اسلام آباد سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز خراب موسم سے کی زد میں آگئی۔
ذرائع کے مطابق پرواز ای آر 501 کو کپتان نے کراچی ایئرپورٹ پر 2 مرتبہ لینڈ کروانے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کے باعث لینڈنگ نہ ہو سکی۔
کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور پرواز کو خطرے میں ڈالے بغیر سلامتی سے واپس اسلام آباد کا رُخ کیا۔ کپتان نے پرواز کے مسافروں کو خراب موسم سے آگاہ کر کے واپس اسلام آباد جانے کی وجہ بتائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ اب سے کچھ دیر قبل واپس اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکا ہے۔
دوسری جانب طوفانی بارش اور موسم کے باعث پی آئی اے کا کراچی آپریشن متاثر ہوا ہے۔ پی آئی اے کی کراچی کوئٹہ اور کراچی اسلام آباد کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
لاہور سے کراچی آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی اور موسم بہتر ہوتے ہی روانہ ہو گی۔ کراچی نجف کی پرواز مسافر نہ پہنچ پانے کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
کراچی سے اسلام آباد کی پرواز بھی مسافر نا پہنچنے کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ کراچی سے جدہ اور کراچی سے مدینہ منورہ کی پرواز میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔
پی آئی اے کی کل صبح روانہ ہونے والی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ مسافر بروقت معلومات کےلیے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں۔