Tag: pakistan

  • تھیلیسیمیا کے شکار بچے کو اعزازی طور پر سی پی او بنا دیا گیا

    تھیلیسیمیا کے شکار بچے کو اعزازی طور پر سی پی او بنا دیا گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تھیلیسیمیا کا شکار بچے کی کی خواہش پوری کردی گئی اور اسے ایک روز کے لیے اعزازی سی پی او بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کو ایک دن کا اعزازی سی پی او بنا کر اس کی خواہش پوری کر دی، بچے کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

    تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا حمزہ نے سی پی او بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر سی پی او عمر سلامت نے اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔

    ان کے احکامات کے بعد بچے کو ایک دن کے لیے اعزازی سی پی او کے اختیارات دے دیے گئے۔

    اعزازی سی پی او بننے والے حمزہ نے پولیس کی تمام برانچز اور بلڈ کیمپ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس افسران کے مسائل بھی سنے، اس موقع پر حمزہ کے ساتھ اس کے والدین بھی خوش تھے۔

    حمزہ کو پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ اس نے یادگار شہدا پر حاضری بھی دی۔

  • عمران خان نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کردی

    عمران خان نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کردی

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل ہوئیں تو چھیاسٹھ فیصد پاکستان میں الیکشن ہوگا۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان کےلئے کیا ہےکہ عام انتخابات ہوں

    انہوں نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربات کریں یہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر عام انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلی تحلیل کردیں۔

    یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کا آصف زرداری کو مشورہ

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے تو بہت کوشش کی مگر یہ عام انتخابات کا نام نہیں لیتے،ان کو ڈر لگا ہے کہ عام انتخابات ہوئےتو انھوں نے ہار جانا ہے۔

    ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہے

    پی ٹی آئی کی پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ کھڑی ہے، پرویزالہٰی نے مجھے پورا اعتماد دیاہے انہوں نے یقین دلایا کہ جب کہوں گا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔

    ان کا پلان مجھے جیل میں ڈالنا اور نااہل کرانا ہے

    پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد ہم پر کیسز کرنا اور کسی طرح مجھےنااہل کرنا ہے،آصف زرداری نے تو کہا کہ عمران خان کو ڈس کوالیفائی کریں یا جیل میں ڈالیں، پی ٹی آئی کو ہراساں کرنےکےسوا ان کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔

    اسحاق ڈار آج چپ کرکے بیٹھ گیا

    اپنے ویڈیو لنک خطاب میں ملک کی معاشی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ 88فیصد سرمایہ کاروں کو اس حکومت پر اعتماد نہیں کیونکہ ان کے پاس ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار لندن سے آیا جو کہتا تھا کہ میں سب ٹھیک کردوں گا آج چپ کرکے بیٹھ گیا، خبردار کررہا ہوں کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھ رہاہے،50سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے،اسٹریٹ کرائم بڑھ گیا۔

  • شیخ رشید کا آصف زرداری کو مشورہ

    شیخ رشید کا آصف زرداری کو مشورہ

    راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آصف زرداری کو مشورہ دیا کہ سندھ کی فکرکریں،30 جنوری سے پہلے قبل ازوقت الیکشن کا فیصلہ ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسی اعصاب کی جنگ تیز ہوگئی ہے، عمران خان یہ جنگ جیتے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت اورحکومت دونوں ڈوب رہےہیں ، تارکین وطن پاکستانی بینکوں سےپیسےنکلوارہےہیں، یہاں پاکستانی باہر کے بینکوں میں پیسے بھیج رہے ہیں۔

    سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ روس نےتیل دینے سے انکار کردیاہے، گوگل نےکیرئیرپیڈامعطل کردیا،مہنگائی دوگنی ،زرمبادلہ کم ہوگیا۔

    ایک اور ٹوئٹ میں سابق وزیر نے کہا کہ قوم اور پارلیمان عمران خان کے پیچھے کھڑی ہیں ، جوعمران خان کےساتھ غداری کرےگااپنی سیاست دفن کرےگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیر یا سویرجب بھی الیکشن ہوئے پی ڈی ایم کی سیاسی موت دیوار پر لکھی گئی ہے، آصف زرداری اور شہبازشریف چلے ہوئے کار توس ہیں، آصف زرداری سندھ کی فکرکریں، 30 جنوری سے پہلے قبل ازوقت الیکشن کا فیصلہ ہوجائےگا۔

  • کراچی ایئرپورٹ سے جعلی شینگین ویزے پر جرمنی جانے کا خواہشمند مسافر گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ سے جعلی شینگین ویزے پر جرمنی جانے کا خواہشمند مسافر گرفتار

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جعلی شینگین ویزے پرغیر ملکی پرواز سے جرمنی جانے کا خواہشمند مسافر گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی شینگین ویزے پرغیر ملکی پرواز سے جرمنی جانے کا خواہشمند مسافر گرفتار کرلیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے رہائشی ماجد کے پاسپورٹ پر ترکی اور جنوبی افریقہ کا ویزا بھی جعلی ہے ، یو اے ای، جنوبی افریقہ اور آذربائیجان سفر کے لئے لگی امیگریشن کی مہریں بھی جعلی ہے۔

    حکام نے بتایا کہ امیگریشن ریکارڈ میں ملزم کے ان غیرملکی سفرکی تفصیلات موجود نہیں ہیں اور ملزم کے مطابق اس نے کبھی کوئی غیر ملکی سفر نہیں کیا۔

