غیرملکی کھلاڑی صرف تڑکا لگانےکیلئےآتے ہیں، ہماری لیگ بھی اپنےکھلاڑیوں کیوجہ سے اوپر گئی اور دنیا میں ایک مقام حاصل کیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 7 ، کراچی کنگز کا 18 رکنی اسکواڈ مکمل

    یہ بھی پڑھیں: کامران اکمل کا احتجاجآ پی ایس ایل چھوڑنے کا اعلان

    رمیز راجہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل میں شامل تمام فرنچائزز پاکستان کے ہر شہر میں میچز کھیلیں کیونکہ اب ہمیں بہت ساری چیزوں سے باہر نکل کر مستقبل کی طرف بڑھنا اور اقدامات کرنے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سینئرکھلاڑیوں کو اب پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیے کیونکہ نئےٹیلنٹ کو آگے لانا ضروری ہے،  اس معاملے پر سینئرز کا غصّہ اپنی جگہ مگر ہمیں پاکستان کرکٹ کیلئے فیوچر کو ترجیح دینی ہے۔

    رمیز راجہ نے یقین دہانی کرائی کہ مجھے تھوڑا وقت دیں، سب ٹھیک کروں گا، ہم مستقبل میں جونیئرپی ایس ایل بھی شروع کریں گے، سب کوسرپرائز ملیں گے مگر اس کے لیے وقت اور انتظار ضروری ہے۔

  • پاکستان سُپر لیگ کا نیا چیمپئن کون؟ فیصلہ کل ہوگا

    پاکستان سُپر لیگ کا نیا چیمپئن کون؟ فیصلہ کل ہوگا

    ابوظبی: پاکستان سُپرلیگ کا نیا چیمپئن کون ہوگا؟ فیصلہ کل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ابوظبی میں کھیلے جانے والے فائنل میں ہوجائے گا۔

    پی ایس ایل سیزن سکس کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلے کی گھڑی آگئی، کل ٹائٹل کے حصول کے لئے پشاورزلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان جنگ ہوگی۔

    ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ پشاور زلمی چوتھی مرتبہ فائنل کھیلے گا، سال دوہزار سترہ میں زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوہرا کرپہلی بار ٹائٹل اپنےنام کیا تھا۔

    ہیڈ ٹوہیڈ مقابلوں میں ملتان سلطانز کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طورپرآٹھ میچز کھیلے گئے،جن میں سے پانچ میں ملتان سلطانز نے کامیابی حاصل کی۔

    رات گئے کھیلے دوسرے ایلی مینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس کا پہلا حصہ کراچی میں کھیلا گیا تھا تاہم کرونا وبا کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا تھا، کم وبیش تین ماہ کے تعطل کے بعد پی سی بی اور فرنچائزر نے متفقہ فیصلہ کیا کہ لیگ کے بقیہ میچز ابو ظبی میں منعقد کرائے جائیں۔

     

  • پی ایس ایل 6: لیگ کے بقیہ میچز سے متعلق آئندہ چند روز میں فیصلہ کئے جانے کا امکان

    پی ایس ایل 6: لیگ کے بقیہ میچز سے متعلق آئندہ چند روز میں فیصلہ کئے جانے کا امکان

    لاہور: سندھ میں کرونا کے بڑھتے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سپر لیگ کےانعقاد کے لئے آئندہ چند روز انتہائی اہمیت اختیار کرگئے ہیں، پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں شروع ہونےہیں۔

    ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال پی سی بی حکام کے لیے پریشان کن ہے، جس کے باعث پاکستان سپر لیگ کے لیے پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق آئندہ چند روز انتہائی اہمیت کے حامل ہوگئے ہیں، بورڈ حکام نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیےکئی آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مکمل کرنےکے لیے رواں سال پی سی بی کے پاس کوئی اور ونڈو نہیں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کی عالمی مصروفیات کی وجہ سے ونڈو تلاش کرنامشکل ہے،لیگ کرانے کے لیےمیچز یو اے ای منتقل کرنے کا آپشن استعمال کیا جاسکتاہے جبکہ فرنچائزز بھی یواے ای میں لیگ کرانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

    ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق این سی او سی سے رابطے میں ہیں، کرونا وبا کی صورت حال کے پیش نظر این سی او سی کی ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، کیونکہ کراچی میں بقیہ میچز کا فیصلہ این سی او سی کو اعتماد میں لےکر کیا تھا۔

    ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے لیےفیصلہ کیا جائےگا، لیگ میچز کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوں گے۔

