Tag: pakistan team

  • پاکستان ٹیم کا پری سیریز کیمپ کل سے دبئی میں شروع ہوگا

    پاکستان ٹیم کا پری سیریز کیمپ کل سے دبئی میں شروع ہوگا

    ایشیا کپ اور ٹرائی سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کا پری سیریز کیمپ کل سے دبئی میں شروع ہوگا۔

    قومی ٹیم کے پلیئرز 4 مختلف گروپس کی صورت میں آج دبئی پہنچیں گے، دبئی میں پری سیریز کیمپ 27 اگست تک جاری رہے گا، کیمپ کے دورا ن انٹرا اسکواڈ میچ بھی کھیلا جائے گا۔

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کی جانب سے 26-2025 کے لیے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری کو ختم نہیں کیا گیا ہے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

    کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں پرفارمنس کی بنیاد پر 10،10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق 27 کھلاڑیوں کو گزشتہ سال کنٹریکٹ دیے گئے تھے جبکہ اس سال 12 نئے کھلاڑیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    9 کھلاڑی اس مرتبہ اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    بی کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا ہیں۔

    حیدر علی کے کیس سے متعلق اہم خبر

    سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی شامل ہیں۔

    ڈی کیٹیگری کی اگر بات کی جائے تو اس میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، سفیان مقیم شامل ہیں۔

  • قومی ٹیم بھارت سے شکست کے بعد اسلام آباد پہنچ گئی

    قومی ٹیم بھارت سے شکست کے بعد اسلام آباد پہنچ گئی

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارت سے شرمناک شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کا جہاز لاہور پہنچا، دبئی سے واپس آنے والوں میں چیئرمین پی سی بی اور بورڈ کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، جبکہ جہاز نے دوبارہ اڑان بھری اور اسلام آباد اترا جہاں قومی ٹیم کے کھلاڑی اترے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

    البتہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گی۔ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی سرجری نہ ہوئی تو چیئرمین پی سی بی عہدے سے استعفیٰ دیدیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے موجودہ تجزیہ کار اور سابق قومی کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نے پاکستانی ٹیم میں سرجری کا کہا تھا، چیئرمین پی سی بی مضبوط آدمی ہیں سب کو ٹھیک کردیں گے۔

    باسط علی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی اب بھی سرجری نہ ہوئی تو آئندہ اس سے بھی بُرا حال ہوگا، نیوزی لینڈ کی چھوٹی ٹیم آئی تھی تو ہمیں بھی نئے لڑکوں کو چانس دینا چاہیے تھا۔

    سابق پاکستانی بیٹر نے کہا کہ حسن چیمہ ٹی وی پرفٹبال سے متعلق پروگرام کرتے تھے، فٹبال کا پروگرام کرنے والے حسن چیمہ پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کررہے ہیں۔

    سرفراز احمد کو باہر کرنے کے بعد ٹیم کی تباہی شروع ہوئی، محمد عامر

    کامران اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم گزشتہ 9 سال میں کوئی ایونٹ نہیں جیتی، سلیکشن کمیٹی میں نان پروفیشنل لوگ ہونگے تو یہی حال ہوگا۔

    قومی ٹیم کے سابق بیٹر نے کہا کہ گروپ بندی کے چکر میں پاکستانی ٹیم کو خراب کیا گیا، ڈومیسٹک کرکٹ انھیں دی ہوئی ہے جنھیں کرکٹ کا پتہ ہی نہیں، پاکستانی ٹیم کا جس دن اعلان ہوا تھا ہم اسی دن چیمپئنزٹرافی سے باہر ہوگئے تھے۔

  • برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر مبارکباد

    برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر مبارکباد

    پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار فتح پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

    برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کرساڑھے تین سال بعد ہوم گراؤنڈ پر سیریز اپنے نام کرلی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے اور فیصلہ کن دن پاکستان کھلاڑیوں کے نام رہا، قومی ٹیم کے اسپنرز نے پاکستان کو ساڑھے 3 سال بعد جیت دلوائی۔

    پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 36 رنز کا ہدف ملا جو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

    انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 36 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز پاکستان صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے کیا لیکن 14 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، انہوں نے 8 رنز اسکور کیے تھے۔

    صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود وکٹ پر آئے اور 3 گیندوں پر 3 چوکے لگائے اور پھر قومی ٹیم کے کپتان نے چھکا لگا کر ووننگ شارٹ کھیلا، انہوں نے 6 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

    سعود شکیل کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ساجد خان کو شاندار بولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    بھارت نے آسٹریلیا سے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 156 رنز سے شکست دی تھی۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا سفر ایک بار پھر اگر مگر کا شکار

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا سفر ایک بار پھر اگر مگر کا شکار

    بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جیتا ہوا میچ بھارت کی جھولی میں ڈالنے کے بعد پاکستان کا سپر 8 مرحلے تک پہنچنے کا سفر اگر مگر کی زد میں آگیا ہے۔

    دو میچز میں شرمناک شکست کے بعد پاکستان ٹیم کی سپر 8 رسائی دوسری ٹیموں پر منحصر ہوچکی ہے، قومی ٹیم کو رسائی کیلئے بقیہ دو میچ جیتنا اور امریکا کا دونوں میچ ہارنا لازمی ہوگیا ہے۔

    پاکستان کے اگلے دو میچز کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف ہیں جبکہ امریکا کو انڈیا اور آئرلینڈ زور آزمائی کرنا ہے۔

    اگر امریکا ایک میچ اور جیت گیا تو وہ سپر 8 مرحلے میں پہنچ جائے گا، امریکا کیخلاف آئرلینڈ اور انڈیا کی فتح کی صورت میں پاکستان آئرلینڈ میچ ناک آؤٹ ہوگا۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی بلے باز بھارتی بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور جیتا ہوا میچ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا، امریکا کے بعد اب بھارت سے جیتا ہوا میچ ہارنے کے بعد شائقین کرکٹ بھی شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

    بھارت کے خلاف پاکستانی بلے باز 120رنز کا ہدف پورا نہ کرسکے، فخر زمان، شاداب خان، عماد وسیم کو جب سنگلز بنانے تھے اس وقت لمبی ہٹ لگانے کی کوشش کرتے رہے اور جب ہٹ لگانی تھیں تو انتہائی سست کھیل پیش کیا، جو ہار کا سبب بنا۔

    بھارت سے شکست: شعیب اختر نے اہم سوال پوچھ لیا

    بھارت نے میچ 6 رنز سے جیت کر پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے تک پہنچنے کے امکانات کو معدوم کردیا ہے، اگر امریکا نے آئرلینڈ کو ہرا دیا تو پاکستان کیلئے ورلڈ کپ کا سفر ختم سکتا ہے۔

  • میچ کا آخری اوور : شاہینوں کا ڈریسنگ روم میں جوش و خروش قابل دید، ویڈیو وائرل

    میچ کا آخری اوور : شاہینوں کا ڈریسنگ روم میں جوش و خروش قابل دید، ویڈیو وائرل

    دبئی : قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ ڈریسنگ روم سے بیٹھ کر دیکھا، ان کا جوش و خروش قابل دید تھا۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری اوور میں انتہائی سنسی خیز لمحات بھی آئے ایسے میں ڈریسنگ روم میں بیٹھے پاکستانی کھلاڑی ہر بول پر اپنے تاثرات کا کھل کر اظہار کررہے تھے۔

    اس موقع پر بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ، محمد رضوان اور دیگر کھلاڑی ایک ایک بال جذباتی انداز میں چیختے اور شور مچاتے، لیکن میچ کی وننگ شاٹ لگنے کے بعد ان کی خوشی قابل دید تھی۔

    کھلاڑی ایک دوسرے سے دیوانہ وار گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے، مبارکباد دینے والوں میں ثقلین مشتاق، محمد یوسف اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی، گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا بھارت کے خلاف اپنا سب سے بڑا ہدف ایک سو بیاسی رنز آخری اوور میں پورا کیا۔

    محمد رضوان نے اکہتررنز کی شانداراننگز کھیلی، آل راؤنڈر محمد نواز نےبیس گیندوں پر بیالیس رنز بنائے جبکہ نواز نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے سوریا کمار یادیوکی وکٹ بھی حاصل کی اور آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

