Tag: pakistan

  • قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی انتقال کر گئے

    قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی انتقال کر گئے

    کراچی : تحریک پاکستان کے عظیم رہنما، ملک کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک پاکستان کے عظیم رہنما، ملک کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کے بیٹے اکبر لیاقت علی کراچی میں انتقال کر گئے۔

    وہ گذشتہ دو برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کا علاج کرایا جارہا تھا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پرڈپٹی کمشنرراجہ طارق نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

    اکبر لیاقت علی کی نماز جنازہ آج (جمعرات) بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔ انہیں ڈیفنس فیز VIII کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرسندھ ، شرجیل انعام میمن سمیت ایم کیو ایم کے کنوینرخالد مقبول نے اکبرلیاقت علی کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ سال سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اکبر کی بیماری سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا تھا ، جس کے بعد انہوں نے اس وقت کے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ہدایت کی تھی کہ وہ اکبر کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کریں اور انہیں مالی امداد کی پیشکش کریں۔

    جولائی 2021 میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے تھے۔

    واضح رہے اکبر 1941 میں دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی۔ تقسیم کے بعد، وہ اپنے خاندان کے ساتھ کراچی منتقل ہو گئے کیونکہ ان کے والد نئے بننے والے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بنے۔

  • پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ : برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر  کا دلچسپ انداز

    پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ : برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا دلچسپ انداز

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر رکشے میں بیٹھ کر پاکستان انگلینڈ سیریز کرکٹ میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کا پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ سے پہلے ٹویٹ سامنے آگیا۔

    جس میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے دلچسپ انداز میں اردو اور پوٹھو ہاری زبان میں پیغام میں کہا کہ انگلینڈ اور پاکستان نے کرکٹ کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے ، ٹی 20سیریز کا دلچسپ مقابلہ رہا،ورلڈ کپ فائنل بھی یادگار تھا۔

    دونوں بارانگلش کرکٹرز بازی لے گئے، سب کی نظریں ہیں ٹیسٹ پر،کونسی ٹیم ہےبیسٹ، یکم سے21سمبرتک جیت اسی کی ہو گی جوگرمجوشی دیکھائےگا، لڑکوں، جم کر کھیلنا ،کیونکہ ہے جذبہ جنوں تو ہمت نہ ہار۔

    رکشے والے نے کرسٹین ٹرنر سےسوال کیا کہ کتھے جلسو؟ جس پر برطانوی ہائی کمشنرنے پوٹھوہاری زبان میں جواب میں کہا راجا جی، پنڈی جلساں،میچ تکساں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر رکشے میں بیٹھ کر میچ دیکھنے نکل پڑے۔

    خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان راولپنڈی ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوگیا ہے ، پاک انگلینڈ تاریخی ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی ، بابراعظم اور انگلش کپتان بین اسٹوکس نےٹرافی کی رونمائی کی۔

    خیال رہے گزشتہ روزانگلش کپتان کی عدم دستیابی پرتقریب ملتوی ہوئی تھی۔

  • پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ  میں درخواست   دائر

    پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    لاہور : حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، جس میں کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنا استحصال کرنے کے برابر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔

    جس میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ملک میں قیمتیں کم نہ کرنےسےمہنگائی برقرار رہے گی۔

    ،درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت کم نہ کرنااستحصال کرنے کے برابر ہے اور آئین کے منافی ہے۔

    گذشتہ روز حکومت نے پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقراررکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مٹی کا تیل دس اور لائٹ ڈیزل ساڑھے سات روپے لیٹرسستا کردیا تھا۔

  • غیر قانونی طور پر کراچی میں داخل ہونے والے 14 افغان باشندے گرفتار

    غیر قانونی طور پر کراچی میں داخل ہونے والے 14 افغان باشندے گرفتار

    کراچی : پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کراچی میں داخل ہونے والے 14 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے ضلع وسطی میں پولیس نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران چودہ غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ گرفتار افغان باشندے غیرقانونی طور پر کراچی میں داخل ہوئے تھے، ان کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھیں۔

    پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف مقدمات درج کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ بھی رینجرز اور پولیس نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی طور پر سندھ میں داخل ہونے والے 122 افغانوریوں کو گرفتار کرلیا۔

    بائیومیٹرک چیکنگ میں تمام افرادکی پاکستانی شہریت ثابت نہ ہوسکی، حکام کا کہنا تھا کہ شناختی کاغذات کی تصدیق نہ ہونےپرگرفتاری عمل میں لائی گئی، مجموعی طور پر 89 مرد، 20 بچے اور 14 خواتین کو گرفتار کیا گیا۔

  • کراچی  میں  کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد

    کراچی میں کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد

    کراچی : گلستان جوہر میں کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈھانچہ مرد کا ہے یا عورت کا ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر فیوم چوک کے قریب کچرا کنڈی سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ شواہد جمع کرلیے گئے ہیں، ڈھانچہ مرد کا ہے یا عورت کا ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوگا۔

    پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    یاد رہے رواں سال جون میں کراچی کے علاقے بلدیہ میں پلاٹ کی کھدائی کے دوران تین انسانوں کے اعضا برآمد ہوئے تھے۔

    کھدائی کے دوران ملنے والے انسانی اعضا میں ایک بچے اور دو بڑوں کے ڈھانچے شامل تھے، ریسکیو حکام کے مطابق ملنے والی ہڈیوں سے بظاہر لگتا ہے کہ کافی پہلے دفن کیا گیا، ہظاہر ایک بچے اور دو بڑوں کی ہڈیاں ملی ہیں۔

  • کوئٹہ  نازیبا ویڈیوز اسکینڈل کیس : ہدایت خلجی اور خلیل خلجی کو سزا سنا دی گئی

    کوئٹہ نازیبا ویڈیوز اسکینڈل کیس : ہدایت خلجی اور خلیل خلجی کو سزا سنا دی گئی

    کوئٹہ : نازیبا ویڈیوز اسکینڈل کیس میں عدالت نے دو ملزمان ہدایت خلجی اور خلیل خلجی تین سال قید اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں نازیبا ویڈیو اسکینڈل کے کیس میں نامزد دو ملزمان کو سزا سنادی گئی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے ملزمان ہدایت خلجی اور خلیل خلجی کو 3 برس قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنادی، عدالت نے سیکشن 22 کے تحت ملزمان کو سزائیں سنائیں۔

    ایف آئی اے میں درج مقدمہ جوڈیشل مجسٹریٹ سات کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔

    یاد رہے گزشتہ سال کے آخرمیں ملزمان کا ویڈیواسکینڈل منظرعام پرآیاتھا ، ہدایت خلجی نے ساتھی کیساتھ ملکر لڑکیوں کی درجنوں غیراخلاقی ویڈیوز بنائیں ، دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتارکیا تھا۔

    ملزم ہدایت خلجی لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر بلاتا اور نشہ آور مشروب پلا کر زیادتی کا نشانہ بناکر وڈیوز کی بنیاد پر بلیک میل کرکے جسم فروشی پر مجبور کرتا تھا۔

    واضح رہے کہ ویڈیو اسکینڈل کے خلاف سوشل میڈیا صارفین کا بھی شدید رد عمل سامنے آیا تھا اور ٹوئٹر پر ‘ہدایت دا ریپسٹ’ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ میں بنا تھا۔

  • کراچی : شادی میں ہوائی فائرنگ : دو بہنیں شدید زخمی

    کراچی : شادی میں ہوائی فائرنگ : دو بہنیں شدید زخمی

    کراچی : شہر قائد کے علاقے موسیٰ کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر دو بہنیں زخمی ہوگئیں، زخمیوں کے اہل خانہ نے عباسی شہید اسپتال عملے پر علاج نہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق موسیٰ کالونی میں گجرنالے کے قریب شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی، کہ اس دوران وہاں سے گزرنے والی دو بہنیں فائرنگ کی زد میں آگئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ باراتیوں کی ہوائی فائرنگ سے2بہنیں زخمی ہوگئیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں 20سالہ یاسمین اور6سالہ ماریہ شامل ہیں۔

