Tag: pakistan

  • پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں سے متعلق اہم خبر

    پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں سے متعلق اہم خبر

    کراچی: ملک کے مختلف ایئرپورٹس کی سیکیورٹی آڈٹ کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ کینیڈا کا سیکیورٹی وفد 14 جولائی کو کراچی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ کینیڈا کا ایک سیکیورٹی وفد چودہ جولائی کو کراچی آ رہا ہے، جو پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں کی مکمل جانچ کرے گا۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ایوی ایشن کے مختلف سیکیورٹی شعبوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی، ٹیم سیکیورٹی امور میں مسافروں، سامان کی اسکریننگ، کارگو اور کیٹرنگ سیکیورٹی کا جائزہ لے گا۔

    ٹرانسپورٹ کینیڈا کی ٹیم سیکیورٹی ایکسس، رسائی کنٹرول، ہوائی جہاز کی سیکیورٹی جب کہ دیگر متعلقہ طریقہ کار کی بھی جانچ ہڑتال کرے گا۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ ادارے کینیڈین ٹیم کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ بھی دیں گے۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ

    کراچی: ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی سینکڑوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1100 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 44 ہزار  400 روپے ہو گئی ہے۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 944 روپے اضافے سے 2 لاکھ 9 ہزار 534 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز  ایسوسی ایشن  کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں 9 ڈالر اضافے سے فی اونس سونا 2364 ڈالر کا ہوگیا۔

  • غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کی رکی ہوئی تعلیم کے سلسلے میں پاکستان کا بڑا فیصلہ

    غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کی رکی ہوئی تعلیم کے سلسلے میں پاکستان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان نے اپنے فلسطینی بھائیوں سے ایثار کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کی خصوصی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے کہ غزہ کے میڈیکل، ڈینٹل طلبہ بقیہ تعلیم پاکستان میں مکمل کریں گے، یہ فیصلہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی درخواست پر ہوا ہے۔

    غزہ کے طلبہ پاکستانی میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے، اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ صدر پی ایم اینڈ ڈی سی ہوں گے اور وزارت خارجہ و صحت کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق غیر ملکی طلبہ کی کلینیکل روٹیشن کا کوئی اسٹرکچر موجود نہیں تھا، ہائی کمیشن کی اپیل پر یہ معاملہ کونسل میں زیر بحث آیا، اس لیے غزہ کے میڈیکل طلبہ کو بطور اسپیشل کیس لیا جائے گا۔

    پی ڈی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ غزہ کے 100 میڈیکل و ڈینٹل طلبہ کے آنے کا امکان ہے، جو 20 تا 30 میڈیکل طلبہ پر مشتمل گروپس کی صورت آئیں گے اور یہاں پاکستانی کالجز میں زیر تعلیم رہیں گے اور کلینیکل روٹیشن مکمل کریں گے۔

    صدر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر رضوان تاج کا کہنا ہے کہ ان طلبہ کو ڈگری فلسطین کی میڈیکل یونیورسٹی سے جاری ہوگی، یہ طلبہ تعلیم مکمل کر کے غزہ میں خدمات انجام دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم بین الاقوامی معیار کی ہے، غزہ کے طلبہ کو پروفیشنل ماحول میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔

    ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق غزہ کے میڈیکل طلبہ کو حصول تعلیم میں ہر ممکن سہولت دی جائے گی، فلسطینی تنازع کے باعث ان طلبہ کو تعلیم میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، پی ایم ڈی سی مشکل گھڑی میں غزہ کے طلبہ کی مدد کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا غزہ کے میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں تعلیم سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت سفارتی اور ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں پھر اضافہ

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں پھر اضافہ

    کراچی: پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں آج اضافہ ہوا ہے۔

    پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج اضافہ ہوا ہے اور  سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 41 ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔

    جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 10 گرام سونے کا بھاؤ 686 روپے اضافے سے 2 لاکھ 7 ہزار 47 روپے کا ہوگیا، اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں سونا 8 ڈالر کے اضافے سے 2 ہزار 323 ڈالر فی اونس ہوگیا۔

    جیولر ایسوسی ایشن کا بتانا ہے کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 750 روپے پر برقرار ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی پاکستان کو پچیس کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، یہ رقم پاکستان میں ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    پاکستان کے لیے رقم کی منظوری ایشیائی ترقیاتی بینک نے فلپائن میں دی، اس رقم کا مقصد پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت انفرا اسٹرکچر کی بہتری ہے، اس سے مستحکم ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں معاونت ملے گی۔

  • پولیو وائرس نے ملکی ہیلتھ اسٹرکچر کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا

    پولیو وائرس نے ملکی ہیلتھ اسٹرکچر کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا

    اسلام آباد: پولیو وائرس نے ملکی ہیلتھ اسٹرکچر کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلی، 12 اضلاع کے 15 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملکی سیوریج میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس پایا گیا ہے، مستونگ، کوئٹہ، چمن، اوستہ محمد، کراچی، پشاور، لکی مروت، ڈی آئی خان، بہاولپور، اور میرپورخاص کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ 2024 کے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی تعداد 168 تک پہنچ گئی ہے، رواں سال چاروں صوبوں کے 42 اضلاع کی سیوریج پولیو زدہ ہو چکی ہے، متاثرہ اضلاع سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپلنگ 8 تا 20 مئی کو ہوئی تھی۔

    جن اضلاع میں سیوریج پولیو پازیٹو نکلی ہے ان میں ڈی آئی خان میں بس اسٹینڈ، ایم او ڈی سی سائٹ، اور بہاولپور کے علاقہ شوکت آباد شامل ہیں، رواں سال ان دونوں اضلاع کی سیوریج پہلی بار پولیو پازیٹو نکلی، میرپورخاص کا علاقہ رنگ روڈ بھی شامل ہے جہاں کے 2 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے، کراچی ساؤتھ منظور کالونی نالہ، ہجرت کالونی کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی، جہاں پولیو پازیٹو سیمپلز کی تعداد 10 ہو گئی۔

