Tag: PAkistan super league

  • پاکستان سپرلیگ کا رنگا رنگ میلہ آج سے کراچی میں شروع ہوگا

    پاکستان سپرلیگ کا رنگا رنگ میلہ آج سے کراچی میں شروع ہوگا

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کا رنگا رنگ میلہ آج سے کراچی میں شروع ہوگا، پرجوش ٹیموں نے تیاریاں تیز کردیں، نیشنل اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے قریب آگئیں، پی ایس ایل فور کی ٹیموں نے کراچی میں پڑاؤ ڈال لیا۔ کراچی کنگز کے کھلاڑی بھی دھاڑنے کو تیار ہیں، پریکٹس شروع کردی۔

    ملکی اورغیرملکی کھلاڑی کراچی میں پرفارم کرنے کے لئے پرجوش ہیں، اب کراچی کے عوام چوکوں اور چھکوں کی برسات  سے لطف اندوز ہوں گے، ہفتے کی شام سات بجے سیٹی بجے گی اورکھیل جمےگا۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی، شائقین بھی اپنے پسندیدہ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، کرکٹ فیور ایک سو چار سے اوپر جا رہا ہے۔

    کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے کراچی کی شاہراہوں کو خوبصورتی سے سجادیا گیا، روشنیوں کا شہر جگمگا اٹھا۔ کھلاڑیوں کے بڑے بڑے پوسٹرزلگ گئے جس پی ایس ایل کی رونقوں میں مزید اضافہ ہوا۔

    علاوہ ازیں پی ایس ایل سیزن فور کے میچز کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے، اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کے انتظامات اور شٹل سروس پوائنٹس کا تعین کیا گیا ہے۔

    انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی پاکستان میں پی ایس ایل فور کے انعقاد اور سیکیورٹی کی تسلی بخش صورتحال پر مطمئن ہے۔ اس حوالے سے آئی سی سی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی کے عہدیدار ریگ ڈیکاسن اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔

  • چار سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بار فینز کے سامنے پرفارم کروں گا، روی بوپارا

    چار سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بار فینز کے سامنے پرفارم کروں گا، روی بوپارا

    کراچی: غیر ملکی کھلاڑی روی بوپارا نے کہا ہے کہ چار سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بار فینز کے سامنے پرفارم کروں گا جو میرے لیے فخر کی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز اوراسلام آبادیونائیٹڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی جس میں دونوں ٹیموں کے تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

    پریکٹس سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روی بوپارا کا کہنا تھا کہ 4سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بارکراچی میں فینز کےسامنےکھیلنا میرے لیے بہت فخرکی بات ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہم پروفیشنل کرکٹر ضرور ہیں مگر مجھ سمیت تمام کھلاڑیوں کے لیے  یہ لمحات یادگارہوں گے، ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی اب ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا سامناکرنےکے لیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں: آئی سی سی کا کراچی میں پی ایس ایل کے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    یاد رہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ تمام فرنچائزز کے ملکی و غیرملکی کھلاڑی بھی کراچی پہنچ گئے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری کردیا جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ رکھیں۔

    پارکنگ کے مقامات

    پارکنگ مقامات پر 4 مقامات یونیورسٹی روڈ پر ہیں جن میں وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، حکیم سعید پارک سے متصل گراؤنڈ، بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار والا گراؤنڈ اور ایکسپو سینٹر کا میدان شامل ہے جبکہ پانچواں مقام ڈالمیا پیٹرول پمپ کے نزدیک غریب نواز فٹبال گراؤنڈ ہے۔

    شائقین کس طرح اسٹیڈیم پہنچیں گے؟

    پولیس کی جانب سے پارکنگ کے لیے پانچ مقامات مختص کیے گئے، اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو مرحلہ وار تلاشی کروا کے بذریعہ شٹل سروس اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، گراؤنڈ کے دروازے صبح 12 بجے سے کھولے جائیں گے جبکہ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل اسٹیڈیم انہیں بند کردیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، کراچی میچز کا سیکیورٹی پلان مرتب، شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری

    شائقین کو اپنے ہمراہ موبائل فون لے جانے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ وہ پانی کی بوتل بھی اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتے جبکہ خواتین بھی اپنے ہینڈ بیگس ساتھ نہیں لے جا سکیں گی۔