    زخمی بہنوں کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ علاقے میں کم عمر لڑکے علاقےمیں ہوائی فائرنگ کررہے تھے کہ مدرسے جاتے ہوئے ایک بچی اور اس کی بہن کو گولی لگی۔

    زخمی ہونے والی لڑکی نے اےآروائی نیوزسےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی گھنٹے سے عباسی شہید اسپتال میں موجود ہیں، گولی جسم میں پھنسی ہوئی ہے لیکن کوئی علاج نہیں کررہا، مجھے مدد چاہیے۔

    مزید پڑھیں : شادی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، دولہا گرفتار

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دولہا کا بھائی جو خود بھی پولیس اہلکار تھا جان سے گیا، پولیس نے ہال منیجر اور دولہا کے بھائی کو حراست میں لے لیا تھا۔

    مقتول پولیس اہلکار کے اہل خانہ کے مطابق ہارون اپنی گولی سے زخمی ہوا، مقتول ہارون اپنے بھائی کی شادی میں فائرنگ کررہا تھا۔

  • عام انتخابات پر کتنے اخراجات آئیں گے؟ تفصیلات جانیے

    عام انتخابات پر کتنے اخراجات آئیں گے؟ تفصیلات جانیے

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات پر اخراجات کا تخمینہ 47 ارب روپے بتا دیا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو رواں مالی سال میں 27 ارب روپے ملیں گے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کےلئےفوری طور پر 18 ارب روپےطلب کیے۔

    آئندہ مالی سال الیکشن کمیشن کو20 ارب سے زائد ملیں گے۔ عام انتخابات 2018 پر31 ارب روپےخرچ ہوئےتھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کےلیے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نےاخراجات کا تخمینہ وزارت خزانہ اور ای سی سی کو بھجوایا تھا۔

  • کیوں؟

    یہ ان دنوں کی بات ہے جب "ریمنڈ ایلن ڈیوس” نامی شخص جو کے ایک سابق امریکی سپاہی بھی رہ چکاتھا اور سینٹرل انٹیلی جنٹ سروس (سی-آئی-اے)کے لیے بطورِ کنٹریکٹر اپنی خدمات سرانجام دے رہا تھا نے 27 جنوری 2011 میں دو پاکستانیوں کا دن دہاڑے گولیاں مار کے قتل کیا۔ ایک اور تیز رفتارگاڑی جو ڈیوس کو” بیک اپ” دے رہی تھی نے سڑک کی الٹی سمت میں جاتے ہوئے ایک تاجر کو بھی ٹھوک ڈالا جو غالباً موقعے پر ہی سر پر شدید چوٹ لگنے سے دم توڑ گیا تھا ۔ یہ تینوں افراد اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے اور پورے ملک میں کہرام مچ گیا۔

    شروع شروع میں بہت شورشرابا برپا ہوا ، لواحقین کو کبھی دھمکیاں تو کبھی منہ بند کرنے کے لیے رشوتوں کی پیشکش کی جانے لگیں مگر وہ "خون کے بدلے خون” پر ڈتے رہے۔ پوری قوم شدید غم وغصے میں تھی۔ ہر کوئی لواحقین کے ساتھ کھڑا تھا۔ مگر اچانک گیم نے کلٹی بدلی،آنکھ جھپکتے ہی 16 مارچ 2011 کو ” دية”کے اسلامی قانون کے مطابق ورثا کو رقم کی ادائیگی کی جاتی ہے،ریمنڈ صاحب کو رہائی ملتی ہے اور دوسرے ہی لمحے حضرت مآب کو "بھاگم دوڑ” کر کے ائیر پورٹ لے جایا جاتا ہے جہاں ایک پرائیویٹ جہاز ان کا پہلے سےمنتظر تھا۔ محترم اس پرپوری شان و شوکت سے کسی ہالی وڈ کے فلمی ہیرو کی طرح سوار ہوتے ہیں، اور پوری پاکستانی قوم کو اّلو بلکہ ” الو کا پٹھا ” بنا کے نکل جاتے ہیں۔

