Tag: pakistan

  • پاکستان، افغانستان کا بہ یک وقت پولیو مہم چلانے کا فیصلہ، پڑوسی ملک میں ایک اور کیس کی تصدیق

    پاکستان، افغانستان کا بہ یک وقت پولیو مہم چلانے کا فیصلہ، پڑوسی ملک میں ایک اور کیس کی تصدیق

    اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان نے بہ یک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ پڑوسی ملک افغانستان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز رواں ماہ سے ہوگا، یہ مہم چاروں صوبوں کے 78 اضلاع میں دو مراحل میں چلے گی، جس میں 2 کروڑ 39 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہوگی۔

    افغانستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، قومی ادارہ صحت پاکستان نے افغانستان میں پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے، افغانستان سے رواں برس کے پولیو کیسز کی تعداد دو ہو گئی۔

    ذرائع این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے پولیو ٹیسٹ قومی ادارہ صحت میں کیے جاتے ہیں، اور عالمی سطح پر پاکستان اور افغانستان کو ایک پولیو بلاک ڈکلیئر کیا گیا ہے، اس تناظر میں دونوں ممالک میں بہ یہ یک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں قومی ذیلی انسداد پولیو مہم تین روزہ، اور دو کیچ اپ ڈیز پر مشتمل ہوگی، کیچ اپ ڈے میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی، پہلا مرحلہ 15 سے 19 مئی تک ہوگا، جب کہ دوسرا مرحلہ 29 مئی تا 5 جون ہوگا۔

    پہلے فیز چاروں صوبوں کے 69 اضلاع میں مہم چلائی جائے گی، پنجاب کے 12، سندھ کے 17، کے پی اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں مہم منعقد ہوگی، اسلام آباد میں بھی پولیو مہم چلائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے تین اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کر دی گئی ہے، کوئٹہ، لوئر دیر، روجھان میں ذیلی قومی پولیو مہم نہیں ہوگی، مہم سیکیورٹی خدشات پر ملتوی کی گئی ہے۔

    ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کے پہلے فیز میں ڈراپس پلائے جائیں گے، جب کہ دوسرے فیز میں جنوبی خیبر پختون خوا کے 7 اضلاع میں بچوں کو پولیو قطروں کے ساتھ ٹیکے بھی لگیں گے۔

    این آئی ایچ کے مطابق افغانستان میں پولیو کا شکار 11 سالہ بچی کا تعلق افغان صوبے ننگرہار سے ہے، بچی کلم وال سید احمد خیل ضلع کوٹ کی رہائشی ہے، بچی 14 اپریل کو پولیو سے معذور ہو گئی تھی، جس پر بچی کو علاج کے لیے پشاور لایا گیا تھا، ذرائع کے مطابق بچی کی بچپن میں پولیو ویکسینیشن ہو چکی ہے، نیز، پاکستان میں بچی سے ٹیسٹ سیمپلز 16 ،17 اپریل کو لیے گئے تھے۔

  • پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    اسلام آباد: حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے بچے کو تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا امکان 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی سرمائے کے بحران کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی، ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی سرمائے کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی ترقی پر سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان وسطی آمدنی کے سطح تک پہنچ گیا ہے، پاکستان نے گزشتہ 2 دہائیوں میں غربت میں کمی لانے پر کارکردگی دکھائی، پاکستان میں پیدا ہونے والا بچہ مکمل تعلیم و صحت سے 0.41 فیصد استفادہ کر سکتا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی سرمائے کے حوالے سے جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے، انسانی سرمائے کے نتائج کے مطابق پاکستان افریقہ کے مقابلے میں بہتر ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی سرمائے کے بحران کی وجہ خواتین لیبر فورس کی کمی ہے، ملک میں 2 کروڑ بچے پاکستان میں اسکول سے باہر ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں بچوں کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے، انسانی ترقی کے لیے پاکستان کو پائیدار اور طویل مدتی انسانی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

  • اتحادیوں نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا

    اتحادیوں نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا

    اسلام آباد: حکمران اتحاد نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اتحادیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ الیکشن اکتوبر میں ہونے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کا عزم دہرایا، شرکا کا کہنا تھا کہ ثالثی کرانا عدالتوں کا کام نہیں، اور وہ پارلیمنٹ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کل فنڈز کے حوالے سے جواب مانگا ہے، الیکشن کے لیے فنڈز کا معاملہ پارلیمان ہی حل کرے گی، ضامن بننا اور پنچایت سپریم کورٹ کا کام نہیں بلکہ قانون اور آئین کے تحت فیصلے دینا اس کا کام ہے۔

