Tag: pakistan

  • وزیر اعظم سے فضل الرحمان کی ملاقات، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے کا امکان

    وزیر اعظم سے فضل الرحمان کی ملاقات، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے کا امکان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے بعد پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی مولانا سلیم اللہ قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ بجٹ پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کا امکان ہے، مولانا سلیم اللہ قادری نے کہا مولانا فضل الرحمان سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ بھی جائیں گے، اور ان سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔

  • پاکستان میں پیٹ و جگر کے امراض کے سیکڑوں ماہرین کی کمی کا انکشاف

    پاکستان میں پیٹ و جگر کے امراض کے سیکڑوں ماہرین کی کمی کا انکشاف

    کراچی: پاکستان میں پیٹ و جگر کے امراض کے سیکڑوں ماہرین کی کمی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک میڈیکل کانفرنس میں طبی ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹ اور جگر کے امراض کے لیے سیکڑوں نئے ماہرین کی ضرورت ہے۔

    جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے ہفتے کے روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ میڈیکل کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کے بڑے اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے آنے والے 60 سے 70 فی صد مریض پیٹ اور جگر کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں، جن کے علاج کے لیے سینکڑوں مزید ماہرینِ امراض پیٹ و جگر کی ضرورت ہے۔

    پاک جی آئی اینڈ لیور ڈیزیز سوسائٹی کی پانچویں سالانہ کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرین امراض پیٹ و جگر نے شرکت کی، پروفیسر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت پیٹ اور جگر کے سیکڑوں نئے ماہرین کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ جناح اسپتال کے نئے تعمیر ہونے والے میڈیکل کمپلیکس میں گیسٹرواینٹرولوجی کا جدید وارڈ قائم کیا جا رہا ہے، جس کے لیے اگلے چند ہفتوں میں میڈیکل کنسلٹنٹس اور اسپیشلسٹس کی اسامیاں مشتہر کر دی جائیں گی۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی جی ایل ڈی ایس کی صدر پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ کمانی کا کہنا تھا کہ ان کی سوسائٹی نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ ریسرچ پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ بیماریوں کے علاج میں ہونے والی نئی پیش رفت کو استعمال کر کے پاکستان میں مریضوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی سوسائٹی خواتین گیسٹرو اینٹرولوجسٹس کی تعداد میں اضافے کے لیے بھی کوشاں ہے تاکہ خواتین مریضوں کو علاج معالجے کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انھوں نے اس موقع پر انسانی معدے اور آنتوں میں پائے جانے والے بیکٹیریا ’’ہیلیکو بیکٹر پائلوری‘‘ کے علاج کی گائیڈ لائنز جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    کانفرنس سے پشاور سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر امراض پیٹ و جگر پروفیسر عامر غفور، ڈاکٹر نازش بٹ، پروفیسر امان اللہ عباسی، پروفیسر ڈاکٹر سجاد جمیل، ڈاکٹر عفان قیصر، ڈاکٹر بخت بلند، ڈاکٹر حسین بلوچ اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

  • آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو پاکستان پہنچ گئے

    آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، غیر ملکی مہمان دورے کے دوران چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی سمیت بورڈ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس آج صبح لاہور ایئر پورٹ پہنچے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر سمیت پی سی بی کے دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    جیف ایلرڈائس آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو اور جنرل منیجر کی حیثیت سے پہلے بھی پاکستان آ چکے ہیں، البتہ گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، گریگ بارکلے 15 سال کے عرصے میں پاکستان آنے والے آئی سی سی کے پہلے چیئرمین ہیں۔

    آخری بار 2008 میں آئی سی سی کے صدر رے مالی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اکتوبر 2004 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو اعلیٰ ترین افسران پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • رواں مالی سال بیش تر معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی کا سامنا رہا

    رواں مالی سال بیش تر معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی کا سامنا رہا

    اسلام آباد: رواں مالی سال بیش تر معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال بیشتر معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی کا سامنا رہا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش کردہ دستاویز کے مطابق معاشی ترقی کا ہدف 5 فی صد تھا جو محض 0.3 فی صد رہا۔

    صنعتی ترقی کا ہدف 5.9 تھا لیکن 2.9 فی صد رہام زراعت کی ترقی کا ہدف تین 3.9 تھا جو 1.55 فی صد رہا، خدمات شعبے کی ترقی کا ہدف 5.1 فی صد تھا لیکن وہ 0.8 فیصد رہا۔

    بڑی صنعتوں میں معاشی ترقی کا ہدف 7.4 فیصد تھا جو منفی 7.9 فی صد رہا، جنگلات کی ترقی کا ہدف 4.5 فی صد تھا لیکن 3.9 فیصد رہا۔

