Tag: pakistan

  • پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں اماراتی کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون کا اہم معاہدہ

    پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں اماراتی کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون کا اہم معاہدہ

    اسلام آباد: پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل این ایل سی (نیشنل لاجسٹک سیل) اور اماراتی لاجسٹک کمپنی ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ سلطان احمد نے ایم او یو پر دستخط کیے، این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے سینئر حکام، چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان اور معروف کمپنیوں کے عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے، جن میں کنٹینر اور بلک ٹرمینلز، رول آن، رول آف خدمات، ڈرائی پورٹس، اندرون ملک کنٹینر ڈپو، ریل اور ٹریکنگ شامل ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے کہا کہ اداروں میں مفاہمت سے پاکستان کی لاجسٹکس صنعت میں نئے دور کا آغاز ہوگا، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے سمیت کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

    اس موقع پر سربراہ ڈی پی ورلڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے وسطی ایشیا کے لیے اہم ترین راہداری ہے۔

  • ملک کا مجموعی قرض 54 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا

    ملک کا مجموعی قرض 54 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کا مجموعی حکومتی قرض 54 کھرب 94 ارب سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ صرف بیرونی قرض 20 کھرب 68 ارب 30 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مجموعی حکومتی قرض جنوری 2023 میں 54 کھرب 94 ارب 20 کروڑ روپے ہوگیا۔

    دسمبر 2022 کے مقابلے میں مجموعی قرض میں 7.7 فیصد یعنی 3 کھرب 94 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    گزشتہ برس کا تقابل کیا جائے تو جنوری 2022 سے اب تک مجموعی قرض میں 29.6 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری 2023 میں صرف بیرونی قرض 20 کھرب 68 ارب 30 کروڑ روپے ہوگیا۔

    بیرونی قرض گزشتہ جنوری 2022 کے مقابلے میں 38.1 فیصد اور دسمبر 2022 کے مقابلے میں 15.7 بڑھ گیا۔

  • سبی: پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، 9 اہلکار شہید

    سبی: پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، 9 اہلکار شہید

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں 9 پولیس اہلکار شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں، کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کمڑی پل پر پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

    ایس ایس پی کچھی محمد نوتیزئی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے کیا، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال سبی منتقل کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں بھی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کا دھماکا ہوا تھا۔

    دھماکا تھانہ بکا خیل کی حدود میں ہوا تھا جس میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • ملک میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 46 نئے کیسز رپورٹ

    ملک میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 46 نئے کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 46 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 643 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 46 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 77 ہزار 119 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 232 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 614 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.88 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 7 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • طلبا کو سپلائی کی جانے والی 36 کلو چرس برآمد

    طلبا کو سپلائی کی جانے والی 36 کلو چرس برآمد

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹک فورس نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائی کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، گوجرہ میں تعلیمی اداروں کے طلبا کو سپلائی کی جانے والی 36 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں، گوجرہ کے قریب گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 2 ملزمان سے 36 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان چرس تعلیمی اداروں میں طلبا کو سپلائی کرتے تھے۔

    بلوچستان کے علاقے دالبندین میں بھی کارروائی کی گئی جہاں بیرون ملک ترسیل کی غرض سے چھپائی گئی منشیات برآمد کرلی گئی۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ 30 کلو ہیروئن پہاڑی علاقے میں کھائی کےاندر سے برآمد کی گئی۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کرک میں بھی اے این ایف اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کی جہاں پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپائی گئی 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

    ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • کوئٹہ میں بارش کا امکان

    کوئٹہ میں بارش کا امکان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا اور اکثر مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، ژوب، قلعہ عبد اللہ اور قلعہ سیف اللہ میں ہلکی بارش جبکہ ہرنائی، زیارت، چمن، قلات اور خضدار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    سبی میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ، بارکھان میں 11، دالبندین میں 9، قلات میں 4، زیارت اور ژوب میں 3، 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کوئٹہ میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ خضدار میں 6، ژوب میں 3، دالبندین میں 2 اور قلات اور نوکنڈی میں 1، 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیشگی اقدامات سے آگاہ کر دیا

    پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیشگی اقدامات سے آگاہ کر دیا

    اسلام آباد : پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیشگی اقدامات سے آگاہ کردیا، پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات کا فیصلہ آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر پاکستان نےآئی ایم ایف کوپیشگی اقدامات سے آگاہ کردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ 3میں سے4 نکات پرعمل درآمد سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کیاگیا، پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات کا فیصلہ آج ہوگا۔

