Tag: pakistan

  • پاکستان کی شام پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ

    پاکستان کی شام پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ

    نیویارک(18 جولائی 2025): پاکستان نے شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، پاکستان نے شامی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے شام کی صور تحال پر بیان میں کہا کہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں بے لگامی کی علامت ہیں۔

    عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے بے لگامی اور جوابدہی کے فقدان کا نتیجہ ہیں، اسرائیل شام، غزہ، لبنان ودیگر ریاستوں کی خود مختاری پامال کررہا ہے۔

    پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ اسرائیلی حملے شامی ریاستی اداروں کو کمزور کررہے ہیں، اسرائیل کی مداخلت تعمیرِ نو ومفاہمتی کوششوں کو نقصان پہنچارہی ہے۔

    عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ شام کو اس وقت جارحیت نہیں، حمایت کی ضرورت ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ شام کی قومی تعمیر نو کیلئے عالمی حمایت ناگزیر ہے، پاکستان شامی عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

  • عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کا مطالبہ

    عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کا مطالبہ

    نیویارک(17 جولائی 2025): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر پاکستان کے مستقل مندوب عاصم  افتخار کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

    پاکستان کے مستقل مندوب نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں اقوام متحدہ امدادی تقسیم کے اداروں کو نشانہ بنارہا ہے، غزہ میں بھوک کے باعث فلسطینیوں کی اموات ہورہی ہیں۔

    عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ میں امدا د اور ایندھن کی فراہمی کو روک دیا گیا ہے، غزہ میں فوری طور پر خوراک کی رسائی یقینی بنائی جائے، اسرائیلی قبضے کا خاتمہ امن کیلئے ضروری ہے۔

    پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی یقینی بنائی جائے۔

    پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کا قتل عام بڑھ رہا ہے، دنیا قحط سے دو چار غزہ کو مزید برداشت نہیں کرسکتی، فلسطینی ریاست کیلئے فرانس سعودی عرب کانفرنس مثبت امید ہے، بطور صدر سلامتی کونسل اپنی خدمات جاری رکھوں گا۔

  • مون سون کا ایک اور اسپیل، ملک بھر میں بادل پھر برسنے کو تیار

    مون سون کا ایک اور اسپیل، ملک بھر میں بادل پھر برسنے کو تیار

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور اسپیل ملک بھر میں بادل پھر برسنے کو تیار ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج سے پیر کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس کا امکان ہے، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بارش متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش رحیم یار خان میں 47 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب شہر قائد کا مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج رات ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

     

  • پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے پروٹوکول پر دستخط

    پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے پروٹوکول پر دستخط

    پاکستان اور روس نے کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور جدید کاری کے لیے پروٹوکول پر دستخط کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ معاہدہ ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا، جس پر پاکستان کی طرف سے سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم اور روس کی جانب سے انڈسٹریل انجینئرنگ ایل ایل سی کے جنرل ڈائریکٹر وادیم ویلیچکو نے دستخط کیے۔

    ماسکو میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس منصوبے سے دونوں ممالک میں طویل المدتی صنعتی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانا اور اس کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

    پاکستانی سفارتخانے نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد اسٹیل کی پیداوار کو دوبارہ شروع اور توسیع لانا ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا نیا باب ہے، 1973 میں سوویت یونین تعاون سے تعمیر پاکستان اسٹیل تعلقات کی پائیدار علامت ہے۔

    پاک – روس معاہدے میں پاکستان اسٹیل ملز کو جدید بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے روس کے ساتھ شراکت داری اور نئی صنعتی تاریخ رقم ہوگی۔

  • پاکستان کی پانی کو ہتھیار بنانے کی کوششوں پر اقوام متحدہ میں سخت تنبیہ

    پاکستان کی پانی کو ہتھیار بنانے کی کوششوں پر اقوام متحدہ میں سخت تنبیہ

    پاکستان نے بھارت کی طرف سے پانی کو ہتھیار بنانے کے خلاف سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسے تقسیم کا ذریعہ بنانے کے سنگین علاقائی اور عالمی نتائج ہو سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پائیدار ترقی کیلئے پانی  کے حصول کیلئے ایک اجلاس ہوا، اقوام متحدہ میں نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے پاکستان کے پانی کے لیے عالمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    اقوامِ متحدہ میں پائیدار ترقی کے ہدف چھ پر پاکستانی نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا پانی تفرقہ نہیں، اتحاد کی علامت ہے، پانی کو ہتھیار بنا کر تقسیم کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے۔

    سفیر جدون نے آئندہ 2026 واٹر کانفرنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کانفرنس سرحدی دریاؤں کے پائیدار نظم و نسق کا نادر موقع ہے جس میں قانونی فریم ورک، تعاون، اور تنازعہ سے بچاؤ پر توجہ دی جائے۔

    پاکستانی نائب مستقل مندوب نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کی آواز کو بلند کرنا ضروری ہے، مشترکہ پانیوں کے منصفانہ استعمال اور نقصان سے بچاؤ عالمی ذمہ داری ہے۔