    یہ بھی یاد رہے کہ  نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فور کے شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی مکمل بند ہوگی۔

     

  • پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    کراچی: شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن فور کے میچز کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فور کے شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔

    کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا تعین جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کے انتظامات اور شٹل سروس پوائنٹس کا تعین کیا گیا ہے۔

    اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کی سہولت گلشن اقبال مین واقع حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور اتوار بازار بالمقابل بیت المکرم مسجد  کے قریب ہوگی۔

    ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ پارکنگ

    ضلع وسطی اور غربی کے وہ رہائشی جو اسٹیڈیم جانا چاہتے ہیں انہیں براستہ نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پھر یونیورسٹی روڈ پر مقرر کیے گئے مقامات پر گاڑی یا موٹر سائیکل پارک کرنے کی سہولت دی جائے گی جبکہ ایکسپو سینٹر سے بذریعہ شٹل سروس شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ پارکنگ

    ضلع ملیر اور شرقی کے رہائشی صفورا گوٹھ سے نیپا چورنگی پہنچیں گے جس کے بعد اُن کی گاڑیوں کو سہراب گوٹھ ، گلشن چورنگی کی طرف موڑا جائے گا جہاں پر پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی جس کے بعد انہیں بذریعہ شٹل ایکسپو سینٹر لایا جائے گا اور پھر یہاں سے دوسری بس میں اسٹیڈیم پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 : چوتھا مرحلہ مکمل، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان اڑان بھرنے کو تیار

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ملیر کے رہائشی غریب نواز فٹبال گراؤنڈ نزد ملینئیم مال کے قریب اپنی گاڑی پارک کرسکیں گے جس کے بعد انہیں بحریہ یونیورسٹی سے بذریعہ شٹل اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ جنوب ، سٹی، کورنگی

    کورنگی، ڈٰیفنس اور شہر سے آنے والے رہائشی براستہ شاہراہ فیصل اور پھر شارع قائدین سے اللہ والی چورنگی کے بعد سوسائٹی سگنل سے پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی سے یونیورسٹی روڈ ہوتے ہوئے ایکسپو سینٹر کے گیٹ نمبر 1 پر گاڑی کھڑی کر کے تلاشی دے کر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

    شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ، راشد مہناس روڈ اور نیپا سے یونیرسٹی روڈ سے آنے والے تمام افراد بھی اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 پر کھڑی کرسکیں گے۔

    متبادل راستے

    شاہراہ فیصل سے کارساز جانے والے براستہ سرشاہ سلیمان روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔

    کارساز، ڈرگ روڈ، شاہرہ فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیئم مال سے نیپا اور ائیرپورٹ سے آنے والے حضرات بھی ڈرگ روڈ سے راشد منہاس نیپا والا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔

     راشد منہاس روڈ سے ڈالمیا جانے والی سڑک پر گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح  نیپا ، عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم ، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

    یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن اسٹیڈیم روڈ کے موڑ سے عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، متبادل روٹ کے تحت جیل چورنگی سے شہید ملت یا پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے آغا خان ہسپتال اور لیاقت نیشنل ہسپتال آنے والے حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آئیں  وہاں موجود ٹریفک پولیس کا عملہ مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے موجود ہوگا۔

    یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔ ضلع وسطی،شرقی،ملیر،ضلع جنوبی اور ضلع غربی کے رہائشی لیاری ایکسپریس وے کے دونوں جانب استعمال کرسکتے ہیں۔

    اسی طرح ٹریفک پولیس نے بھاری ٹریفک کے حوالے سے بھی انتظامات کیے جن کے مطابق سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی سے یونیورسٹٰ روڈ پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بالکل بند ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، کراچی میچز کا سیکیورٹی پلان مرتب، شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری

    کراچی ٹریفک پولیس نے عوام سے گزارش ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں اور بالخصوص اپنی گاڑیوں /موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں بلکہ دئیے گئے پارکنگ مقامات پر ہی پارک کریں ۔

    یاد دہانی

    اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ بھی رکھنا ہوگا بصورت دیگر انہیں شٹل سروس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں مددگار نمبر 1915 اور واٹس ایپ نمبر 03059266907  پر رابطہ کر کے اپ ڈیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ان میچز میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں سمیت نامور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