    نیشنل اکاؤنٹس کے مطابق لائیو اسٹاک کی شرح نمو 3.7 فی صد رہی، ماہی گیری کی شرح نمو 1.4 فی صد رہی، معدنیات کے شعبے کی ترقی کی شرح منفی 4.4 فی صد رہی، مینوفیکچرنگ کی گروتھ منفی 3.9 فی صد رہی، بجلی کی پیدوار میں 6 فی صد اضافہ ہوا، تعمیرات کے شعبے کی گروتھ منفی 5.5 فی صد رہی۔

  • آج ملک بھر میں یوم تکریم شہدا منایا جا رہا ہے

    آج ملک بھر میں یوم تکریم شہدا منایا جا رہا ہے

    اسلام آباد: آج ملک بھر میں یوم تکریم شہدا منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے نماز فجر کے ساتھ مساجد میں قرآن خوانی اور دعائیں کی گئیں، جی ایچ کیو کی یادگار شہدا پر آج مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم تکریم شہدا پر تمام کنٹونمنٹس، پاک آرمی، پاک فضائیہ و بحریہ یونٹس میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، ملک بھر میں افواجِ پاکستان، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شُہدا پر سلامی دی جائے گی۔

    پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیول ہیڈکوارٹرز میں بھی یادگار شہدا پر خصوصی تقاریب ہوں گی، پولیس کی متعدد یادگار شہدا پر تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی، صوبائی دارالحکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہدا پر تقریبات کا انعقاد ہوگا۔

    ملک بھر میں شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی جائے گی، یہ دن اپنے شہدا سے والہانہ محبت کا پیغام دے گا، شہدا کی بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے’’یومِ تکریمِ شہدا پاکستان‘‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس دن کا مقصد شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، شہدا اور اُن کی فیملیز اور یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

  • ملک میں گندم کی بمپر فصل، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا

    ملک میں گندم کی بمپر فصل، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا

    کراچی: فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، عالمی مارکیٹ میں گندم کے ریٹ انتہائی کم ہیں، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، یوکرین سمیت عالمی مارکیٹ میں بھی گندم کے ریٹ کم ہیں۔

    صدر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کراچی میں ہی گندم اور آٹا کیوں مہنگا ہے، صوبائی حکومت کراچی کے لیے گندم نہیں کھول رہی، حکومت اور فوڈ ڈپارٹمنٹ میں ہماری شنوائی نہیں ہو رہی۔

    انہوں نے کہا کہ 100 کلو گندم کے نرخ میں 2 ہزار روپے سے زیادہ کا فرق ہے، سارا معاملہ سرکار کے کنٹرول میں ہے لیکن حکومت کراچی کے لیے گندم نہیں کھول رہے۔

  • اہم شخصیات کا موجودہ حالات کے تناظر میں خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغام

    اہم شخصیات کا موجودہ حالات کے تناظر میں خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغام

    عمران خان کی گرفتاری کے بعد پر تشدد ہنگاموں سے جنم لینے والے ملکی حالات کے تناظر میں اہم شخصیات کی جانب سے اپنے خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغامات جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    سوشل ورکر رمضان چھیپا نے کہا کہ مہذب معاشروں میں پرامن احتجاج ہوتا ہے، اپنے ہاتھوں خود کو نقصان پہنچانا کہاں کی عقل مندی ہے۔

    اینکرپرسن رضوان جعفر نے کہا ’’9 مئی کو ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، چند شرپسند عناصر نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔‘‘

    ٹی وی ہوسٹ ندا یاسر نے کہا ’’عوام ہمیشہ سے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کی وجہ سے ہم آزادی کے ساتھ جی رہے ہیں، ہماری فوج ایک عظیم فوج ہے، ہمیشہ بُرے وقت میں وطن کے کام آئی ہے، ہم اپنی فوج پر اعتماد کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے سکون کی نیند سو پاتے ہیں، اپنی رائے کا اظہار کریں لیکن پاک فوج کو بیچ میں نہ لائیں۔‘‘

    دفاعی تجزیہ نگار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا ’’کبھی بھی سیاسی شرپسندوں سے ایسی امید نہیں رکھتے تھے، پاک فوج کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ جانب داری نہیں رکھتی۔‘‘

    تاجر حامد پونا والا نے کہا ’’پوری قوم شرپسندوں کی وجہ سے شرمندہ ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے، جو کام دشمن نہ کر سکا وہ ہمارے لوگوں نے کر دیا، ہم پاکستان سے شرمندہ ہیں۔‘‘

  • پاکستان سے محبت، آپس میں رواداری کے لیے معروف فن کاروں کا عوام کے لیے پیغام

    پاکستان سے محبت، آپس میں رواداری کے لیے معروف فن کاروں کا عوام کے لیے پیغام

    پاکستان سے محبت اور آپس میں رواداری کے لیے معروف فن کاروں نے عوام کے لیے پیغام دیا ہے، ان فن کاروں میں اداکار شان شاہد، گلوکار علی ظفر، پاپ سنگر نجم شیراز شامل ہیں۔