  • آسٹریلیا سے ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم کی پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس

    آسٹریلیا سے ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم کی پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے مقابلے تیاریاں شروع کردیں، کھلاڑیوں نے پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔

    پریکٹس سیشن میں کپتان بابراعظم، امام الحق، فواد عالم، ساجد خان، نعمان علی، سعود شکیل اور سرفراز احمد شریک ہوئے، اظہرعلی اور نسیم شاہ کل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

    کھلاڑیوں نے پریکٹس کے دوران بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

    وکٹ کیپر بلے باز رضوان احمد اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی پی ایس ایل سیون کے فائنل کے باعث قومی ٹیم کو جوائن نہیں کیا ہے۔

    دونوں بالترتیب ملتان سلطانز اور لاہور قلندر میں کپتانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے پی ایس ایل کی ٹرافی کے حصول کے لیے آج قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔

    پریکٹس سیشن صبح ساڑھے گیارہ بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک جاری رہا۔

    کھلاڑی پریکٹس سیشن کے کچھ دیر بعد ہوٹل کے لیے روانہ ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان آمد پر ‘خوش آمدید’

    واضح رہے کہ پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلوی ٹیم 24 سال کے طویل وقفے کے بعد آج صبح پاکستان پہنچ گئی ہے۔

  • ثقلین اور محمد یوسف کو اہم ذمہ داریاں تفویض

    ثقلین اور محمد یوسف کو اہم ذمہ داریاں تفویض

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے لئے اہم عہدوں پر تقرری کردی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ثقلین مشتاق کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے وہ ایک سال تک اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے، سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف آسٹریلیا سیریزکےلیےبیٹنگ کوچ ہوں گے۔

    پی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ ہونگے
    عبدالمجید بدستور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    تاہم بعد ازاں پی سی بی اور ثقلین مشتاق کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے جس کے بعد ثقلین مشتاق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد انہیں قومی ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

    آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

  • 2021، یہ سال ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کیلئے کیسا رہا؟

    2021، یہ سال ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کیلئے کیسا رہا؟

    سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا تھا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ایک خطرناک ٹیم ہے اور کسی بھی وقت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے، شاید ٹھیک ہی کہا تھا کیونکہ وقت نے ثابت کردیا کہ قومی ٹیم نے وہ کر دکھایا جو لوگ کہا کرتے تھے۔

    پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ کے ایونٹ میں ناقابل شکست 5 میچ کی مسلسل فتح اور بنگلادیش سے 3 میچز کی سیریز میں تواتر کے ساتھ  ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلی اور کامیاب لوٹی۔

    اور اب ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی جانے والی ٹی 20سیریز میں شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سال2021قومی ٹیم کیلئے فتوحات اور قوم کی خوشیوں میں اضافے کا باعث بنا ہے۔

    کراچی میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں محمد آصف کی اونچی شاٹ چھکے کے لیے باؤنڈری کے باہر تو نہ جا سکی لیکن ویسٹ انڈین فیلڈر بھی اسے تھام نہ سکے، نتیجتاً پاکستان تیسرا ٹی20 ہی نہیں تین صفر سے سیریز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔

    رواں ماہ 16دسمبر کو ہونے والے میچ کا یہ لمحہ صرف اس مقابلے اور سیریز کا اختتام ہی نہ تھا بلکہ اس کے ساتھ پاکستان نے کیلنڈر ایئر میں ٹی20 کا اپنا کامیاب سفر بھی مکمل کرلیا۔

    سال2021 کے دوران جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے قابل ذکر اعزازات اپنے نام کیے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین سے داد سمیٹی وہیں یہ برس گرین شرٹس کے ٹی20 اسکواڈ کے لیے بھی یادگار رہا۔

    پاکستان نے2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کو10 وکٹوں سے بدترین شکست دی تو یہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں وکٹوں کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی بنی۔

    دنیا میں ٹی20 کرکٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کی جانب سے ایک برس میں سب سے زیادہ کامیابیوں کا اعزاز پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے2021 کے دوران20 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    پاکستانی بلے باز محمد رضوان اور بابراعظم ٹی20 کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل رہے، محمد رضوان نے 1326 جب کہ بابراعظم نے 939 رنز بنائے۔ محمد رضوان 1326 رنز کے ساتھ واحد کھلاڑی رہے جنہوں نے ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔

    بابر اعظم نے2021 کے دوران جہاں122 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز اپنے نام کیا وہیں 16 کیچ بھی تھامے جو کسی فیلڈر کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچ رہے۔

    محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے 22 کیچ تھامے جو کسی بھی وکٹ کیپر کی جانب سے کیچز کی سب سے بڑی تعداد رہی۔ وہ کیلنڈر ایئر میں 22 نصف سنچریوں کے ساتھ باقی تمام بلے بازوں سے آگے رہے۔

    محمد رضوان اور بابراعظم نے اپریل میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی وکٹ کی شراکت میں 197 رنز بنائے تو یہ اب تک اوپننگ جوڑی کی جانب سے سب سے بڑی شراکت بنی۔

    پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ کے کھلاڑیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 147 چھکے لگائے گئے جو دنیا میں کسی بھی ٹی20 سائیڈ کی جانب سے دوسرا بڑا نمبر رہا، جب کہ 347 چوکوں کے ساتھ پاکستانی ٹیم سب سے آگے رہی۔

    ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر پاکستانی بلے بازوں نے 4020 رنز بنائے تو یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور رہا۔

  • حارث روؤف کی سالگرہ: اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی خوشیوں میں شریک

    حارث روؤف کی سالگرہ: اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی خوشیوں میں شریک

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی آخری گروپ میچ میں تاریخ ساز فتح کے بعد حارث روؤف نے اپنی سالگرہ منائی تو اپنی خوشی میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو بھی شامل کرلیا۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے سیمی فائنل تک تو رسائی حاصل کر ہی لی تھی لیکن گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف فتح کے بعد گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا۔

    میچ کے بعد گرین شرٹس نے حارث روؤف کی سالگرہ منائی، اور اس موقع پر اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو بھی اپنے ساتھ شامل کرلیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں حارث روؤف کیک کاٹتے دکھائی دے رہے ہیں، اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی بھی اس موقع پر وہاں موجود ہیں۔

    پاکستانی کھلاڑی انہیں کیک کھلاتے اور گلے ملتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نمیبیا کے خلاف فتح کے بعد گرین شرٹس نے نمیبیا کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا تھا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

    گزشتہ روز کے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 72 رنز سے فتح حاصل کی تھی، کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کی اور 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    شعیب ملک نے 18 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین نصف سنچری بنائی، ‏انہوں نے 54 رنز بنائے جس میں 1 چوکا اور 6 چھکے شامل تھے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا اب 11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔

  • پاکستانی کھلاڑی نمیبین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے

    پاکستانی کھلاڑی نمیبین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے

    گزشتہ روز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی، تاہم نمیبیا کی کارکردگی بھی متاثر کن رہی جس پر ان کی حوصلہ افزائی کرنے پاکستانی کرکٹ ٹیم نمیبین کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچ گئی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فتح کی خوشی منانے کے بعد پاکستانی شاہینوں نے نمیبیا کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا رخ کیا۔

    پوری ٹیم نمیبین ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچی اور دل شکستہ بیٹھے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی ہمت بندھائی۔

    نمیبیا کی کرکٹ ٹیم نے اب تک گروپ کی دیگر ٹیموں بشمول بھارت کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائی جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے انہیں سراہا اور مبارک باد دی۔

    اس دوران محمد حفیظ نمیبیا کے کھلاڑی کو خاص ٹپس بھی دیتے نظر آئے جبکہ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بھی بنائی۔

    پاکستانی ٹیم کے اس اقدام کو نمیبیا کرکٹ بورڈ نے بھی سراہا اور اسے حقیقی اسپورٹس مین شپ قرار دیا۔ نمیبیا کی جانب سے کہا گیا کہ ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کے مدمقابل آنا ان کے لیے ایک اعزاز تھا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستانی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس بار ٹورنامنٹ میں میچ تو جیت ہی رہی ہے، ساتھ ہی مسلسل دل بھی جیت رہی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 190 رنز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔

    گزشتہ روز کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اپنے چاروں میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