Tag: pakistan

  • ’زرداری کی گرفت سندھ پر بھی کمزور ہوتی جا رہی ہے‘

    ’زرداری کی گرفت سندھ پر بھی کمزور ہوتی جا رہی ہے‘

    پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی گرفت اب سندھ پر بھی کمزور ہوتی جا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے سابق صدر آصف زرداری کے گزشتہ روز کے بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    مسرت چیمہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آصف زرداری جو خود کو بڑا سیاسی گرو مشہور کراتے ہیں, لیکن پنجاب سے پیپلز پارٹی کا صفایا آصف زرداری کی بدولت ہی ہوا ہے اور ان کی سندھ پر بھی گرفت کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ شکست خوردہ ن لیگ اسی شخص سے ساری امیدیں لگائے بیٹھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولہ پنجاب حکومت کی صف میں دراڑیں ڈالنے کی جتنی کوشش کر لے۔ عمران خان کی قیادت میں حکومتی اتحاد مضبوط ہے۔ ق لیگ سمیت تمام اتحادیوں نے فیصلے کا اختیار عمران خان کو دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’ تحریک انصاف کا مقابلہ ن لیگ یا پی پی سے نہیں، آزاد امیدواروں سے ہوگا‘

    ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے موجودہ حکومت کے سپرد کرنا زیادتی کے مترادف ہے۔ عوامی امنگوں کی ترجمان حکومت عمران خان کی قیادت میں ہوگی۔ آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلیے آج مشاورتی اجلاس بلایا گیا ہے۔

     

  • شمسی سوسائٹی میں ماں اور 3 بچیوں کے قتل کا مقدمہ درج

    شمسی سوسائٹی میں ماں اور 3 بچیوں کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی : پولیس نے شمسی سوسائٹی میں ماں اور3 بچیوں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں مقتولہ کے شوہر کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شمسی سوسائٹی میں ماں اور3 بچیوں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ تھانہ الفلاح میں سرکارکی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمے میں مقتولہ کے شوہر کو نامزد کیا گیا ہے اور قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس سے قبل ملزم فواد نے پولیس کے روبرو ڈپریشن کا شکار ہوکر انتہائی قدم اٹھانے کا اعتراف کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ کاروبارمیں خسارہ ہورہا تھا اور بیوی ماں سے علیحدہ ہوجانے پر زور دے رہی تھی۔

    قتل سے متعلق پولیس افسران کے سوالات پر ملزم نے چپ سادھ لی، پولیس نے بتایا کہ آج بھی ملزم نے ٹائپ کرکے بیان دیاتاحال ملزم بولنے سے قاصر ہے۔

    پولیس نے مقدمے کے اندراج کے لئے مقتولہ کے لواحقین سے رابطہ کیا ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ الفلاح لواحقین سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہمقتولہ کے بھائی کا بیان قلمبند کرکے مقدمہ درج کیا جائے گا، جناح اسپتال میں زیر علاج ملزم فواد کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

  • ’ تحریک انصاف کا مقابلہ ن لیگ یا پی پی سے نہیں، آزاد امیدواروں سے ہوگا‘

    ’ تحریک انصاف کا مقابلہ ن لیگ یا پی پی سے نہیں، آزاد امیدواروں سے ہوگا‘

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا مقابلہ ن لیگ یا پی پی پی سے نہیں بلکہ آزاد امیدواروں سے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی الیکشنوں سے بھاگ رہی ہیں کیونکہ اس کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں 101 یونین کونسلز پینل کا انتخاب ہونا ہے۔ ن لیگ صرف 30 حلقوں میں امیدوار دے سکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کا ان انتخابات میں ایک بھی پینل نہیں ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اب تحریک انصاف کا مقابلہ ن لیگ یا پی پی پی سے نہیں بلکہ آزاد امیدواروں سے ہوگا۔

     

  • عمران خان آج پنجاب کے ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لیں گے

    عمران خان آج پنجاب کے ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لیں گے

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج پنجاب کے ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لیں گے۔

    تفصیلات کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے کے لیے پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

    پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ڈھائی بجے 90شاہراہ قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں ہوگا ، عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملےپر رائے لی جائے گی اور عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    عمران خان پارٹی کو آئندہ کےلائحہ عمل سےمتعلق اعتمادمیں لیں گے، جس کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل یا استعفوں سے متعلق عمران خان کا اگلے ہفتے اہم اعلان متوقع ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سےوزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے زمان پارک میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میںوزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ انہیں دے دی،ہم عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے،ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب اور یواےای کے سفیروں کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب اور یواےای کے سفیروں کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب اور یواے ای کے سفیروں سے الگ الگ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے الملکی اور متحدہ عرب امارات کےسفیر حمادعبید ابراہیم سالم الزابی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    جہاں دونوں برادر ملکوں کے سفیروں نے آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سے الگ الگ ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے29 نومبر کو جی ایچ کیو میں پاک فوج کے کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی تھی، جس میں سبکدوش جنرل قمرجاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو پاک فوج کی کمان سونپی تھی۔

