Tag: pakistan

  • حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو دوبارہ ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو دوبارہ ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد(2 اگست 2025): وفاقی حکومت نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا دوبارہ فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے افغان شہریوں سمیت غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کی ملک بدری دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق انڈر ٹرائل افغان باشندوں کی واپسی کے لیے فارن ایکٹ کی دفعہ 14 بی لاگو کی جائے گی، سزا یافتہ یا جاری قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے والے افراد کو بھی ملک بدر کر دیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے بتایا کہ رجسٹریشن کے ثبوت (پی او آر) کارڈز(جو افغان مہاجرین کو پاکستان میں قانونی طور پر رہائش کی اجازت دیتے تھے) کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے، اس تاریخ کے بعد ملک میں باقی رہ جانے والے پی او آر کارڈ ہولڈرز کو اب غیر قانونی رہائشی تصور کیا جارہا ہے۔

    وزارت نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، جیل حکام اور دیگر متعلقہ حکام کو غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرنے اور ملک بدر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا (کے پی) کے محکمہ داخلہ نے پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کو اپنے آبائی ملک واپس جانے کی ہدایت کی ہے، محکمہ نے افغان شہریوں کو وطن واپسی کے لیے پشاور اور لنڈی کوتل کے ٹرانزٹ پوائنٹس پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ ہدایت 31 جولائی 2025 کو جاری کردہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہے، جس کی تصدیق کے پی کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔

  • پاکستان، یو اے ای اور افغانستان کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان، یو اے ای اور افغانستان کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

    شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلی جائے گی، ہر ٹیم حریف ٹیموں سے دو مرتبہ میچ کھیلے گی۔

    افتتاحی میچ 29 اگست کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 7 ستمبر کو ہو گا۔

    سہ ملکی سیریز کا شیڈول:

    29 اگست–افغانستان بمقابلہ پاکستان

    30 اگست–یو اے ای بمقابلہ پاکستان

    1 ستمبر–یو اے ای بمقابلہ افغانستان

    2 ستمبر–پاکستان بمقابلہ افغانستان

    4 ستمبر–پاکستان بمقابلہ یو اے ای

    5 ستمبر–افغانستان بمقابلہ یو اے ای

    7 ستمبر–فائنل

    دوسری جانب پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا، پہلے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، صائم ایوب 57 اور فخر زمان 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    اس کے علاوہ حسن نواز نے 24 رنز بنائے جب کہ فہیم اشرف 16 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا سکے۔کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں سات وکٹ پر 164 رنز بنا سکی، جونسن چارلس اور جیوئل اینڈریو نے 35،35 اور جیسن ہولڈر نے 30 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم کے محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔

    آل راؤنڈ پرفارمنس پر صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار پائے، میچ میں صائم نے 57 رنز بنائے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم میں جو ذمے داری دی جائے اسے اچھی طرح نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

    شاہین آفریدی اور سلمان آغا کے جھگڑے کی افواہوں پر پی سی بی کی وضاحت

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے 15 میں جبکہ ویسٹ انڈیز نے 3 میں کامیابی حاصل کی۔ 3 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔

  • معیشت کیلیے اچھی خبر، خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں بڑی پیشرفت

    معیشت کیلیے اچھی خبر، خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں بڑی پیشرفت

    اسلام آباد(1 اگست 2025): خام تیل کے حصول میں امریکا سے معاہدے میں پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان پہلی بار امریکی خام تیل درآمد کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان کی ریفائنری سرنرجیکو نے براہ راست امریکی خام تیل منگوانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان کی پٹرولیم ریفائنری کمپنی سنرجیکو لمیٹڈ لگ بھگ 10 لاکھ بیرل خام تیل امریکا سے منگوائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خام تیل کی پہلی کھیپ اکتوبر 2025 میں پاکستان آنے  کا امکان ہے، امریکی خام تیل وائٹل ٹریڈنگ کے ذریعے طے پایا ہے، وائٹل ٹریڈنگ دنیا کی سب سے بڑی تیل ٹریڈنگ کمپنی  ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ امریکی خام تیل کا گریڈ سعودی خام تیل کے مطابق ہی ہے، امریکی خام تیل کا یہ معاہدہ امریکا کے ساتھ حصہ تجارتی معاہدے کے بعد طے ہوا ہے۔