    مجھے آج بھی یاد ہے کہ میں کیسے بے بسی اور لاچاری کے ساتھ وہ تمام رپورٹنگ ٹی-وی پر دیکھ اور سن رہی تھی۔ میرے غصے میں غم کی شدت کم اور بےبسی کی شدت کہیں زیادہ تھی۔مقتولین میں سے ایک کی بیوی جس کا نام شمائلہ کنول تھا اس نے 6 فروری کو خودکشی بھی کر لی تھی۔ وجہ؟ "اس کا ماننا تھا کہ اسے انصاف نہیں مل رہا اور نا ہی ملنے کی امید نظر آرہی ہے، شمائلہ کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہے کے ریمنڈ کو بنا کسی "ٹرئیل” ہی رہائی مل جائے گی” ، اور اُس کی یہ بات سچ بھی ثابت ہوئی۔ خیر ، کوئی لاکھ کہانیاں بنائے بلآخرہوا وہی جس کا شمائلہ کو ڈر تھا۔ کوئی کچھ بھی کہے، حقیقت یہی ہے ہے کہ لواحقین کا زبرداستی منہ بند کروادیا گیا تھا۔کیوں؟ یہ آپ جانتے ہی ہیں، کیسے؟ میں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتی۔

    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر” میں” چاہتی کیا ہوں؟ اتنے سالوں بعد یہ گڑھے مردے کیوں اُکھاڑ رہی ہوں؟ یقیناً اسکے پیچھے میرا کوئی مقصد ہو گا۔ بہت سے لوگ یہ بھی کہیں گے کہ یہ بی بی کسی "غیر ملکی ایجنڈے” پر کام کر رہی ہے، کچھ کہیں گے یہ اس عورت کے "سستی شہرت” کمانے کے گھٹیا ہتھکنڈے ہیں۔۔۔ پر ان سوالوں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، البتہ اس بات سے ضرور پڑتا ہے کہ آخر شمائلہ کی اس بہن کا کیا ہوا ، جو غالباً اس کی دیورانی بھی لگتی تھی۔
    مجھے یاد ہے اس کا وہ انٹرویو بھی، جو اس نے طلعت حسین کو دیا تھا۔ وہ بار بار یہی کہہ رہی تھی کہ اُس نے کسی کو معاف نہیں کیا۔ وہ اپنے سسرال سے بھی رابطے میں نہیں تھی۔ بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہو گا کہ اس کے سسرالی اس سے رابطہ رکھنا ہی نہیں چاہ رہے تھے۔ وہ پریشان حال یہی سوچ رہی تھی کے آخر وہ اپنے بچے کو کیا بہانا بنا کے ٹالے گی کے اس کے باپ نے کیوں اس سے لاتعلقی اختیار کی ، آخر وہ اس سے رابطہ کرنے سے کیوں کترا رہا تھا؟ وہ کہاں گیا اور اب وہ لڑکی کہاں جائے گی؟ اور آج کا میرا سوال ، وہ لڑکی "اب”کہاں ہے؟ کیا وہ خیریت سے ہے؟ کسی نے دوبارہ اس کا حال دریافت کرنے کی کوشش کی؟
    یہ صرف ایک واقعہ ہے، ایسے کئی واقعات آئے دن اخباروں اور نیوز چینلز کی زینت بنتے ہیں ، پھر کوئی نئی نیوز اس کی جگہ لے لیتی ہے اور بس ایک کے بعد ایک معاملہ اللہ کے سپرد کر کے ہم چلتے چلے جاتے ہیں۔ آخر کیوں؟ ہماری حکومتیں، عدلیہ اور سول سوسائٹی نے اس سب کے لیے کیا کیا؟ کیا معاشرے میں ایسی عورتوں کے لیے کسی قسم کے تحفظ کی یقین دہانی کبھی کرائی گئی ؟ اگر نہیں تو کیوں؟