  • پی ایس ایل 4 :‌ گلیڈی ایٹرز کی سرفرازی کا سفر جاری، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    پی ایس ایل 4 :‌ گلیڈی ایٹرز کی سرفرازی کا سفر جاری، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

    ابوظہبی: پاکستان سپرلیگ کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ اپنے اختتام کی جانب کامیابی سے گامزن ہے، پی ایس ایل سیزن فور کے چوتھے مرحلے کا چوتھا میچ ابوظہبی کے شیخ زاہد اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اوپننگ کا آغاز اچھا نہ مل سکا اور 24 کے مجموعی اسکور پر ہی اہم کھلاڑی واٹسن آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، ایک وقت میں یونائیٹڈ کے باؤلرز سرفراز الیون پر حاوی نظر آئے تاہم احمد شہزاد نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز بنائے اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور اسکور بورڈ پر 180 رنز کا ہندسہ سجایا۔

    عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور مجموعی اسکور میں صرف 5رنز اضافے کے ساتھ ہی 5 کھلاڑی احمد شہزاد، سرفراز احمد، ڈیوائن براوو،سہیل تنویر اور فواد احمد آؤٹ ہوئے۔ ڈیبیو کرنے والے گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اعظم خان بھی صرف 12 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

    اسلام آباد اننگز

    گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں سمیع الیون نے شاندار آغاز کیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کو اوپنگ پارٹنر شپ 62 رنز کی ملی، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈلپورٹ تھے جنہوں نے 25 رنز بنائے، بعد ازاں سالٹ اور آصف علی بھی تین رنز اضافے کے بعد 65 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    لک رونکی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 43 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، انہیں فواد احمد نے پویلین کی راہ دکھائی، یہ آؤٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بدقسمتی ثابت ہوا کیونکہ سمت پٹیل اور فہیم اشرف بھی 2 رنز اضافے کے بعد 111 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کی کوشش کی تو وہ بھی 8 کے انفرادی اور 125 کے مجموعی اسکور پر واپس چلے گئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لک رونکی 64 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں باؤلر رہے، علاوہ ازیں سہیل تنویر اور محمد حسنین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

    گلیڈی ایٹرز اننگز

    قبل ازیں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر احمد شہزاد اور روسو نے 46 رنز کی شراکت داری قائم کر کے پوزیشن مستحکم کی تاہم تیرہویں اوور میں روسو 23 کے انفرادی اور 108 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے بعد ازاں عمر اکمل بھی 152 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    اوپنر احمد شہزاد نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں 162 کے مجموعی اسکور پر گلیڈی ایٹرز کی پانچ وکٹیں گریں۔ ایک رن اضافے کے بعد ہی کپتان سرفراز احمد بھی آؤٹ ہوئے اور پھر 164 ڈیوائن براوو بھی پویلین لوٹ گئے بعد ازاں سہیل تنویر ، فواد احمد بھی  پر آؤٹ ہوئے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6کھلاڑی مجموعی اسکور میں 17 رنز کا اضافہ بھی نہ کرسکے، آؤٹ ہونے والوں میں عمر اکمل، سرفراز احمد، احمد شہزاد اور ڈیوائن براوو ، سہیل تنویر، فواد احمد شامل تھے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی فائنل فور میں جگہ بناچکی ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان پی ایس ایل میں ڈیبیو کررہے ہیں۔

    اسکواڈ

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

    شین واٹسن، احمد شہزاد، روسو، عمر اکمل، سرفراز احمد (کپتان)، ڈیوائن براوو، اعظم خان (ڈیبیو)، محمد نواز، سہیل تنویر، محمد حسنین، فواد احمد

    اسلام آباد یونائیٹڈ

    لک رانکی، پھل سالٹ، کیمرون ڈیلپورٹ، سُمت پٹیل، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع (کپتان)، رضوان حسین، عماد بٹ، ظفر گوہر

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4: مصباح کی شاندار بیٹنگ، زلمی کے ہاتھوں‌ قلندرز کو شکست