    اداکار شان شاہد نے کہا ’’میرا دل پاکستان ہے، میری جان پاکستان ہے، میری شناخت کا مان پاکستان ہے، ہماری شناخت قائم ہے ہمارے اتحاد پر، ہماری یونٹی پر، اگر ہم اپنا یہ اتحاد کھو دیں گے تو اپنی شناخت کھو دیں گے۔‘‘

    اداکار شان شاہد نے کہا ’’یہ وقت ہے کہ ہمیں پاکستان کے جھنڈے تلے ایک ہونا ہے، پاکستان کا ذرہ ذرہ، اینٹ اینٹ، جنگل جنگل، دریا دریا، درخت درخت سب ہمارا اپنا ہے، جب بھی ہم اسے کوئی نقصان پہنچاتے ہیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔‘‘ انھوں ںے کہا پاکستان کو جوڑنا ہے توڑنا نہیں۔

    گلوکار علی ظفر نے کہا ’’طوفاں جو ہے اٹھا اسے مل کے موڑنا ہے، نفرتوں کو اتار پھینکنا اور امن ڈھونڈنا ہے، یہ ملک ہے ہمارا اور ہم ہیں اس کے صدقے، اسے ہمیں توڑنا نہیں اسے ہمیں جوڑنا ہے۔‘‘

    نجم شیراز نے اپنے پیغام میں کہا ’’اس وقت ہم سب پاکستانیوں کے دل دُکھی ہیں کہ یہ ہم کہاں آ کھڑے ہیں، کوئی محب وطن نہیں چاہتا کہ ملک میں نفرتیں ہوں، بھائی بھائی سے لڑے، خون بہے، ہم نے دلوں کو توڑنا نہیں جوڑنا ہے، ہم نے پاکستان کو توڑنا نہیں جوڑنا ہے۔‘‘

  • پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن، امریکی اراکین کانگریس کا انٹونی بلنکن سے تحقیقات کا مطالبہ

    پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن، امریکی اراکین کانگریس کا انٹونی بلنکن سے تحقیقات کا مطالبہ

    واشنگٹن: پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن پر امریکی اراکین کانگریس نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی صورت حال پر امریکا کے 60 اراکین کانگریس نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا ہے، جس میں سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔

    اراکین کانگریس کی جانب سے لکھے گئے خط میں پاکستان میں جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا۔

    اراکین کانگریس نے خط میں وزیر خارجہ پر پاکستان میں جمہوری اقدار کے سلسلے میں اپنے سفارتی اختیارات کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن پر انھیں اظہار تشویش ہے۔

    اراکین نے زور دیا کہ آزادئ اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائے۔

  • شر پسندوں نے 9 مئی کے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا

    شر پسندوں نے 9 مئی کے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا

    9 مئی کا تاریک دن سیاسی شر پسندوں کے ضمیروں کو جھنجوڑتا رہے گا، جس دن شر پسندوں نے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا، اور شہدا کے خون سے مہکی یہ مٹی ان شرپسندوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

    شرپسندوں نے جہاں ایک طرف افواجِ پاکستان سے دشمنی کا بدلہ جی ایچ کیو اور پنجاب ریجمینٹل سینٹر مردان پر حملہ آور ہو کر خود کو بے نقاب کیا، وہاں پاکستان ایئر فورس بیس میانوالی کے عقب میں نصب تاریخی جہاز کو بھی جلا کر وطن دشمنی کا طوق ہمیشہ کے لیے پہن لیا۔

    ان شر پسندوں نے پاک سر زمین کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو بھی بے حرمتی کا نشانہ بنایا اور یہ بھول گئے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

    سرگودھا میں شہدا کی یادگاروں کو شدید نقصان پہنچا کر تمام حدود کو پار کر دیا گیا، اس کے علاوہ یادگارِ چاغی پشاور اور جناح ہاؤس لاہور کو بھی جلا دیا گیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ حملہ آور دشمن کے خاص ایجنڈے پر کاربند رہ کر سرکاری اور عسکری املاک کے ساتھ ساتھ اہم یادگاروں کو بھی نقصان پہنچا رہے تھے۔

    راولپنڈی، لاہور، ایبٹ آباد، میانوالی، سرگودھا، پشاور اور مردان وہ اہم شہر ہیں، جہاں فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ قدیمی یادگاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

    ان تمام شر پسندوں کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقع سزا دلوائی جائے گی، تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اپنے ذاتی و سیاسی مفاد کی آڑ میں ایسے شرمناک اقدام نہ اٹھا سکے۔