Tag: pakistan

  • وزیر اعظم کی آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت

    وزیر اعظم کی آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔

    انھوں نے کہا 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، منصوبہ ساز، سہولت کار، ہینڈلرز کو دو ٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کر دی، میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوج اوراس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادئ اظہار کے زمرے میں نہیں آتی، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، اور شہدا کے خلاف نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

  • ملک کے بیش تر میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان

    ملک کے بیش تر میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہفتے کو ملک کے بیش تر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب، بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، پوٹھوہار، بالائی کے پی، بلوچستان، کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی کے پی، جی بی، کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں دن میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، جب کہ شام یا رات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    کے پی کے بیش تر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب، بعد از دوپہر میدانی علاقوں میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کرم، بنوں، لکی مروت میں بارش ہو سکتی ہے۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، اٹک، چکوال، جہلم، راولپنڈی، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، مری، گلیات میں بھی گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

    ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، ڈی جی خان، بھکر اور فیصل آباد میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک، مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب، بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    اس دوران کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے، کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ گلگت بلتستان میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

  • یونان کشتی حادثہ، ملک بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے

    یونان کشتی حادثہ، ملک بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے

    اسلام آباد: یونان کے پانیوں میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے افسوس ناک واقعے پر آج ملک بھر میں یوم سوگ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

    آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا، دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گندے دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انھیں نشان عبرت بنانے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ کیا کہ قوم سے وعدہ ہے اپنی ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کا احتساب کریں گے، تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، جو ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

    یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے اینٹی ٹریفکنگ سرکل نے لاہور سے مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنٹ طلحہ شاہزیب نے نوجوان کو یورپ بھیجنے کا جھانسہ دے کر 35 لاکھ روپے بٹورے تھے، متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • پاکستان کی بڑی کامیابی، بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار

    پاکستان کی بڑی کامیابی، بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار

    کراچی: بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار کر کے پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی بڑی ریفائنری نے بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار کر لیا، جس سے ملک کو بھاری زرمبادلہ کی بچت ہوگی، اور یہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے بھی ایک بڑی خوش خبری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا انتہائی کم مقدار کا سلفر فیول ہے، کم مقدار والے سلفر فیول کی پی این ایس سی کے جہازوں کو فراہمی بھی شروع ہو گئی۔

    مقامی طور پر فیول کی فراہمی سے صرف پی این ایس سی کو سالانہ ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    پی این ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی ریفائنری کو فیول کی ادائیگی روپوں میں کی جا رہی ہے، جس سے ملک کو بھاری زرمبادلہ کی بچت ہوگی، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پہلے اپنے جہازوں کے لیے فیول ال فجیرہ یو اے ای سے خریدتا تھا، اور پی این ایس جہازوں کی سالانہ کھپت 15 سے 20 ہزار میٹرک ٹن ہے۔

    مقامی ریفائنری سے نکالے گئے کم مقدار کے سلفر فیول کی پاکستان سمیت عالمی لیبارٹریز سے بھی جانچ کرائی گئی ہے، لیبارٹری ٹیسٹ کی کامیابی کے بعد ہی فیول کو پی این ایس سی میں کمرشل بنیادوں پر استعمال شروع کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی کے آئل ٹینکر جہازوں کو مقامی ریفائنری سے حاصل کیے گئے فیول کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، لاہور کے بعد کوئٹہ اور ملتان میں بھی بحری جہازوں میں یہی فیول استعمال کیا جا ئے گا۔

    مستقبل میں پاکستان آنے والے غیر ملکی جہازوں سے بھی مقامی فیولنگ کرانے سے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔

  • پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    اسلام آباد: پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر کم ہوگئے، موڈیز کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرضہ ادا کر دیا ہے، قرض کی ادائیگی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحٰق ڈار اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ورچوئل میٹنگ جاری ہے، بجٹ کے بعد وزیر خزانہ کا نیتھن پورٹر سے پہلی بار رابطہ ہوا ہے۔

    ورچوئل رابطے میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی، آئی ایم ایف کے خدشات دور کرنے کے لیے میٹنگز کا ایک اور دور ہوگا۔

    موڈیز کے تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 6.7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پروگرام دوبارہ شروع ہوتا نظر نہیں آرہا۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پروگرام جون تک مکمل نہیں کر سکے گا، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے کی آخری کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر فنانسنگ گیپ اور ایکسچینج ریٹ بڑی رکاوٹ ہیں۔

  • پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتے ہیں: امریکی وزیر خزانہ

    پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتے ہیں: امریکی وزیر خزانہ

    واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کا حامی دکھائی دیتا ہے، امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلن نے ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں اس کا اعتراف بھی کیا۔

    جینٹ یلن نے کہا ہم پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتے ہیں، سیلاب کی تباہی اور مالیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے پروگرام موجود ہے۔

    رکن کانگریس ایل گرین نے پاکستان کی فوری امداد کے لیے ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں درخواست کی، انھوں نے کہا پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے امداد کی اشد ضرورت ہے۔

    ٹرمپ رہا ہو گئے

    رکن کانگریس ایل گرین نے سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں آنے والی تباہی سے بھی ایوان کو آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہوا ہے، پاکستانی نژاد ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید نے رکن کانگریس ایل گرین کی پاک امریکا تعلقات کے لیے کردار کو سراہا۔

  • چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات

    چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات

    بیجنگ: چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی بار سہ فریقی انسداد دہشت گردی مذاکرات منعقد ہوئے ہیں، جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے پر گفتگو کی گئی۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وفود کے درمیان علاقائی سلامتی کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، مذاکرات کا انعقاد بیجنگ میں کیا گیا، جس میں خطے میں نئی صف بندی کی تجویز پیش کی گئی۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ سہ فریقی اجلاس ڈائریکٹر جنرل سطح پر ہوئے ہیں، مذاکرات میں سہ فریقی اجلاس آئندہ بھی منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی پر چینی کردار کو سراہا گیا۔

  • پاکستان ایک قابل قدر شراکت دار ہے، امریکی محکمہ خارجہ

    پاکستان ایک قابل قدر شراکت دار ہے، امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ایک قابل قدر شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوش حال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے قانونی امور نے رکن کانگریس ایلیسا سلوٹکن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کانگریس کے ساتھ ہمارا کام امریکی مفادات کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے باہمی تعلقات کے فروغ کی کوششوں کے شکر گزار ہیں، خوش حال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔

    پاکستانی حکام سے کہا ہے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے: امریکا

    خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان ایک قابل قدر شراکت دار ہے، اور امریکی محکمہ خارجہ حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتا ہے۔

  • پاکستانی حکام سے کہا ہے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے: امریکا

    پاکستانی حکام سے کہا ہے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے: امریکا

    واشنگٹن: امریکا نے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ کر دیا، محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایک بار پھر پاکستان میں رجیم چینج کے بیانیے کو جھوٹ قرار دے دیا، امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں رجیم چینج کے حوالے سے امریکی سازش سے متعلق الزامات صریحاً جھوٹے ہیں۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا پاکستانی سیاست کے فیصلے پاکستانی عوام نے کرنے ہیں جو آئین کے مطابق ہو، امریکی تعلقات پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون پر مبنی ہیں، ہمیشہ خوش حال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے۔

    ترجمان نے کہا خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں، پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے، دوسرے ممالک سے کہا ہے گرفتار امریکیوں کے لیے طریقہ کار کو سامنے رکھیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ خدیجہ شاہ کی دہری شہریت ہے، اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں ہیں، کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ منصفانہ سماعت کی گارنٹی ہوگی۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم کے دورے سے متعلق بھی تبصرہ کیا، ویدانت پٹیل نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دورہ امریکا پر تمام معاملات پر بات ہوگی، مودی سے انسانی حقوق اور مذہبی آزادی بات چیت کا حصہ ہوگی۔

  • سعودی ایوی ایشن کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    سعودی ایوی ایشن کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    کراچی: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایویشن (گاکا) کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، 8 رکنی سیکیورٹی وفد نے آج صبح ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر سیکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن سے ملاقات کی۔

    بات چیت کے دوران فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے مکمل عزم کا اعادہ کیا، ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نے اپنے پیغام میں سعودی وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کا خیر مقدم کیا۔

    ڈی جی سول ایویشن نے ہدایت کی کہ مختلف ہوائی اڈوں کے دوروں کے دوران سعودی مہمانوں سے مکمل تعاون کیا جائے، اور انھیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    سربراہ سعودی وفد نے کہا کہ ہم پرتپاک استقبال پر پاکستان سول ایوی ایشن کے شکرگزار ہیں، یہ دورہ دونوں سول ایوی ایشنز کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    ملاقات کے اختتام پر دونوں اطرف سے تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