    قبل ازیں ابوظہبی کے شیخ زاہد نیشنل اسٹیڈیم میں ہی لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں مصباح الحق نے شاندار ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی الیون کو فتح سے ہم کنار کرایا تھا۔

    گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی کر پلے آف مرحلے سے باہر کردیا تھا۔

    سرفراز الیون کے اوپنر شین واٹسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

  • پی ایس ایل سیزن 4: جیت بالآخر پاکستان کی ہی ہوگی، سلمان اقبال

    پی ایس ایل سیزن 4: جیت بالآخر پاکستان کی ہی ہوگی، سلمان اقبال

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کی اہم ترین ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا مطلب پاکستان ہے اور لیگ کا جو بھی فاتح ہو مگر جیت آخر کار پاکستان کی ہی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے پی ایس ایل اور باکسنگ لیگ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور  ٹیلنٹ کو سامنے لائے۔

    پی ایس ایل سے قبل کراچی کنگز نے ملک بھر میں کھلاڑی کی کھوج نامی ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے چھپے ہوئے کرکٹرز سامنے آئے  اور اب وہ قومی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔

    کراچی کنگز نے رواں سیزن فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوان باصلاحیت باؤلر عمر خان کو تلاش کیا جن کے والد پنکچر لگانے کا کام کرتے ہیں، دائیں ہاتھ سے اسپین باؤلنگ کرانے والے باؤلر نے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں اپنی کرکٹ کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4: پہلا مرحلہ مکمل، گلیڈی ایٹرز سرفہرست، نئے باؤلرز کا جادو چل گیا

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ  پرکراچی کنگز ٹیم اور فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے قوم کو متحد رہ کر پی ایس ایل کامیاب بنانے کا پیغام جاری کیا تاکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے ذریعے پاکستان کا شمار محبت کرنے والے ملک میں ہوسکے۔

    اپنے ٹویٹ میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کا مخفف پاکستان سپر لیگ ہے، جس میں پہلا لفظ پاکستان ہے جو ہمارے ملک کی نمائندگی کرتا ہے، ہمیں ملک کے لیے متحد رہنا ہےکیونکہ دنیا بھر میں اس ایونٹ کو دیکھا جارہا ہے‘۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ لیگ کا فاتح جو بھی مگر جیت ہمارے ملک کی ہی ہوگی،  ساتھ میں سلمان اقبال نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک نے پی ایس ایل لیگ کو کامیاب بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا جس کا اعتراف سابق چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی اور مختلف نامور شخصیات نے بھی کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4 : کراچی کنگز کے مالک کی کینسر سے متاثرہ بچی سے ملاقات

    اے آر وائی نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کے لیے ’میدان سجنا ہے‘ کے نام سے مہم کا آغاز کیا اور دبئی مین مقیم پاکستانیوں سے گزارش کی کہ وہ پی ایس ایل سیزن فور کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم آئیں۔

    کراچی کنگز کے ایمرجنگ کھلاڑی عمر خان کا انٹرویو

  • پی ایس ایل 4: پہلا مرحلہ مکمل، گلیڈی ایٹرز سرفہرست، نئے باؤلرز کا جادو چل گیا

    پی ایس ایل 4: پہلا مرحلہ مکمل، گلیڈی ایٹرز سرفہرست، نئے باؤلرز کا جادو چل گیا

    دبئی: پاکستان سپرلیگ سیزن فور کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست ہے، دو روز آرام کے بعد اگلہ مرحلہ شارجہ میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا جس کے بعد دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا۔

    افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں کراچی کنگز نے پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر لیگ میں فاتحانہ آغاز کیا۔

    تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دی، چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی، پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز جبکہ چھٹے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی زیر کیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے 7 میچز کھیلے گئے جس میں چھکے چوکوں کی برسات ہوئی جبکہ کراچی کنگز نے لیگ میں سب سے بڑی شراکت داری کا اعزاز اپنے نام کیا۔

    پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کے اوپنرز لائم لیونگ اسٹون اور بابر اعظم نے پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی 157 رنز کی شراکت داری قائم کی جبکہ شین واٹس اور عمر اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ ایمرجنگ کیٹگری میں منتخب ہونے والے باؤلرز نے عمدہ کھیل کا مظاہر کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ پی ایس ایل سے باہر، قیادت اے بی ڈویلئر کریں گے