    دوسری جانب پی ایس ایل فرنچائزز بھی نے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انہوں نے پی ایس ایل ملتوی کرنے یا بھر میچز یواے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ابتدائی 14میچ کے بعد ملتوی ہوگیاتھا۔

  • پی ایس ایل 5: شائقین کے لیے زبردست خوش خبری

    پی ایس ایل 5: شائقین کے لیے زبردست خوش خبری

    لاہور: قومی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا شیڈول تیار کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان یکم جنوری کو کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان کے چار بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور میچز 22 مارچ تک جاری رہیں گے، لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ پی ایس ایل فائیو کے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز قذافی اسٹیڈیم کے پاس جائے گا۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل 6 دسمبر کو مکمل ہوا، لیگ میں حصہ لینے والی تمام فرنچائزز کے مالکان نے اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو ڈرافٹنگ مکمل، کراچی کنگز نے باصلاحیت کھلاڑی چُن لیے

    یہ بھی یاد رہے کہ دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی رواں سیزن میں پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں، انگلینڈ کے 7، جنوبی افریقا کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان کے تین تین، سری لنکا کے دو جبکہ نیپال اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی ایکشن میں‌ نظر آئیں گے۔

    دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے  معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے نے بھی پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھر لی، اسی طرح نیپال کے سندیپ لمیچانے اورنیوزی لینڈ کے  کولن منرو  بھی پی ایس ایل میں ایکشن دکھائیں گے۔

    جنوبی افریقاکی ٹیم کے کھلاڑی ہاشم آملہ، جے پی ڈومنی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر بھی پاکستانی میدانوں میں ایکشن دکھائی گے جبکہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا بھی رواں سال پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈائن براوؤ، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیورن پولارڈ بھی پی ایس ایل سیزن فائیو میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

  • پی ایس ایل فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا

    پی ایس ایل فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو پلیئرز ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے کرلی گئی، پک آرڈر طے ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ٹرانسفر ونڈو کھول دی گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق ہرفرنچائز زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے، پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔

    پلیئرز ڈرافٹ کے مطابق پلاٹینیم کیٹیگری کے دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز کی چوتھی باری ہے اور پلاٹینیم کیٹیگری کے تیسرے مرحلے میں کراچی کنگز کی دوسری باری ہوگی۔

    اسی طرح ڈائمنڈ کیٹیگری کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کی چوتھی باری ہے، ڈائمنڈ کیٹیگری کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں کراچی کنگز کی دوسری باری ہوگی۔

    سلور کیٹیگری کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کی چھٹی باری ہوگی، سلور کیٹیگری کے دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز چوتھی پک ہوگی۔

    ایمرجنگ پلیئرز کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کی چوتھی پک ہوگی، ایمرجنگ کیٹیگری کے دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز کی دوسری باری ہوگی۔

    سپلیمنٹری کیٹیگری کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز پہلے کھلاڑی کو منتخب کرے گی، دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز کی چھٹی باری ہوگی۔

  • پی ایس ایل 4 : وزیراعلیٰ سندھ کا کھلاڑیوں‌ کے اعزاز میں عشائیہ

    پی ایس ایل 4 : وزیراعلیٰ سندھ کا کھلاڑیوں‌ کے اعزاز میں عشائیہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان سپرلیگ سیزن فور کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا اور تمام کھلاڑیوں کو ثقافتی تحائف دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کامیابی سے اپنے اختتامی سفر کی جانب گامزن ہے، پی ایس ایل فور کا آخری راؤنڈ کل سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایل کھیلنے والی ٹیموں کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا جس میں  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، اراکین ، کورکمانڈر کراچی، سفارت کاروں سمیت وزرا نے شرکت کی۔

    مراد علی شاہ نے مہمانوں کا خود استقبال کیا، اس موقع پر موہتا پیلس میں ثقافتی میوزیکل پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

    تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام کھلاڑیوں کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی اور ثقافتی تحائف بھی دیے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے سیزن فور کا گروپ مرحلہ کل مکمل ہوا، کوالیفائر راؤنڈ کا میچ تیرہ مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا اور فتح حاصل کرنے والی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔

    دوسری جانب چودہ مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ایلیمینیٹر راؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، فاتح ٹیم دوسرا الیمینیٹر کھیلے گی، بعد ازاں فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔

    کراچی میں عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو دیکھ کر کرکٹ کے دیوانے خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، ان کے مطابق تمام میچز اب ملک میں ہونے چاہیئیں۔