Tag: Pakistan women team

  • نئے سال میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی، ندا ڈار

    کراچی : پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار نے کہا ہے کہ سال 2022 میرے لیے بہت اچھا ثابت ہوا، آئندہ بھی ایسی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔

    ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے کوچنگ اسٹاف اور دیگر ساتھی کھلاڑیوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری کارکردگی میں بسمہ معروف کا بھی اہم کردار ہے، بسمہ کے ساتھ کافی پارٹنر شپس لگیں، عالیہ کے ساتھ بھی شراکت رہی، دوسری لڑکیوں کو بھی میری کارکردگی سے حوصلہ ملا۔

    انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ اپنے ملک کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش رہی ہے، سال 2019 کے بعد سے بہت سی کامیابیاں ملیں، ایوارڈز اور اس کیلئے نامزدگی سے ہمیشہ مزید بہتر کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ بہترین پلیئر کیلئے نامزد ہونا بھی بڑی بات ہے، اللہ نے چاہا تو ایوارڈ بھی ملے گا، 2022 میں ایشیا کپ میں انڈیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بارباڈوس کیخلاف پرفارمنس یادگار ہیں، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین آل راؤنڈر بنوں۔

    ندا ڈار نے مزید کہا کہ عالمی آل راؤنڈر رینکنگ میں میرا ساتواں نمبر ہے خواہش ہے کہ ٹاپ ٹو میں آؤں اور پاکستان کیلئے مزید دو سال کھیلوں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا سے سیریز تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، اچھی ٹیم کیخلاف کھیل کر ہمیں اعتماد بھی ملے گا اور کھیل بہتر ہوگا۔

  • ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بسمہ معروف

    ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بسمہ معروف

    لاہور: پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جس سے کافی فرق پڑے گا، ون ڈے سیریز سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے فائدہ ہوگا۔

    بسمہ معروف نے کہا کہ پاکستان ٹیم ون ڈے میچز میں اچھا پرفارم کرتی آرہی ہے، کھلاڑی کی حیثیت سے چاہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف بھی کھیلیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملتا ہے، دونوں ممالک کرکٹ میں سیاست کو نہ لائیں۔

    مزید پڑھیں: بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز، ویمنز ٹیم کا اعلان

    دوسری جانب بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان رومانہ احمد نے کہا کہ ٹی 20 سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں کی سوچ مثبت ہے، امید ہے ون ڈے سیریز میں کم بیک کریں گے۔

    رومانہ احمد نے کہا کہ ون ڈے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں جس سے ٹیم مضبوط ہوگی، پاکستان ٹیم رینکنگ میں بہتر ہے، ون ڈے میں اچھے مقابلے کی توقع ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ون ڈے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 2 نومبر جبکہ دوسرا 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

  • پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کردیا

    پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کردیا

    لاہور: پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کردیا، بنگلہ دیش کی جہاں آرا عالم اور بسمہ معروف کو مشترکہ طور پر ویمن آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کردیا، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

    قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے، جویریہ خان نے 48 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے تین اور رومانہ احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم 118 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بناسکی اور میچ پاکستان نے 28 رنز سے جیت لیا۔

    بنگلہ دیش کی نگار سلطانہ 30 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پاکستان کی صبا نذیر اور انعم امین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش ویمن ٹیموں کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 2 اور 4 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