    عثمان جدون نے اجلاس میں “سرحد پار آبی تعاون” کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ 2 ارب افراد پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس سے دنیا خطرے میں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھی موسمیاتی اور پانی کے بحرانوں سے متاثر ہو رہا ہے، سندھ طاس 22 کروڑ عوام کی زندگی، صحت اور توانائی کا ضامن ہے اس لیے پاکستان عالمی آبی کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کرےگا۔

    گزشتہ ماہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارت کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھی تو جنگ ہو گی۔

    انہوں نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارت کے پاس دو آپشن ہیں: یا تو وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرے، یا پاکستان اس کا جواب جنگ سے دے‘‘۔

    https://urdu.arynews.tv/indus-waters-treaty-suspend-indian-announcement-against-international-law-pakistan/

  • ’پانی امن کا ذریعہ ہے، ہتھیار نہیں‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب

    ’پانی امن کا ذریعہ ہے، ہتھیار نہیں‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی تھرڈ سیکریٹری محمد فہیم نے بھارت کے الزامات اور مؤقف پر سخت ردعمل دیا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی تھرڈ سیکریٹری محمد فہیم نے بھارت کو واضح کیا کہ پانی امن کا ذریعہ ہے، ہتھیار نہیں۔

    پاکستانی سفارتکار محمد فہیم نے بھارتی آبی جارحیت بے نقاب کردی، انہوں نے اپنے جواب میں کہا انڈس واٹر ٹریٹی پر بیان مسخ شدہ حقائق پر مبنی ہے۔

    پاکستانی سفارتکار کا کہنا تھا کہ بھارت مستقل ثالثی عدالت کے فیصلے کو بھی نظر انداز کر رہا ہے، ثالثی عدالت نے 27 جون 2024 کو معاہدے کو مؤثر وقانونی قرار دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو معاہدہ یکطرفہ معطل کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں، پانی کو ہتھیار یا سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

  • ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ: پاکستان نے فائنل میں جگہ بنالی

    ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ: پاکستان نے فائنل میں جگہ بنالی

    ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے پلیٹ کپ ڈویژن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    جنوبی کوریا میں جاری چیمپئن شپ میں ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ  میں پاکستان نے  سیمی فائنل  میچ میں جاپان  کو شکست دے  کر فائنل کے لئیے کوالیفائی کرلیا۔

    پاکستان گرلز نیٹ بال ٹیم نے جاپان  کو 39 کے مقابلے 64 گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی، پاکستان اپنے فائنل کل ما لدیپ  یا چائنیز ٹا ئپی  کے خلاف  جمعے  کو کھیلے گا۔

    ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم چھاگئی، چائنیز تائپے کو شکست

    یاد رہے کہ پاکستان نے جمعہ کو سعودی عرب کے خلاف 71-15 سے فاتحانہ آغاز کیا تھا، جب کہ ہفتے کو چینی تائپے کو 56-32 سے شکست دی تھی, گزشتہ روز میزبان جنوبی کوریا کو 6-91 سے پچھاڑ کر تیسری کامیابی حاصل کی تھی۔

    چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ میں جاپان کو شکست دیکر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    پاکستان ٹیم اپنا پانچواں میچ کل مالدیپ  کے خلاف کھیلےگی، 27 جون کو شروع ہونے والی ایشین چیمپئن شپ 4 جولائی تک جنوبی کوریا کے جیونجو ہواسان جمنازیم میں جاری رہے گی۔

  • حکومت گزشتہ مالی سال کا مقرر کردہ اہم تجارتی اہداف حاصل نہ کرسکی

    حکومت گزشتہ مالی سال کا مقرر کردہ اہم تجارتی اہداف حاصل نہ کرسکی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت گزشتہ مالی سال کے لیے مقرر کردہ برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مالی سال 25-2024 کے تجارتی اعداد و شمارجاری کر دیے، جس کے مطابق 30 جون کوختم ہونے والے مالی سال میں اہم تجارتی اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال درآمدات اور تجارتی خسارہ زیادہ جبکہ برآمدات حکومتی ہدف سے کم رہیں ہیں، مالی سال25-2024 میں برآمدات کا حجم 32 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا، حکومت نے برآمدات کا ہدف 32  ارب 34کروڑ 10 لاکھ ڈالرز مقرر کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 25-2024 میں ملکی درآمدات 58 ارب 38کروڑ ڈالرز رہے، گزشتہ مالی سال میں درآمدات کا حکومتی ہدف 57 ارب 28کروڑ 30 لاکھ ڈالرز مقرر تھا۔

    گزشتہ مالی سال تجارتی خسارہ 26 ارب27 کروڑ40 لاکھ ڈالرز رہا، مالی سال 2024-25 میں تجارتی خسارےکا ہدف 24 ارب 94 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز مقرر تھا۔

    گزشتہ مالی سال 2024-25 میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں4.67 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال 25-2024 کے دوران درآمدات میں 6.57 فیصدکا اضافہ ہوا تھا۔