    انھوں نے کہا ’’اتحادی متفق ہیں کہ پارلیمان کی مدت 13 اگست کو ختم ہوتی ہے، اور الیکشن کے لیے اکتوبر یا نومبر کی تاریخ بنتی ہے، 13 اگست کے 3 ماہ بعد جو تاریخ بنتی ہے اسی پر الیکشن ہونے چاہئیں، یہ اتحادیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ الیکشن اکتوبر میں ہونے چاہئیں۔‘‘

    شہباز شریف نے کہا پارلیمان بعض عدالتی امور سے متعلق پہلے ہی فیصلے دے چکے ہے، اور پارلیمان کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے اقدامات پر تحفظات ہیں، آج بھی ہم سب سمجھتے اور مانتے ہیں کہ فیصلہ چار تین کا ہے، اور سپریم کورٹ 3 رکنی بنچ کے ساتھ معاملات آگے لے کر جانا چاہتی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر طرح کے حربے استعمال کر کے ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کی گئی، اور معاشرہ تقسیم کر کے زہر گھولا گیا، پاکستان سے باہر چند ایجنٹس نے وہ کردار ادا کیا جو دشمن بھی نہ کرتا، اپنی ذات کے لیے پاکستان کے ہر مقصد کو بری طرح قربان کیا جا رہا ہے۔

  • حکام نے 40 غیر قانونی ایپس ڈاؤن کر دیں

    حکام نے 40 غیر قانونی ایپس ڈاؤن کر دیں

    اسلام آباد: سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے 40 غیر قانونی ایپس ڈاؤن کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل ایپس کے ذریعے مالی فراڈ پر قابو پانے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایس ای سی پی حکام کا کہنا ہے کہ 75 غیر قانونی ایپس میں سے 40 ڈاؤن کر دی گئی ہیں۔

    حکام کے مطابق گوگل کی مدد سے باقی ایپس بھی 31 مئی تک ڈاؤن کر دی جائیں گی، بیرون ملک سے آپریٹ کرنے والی ایپس کو اب صارفین تک رسائی نہیں ہوگی۔

    حکام کے مطابق لونز کے بزنس کے لیے فرانزک آڈٹ اور این او سی کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے، پی ٹی اے سے منظور شدہ آڈٹ فرم سے فرانزک آڈٹ کا سرٹیفکیٹ لینا ہوگا۔

    ایس ای سی پی اس سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر بزنس این او سی جاری کرے گا، حکام کا کہنا ہے کہ گوگل کے ساتھ معاہدے کے تحت غیر قانونی کاروبار پر قابو پایا جائے گا۔

  • پاکستان میں تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں اضافہ

    پاکستان میں تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں اضافہ

    اسلام آباد: پاکستان پٹرولیم سروس کا کہنا ہے کہ ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔

    پاکستان پٹرولیم انفارمیشن سروس کے مطابق 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 69 ہزار 98 بیرل رہی جو اس سے قبل کے ہفتے کے مقابلے میں 3.7 فی صد زیادہ ہے، اُس ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 66 ہزار 662 بیرل رہی تھی۔

    اکتیس مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3 ہزار 319 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی، جو 23 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے مقابلے میں 5.8 فی صد زیادہ ہے، اُس ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3 ہزار 139 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پی او ایل کی تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 4887 بیرل، پی پی ایل 12154 بیرل، او جی ڈی سی ایل 32494 بیرل اور ماڑی گیس کی یومیہ اوسط پیداوار 1061 بیرل ریکارڈ کی گئی۔

    ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری 5 روز کے لیے بند

    اسی طرح پی او ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 64 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل 647، او جی ڈی سی ایل 701 اور ماڑی کی گیس کی اوسط یومیہ پیدوار 944 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔

  • پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث کتنے ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا؟

    پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث کتنے ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا؟

    اسلام آباد: پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 3792.52 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتایا ہے کہ پاکستان آب و ہوا کے خطرات سے بہت زیادہ متاثر ہوا، پاکستان دنیا کے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ سرفہرست 10 ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔

    وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے تحریری جواب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کی فی یونٹ جی ڈی پی میں 0.53 فی صد کمی آئی، موسمیاتی تبدیلی معیشت، ماحولیات اور زراعت کے لیے چیلنج ہے۔

    وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق 2022 کے سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا تھا، سیلاب سے 33 ملین شہری متاثر، اور 1700 ہلاکتیں ہوئیں، جب کہ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ 66 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا۔

    تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو 1999 سے 2018 تک شدید موسمی واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملک میں سیلاب مون سون کی زیادہ بارشوں کی وجہ سے آیا۔

  • پاکستان نے خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں خطے کے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا

    پاکستان نے خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں خطے کے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا

    پاکستان نے خوش رہنے والے ممالک کی فہرست میں خطے کے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم ’سسٹینیبل ڈیولپمنٹ سلوشنز نیٹ ورک‘ نے خوشی کے عالمی دن کے موقع پر ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2023 جاری کی ہے۔

    اس رپورٹ میں دنیا کے ممالک کی خوشی کے لحاظ سے درجہ بندی کی گئی ہے، فن لینڈ وہ ملک ہے جس نے چھٹی بار دنیا کے سب سے خوش ترین ملک کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

    اس رپورٹ میں پاکستان کا نمبر اگرچہ 108 واں ہے، تاہم اپنے خطے میں مسائل کے باوجود پاکستانی سب سے زیادہ خوش رہنے والی قوم ہے، اس حوالے سے پاکستان نے خطے کے کئی ملکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    اس رپورٹ میں خوش رہنے والے ممالک میں بھارت، افغانستان اور بنگلادیش بھی پاکستان سے پیچھے ہیں، پاکستان دنیا کا 108 واں خوش ترین ملک ہے، بنگلا دیش کا 118 واں، بھارت کا 126 واں اور افغانستان کا 137 واں نمبر ہے۔ اس فہرست میں افغانستان دنیا کا سب سے ناخوش ترین ملک قرار پاتا ہے۔

    دنیا کا ناخوش ترین ملک کون سا؟

    ’’عالمی خوشی کی رپورٹ 2023‘‘ کے مطابق سب سے زیادہ خوش رہنے والوں میں فن لینڈ چھٹی بار بھی پہلے نمبر پر آیا ہے، جب کہ دوسرے پر ڈنمارک اور تیسرے نمبر پر آئس لینڈ ہے۔

  • سلام پاکستان: ہالی ووڈ سپر ہیرو کا پاکستانی مداحوں کے لیے خصوصی پیغام

    سلام پاکستان: ہالی ووڈ سپر ہیرو کا پاکستانی مداحوں کے لیے خصوصی پیغام

    ڈی سی یونیورس کے ایکشن ہیرو شیزام کا سیکوئل حال ہی میں ریلیز ہوا ہے اور اس موقع پر کاسٹ نے پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے۔

    ڈی سی کے سپر ہیرو ایکشن فلم شیزام کی کاسٹ نے پاکستانی فلم شائقین کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے۔

    ڈی سی یونیورس کی فلم شیزام کا سیکوئل حال ہی میں ریلیز ہوا ہے اور فلم کی کاسٹ کو علم ہوا کہ پاکستان میں بھی ان کے مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے۔

    فلم کے سپر ہیرو زچیری لیوی اور دیگر کاسٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی شائقین کو سلام پاکستان کے الفاظ سے مخاطب کیا ہے۔

    ہالی وڈ اداکار زچیری لیوی نے کہا کہ شیزام، واپس آگیا ہے، یہ دنیا کو سب سے برے دشمنوں سے بچانے کی لڑائی لڑ رہا ہے۔

    ویڈیو میں انہوں نے پاکستانی شائقین سے سینما جاکر فلم دیکھنے کی درخواست کی۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی

    اسلام آباد: وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان میں کووِڈ نائنٹین سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 60 ہے، جب کہ ملک میں 15 لاکھ 46 ہزار 553 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے ایک ہزار 35 مریض قرنطینہ ہیں، سندھ میں قرنطینہ مریضوں کی تعداد 563 ہے، خیبر پختون خوا میں 45، پنجاب میں 202، بلوچستان میں 3، وفاقی دارالحکومت میں 191، آزاد کشمیر میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 25 مریض قرنطینہ میں ہیں۔

    ملک بھر میں کرونا کے 25 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، خیبر پختون خوا میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 6 ہے، پنجاب میں 5، سندھ میں 14 مریض زیر علاج ہیں، جب کہ اسلام آباد، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرونا کا کوئی مریض زیر علاج نہیں ہے۔

    کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے 3 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جن میں سے پنجاب میں 2 اور سندھ میں ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 4 مریض ہائی فلو اور 9 لو فلو آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔

  • صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبر پختون خوا کو مشورہ دیا ہے کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کی دعوت پر آج گورنر کے پی حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں اُن سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خیبر پختون خواہ کے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں آرٹیکل 224(2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن سے متعلق گفتگو کی گئی، صدر نے مشورہ دیا کہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں۔

    صدر پاکستان نے گورنر سے کہا کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    ملاقات میں صدر مملکت نے آئین کی پاس داری اور مقررہ مدت کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

    انھوں ںے کہا کہ مقررہ وقت میں انتخابات آئین نے لازمی قرار دیے ہیں، اور سپریم کورٹ نے اس کی توثیق کی ہے، مقررہ وقت میں انتخابات پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے بھی ضروری ہیں۔