    دوسری جانب کمپنی کے نائب چیئرمین اسامہ قریشی نے رائٹرز سے گفتگو میں اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار امریکا سے تیل کی درآمد کی جارہی ہے، پاکستان کی سب سے بڑی ریفائنری کمپنی سنرجیکولمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر میں عالمی توانائی کمپنی Vitol سے ایک ملین بیرل امریکی خام تیل درآمد کرے گی۔

    اسامہ قریشی کے مطابق، ٹرمپ کے بیان کے بعد پاکستان کی وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم نے مقامی ریفائنریوں کو امریکی خام تیل درآمد کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔

    امریکا نے پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کردیا

    واضح رہے کہ یہ معاہدہ کئی ماہ کی بات چیت کے بعد طے پایا ہے، جس کا آغاز اپریل میں اس وقت ہوا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی برآمدات پر 29 فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دی تھی۔

    یہ بھی یاد رہے کہ امریکا نے پاکستان پر تجارتی ٹیرف میں  10 فیصد کمی کردی ہے، امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر 29 کی بجائے 19 فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ بھارت پر 25 فیصد، اسرائیل پر 15 فیصد اور جاپان پر بھی 15 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہوا ہے۔

  • ملک میں ایک روز کے دوران پولیو کے 3 کیس سامنے آ گئے

    ملک میں ایک روز کے دوران پولیو کے 3 کیس سامنے آ گئے

    اسلام آباد: پاکستان میں ویکسینیشن کے ذریعے کی جانے والی کوششوں کے باوجود پولیو کیسز کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے، اور ملک میں ایک روز کے دوران وائرس کے 3 کیس سامنے آ گئے ہیں۔

    خیبر پختونخوا سے 2، اور سندھ سے ایک نئے پولیو کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ کیسز شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمر کوٹ سے سامنے آئے ہیں۔

    نیشنل ای او سی کے مطابق رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے، یہ وائرس کمزور قوت مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے، قومی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچے دوسروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے اس سے بچاؤ صرف بار بار ویکسین پلوانے سے ہی ممکن ہے۔


    بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم


    ذرائع نے تازہ ترین کیسز کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ لکی مروت کی یو سی تختی خیل کی 15 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے، اور شمالی وزیرستان کی یو سی میر علی 3 کی 6 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔ سندھ میں عمر کوٹ کی یونین کونسل کھجرو کا رہائشی 5 سالہ بچہ پولیو سے متاثر نکلا ہے۔

    رواں سال اب تک خیبرپختونخوا سے 10، سندھ سے 5 کیسز سامنے آ چکے ہیں، رواں سال اب تک پنجاب سے ایک اور گلگت بلتستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  • ملک میں مہنگائی بڑھی، چینی مگر 8 روپے کلو سستی ہو گئی! سرکاری ادارے کی رپورٹ

    ملک میں مہنگائی بڑھی، چینی مگر 8 روپے کلو سستی ہو گئی! سرکاری ادارے کی رپورٹ

    اسلام آباد (25 جولائی 2025) وفاقی سرکاری ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا تاہم اس دوران چینی سستی ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات نے ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ ملک میں مہنگائی کی شرح 4.07 فیصد بڑھ گئی جب کہ ہفتہ وار مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 2.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ میں جہاں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی نشاندہی کی ہے۔ وہیں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں چینی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے اور چینی کی اوسط قیمت 188 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 180 روپے 4 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 25 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ان میں صارفین کی جیب پر سب سے بڑا بوجھ بننے والے گیس چارجز میں اضافہ ہے۔ حالیہ ہفتہ گیس چارجز میں 590 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا۔

    اس کے علاوہ ٹماٹر 18 روپے 52 پیسے فی کلو، لہسن 5 روپے 16 پیسے، گائے کا گوشت 5 روپے 4 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ باسمتی چاول، دودھ،دہی اور دال مسور کی قیمتیں بھی بڑھیں۔

    حالیہ ہفتہ میں جو اشیا سستی ہوئیں۔ ان میں برائلر مرغی کی قیمت میں فی کلو 36 روپے 17 پیسے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 17 روپے 88 پیسے سستا ہوا۔

    اس کے علاوہ پیاز ایک روپے 76 پیسے، آلو ایک روپے 56 پیسے فی کلو سستے ہوئے، جبکہ دال مونگ، دال چنا اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کی اس رپورٹ کے برعکس ملک بھر میں تاحال چینی کا بحران جاری ہے اور کئی شہروں میں اب بھی چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

    وفاقی حکومت نے گزشتہ دنوں شوگر ملز مالکان سے مذاکرات کر کے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو اور ریٹیل 172 روپے فی کلو مقرر کی تھی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا تھا۔ تاہم ملز مالکان نے حکومتی ریٹ پر ریٹیلرز کو چینی فراہم کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی۔