    کراچی کنگز کے کم عمر باؤلر عُمر خان اور لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ راحت علی باؤلرز کی فہرست میں سرفہرست رہے۔

    لاہور قلندرز نے اپنی روایتی کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کا ایک بار پھر ریکارڈ بنایا۔

    پوائنٹس ٹیبل

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ دوسرے پر پشاور زلمی جس کے 2 پوائنٹس، ملتان سلطانز نے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کیے اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ کراچی کنگز 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے تین تین میچز کھیلے جبکہ بقیہ تمام ٹیموں نے 2 ، 2 میچز کھیلے۔

  • پی ایس ایل 4 : تمام کیٹگریز کے کھلاڑیوں کی فہرست جاری، انٹرنیشنل کرکٹر بھی شامل

    پی ایس ایل 4 : تمام کیٹگریز کے کھلاڑیوں کی فہرست جاری، انٹرنیشنل کرکٹر بھی شامل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 4 کی تمام کیٹگریز کے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی جس کے مطابق کئی انٹرنیشنل کھلاڑی رواں سال بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں انٹرنیشنل کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز، اسٹیو اسمتھ، کیرون پولارڈ، کرس لین، سنیل نارائن، لیوک رانچی، تھیساراپریرا، کورےاینڈرسن، شین واٹسن، ڈیون براوؤ بھی ایکشن مین نظر آئیں گے۔

    قومی ٹیم کے نامور کھلاڑی سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان سمیت دیگر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4، پاکستانی کھلاڑیوں کی کیٹگیری لسٹ جاری

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کی ہرٹیم میں 16 کھلاڑی ہوں گے جن میں سے فرنچائز مالکان کو 10 برقرار کھلاڑیوں کو رکھنے کی اجازت ہے، کھلاڑیوں کے ٹریڈ کا سلسلہ 12 نومبر تک ہوسکے گا جبکہ برقرر رکھنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست پی سی بی کو 13 نومبر تک ہرصورت جمع کرانی ہوگی۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق درافٹنگ میں ہر فرنچائز کو 10 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی، ہر ٹیم 3 پلاٹینیم، 3 ڈائمنڈ، 3 گولڈ، 5 سلور اور 2 ایمرجنگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

    ہر ٹیم کو ڈرافٹنگ میں چار چار کھلاڑیوں کو لینا ہوگا جس کی تقریب 20 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری 2019 سے دبئی میں ہوگا جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا، پی ایس ایل کے 8 میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ عمران خان کی خواہش پر پی ایس ایل کو سب سے بڑا برانڈ بنانا ہمارا مشن ہے کیونکہ وزیراعظم پی ایس ایل کو مزید کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی غیرملکی کرکٹرز سے اہم ملاقات

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی غیرملکی کرکٹرز سے اہم ملاقات

    دبئی: اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی کرکٹرز سے ملاقات کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سلمان اقبال نے ٹائمل ملز، روی بھوپارا اور کولن انگرام کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کراچی کنگز کے بوائز کے ساتھ دبئی میں ہوں، تینوں غیر ملکی کرکٹرز سے مل کر خوشی ہوئی‘۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین ٹیم کراچی کنگز کی سیزن تھری میں کپتان عماد وسیم نے کی تھی جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے تھے تو فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

    پی ایس ایل کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اس بات کا اعتراف بھی کرچکے ہیں کہ جب پاکستان سپرلیگ کے انعقاد کے حوالے سے بات چیت جاری تھی تو سب سے پہلے سلمان اقبال نے کراچی کنگز کے نام سے ٹیم لینے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ ہری پور پہنچ گیا

    انسانیت کے جذبے سے سرشار اور کھیلوں سے محبت رکھنے والے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال پاکستان میں‌ کھیلوں‌ کے فروغ کے لیے سرگرم رہتے ہیں اور وہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہر میدان میں ہی پیش پیش بھی نظر آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کنگز پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں بھی حصہ لے رہی ہے، جس کے لیے مینیجمنٹ نے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے پہلے ’سندھ کے شہزادے‘ نامی ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جس میں 75 کھلاڑیوں اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنی والی پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔

    کراچی کنگز کی ٹیم ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھوج میں پاکستان کے تمام ہی صوبوں میں نوجوان کھلاڑیوں کا ٹرائل لے رہی ہے تاکہ ایسی کرکٹرز کو سامنے لایا جائے جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو ہوگی

    یہ بھی یاد رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے 12 اکتوبر کو پاکستان سپر لیگ 4 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا اعلان کیا تھا جو 20 اکتوبر بروز منگل اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، اس میں تمام فرنچائز مالکان شرکت کریں گے۔

    رواں سیزن حصہ لینے والے 6 فرنچائز مالکان 13 اکتوبر تک اپنے ساتھ برقرار رکھنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، قانون کے مطابق ہر ٹیم 10 پرانے کھلاڑیوں کو ساتھ رکھ سکتی ہے۔

    رواں برس لیگ میں نامور انٹرنیشنل کھلاڑی اے بی ڈویلیرز، اسٹیو اسمتھ، کیورن پولارڈ، کولن مونرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لائن اور ڈیرن سیمی بھی ایکشن دکھائیں گے۔

    اسے بھی پڑھیں: کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد، کراچی کی ٹیم فاتح

    قومی ٹیم کے نامور کھلاڑی سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان سمیت دیگر بھی ایکشن دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ برس 14 فروری سے دبئی میں جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں منعقد کیا جائے گا، پی ایس ایل کے آخری 8 میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

  • پی ایس ایل 4، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو ہوگی

    پی ایس ایل 4، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو ہوگی

    لاہور: پاکستان سپرلیگ میں‌ حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 4 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اب لاہور کے بجائے 20 اکتوبر بروز منگل اسلام آباد میں ہو گی جس میں تمام فرنچائز مالکان شرکت کریں گے۔

    لاہور کے بعد اسلام آباد دوسرا شہر ہوگا جہاں لیگ کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوگی۔

    رواں سیزن میں حصہ لینے والے 6 فرنچائز مالکان 13 اکتوبر تک اپنے ساتھ برقرار رکھنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، قانون کے مطابق ہر ٹیم 10 پرانے کھلاڑیوں کو ساتھ رکھ سکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن فور: پلاٹینیم کیٹگری میں کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    رواں برس لیگ میں نامور انٹرنیشنل کھلاڑی اے بی ڈویلیرز، اسٹیو اسمتھ، کیورن پولارڈ، کولن مونرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لائن اور ڈیرن سیمی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    قومی ٹیم کے نامور کھلاڑی سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان سمیت دیگر بھی ایکشن دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ برس 14 فروری سے دبئی میں جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں منعقد کیا جائے گا، پی ایس ایل کے آخری 8 میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، پاکستانی کھلاڑیوں کی کیٹگیری لسٹ جاری

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ عمران خان کی خواہش پر پی ایس ایل کو سب سے بڑا برانڈ بنانا ہمارا مشن ہے کیونکہ وزیراعظم پی ایس ایل کو مزید کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 4 کی ڈرافٹنگ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہوگی ، رواں سیزن کے لیے فرنچائز مالکان 10 کرکٹرز کو برقرار رکھ سکیں گے۔

  • جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل 4 کا حصہ بن گئے

    جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل 4 کا حصہ بن گئے

    لاہور: جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن کھیلیں گے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال فروری میں یو اے ای اور پاکستان میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔

    جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ بن چکی ہے، پی ایس ایل کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں، اس لیگ نے پاکستانی عوام کو لطف اندوز ہونے کے لیے بہت کچھ دیا۔

    اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشنز کے میچز دیکھ کر لطف اُٹھایا تاہم اب پی ایس ایل 2019 اس سے مختلف ہوگا کیونکہ میں اس سیزن میں ایکشن میں دکھائی دوں گا۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ڈی ویلیئرز کو خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی افریقہ کے بلے باز کے آنے سے لیگ کو چار چاند لگ جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔

    خیال رہے کہ اے بی ڈی ولیئرز نے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 31 گیندوں پر تیز ترین سینچری بناکر کیوی بلے باز اینڈریسن کا ریکارڈ توڑا تھا جنہوں نے 35 گیندوں پر سینچری مکمل کی تھی۔