    وزارت بحری امور نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پورٹ قاسم پر برآمدی تجارتی سامان پر پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی کردی، وزارت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق برآمدی اور ٹرانسشپمنٹ کنٹینرز پر وارفیج آدھی کر دی گئی، مارجنل وہارف، فوٹکو، پی آئی بی ٹی پر برآمدی سامان کے لیے رعایت کردی گئی ہے۔

    ڈی پی ورلڈ پر کنٹینرائزڈ کارگو کے لیے چارجز میں نرمی کی گئی ہے، خالی کنٹینرز پر چارجز میں کوئی ریایت نہیں دی جائے گی، نوٹی فکیشن کے مطابق فیصلہ کا مقصد تجارت کو فروغ دینا اور برآمدات میں اضافہ ہے۔

  • حکومت کا پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ

    حکومت کا پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ

    انسداد پولیو کے عالمی اداروں نے پاکستان سے ڈومور کا تقاضا کردیا، عالمی اداروں کے تقاضے پر حکومت نے وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو کے عالمی اداروں کے تقاضے پر حکومت نے بچوں کو پولیو سے بچاو کے انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی، لاہور، پشاور میں بچوں کو پولیو ویکسین انجکشن لگائے جائیں گے۔

    ذرائع پولیو پروگرام کے مطابق پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے جائیں گے، پولیو ویکسین انجکشن آئندہ چار ماہ میں مرحلہ وار لگائے جائیں گے،

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دن تا 15 سال کے بچوں کو آئی پی وی لگائے جائیں گے، 15 سال عمر تک آئی پی وی لگانے کا مقصد قوت مدافعت بڑھانا ہے، پولیو ویکسین انجکشن 15 سال عمر تک کیلئے بطور بوسٹر کام کرے گا اس سے بچوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

    ذرائع کے مطابق پولیو کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے کا خدشہ ہے، قوت مدافعت کی ممکنہ کمزوری پر پولیو وائرس کا پھیلاو بڑھا ہے، آئی پی وی سے ڈبلیو پی وی ون کا پھیلاو روکنے میں نمایاں مدد ملے گی۔

    گلگت بلتستان سے پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    ملک بھر کے 47 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    آئی پی وی ویکسینیشن مہم کیلئے ویکسین عالمی ادارے فراہم کریں گے، ان ایکٹیوٹڈ پولیو انجکشن لگانے کی سفارش عالمی گروپ ٹیگ نے ہی کی ہے۔

    ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کا اجلاس گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہوا تھا، ٹیگ نے 15 سال تک کے بچوں کو آئی پی وی لگانے کی سفارش کی، ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ پاکستان، افغانستان کیلئے آزاد عالمی بورڈ ہے۔

    واضح رہے کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ انسداد پولیو کے عالمی ماہرین پر مشتمل ہے، ٹیگ پاکستان، افغانستان کو انسداد پولیو کیلئے تکنیکی معاونت اور ایڈوائزری فراہم کرتا ہے، 2018-19 میں 10 سال عمر تک کو پولیو ڈراپس پلائے گئے تھے، 10 سال کے بچوں کی ویکسینیشن مخصوص اضلاع میں ہوئی تھی۔

  • معیشت کے لیے بڑی خبر: پاکستان اور ٹرمپ انتظامیہ کا تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

    معیشت کے لیے بڑی خبر: پاکستان اور ٹرمپ انتظامیہ کا تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

    واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری تجارت جواد پال کی قیادت میں پاکستانی وفد کے ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات ہو رہے ہیں، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے معدنیات سیکٹر میں 500 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات کا آغاز آج سے واشنگٹن ڈی سی میں ہو رہا ہے، پاکستانی وفد کی قیادت کامرس سیکریٹری جواد پال کر رہے ہیں، وہ امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر اور دیگر اہم امریکی نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    کامرس سیکریٹری جواد پال، امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر
    کامرس سیکریٹری جواد پال، امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسین گریر

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاک امریکا وفود پاکستان امریکا کے نئے تجارتی معاہدے کی تفصیلات طے کریں گے، پاک امریکا تجارتی مذاکرات معاشی تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینےکی ’’وسیع تر کوشش‘‘ کا حصہ ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر 29 فی صد ٹیرف عائد کیا ہوا ہے، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی حجم 3 ارب ڈالرز سے زائد کا ہے، سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان امریکا کو پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی باضابطہ پیشکش کرے گا۔

    ٹرمپ انتظامیہ ریکوڈک منصوبے میں تانبے اور سونے کے ذخائر میں سرمایہ کاری کی دل چسپی کا اظہار کر چکی ہے، اور امریکا کا ایکسپورٹ امپورٹ بینک ریکوڈک منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے تجاویز دے گا، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ نیا تجارتی معاہدہ نئے تعلق کی بنیاد رکھے گا، پاکستان امریکا میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مزید فروغ دینے کا بھی خواہش مند ہے، پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے رہا ہے، جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے ٹیک سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی دل چسپی ظاہر کی ہے۔