    حکومت نے چینی بحران پر قابو پانے کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا اور تین لاکھ میٹرک ٹن درآمد کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیے۔ تاہم کسی نے بھی اس کے لیے بولی نہیں دی۔

    اب حکومت نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/another-tender-issued-to-import-100000-metric-tons-of-sugar/

  • 1000 روپے کے نئے نوٹ کی وائرل ویڈیو، حقیقت کیا ہے؟

    1000 روپے کے نئے نوٹ کی وائرل ویڈیو، حقیقت کیا ہے؟

    کراچی(23 جولائی 2025): سوشل میڈیا پر 1000 روپے کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس کی حقیقت سامنی آگئی ہے۔

     گزشتہ کئی دنوں سے ایک صارف کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 1000 روپے کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ جارہی کیے ہیں۔

    فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 1000 روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں، جو جدید ڈیزائن اور جدید ترین سیکیورٹی اور پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔

    تاہم اب اس کی حقیقت سامنے آگئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے 1000 روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا گیا۔

    اے ایف پی کے مطابق اسٹیٹ بینک بتایا کہ زیرِ گردش 1000 روپے کی نئی کرنسی سے متعلق آن لائن دعوے جھوٹے ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 1000 روپے کا نیا ڈیزائن کردہ کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا۔

    پاکستان کی مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس طرح کی خبر میں درست معلومات، حقائق کی جانچ پڑتال اور اپ ڈیٹس کے لیے براہ کرم مرکزی بینک کے آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز سے رجوع کریں۔

  • ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    اسلام آباد(20 جولائی 2025): ملک کے اہم آبی ذخائر میں پانی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور مجموعی قابل استعمال پانی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    واپڈا کے ترجمان کے مطابق ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 70 ہزار 800کیوسک ہے، تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 2 لاکھ 70 ہزار 400کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 44 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 8 ہزار 400کیوسک ہے۔

    دوسری جانب، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 30 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ93 ہزار 400 کیوسک رہا، جبکہ چشمہ ریزروائر میں آج پانی کی سطح 642 . 70 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 79 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 56 ہزار کیوسک اور اخراج 32 ہزار 100 کیوسک رہا۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 37 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 37 ہزار 600 کیوسک ہے۔

    ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1530 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 46 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1188 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

    ترجمان واپڈا کا مزید بتانا ہے کہ چشمہ میں آج پانی کی سطح  647.80 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 49 ہزار ایکڑ فٹ ہے، ذخیرہ 82 لاکھ 84 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے، جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے، ذخیرہ 83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا۔

  • مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار

    مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار

    لاہور(20 جولائی 2025): پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پچیس جولائی تک راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، لاہور، بہاولپور، ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔

    این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا ہے، اسلام آباد، کے پی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

    راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت

    سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خیرپور، سکھر، جیکب آباد ، ٹھل، گڑھی خیرو، ٹنڈو الہ یار میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جنکہ فیڈر ٹرپ کر جانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    دوسری جانب کراچی میں بھی رات گئے ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جبکہ آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی کا اس وقت مطلع ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں جزوی بحال ہیں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے موسم مرطوب رہے گا اور آج پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

  • راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری

    راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری

    راولپنڈی(19 جولائی 2025): راولپنڈی شہر اور کینٹ کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے راول ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 749 فٹ تک پہنچ گئی ہے تاہم اس ڈیم کی حد ایک ہزار 752 فٹ ہے۔

    انتظامیہ نے نشیبی علاقے کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ کل صبح 6 بجے سے 5 گھنٹے کیلئے ڈیم کے اسپل وےکھول دیے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ راول ڈیم پرپانی کی سطح 1748.40 فٹ پر پہنچ گئی ہے، ڈیم کی سطح  1746 فٹ تک برقرار رکھنے کیلئے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‏عوام واٹر فرنٹ سے دور رہیں اوت اسپل ویز کے قریب فوٹو گرافی یا تفریح سے گریز کریں۔

  • خیبرپختونخوا میں پولیس کا آپریشن، 5 خارجی دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

    خیبرپختونخوا میں پولیس کا آپریشن، 5 خارجی دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

    ہنگو(19 جولائی 2025): خیبرپختونخوا (کے پی) پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرکے 5 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے زرگیری اور شناوڑی میں پولیس اور ٹل اسکاوٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خالد خان اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بھی پولیس پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، علاقے میں کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