    کراچی ایسٹ سہراب گوٹھ کی سیوریج پولیو زدہ نکلی، ایسٹ کے پازیٹو سیمپلز 20 ہو گئے، کورنگی نالہ کی سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جہاں پازیٹو سیمپلز کی تعداد 5 ہو گئی۔ کراچی کے 2 اضلاع کا پولیو وائرس جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    ذرائع کے مطابق لکی مروت کے علاقے ٹیوب ویل گلی کی سیوریج اور پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹاؤن کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی، رواں برس پشاور کے 12 سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے، اوستہ محمد کے علاقے ویگن اڈہ، چمن کے علاقوں آرمی کازیبہ، اور ہادی پاکٹ کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی، چمن کے 12 سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، اور چمن کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق پشین سے ہے۔

    کوئٹہ کے علاقوں سورپل، جاتک کلی، تختانی کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی، رواں سال کوئٹہ کے 21 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے، کوئٹہ میں موجود پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق جیکب آباد، حیدر آباد سے ہے، مستونگ کے علاقہ عدالت روڈ کے پوزیٹو سیمپل کے ساتھ رواں سال مستونگ کے سیمپلز 3 ہو گئے۔ دوسری طرف رواں سال ملک میں پولیو وائرس کے 4 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حیرت انگیز اعداد و شمار

    پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حیرت انگیز اعداد و شمار

    پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ ماہ 172 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایف ڈی آئی 131.9 ملین ڈالر سے بڑھ کر 358.84 ملین ڈالر ہو گئی ہے، گزشتہ ماہ ہونے والا اضافہ ایک سو بہتر فی صد ہے۔

    براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے مینڈیٹ میں شامل ہے، ایس آئی ایف سی کا مقصد ایف ڈی آئی میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ 51 ماہ میں یہ سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہے، چین رواں سال 177.37 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کے ساتھ اب تک سرفہرست ہے۔

    ایس بی پی کے مطابق متحدہ عرب امارات 51.93 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر جب کہ کینیڈا 51.89 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کے ساتھ اب تک تیسرے نمبر پر ہے۔

  • بجلی صارفین کے لیے بری خبر، فی یونٹ کتنا اضافہ ہو سکتا ہے؟

    بجلی صارفین کے لیے بری خبر، فی یونٹ کتنا اضافہ ہو سکتا ہے؟

    اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ 310 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر کل سماعت کرے گا، سی پی پی اے نے نئے مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس کے تعین کی درخواست کی ہے۔

    آئندہ مالی سال سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے فی یونٹ تک اضافے کا خدشہ ہے، سی پی پی اے نے درخواست میں پاور پرچیز پرائس کے 7 منظرنامے پیش کیے ہیں، جس میں پاور پرچیز پرائس کے لیے 25 روپے 3 پیسے سے 27 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    اس درخواست کی منظوری کے بعد پاور پرچیز پرائس کا بوجھ 3.58 ٹریلین روپے تک پہنچ جائے گا۔

  • ملک بھر کے شہروں میں دن 2 بجے درجہ حرارت کتنا رہا؟

    ملک بھر کے شہروں میں دن 2 بجے درجہ حرارت کتنا رہا؟

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج دن 2 بجے ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت ( ڈگری سینٹی گریڈ) کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق آج دن دو بجے بہاولنگر، سکرنڈ اور نوابشاہ میں سب سے زیادہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    اوکاڑہ، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، جیکب آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، قصور اور خانیوال میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    جوہر آباد، جھنگ، موہن جو دڑو، منڈی بہاؤ الدین، گوجرانوالہ، ملتان، کوٹ ادو، سبی، رحیم یار خان، خانپور اور لاڑکانہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں اگلے 10 روز موسم کیسا رہے گا؟ چیف میٹرولوجسٹ کی اہم پیش گوئی

    اسی طرح پڈعیدن، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ اسماعیل خان، شیخوپورہ، حافظ آباد، گجرات اور نارووال میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسلام آباد میں 40، پشاور اور مظفر آباد میں 37، کراچی میں 36، کوئٹہ میں 32، گلگت میں 29، مری میں 27 اور اسکردو میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

  • مشکل وقت میں ایران کے عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان

    مشکل وقت میں ایران کے عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان

    اسلام آباد: پاکستان نے افسوس ناک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت پر ایران کے لیے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس انتہائی مشکل گھڑی میں ایران کے عوام کے ساتھ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر غم کی اس گھڑی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے۔ ہماری دعائیں شہدا کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ ہیں۔

    دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان قابل احترام رہنما تھے، ایرانی صدر کی پاک ایران تعلقات، علاقائی تعاون کو تقویت دینے کے لیے خدمات کو یاد رکھا جائے گا، ایرانی صدر نے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اپریل میں پاکستان کا دورہ کیا، پاکستان ایران کے ساتھ دوستی اور تعاون آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، اور سوگ کی گھڑی میں ہم ایرانی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آذر بائیجان دورے سے واپس جاتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں، تہران ٹائمز کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی بھی جاں بحق ہوئے۔

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جاں بحق، تہران ٹائمز

    ایرانی سفارت خانہ اسلام آباد کی جانب سے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کا اعلان جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی صدر وفد کے ہمراہ پڑوسی ملک کے ساتھ ایک ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کرنے کے مشن کے دوران ہیلی کاپٹر کے حادثے کے نتیجے میں شہید ہوئے۔