Tag: pakistan vs england

  • پاکستان کے پاس دنیا کی نمبر ون ٹیم بننے کا بہترین موقع

    پاکستان کے پاس دنیا کی نمبر ون ٹیم بننے کا بہترین موقع

    ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کا پاکستان کیخلاف پلڑا بھاری ہے، پاکستان انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز چار صفر یا تین صفر سے جیت کر آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 14 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں انگلش شیروں کیخلاف کلین سوئپ یا تین صفر سے کامیابی پاکستان کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔ ٹیسٹ سیریز تین ایک یا دو ایک سے جیتنے کی صورت میں پاکستان بھارت کو پیچھے چھوڑ دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلے گا۔

    انگلینڈ کسی بھی مارجن سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تو پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلاجائے گا اورانگلینڈ تیسرے نمبر پر آجائے گا، ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کا پاکستان کیخلاف پلڑا بھاری ہے، مجموعی طور پر ستتر میچز میں سےاکیس انگلینڈ کے نام رہے تو اٹھارہ میں پاکستان فاتح رہا، اڑتیس میچز ڈرا ہوئے۔

    پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف آخری ناکامی دو ہزار دس کے لارڈز ٹیسٹ میں ہوئی تھی، جس کے بعد یو اےای میں کھیلے گئے چھ میں پانچ میچز پاکستان نے جیتے تھے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس وقت آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت 112 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 108 پوائنٹس کیساتھ چوتھے جب کہ نیوزی لینڈ کے98، جنوبی افریقہ کے 92، سری لنکا کے 85، ویسٹ انڈیز کے اور بنگلہ دیش کے 57 پوائٹس ہیں۔

    دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بیٹنگ میں رینکنگ میں جوئے روٹ چوتھے، یونس خان پانچویں اور مصباح الحق دسویں، الیسٹر کک بارہویں، اسد شفیق تیرہویں، جونی بیئر اسٹو اٹھارویں،سرفراز احمد انیسویں، اظہر علی بیسویں،محمد حفیظ بائیسویں، بین اسٹوکس 37ویں،معین علی 39ویں نمبر پر موجود ہے، جوئے روٹ اور یونس خان میں 11 پوائنٹس کا فرق ہے۔

    بولرز میں جیمز اینڈرسن پہلے، اسٹورٹ براڈ تیسرے اور یاسر شاہ چوتھے، ذوالفقار بابر 28ویں، معین علی 30ویں،راحت علی 35 ویں، وہاب ریاض 38ویں اور عمران خان 47ویں نمبر پر موجود ہیں، جیمز اینڈرسن انجری کے سبب لارڈز ٹیسٹ میں شریک نہیں ہوں گے،ان سے ٹاپ پوزیشن چھن سکتی ہے، پاکستان کے ایک اہم بولر محمد عامر6سال بعد پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ ٹاپ 5ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے 290 رنز پرصرف 3 کھلاڑی آؤٹ

    ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے 290 رنز پرصرف 3 کھلاڑی آؤٹ

    ابوظہبی: پاکستان کے پانچ سو تئیس رنز کے جواب میں انگلینڈ نے تیسرے دن کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو نوے  رنز بنالئے، جبکہ الیسٹر کک نے کیریئر کی اٹھائیسویں سنچری بنالی۔

    ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے پہلی اننگ آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ سوتئیس رنز بناکر ڈیکلیئر کردی۔ ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے چھپن رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

     ایک سو سولہ کے اسکور پر معین علی کوسرفراز احمد نے عمران خان کی گیند پر کیچ کیا،معین نے پینتیس رنز بنائے، این بیل نے کپتان کو جوائن کیا۔انگلش کپتان نے کیریئر کی اٹھائیس ویں اور پاکستان کے خلاف چوتھی سنچری مکمل کرلی۔ این بیل تریسٹھ رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے، مارک ووڈ بھی چار رنز بناکر وہاب ریاض کا شکا بنے۔

    انگلش ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو نوے رنز بنائے۔ پاکستان کو اب بھی انگلینڈ پر دو سو تینتیس رنز کی برتری حاصل ہے۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: انگلینڈ کے کپتان کی شاندار سینچری، ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز

    ابوظہبی ٹیسٹ: انگلینڈ کے کپتان کی شاندار سینچری، ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز

    ابوظہبی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل جاری ہے، انگلینڈ کی ٹیم 523 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی ہے، اب سے کچھ دیر قبل تک انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنا لیے ہیں۔

    ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگ 56 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو معین علی اور کپتان ایلسٹر کک نے بیٹنگ کا آغاز کیا.

    پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عمران خان نے معین علی کو 35 رنز پر آؤٹ کیا.

    جس کے بعد آئن بیل کپتان ایلسٹر کک کا ساتھ دینے آئے اور کھانے کے وقفے تک انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 122 رنز بنالئے تھے، کھانے کے وقفے کے بعد کپتان ایلسٹر کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 28ویں سنچری مکمل کی۔

    گزشتہ روز پاکستان نے پہلی اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی، اننگز ڈیکلیئر کیے جانے کے بعد انگلینڈ کی جانب سے الیسٹر کک اور معین علی میدان میں اترے اور کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 56 رن بنائے۔

    جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 467 رنز درکار تھے۔

  • ڈس ایبلڈ ٹی 20ٹورنامنٹ، پاکستان اورانگلینڈ آج فائنل میں مدمقابل

    ڈس ایبلڈ ٹی 20ٹورنامنٹ، پاکستان اورانگلینڈ آج فائنل میں مدمقابل

    ڈھاکہ : پانچ ملکی ڈس ایبلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

    پانچ ملکی ڈس ایبلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل ڈھاکا میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان ڈیس ایبلڈکرکٹ ٹیم نے پہلے میچ نے افغانستان کیخلاف آٹھ وکٹوں سے جیت کر ایونٹ کا شاندار آغاز کیا تھا۔

    میزبان ٹیم بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ قانون کے تحت بیس رنز سے مات دی، انگلینڈ سے مقابلہ ہوا مگر سنسنی خیز میچ کے بعد پاکستان کو آٹھ رنز سے شکست ہوئی۔

    روایتی حریف بھارت کو تینتالیس رنز سے ہرا کر پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم نے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی

    پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد قومی ٹیم کاچھ سال بعد پہلا دورہ انگلینڈ ہوگا۔

    اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل دو ہزار دس میں لارڈز میں منظرعام پر آیا اور آئندہ سال پاکستان دورہ انگلینڈ کا آغاز بھی اسی لارڈز کے میدان سے کرے گا، اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے جانے کے بعد سلمان بٹ ، آصف اور محمد عامر پر پانچ سال کی پابندی لگی، اب تینوں کی سزا ختم ہونے والی ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورۂ انگلینڈ چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اورایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہوگا۔

    قومی ٹیم انتیس جون کو انگلینڈ  پہنچے گی اور دو پریکٹس میچ کے بعد سیریز کا با قاعدہ آغازچودہ جولائی سے لارڈز کے تاریخی میدان میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا، دوسرا ٹیسٹ بائیس جولائی، تیسرا تین اگست اور چوتھا ٹیسٹ گیارہ اگست سے اوول میں ہوگا۔

    ٹیسٹ کے بعد آئرلینڈ سے دو ون ڈے میچز اور پھر انگلینڈ سے پانچ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، سات ستمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔

  • سڈنی: وارم اَپ میچ، پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی بیٹنگ جاری

    سڈنی: وارم اَپ میچ، پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی بیٹنگ جاری

    سڈنی: ورلڈ کپ کے لئے وارم میچ میں پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

    ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم دوسرا وارم میچ آج انگلینڈ کے خلاف سڈنی میں کھیلا جارہا ہے، وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ سے فتح ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں قومی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرسکتی ہے، کوشش ہےآخری میچ کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔

    دونوں ٹیمیں اپنے پہلے وارم اپ میچز جیت چکی ہیں، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز جب کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں مینجمنٹ کو تمام تجربے کرلینے چاہئیں، پاکستان کی بولنگ ناتجربہ کار ہے، اب تیاریوں کا وقت گزر چکا ہے، کھلاڑیوں کو ایکسٹرا ٹریننگ کرنا ہوگی۔