Tag: pakistan

  • شاہ لطیف یونیورسٹی کی سنگین غلطی سامنے آگئی

    شاہ لطیف یونیورسٹی کی سنگین غلطی سامنے آگئی

    شاہ لطیف یونیورسٹی کی بڑی نا اہلی منظر عام پر آگئی اور گریجویٹ سطح کے طلبہ کی امتحانی سلپ میں لڑکے اور لڑکیوں کی سلپس میں تصاویر اور نام تبدیل کردیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہ لطیف یونیورسٹی کے تحت بی ایس سی، بی اے اور بی کام کے امتحانات کے لیے جاری کردہ سلپ میں جامعہ انتظامیہ کی سنگین غلطی سامنے آگئی ہے جس سے طلبہ وطالبات شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    شاہ لطیف یونیورسٹی کی جانب گریجویٹ ڈگری پروگرامز کے امتحانات کے لیے طلبہ وطالبات کو جاری کردہ امتحانی سلپس میں لڑکیوں کے ایڈمٹ کارڈ میں لڑکوں اور لڑکوں کے ایڈمٹ کارڈ میں لڑکیوں کی تصویریں لگا دی گئی ہیں۔

    صرف یہی نہیں بلکہ کئی میل طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ میں جنس کے خانے میں فیمیل درج ہے۔

    یونیورسٹی انتظامیہ کی اس سنگین غلطی کے خلاف گورنمنٹ ڈگری کالج نوڈیرو کی طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

  • فرحت شہزادی کی درخواست ، عدالت نے  نیب سے جواب طلب کر لیا

    فرحت شہزادی کی درخواست ، عدالت نے نیب سے جواب طلب کر لیا

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے فرحت شہزادی کی جانب سے نیب نوٹسز کیخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں فرحت شہزادی کی جانب سے نیب نوٹسز کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کہ بتایا کہ نیب نے2019 میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی انکوائری بند کر دی تھی م دوبارہ انکوائری کوبد نیتی کی بنیاد پرکھول دیا گیا ،نوٹس جاری کئے گئے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد نجی فردکیخلاف نیب انکوائری نہیں کر سکتی، نا تو کوئی دستاویزفراہم کی جا رہی ہیں نہ ہی وجوہات بتائی گئیں۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کاروباری امورکو نقصان پہنچانے کے لئےنوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں، نیب کو اختیار نہیں کہ اس معاملے پر انکوائری کر سکے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ عدالت نیب کو ہدایات اورانکوائری کرنے سے روکنے کا حکم دے، جس پر لاہور ہائیکورٹ نے 14 دسمبر کو نیب سے جواب طلب کر لیا۔

    عدالت نے کہا کہ نیب دائرہ اختیارسےمتعلق جواب جمع کرائے کہ انکوائری کس طرح شروع کی۔

  • ’ایک پیج پر ہونے کی باتیں صرف مخالفین کو متاثر کرنے کیلیے کی جاتی ہیں‘

    ’ایک پیج پر ہونے کی باتیں صرف مخالفین کو متاثر کرنے کیلیے کی جاتی ہیں‘

    پاکستان مسلم لیگ ضیا کے چیئرمین اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ایک پیج پر ہونے کی باتیں صرف مخالفین کو متاثر کرنے کے لیے کی جاتی ہیں۔

    سابق وفاقی وزیر نے لندن میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک پیج پر ہونے کی باتیں مخالفین کو متاثر کرنے کیلیے کی جاتی ہیں۔ ان تمام باتوں کی حقیقت یہ ہے کہ جب تک آپ عوام میں مقبول ہیں ایک پیج پر ہیں۔

    اعجاز الحق نے مزید کہا کہ اگر ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو ملکی مفاد میں نہ ہوں تو پھر ایک پیج نہیں رہے گا۔

    سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ میری خواہش ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ یہ جتنی زیادہ دیر حکومت میں رہیں گے اتنا ہی غیر مقبول ہوں گے۔

  • پی ٹی آئی حکومت کا سیاحت کی ترقی کیلئے بڑا کارنامہ

    پی ٹی آئی حکومت کا سیاحت کی ترقی کیلئے بڑا کارنامہ

    ایبٹ آباد : ایبٹ آباد سے ٹھنڈیانی 25 کلومیٹر سڑک پر کام کا آغاز کر دیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان آج منصوبےکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کا سیاحت کی ترقی کیلئے بڑا کارنامہ سامنے آیا ، ایبٹ آباد سے ٹھنڈیانی 25 کلومیٹر سڑک پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔

    ٹھنڈیانی روڈ سابق وزیراعظم عمران خان کی ٹورازم پروموشن کے وژن کا حصہ ہے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان آج منصوبےکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