    پاکستان بجلی کے بلوں میں اضافےکی منظوری دے چکا ہے اور ڈالرکےمقابلے میں روپے کی قیمت بھی کم کر دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ کسان پیکج اوربرآمدی شعبےکیلئےبجلی کےبلوں پرسبسڈی ختم کردی گئی ہے جبکہ بجلی بلوں پرسرچارج جولائی 2022 سے عائد کرکے وصولیوں کاٹائم ٹیبل بتایاگیا۔

    ذرائع نے کہا کہ آئی ایم ایف کےرابطے میں اسٹیٹ بینک کی کارکردگی پر بات چیت کی گئی ، جس میں شرح سود اور ایکسچینج ریٹ کے اسٹیٹ بینک کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا۔

    خیال رہے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے ، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 9 فروری کو ہونا تھا، جو تاخیر کا شکار ہے۔

  • آئی ایم ایف کی شرط پر کسانوں کے لیے بجلی مہنگی

    آئی ایم ایف کی شرط پر کسانوں کے لیے بجلی مہنگی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے زرعی صارفین کے لیے بجلی مہنگی کردی، کسان پیکج کے تحت دی گئی سبسڈی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر واپس لی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر کسانوں کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی، کسان پیکچ کے تحت زرعی صارفین کو بجلی پر 3.60 روپے فی یونٹ سبسڈی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی۔

    وفاقی حکومت نے کسانوں کے لیے بجلی 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کی ہے۔ زرعی صارفین کو آج سے بجلی 13 روپے کے بجائے 16.60 روپے فی یونٹ ملے گی۔

    بجلی مہنگی ہونے کے بعد وفاقی حکومت کو زرعی صارفین سے جون تک 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

    اس حوالے سے پاور ڈویژن نے فیصلے پر عملدر آمد کے لیے کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے اور خط کی نقول وزارت خزانہ اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو بھی بھجوا دی گئی۔

  • کراچی میں 2 روٹس پر پنک بس سروس کا آغاز

    کراچی میں 2 روٹس پر پنک بس سروس کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج سے 2 روٹس پر پنک پیپلز بس سروس چلائی جارہی ہے، روٹ نمبر 2 پر ٹوٹل 8 بسیں اور روٹ نمبر 10 پر 2 پنک بسیں چلائی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آج سے 2 روٹس پر پنک پیپلز بس سروس چلائی جارہی ہے، روٹ نمبر 2 اور روٹ نمبر 10 پر خواتین کے لیے مخصوص پنک بسیں چلیں گی۔

    روٹ نمبر 2 کی پنک بس پاور ہاؤس چورنگی سے کورنگی انڈس اسپتال تک چلے گی جبکہ روٹ نمبر 10 کی پنک بس نمائش سے سی ویو تک چلائی جائے گی۔

    روٹ نمبر 2 پر ٹوٹل 8 بسیں اور روٹ نمبر 10 پر 2 پنک بسیں چلائی جارہی ہیں، روٹ نمبر 1 پر مزید 2 بسیں بڑھا دی گئیں جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔

    پنک بس سروس کے ڈرائیور مرد جبکہ کنڈیکٹر خواتین ہوں گی۔

  • ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا

    ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا، چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے، چیف شماریات نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے تمام صوبوں کو آن بورڈ لے لیا گیا، ایک ماہ بعد قوم کو مردم شماری کے اعداد و شمار کے نتائج دے دیں گے۔

    ڈاکٹر نعیم الظفر نے بتایا کہ 13 جنوری 2022 کو مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے حکم دیا تھا، آج سے ملک بھر میں عمارتوں اور افراد کا شمار کیا جائے گا۔

    چیف شماریات کے مطابق ایک لاکھ 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ مردم شماری کرے گا، اس عمل سے جیو ٹیگ اور معاشی شماری میں مدد ملے گی، اور بہتر منصوبہ بندی بھی کی جا سکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کے لیے خانہ و مردم شماری اہم ہے، یہ مردم شماری پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔

    چیف شماریات کے مطابق فیلڈ میں گنتی یکم اپریل 2023 کو مکمل ہوگی، فیلڈ شمار کنندگان الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر ڈیٹا جمع کریں گے۔

    واضح رہے کہ مردم شماری کے محکمے نے پاکستان کے شہریوں کو خود شماری کی سہولت بھی فراہم کی ہے، خود شماری پورٹل 3 مارچ 2023 تک دستیاب رہے گا۔