Tag: pakistan

  • پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک کی جانب سے غزہ میں انروا کی فنڈنگ روکنے کے اقدام کی ہم مذمت کرتے ہیں، اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، غزہ کے لوگوں کی تکلیفیں دور کرنے کے لیے جلد اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

    ترجمان نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جاری کشیدگی ختم کر کے جنگ بندی کی جائے، پاکستان کو فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر گہری تشویش ہے۔

    ترجمان نے کشمیر سے متعلق کہا آئندہ ہفتے پاکستان میں کشمیریوں سے یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، اور پاکستان کشمیر کی سیاسی، سماجی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا بھارت کے لوگ پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، گزشتہ ہفتے سیکریٹری خارجہ نے اس حوالے سے ثبوت دیے، بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اس لیے بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

    ایران کے حوالے سے ترجمان نے کہا ایران میں پاکستانی حکام متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، گزشتہ دن 9 پاکستانی شہریوں کی میتیں ایران سے پاکستان واپس لائی گئیں، امید ہے تحقیقات مکمل ہونے پر ایرانی حکام تفصیلات شیئر کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس اس وقت برسلز میں موجود ہیں، جہاں وہ تیسرے یورپی یونین انڈو پیسفک وزارتی فورم میں شرکت کریں گے، انھوں نے برسلز میں یورپی یونین کے عہدیداران سے دو طرفہ ملاقاتیں کی ہیں۔

  • سونے کی قیمت میں آج کتنی کمی ہوئی؟

    سونے کی قیمت میں آج کتنی کمی ہوئی؟

    کراچی: سونے کی قیمت میں آج 600 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    سونے کی قیمت میں مسلسل دو روز اضافے کے بعد آج 600 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد سونا 2 لاکھ 15 ہزار 500 روپے فی تولہ ہوگیا۔

    اسی طرح دس گرام سونا 515 روپے کمی کے بعد 1 لاکھ 84 ہزار 756 روپے کا ہوگیا جبکہ عالمی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 2 ڈالرز کمی سے 2055 فی اونس کی سطح پر آگیا۔

    گزشتہ روز ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 700 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد فی تولہ قیمت 2 لاکھ 16 ہزار 100 روپے ہوگئی تھی۔

  • پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    کراچی: ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 روپے کمی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں ہونے والی مسلسل کمی کا اثر مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑا ہے۔

    24قیراط کے سونے کی قیمت میں 1400 روپے کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے جبکہ ‏10گرام سونے کی قیمت 1200 روپے کی کمی ‏کے بعد قیمت 1 لاکھ 83 ہزار 300 روپے کی ہوگئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 200 روپے پر برقرار رہی تھی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 12 ڈالر کی کمی کے بعد 2035 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

    اس کے علاوہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 600 روپے پر مستحکم رہی۔

  • پاکستان میں کتنے بچے اسکولوں سے باہر ہیں؟ وزارت تعلیم کی رپورٹ تیار

    پاکستان میں کتنے بچے اسکولوں سے باہر ہیں؟ وزارت تعلیم کی رپورٹ تیار

    اسلام آباد: وزارت تعلیم نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں پاکستان میں اسکولوں سے باہر بچوں کے اعداد و شمار دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم نے ملک میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد پر ایک رپورٹ تیار کی ہے، یہ رپورٹ 22-2021 کے ڈیٹا پر تیار کی گئی ہے، جو کل جاری کی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، جب کہ سندھ میں 76 لاکھ 30 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں 36 لاکھ 30 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے، بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 80 ہزار بچے ایسے ہیں جو اسکول نہیں جا رہے۔

    39 فی صد بچے مختلف وجوہ کی بنا پر اسکول نہیں جا رہے، سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فی صد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بلوچستان کی نسبت خیبر پختون خوا کا تعلیمی معیار بہتر ہے، کے پی میں 30 فی صد بچے اسکول نہیں جا رہے۔

    رپورٹ کے مطابق 2016 اور2017 میں 44 فی صد بچے اسکولوں سے باہر تھے، 2021 اور 2022 میں 39 فی صد بچے اسکولوں سے باہر تھے، انٹر سطح پر دیکھا جائے تو 60 فی صد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں، جب کہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر بالترتیب 44 فی صد، 30 فی صد اور 36 فی صد بچے اسکول نہیں جا رہے۔

  • ایران پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک، محکمہ انسداد دہشت گردی کے سینئر افسر کے اہم انکشافات

    ایران پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک، محکمہ انسداد دہشت گردی کے سینئر افسر کے اہم انکشافات

    کراچی: ایران پاکستان کے لیے کس طرح سیکیورٹی رسک بنا رہا ہے، اس حوالے سے محکمہ انسداد دہشت گردی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کے اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے بعد پاکستان نے ایران میں موجود بدنام زمانہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا دیا ہے، تاہم اس سے قبل بھی ایران پاکستان کے لیے سیکیورٹی رسک بنا رہا ہے، محکمہ انسداد دہشت گردی کے انچارج راجہ عمر خطاب نے اس حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ایران میں ملک دشمن اداروں، دہشت گردوں اورعلیحدگی پسند تنظمیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، بھارتی ایجنسی را کے ایجنٹس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی ایران میں مفروری کاٹ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایران میں کئی دہشت گرد پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث ہیں، ایک اسلامی ملک کے سفارت کار جن کو کراچی میں قتل کیا گیا تھا، اس قتل میں ملوث دہشت گرد بھی 12 سال سے ایران میں موجود ہیں۔ چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق بھی ایران سے تھا، سینئر افسر کے مطابق حملہ آوروں کا فون پر آخری رابطہ 2 ممالک میں موجود ان کے ساتھیوں سے ہوا تھا، جن میں سے ایک کا تعلق ایران سے تھا۔

    ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

    کراچی اسٹاک ایکسچینچ کے حملہ آور تقریباً 2 سال تک ایران میں روپوش رہے تھے، جنھوں نے کراچی آ کر حملہ کیا تھا، جب کہ کراچی یونیوسٹی خود کش حملے میں ملوث گرفتار ملزم داد بخش بھی پاکستان سے ایران اور ایران کی انٹیلیجنس کی مدد سے افغانستان گیا تھا، جہاں اس نے بشیر زیب سے ملاقات کی تھی۔

    راجہ عمر خطاب کے مطابق کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی اور ٹیررزم فنڈنگ کے براہ راست تانے بانے ایران سے ملتے ہیں۔

  • پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط

    پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان اور دبئی حکومت کے درمیان مختلف پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کے لیے تین بلین ڈالرز کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    پاکستان کی طرف سے نگراں وفاقی وزیرمواصلات، ریلویز شاہد اشرف تارڑ اور دبئی حکومت کی طرف سے چئیرمین پورٹس سلطان احمد بن سلیم نے دستخط کیے۔ شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے منصوبوں سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے، جب کہ سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ ان معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک مستقبل میں مستفید ہوں گے۔

    معاہدے کے تحت ریلوے، اقتصادی زون اور انفرا اسٹرکچر میں تعاون کیا جائے گا، فریٹ کوریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور فریٹ ٹرمینلز کا قیام بھی معاہدے میں شامل ہے۔

    پاکستان کی جانب سے پاکستان ریلویز اور پورٹ قاسم اتھارٹی جب کہ دبئی کی طرف سے ڈی پی ورلڈ کام کریں گے، منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک میں بہتری اور لاجسٹک اخراجات میں کمی ہوگی، ڈی پی ورلڈ پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ اقتصادی زون کو بھی ترقی دے گا۔

  • ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    اسلام آباد: ایران کے میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ’آپریشن مرگ بر سرمچار‘ کی صورت میں بھرپور جواب دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ایران کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، پاکستانی حملے میں کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے جوابی حملے میں ایران کے کسی سویلین یا فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوجی کارروائی کی گئی ہے، ان حملوں کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، پاکستان کی جانب سے ایران میں بی ایل ایف کے 7 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کئی سالوں سے ایران میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق متعدد ڈوزیئر بھی شیئر کیے۔

    دفتر خارجہ نے ترجمان نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انتہائی مربوط فوجی کارروائی کی گئی ہے، یہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن تھا جس کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کا نام ’’مرگ بر سرمچار‘‘ رکھا گیا، یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ کا مظہر ہے۔

    ترجمان کے مطابق یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا، پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، اس کارروائی کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد کا حصول تھا جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

    ترجمان نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو برقرار رکھتا ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ایران برادر ملک ہے، پاکستانی عوام ایرانی عوام کے لیے بہت عزت اور محبت رکھتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی لعنت سمیت چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بات چیت پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

  • پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی خود مختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلا رہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ایران کے ساتھ آئندہ چند دنوں میں ہونے والی ملاقاتیں منسوخ کر دی گئی ہیں، پاکستان سے ایرانی سفیر کو بھی اپنے ملک جانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی، ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ایران کی طرف سے حملہ عالمی قوانین، یو این چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے، یہ غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں، پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں، ممکن ہے کہ وہ فی الحال پاکستان واپس نہ آئیں، پاکستان نے ایران کے تمام اعلیٰ سطح دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ’بوبزی دی کنگ کر لے گا لیکن۔۔۔‘: پاکستان کی نیوزی لینڈ سے شکست پر میمز کی بھر مار

    ’بوبزی دی کنگ کر لے گا لیکن۔۔۔‘: پاکستان کی نیوزی لینڈ سے شکست پر میمز کی بھر مار

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کے روز  ڈنیڈن میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا تیسرا میچ کھیلا گیا جس میں کیویز نے شاہینوں کو 45 رنز سے شکست دی۔

    نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز اسکور کیے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز اوپن کرنے والے بیٹر فن ایلن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے جب کہ ٹم سیفرٹ 31 اور گلین فلپس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے اپنے چار اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی جب کہ کپتان شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم 1-1 وکٹ حاصل کی۔

    225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز بناسکی جس میں بابر اعظم 58 بنا کر نمایا رہے۔

    لیکن اس شکست پر دل برداشتہ شائقین کرکٹ نے دل کھول کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار کردی۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ’ بوبزی دی کنگ کرلے گا لیکن اس کا ساتھ کوئی نہیں دےگا‘ جبکہ ایک اور صارف نے بابر اعظم کی نصف سنچری پر تنقید کی۔

  • نیوزی لینڈ کا ایک اور اہم کھلاڑی پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

    نیوزی لینڈ کا ایک اور اہم کھلاڑی پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

    پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں شامل کیوی کرکٹر انجری کا شکار ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹر جوش کلارکسن سپر سمیش میں کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد وہ پاکستان کیخلاف تیسرا ٹی20 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

    نیوزی لینڈ ٹیم مینجمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرکٹر جوش کلارکسن کی جگہ سینٹرل سٹیگز ول ینگ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

    یاد رہے کہ کپتان کین ولیمسن پاکستان کیخلاف تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، انکی جگہ سٹیگز کو تیسرے میچ میں پلئینگ الیوں میں جگہ دی گئی تھی۔

    اس سے قبل سیریز کے پہلے ٹی20 میچ سے قبل آل راؤنڈر مچل سینٹنر کوویڈ-19 وائرس کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی تھی۔