    ٹھنڈیانی سڑک پر 2 ارب 99 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ 2سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

    ریسٹ ایریا،مسجد،کیفےٹیریا،ٹائرشاپ، ٹک شاپ،ٹائلٹس بھی اسی منصوبےکا حصہ ہیں، ٹھنڈیانی سڑک کی تعمیر سے سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گا۔

  • پاکستان ایک پُر امن افغانستان کا خواہاں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان ایک پُر امن افغانستان کا خواہاں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک پر امن افغانستان کا خواہاں ہے اور افغان بھائی بہنوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر مملکت نے اپنے حالیہ دورہ افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن افغانستان کا خواہاں ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری افغانستان کی صورت حال میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان افغان بھائی بہنوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کا دورہ کیا تھا اور اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں تھیں۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حنا ربانی کھر نے افغان عبوری نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی سے ملاقات کی جس میں افغان وزیر معدنیات اور پیٹرولیم شہاب الدین دلاور بھی موجود تھے۔

    دفترخارجہ کے مطابق افغان وزیر تجارت حاجی نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقاتوں میں تعلیم، صحت، زراعت اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس کے علاوہ سرمایہ کاری میں تعاون، علاقائی روابط، سماجی واقتصادی منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی حناربانی کھر نے پرامن، مستحکم، خوشحال افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • نواز شریف اور  مریم نواز دورہ  یورپ کے  بعد واپس لندن پہنچ گئے

    نواز شریف اور مریم نواز دورہ یورپ کے بعد واپس لندن پہنچ گئے

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز یورپ کا دورہ کرکے واپس لندن پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابقمسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لندن واپس پہنچ گئے شریف خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ ہیں، شریف فیملی جنیوا سے ہیتھرو ایئرپورٹ واپس آئی۔

    یاد رہے 21 نومبر کو قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز اور فیملی کے ہمراہ یورپ روانہ ہوئے تھے، نواز شریف کا لندن میں تین سالہ قیام کے دوران برطانیہ سے پہلا انٹرنیشنل سفر ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم یورپ کے مختلف ممالک میں جائیں گے وہ ایک ہفتے یورپ میں قیام کریں گے۔

    دورے کے دوران سابق وزیراعظم نوازشریف کی اٹلی کے شہر میلان سے تصویر سامنے آئی تھی ، تصویر میں نواز شریف ایک کیفے میں بیٹھے ہیں حسین نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔

  • مسلم لیگ ن کو پنجاب میں عدم اعتماد کے معاملے پر پارٹی کے اندر مخالفت کا سامنا

    مسلم لیگ ن کو پنجاب میں عدم اعتماد کے معاملے پر پارٹی کے اندر مخالفت کا سامنا

    لاہور : پنجاب میں عدم اعتماد کے معاملے پر ن لیگ کے چند سینئر رہنماؤں عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ سے پہلے نمبرز پورے کرنے کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کو پنجاب میں عدم اعتماد کے معاملے پر پارٹی کے اندر مخالفت کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ چند سینئر رہنما عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ سے پہلے نمبرز پورے کرنے کے داعی ہے ، لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں نمبرز پورے نہ کرسکے تو مزید سیاسی نقصان ہوگا۔

    چند لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتفاق رائے تک عدم اعتماد یا گورنر کی ہدایت کوروک لیاجائے، ہمارے18معطل ایم پی ایز کا معاملہ بھی ابھی حل نہیں ہوا ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ن لیگ صوبائی قیادت اب بھی فوری عدم اعتماد جمع کرانے کےحق میں ہے۔

    خیال رہے ایوان میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 186 ارکان پورے کرنا ہوں گے، ن لیگ کے 18 ارکان پر 15 اجلاسوں میں شرکت پر پابندی عائد ہے ، ن لیگ نے اسپیکر کے اس اقدام کے خلاف لاہور ہائی کورٹ رجوع کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ رولز آف پروسیجر کے تحت تحریک عدم اعتماد کے لئے 18 ارکان کردار ادا نہیں کرسکتے، تحریک عدم اعتماد تاحال پیش نہ ہونے میں رکاوٹ معطل ارکان ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں تحریک انصاف 180 ارکان ہیں ، تحریک انصاف کو مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

    پنجاب میں حکومتی اتحاد کو 190 کے ہندسے پر برتری حاصل ہے جبکہ پنجاب میں اپوزیشن اتحاد 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

    ن لیگ167،پیپلز پارٹی 7،آزاد ارکان 5 اور راہ حق پارٹی کا ایک رکن ہے ، اپوزیشن اتحاد کوعدم اعتماد کی کامیابی کیلئےاسوقت 24 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔

  • کراچی : ماہی گیروں  کے جال میں  نایاب ‘گھوڑا مچھلی’ پھنس گئی

    کراچی : ماہی گیروں کے جال میں نایاب ‘گھوڑا مچھلی’ پھنس گئی

    گوادر : ماہی گیروں کے جال میں نایاب ‘گھوڑا مچھلی’ پھنس گئی، ماہی گیروں کا کہنا ہے زندگی میں پہلی مرتبہ یہ مچھلی جال میں پھنسی تاہم اسے دوبارہ سمندر میں پھینک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کے جال میں نایاب گھوڑا نامی مچھلی پھنس گئی۔

    مچھلی دس سے بارہ فٹ لمبی بتائی جا رہی ہے شکار کرنے والے ماہی گیری کا نام محمد صدیق گڈانی اور اس کی ٹیم نے جب چال سمندر میں لگایا تو اچانک نایاب مچھلی پھنس گئی۔

    نایاب مچھلی جس کا نام گھوڑا مچھلی ہے ، یہ بالکل گھوڑے کی طرح دکھتی ہے۔

    ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ کبھی بھی اتنی بڑی پہلے کبھی نہیں ملی ، زندگی میں پہلی مرتبہ یہ مچھلی جال میں پھنس گئی۔

    ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں نے کہا کہ مچھلی کو دوبارہ زندہ سمندر میں پھینک دیا کیونکہ یہ مچھلی نایاب ہے اور اس کو بیچنا ناممکن ہے۔

  • پاکستان میں گوگل ایپلیکیشن سروسز بند ہوں گی یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    پاکستان میں گوگل ایپلیکیشن سروسز بند ہوں گی یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : وزارت خزانہ گوگل کو ادائیگی پر راضی ہو گئی، جس کے بعد پاکستان میں گوگل ایپلیکیشن سروسز بند ہونے کا خطرہ ٹل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی تجویز مان لی اور گوگل کو ادائیگی پر راضی ہو گئی۔

    وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق سے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ نے رابطہ کیا، اس موقع پر امین الحق نے کہا کہ ادائیگیاں مقررہ وقت کے مطابق کی جاسکیں گی اور پیڈ گوگل ایپس بند نہیں ہوں گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو ہدایت کردی گئی کہ ایک ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد مؤخر کردیں۔ ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دیدیا گیا۔

    امین الحق نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر وزارت آئی ٹی، خزانہ اور اسٹیٹ بینک باہمی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو ادائیگیاں کرنے اور ٹائم فریم دینے کیلئے مراسلہ لکھا تھا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بروقت فیصلے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے مشکور ہیں۔

  • کراچی: اعظم بستی کے قریب فلیٹ میں زہریلی گیس بھر جانے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی: اعظم بستی کے قریب فلیٹ میں زہریلی گیس بھر جانے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی کے علاقے محمود آبا اعظم بستی کے  فلیٹ میں کیڑے مار دوار کے استعمال سے متاثر ہوکر ایک بچی ہلاک، ماں اور چار بچے بے ہوش ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اعظم بستی سو فٹ روڈ پر واقع  بخاری ٹاور کے فلیٹ میں کیڑے مار دوا کے استعمال سے  متاثر ہوکر چار سالہ  بچی ہلاک، ماں اور چار بچے بے ہوش ہوگئے، متاثرہ بچوں کو قومی ادارہ برائے امراض اطفال  جبکہ بچی کی لاش  اور خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ہلاک ہونے والی بچی کی شناخت ریچل دختر شہزاد کے نام سے ہوئی جبکہ بے ہوش ہونے والے بچوں میں کرسٹینا، پیٹر، اسرائیل اور فرسٹینا شامل ہیں، متاثرہ بچوں کی عمریں ساڑھے تین سال سے دس سال کے درمیان ہیں۔

     متاثرہ سب سے چھوٹی بچی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ بچوں کے والد شہزاد  کا کہنا ہے کہ دو دن پہلے گھر  کے کمرے میں پھٹ کر بکھرنے والی  کیڑےمار دوا  استعمال کی گئی تھی ، دوا کے استعمال کے لیئے کمرہ بند کر دیا گیا تھا۔

     گزشتہ شام کمرہ کھول کر صفائی کی گئی، صفائی کے دوران ہی اہل خانہ کی طبعیت بگڑنے لگی تھی جسے ہم نے نظرانداز کر دیا، رات کو اہلیہ کی طبعیت بگڑنے پر اسپتال لے جانے کا کہا لیکن اس نے صبح اسپتال جانے کا کہا، رات بھر بچوں کی طبعیت مزید بگڑتی گئی۔

     بچوں کو الٹیاں بھی آئی صبح ریچل کی حالت تشویشناک ہونے پر بیوی بچوں کو اسپتال لے کر پہنچا تاہم ریچل جانبر نہ ہوسکی۔