    سیدعاصم منیر چھڑی ہاتھ میں تھام کر مسلح افواج کے سترویں آرمی چیف بن گئے تھے۔

  • یو اے کے قومی دن پر تقریب، حکومت پاکستان کی مبارکباد

    یو اے کے قومی دن پر تقریب، حکومت پاکستان کی مبارکباد

    متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر تقریب ہوئی جس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شرکت کی اور حکومت پاکستان وعوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت اور عوام کی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے یو اے ای کے سفیر کو خیر سگالی اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ یہ دو طرفہ تعلقات مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے دعا گو ہیں۔

    تقریب میں متعحدہ عرب امارات کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا۔

  • پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 33 کروڑ 32 لاکھ ڈالرکی کمی

    پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 33 کروڑ 32 لاکھ ڈالرکی کمی

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 33کروڑ 32 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 33کروڑ 32 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد مجموعی زرمبادلہ ذخائر13 ارب 37 کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق غیرملکی قرضوں کی ادائیگی سے مرکزی بینک میں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کم ہوکر 7 ارب 49 کروڑ اور 87 لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔

    کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 87کروڑ 95 لاکھ ڈالر ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق رواں ہفتے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 50 کروڑ ڈالر ملے ہیں، یہ رقم اگلے ہفتے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کی جائے گی۔

  • اب تعلیمی اداروں میں ہفتے میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ اہم خبر آگئی

    اب تعلیمی اداروں میں ہفتے میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ اہم خبر آگئی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے نجی اور سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں تین دن چھٹیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت اسموگ کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کا تدارک کے لیے اسکولوں کے حوالے سے بڑا حکم جاری کر دیا، عدالت نے نجی اور سرکاری سکولوں میں ہفتہ میں تین دن چھٹیوں کی ہدایت کردی۔

    عدالت نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو گرانے کے لیے قانون سازی کا حکم دیا ہے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو قبضہ میں لینے کی قانون سازی کی جائے۔

    لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ اسموگ کی صورتحال بڑی خطرناک ہوچکی ہے، پنجاب حکومت اسموگ کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہے، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی کو مدد کےلئے رابطہ کیاجائے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ وفاقی وزیر کو بتایا جائے کہ پنجاب میں اسموگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، بیجنگ اور شنگھائی کےعلاوہ سموگ کے حوالے سے عالمی ماہرین کی مدد لی جائے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ سیکرٹری ماحولیات جرمانوں کےحوالے سے عمل درآمد رپورٹ بھی پیش کریں، سیکرٹری ماحولیات ماحولیاتی آلودگی کاباعث بننے والی صمعتوں کو گرانے کےرولزوضع کریں۔

    لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ناقص آئل استعمال کرنے والی صنعتوں،بھٹوں کوبند کرنے کی بجائے اب گرانے کے رولز بناٸیں جائیں، رولز کا مسودہ فوری بنا کرعدالت پیش میں پیش کیا جائے، صرف ایک نوٹس کےبعد اگر باز نہ آئیں تو ایسی صنعتیں گرا دی جائیں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑکوں پر نظر نہ آئیں، ایسی گاڑیوں کو بھی ایک نوٹس کےبعد قبضے میں لے کر نیلام کرنے کا رولز بنایا جائے۔

  • انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار یا نااہل ہوسکتے ہیں، آصف زرداری

    انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار یا نااہل ہوسکتے ہیں، آصف زرداری

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار یا نااہل ہوسکتے ہیں، پنجاب اورکے پی اسمبلیاں توڑی گئیں توالیکشن لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار یا نااہل ہوسکتے ہیں۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب اورکے پی اسمبلیاں توڑی گئیں توالیکشن لڑیں گے، پھر دیکھتاہوں پی ٹی آئی کتنےایم پی ایزبناتی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کے اسمبلیاں نہیں توڑیں گے تو ہم اپوزیشن کا کردار ادا کرتےرہیں گے ، انشااللہ کےپی سمیت ہر جگہ تحریک عدم اعتماد لائیں گے، پی کے تھوڑے دوست گمراہ ہیں ، انہیں واپس لانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں قبل ازوقت انتخابات سےجمہوریت مضبوط نہیں ہوگی ، ایسا طریقہ کریں گے استعفےنہ آئیں اور اسمبلیاں چلتی رہیں۔

  • کراچی میں سردی کی لہر داخل ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

    کراچی میں سردی کی لہر داخل ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

    کراچی : کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

    تفصیلات کے کراچی میں سردی کی لہر داخل ہوگئی ، صبح صبح گھرسے نکلنے والوں کو گرم کپڑے پہن کرکام پر جانا پڑا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ آج صبح شہرقائد کا درجہ حرارت چودہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روزتک شام سے صبح تک ٹھنڈ بڑھنےکا سلسلہ جاری رہے گا، البتہ دن میں درجہ حرارت انتیس سے اکتیس ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنیوالے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں شدید سردی لہو جمانے لگی ہے ، اسکردو میں پارہ منفی چھ ، گوپس میں منفی چارریکارڈکیا گیا۔

    بلوچستان کےشمالی علاقوں میں کڑاکےکی سردی پڑ رہی ہے، قلات اور زیارت میں درجہ حرارت منفی تین تک پہنچ گیا۔

    اس کے علاوہ پنجاب کےمختلف شہروں میں صبح کےوقت دھند نے شہریوں کی مشکلات بڑھادیں اور حد نگاہ کم ہوگئی، جس کے باعث موٹروے کئی مقامات پر بند کرنا پڑی۔