    ملزم کو مزید کارروائی کے لئے ایف آئی اے پاسپورٹ سرکل منتقل کر دیا گیا۔

  • نجی ایئر لائنز کی 2 پروازوں میں اڑان بھرتے ہی اچانک فنی خرابی

    نجی ایئر لائنز کی 2 پروازوں میں اڑان بھرتے ہی اچانک فنی خرابی

    کراچی : نجی ایئر لائنز کی دو پروازیں اچانک فنی خرابی کے باعث اڑان کے فوری بعد بحفاظت ایئرپورٹ اتارلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن میں فنی خرابی ہوئی ، خرابی کےباعث طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی گئی۔

    طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد فنی خرابی پیدا ہوئی ، جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیارے کو بحفاظت اتارلیا، کراچی طیارے میں 200 سے زائد عمرہ زائرین سوار تھے۔

    انتظامیہ نے کہا کہ فنی خرابی دور ہوتے ہی پرواز کو روانہ کردیا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور سے کویت جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی ، جس کے بعد پرواز نے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

    پرواز کےاڑان بھرنے کےکچھ وقت بعداچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، کپتان کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ، دوبارہ لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کو باحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتارلیا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ فنی خرابی کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کرنے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کیاجارہا ہے۔

  • ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر : سعودی عرب نے  پاکستان کو  بڑا ریلیف دے دیا

    ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر : سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا ریلیف دے دیا

    اسلام آباد : سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3 بلین ڈالر کی مدت میں توسیع کردی، ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی پاکستان کیلئے مدد کا تسلسل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود3 بلین ڈالرکی مدت میں توسیع کردی۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلامیے میں کہا ہے کہ سعودی عرب نےمعاشی استحکام کیلئے ایس ایف ڈی کے ذریعے رقم دی ہے،حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا کہ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

    مرکزی بینک نے بتایا کہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی پاکستان کیلئےمدد کا تسلسل ہے، ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی ذخائر کو بڑھانا ہوتا ہے۔

    ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سےپاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد ملے گی، سعودی عرب نے 3ارب ڈالرنومبر2021 کے معاہدے کے تحت ڈپازٹ کئے تھے۔

    یاد رہے اگست میں سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 3 ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 3 ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مدمیں توسیع مزید ایک سال کیلئے کی جائے گی۔

  • وزیراعظم  شہباز شریف کی  چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    وزیراعظم شہباز شریف کی چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں بالخصوص شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں معاون خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود ،سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

    وزیر اعظم نے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان،چین تعلقات ہر دور میں قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں۔

    شہباز شریف نے گزشتہ دورہ چین کے دوران چینی کمپنی کے صدر سے ملاقات کا ذکر کیا اور چینی کمپنی کےانفراسٹرکچر ،توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کو قابل تجدید خصوصا شمسی توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

    شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے مختلف اشیا عطیہ کرنے پر کمپنی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ ترکی کے دوران ترک کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے لیے 10,000 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں۔

  • بچوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ : اسکولوں کو بند کرنے سے متعلق نئی تجویز

    بچوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ : اسکولوں کو بند کرنے سے متعلق نئی تجویز

    لاہور : اسموگ کے باعث بچوں میں بیماریاں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اسکولوں کو ہفتے میں 3 دن بند رکھنے کی تجویز سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسموگ کے باعث اسکولوں کو ہفتے میں 3 دن بند رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کوالرٹ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ اسموگ اور بڑھتی آلودگی سے بچوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ چیسٹ انفیکشن سمیت دیگربیماریوں سےبچوں کوبچایاجائے، اسموگ کےخاتمےتک اسکولوں میں ہفتےمیں 3چھٹیاں دی جائیں۔

    یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے نجی اور سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں تین دن چھٹیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت اسموگ کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات کا قومی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کی  مبارکباد

    متحدہ عرب امارات کا قومی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر یو اے ای کے صدر شیخ محمدبن زید النہیان کو مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر پاکستانی عوام کیجانب سے متحدہ عرب امارات کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن بانیوں کے متحرک ویژن کی یاددہانی کرتا ہے ، بانیوں نےاتحاد کے ذریعے ایک عظیم قوم کی بنیاد رکھی، یواےای کےصدرشیخ محمدبن زید النہیان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اورعوام کو قومی دن پر مبارکباد دی۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ امارات نےترقی و خوشحالی کی جو منزلیں طے کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے، خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویژن ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے بھی متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر صدر، سفیر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کےعوام کےدل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، متحدہ عرب امارات نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حالیہ سیلاب کےدوران متحدہ عرب امارات نےدل کھول کر مدد کی، متحدہ عرب امارات کی مزیدترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں، متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کیلئے دوسرا گھر ہے۔

  • کنڈے لگا کر چوری کی بجلی استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار!

    کنڈے لگا کر چوری کی بجلی استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار!

    اسلام آباد : حکومت نے بجلی چوروں کیخلاف اسپیشلائزڈ فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا، اسپیشلائزڈفورس گلی محلوں میں کنڈا کلچر کا خاتمہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اربوں روپے کی بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ایک اور تدبیرسامنے لے آئی اور بجلی چوروں کیخلاف اسپیشلائزڈ فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ سےاسپیشلائزڈفورس کے قیام کی منظوری لی جائے گی، اسپیشلائزڈ فورس بجلی چوری کی روک تھام کےساتھ ریکوری بھی یقینی بنائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشلائزڈفورس گلی محلوں میں کنڈا کلچر کا خاتمہ کرےگی، یہ فورس بجلی چوری میں ملوث ملزمان کی خلاف کارروائی کرنے کی اہل ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق اسپیشل فورس انڈسٹریل یونٹس میں بھی بجلی چوری کیخلاف کارروائی کرے گی، اسپیشلائزڈ فورس کواس حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری کے بعد ہی اس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