Tag: pakistan

  • معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے: معید یوسف

    معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے: معید یوسف

    اسلام آباد: سابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ اچھے تعلقات ہونے کی وجہ سے ہم چین سے زیادہ معاشی فائدے اٹھا سکتے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہیں، زیادہ معاشی فائدے اٹھا سکتے ہیں۔

    معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ بیرون ممالک ترسیلات کا آنا ہے، تکنیکی ماہر بیرون ممالک بھجوانے سے ترسیلات زر دگنی ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے، ہمسایہ ممالک میں امن قائم کرنا ہمارے کنٹرول میں نہیں، ہمیں اپنے ملک میں امن قائم کرنا ہوگا۔

    معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ فیصلوں کا اختیار نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوگا، معیشت کو نجی شعبہ ہی بہتر کر سکتا ہے۔

  • دفاعی درآمدات کے لیے وزارت خزانہ کی اجازت لازمی قرار

    دفاعی درآمدات کے لیے وزارت خزانہ کی اجازت لازمی قرار

    ملک کے مخدوش معاشی حالات دفاعی ضروریات پر اثر انداز ہونے لگے ہیں اور دفاعی درآمدات کی ایل سی کے لیے وزارت خزانہ کی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ ملک کے مخدوش معاشی حالات دفاعی ضروریات پر اثر انداز ہونے لگے ہیں اور اب دفاعی درآمدات کی ایل سی کے لیے وزارت خزانہ کی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ یہ وہ قدغن ہے جو ماضی میں کبھی نہیں لگائی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اس قدغن کے بعد اب دفاعی سامان بھی وزارت کی اجازت کے بغیر نہیں آسکے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے ڈالر کی قلت پر قابو پانے کے لیے درآمدات کی بھرپور حوصلہ شکنی کر رکھی ہے۔ اسی وجہ سے امپورٹرز اور کمپنیز کی ہزاروں ایل سیز التوا کا شکار ہیں اور ایل سیز بروقت نہ کھولنے کی وجہ سے صنعتی شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 6.9 ارب ڈالر کی خطرناک حد پر آگئے ہیں۔

  • ایک روز میں کرونا وائرس کے درجنوں کیسز ریکارڈ

    ایک روز میں کرونا وائرس کے درجنوں کیسز ریکارڈ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 39 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 630 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 75 ہزار 224 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 564 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 351 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 56 ہزار 478 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.61 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 24 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 99 ہزار 826 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 22 لاکھ 8 ہزار 520 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ  کا استعمال:  اسد عمر 7 دسمبر کو عدالت میں طلب

    عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال: اسد عمر 7 دسمبر کو عدالت میں طلب

    راولپنڈی : لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر اسد عمر کو 7دسمبر کو طلب کرتے ہوئے ان کا ویڈیو بیان اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی،
    جسٹس جواد حسن نے سماعت کی۔

    سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر عدالت میں پیش ہوئے ، پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے کہا کہ عدالت پہلے اسد عمر کی 26 نومبر کے جلسے کی تقریر کو دیکھے گی، اسد عمر نے 26 نومبر کے جلسے میں عدالتوں کو اسکینڈلائز کیا اور عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل رجسٹرار پنڈی بینچ کی درخواست پر خطاب پر جواب طلبی کی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے اسد عمر کو 7دسمبر کو طلب کرلیا اور کہا آرٹیکل 14 کے تحت کسی ادارے ،شخصیت کو متنازع نہیں بنایا جاسکتا، عدالت کو اختیار ہے کہ آرٹیکل 204بی کے تحت سزا دے سکتی ہے۔

    عدالت نے اسد عمر کا ویڈیو بیان اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کرتے ہوئے کہا دھرنوں پردرخواستوں اور اسد عمر کی تقریر پر پرسوں سماعت کریں گے۔

  • کراچی سینٹرل جیل میں قید دہشت گرد کی مختلف نمبروں سے سرکاری افسران کو دھمکیوں کا انکشاف

    کراچی سینٹرل جیل میں قید دہشت گرد کی مختلف نمبروں سے سرکاری افسران کو دھمکیوں کا انکشاف

    کراچی : سینٹرل جیل میں قید دہشتگرد کی سرکاری افسران کو دھمکیوں کا انکشاف ہوا، ملزم مختلف نمبروں سے فائر بریگیڈ ملازمین کو دھمکیاں دینے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی فائراسٹیشن حملے کے گرفتار ملزم کی جیل سے سرکاری افسران کو دھمکیاں کو انکشاف سامنے‌ آیا۔

    کورنگی فائراسٹیشن حملے کا ملزم مختلف نمبروں سے فائر بریگیڈ ملازمین کو دھمکیاں دے رہا ہے، ملزم بلال ظفر پر فائر بریگیڈ کے 6 افسران کے قتل کا الزام ہے۔

    محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران نے درخواستیں ارسال کردیں ، درخواستیں رینجرز،پولیس اورسندھ ہائیکورٹ کوارسال کی گئیں۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم فائر اسٹیشنز کے نمبروں پر کال کرکے دھمکیاں دے رہا ہے، دھمکیوں کے باعث فائر مین اوراسٹیشن انچارجز خوف میں مبتلا ہے۔

  • پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنایا جارہا ہے، رقم کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بے نظیر کفالت کے تحت خواجہ سراؤں کو ہر 3 ماہ میں 7 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام خواجہ سرا بی آئی ایس پی کے لوکل تحصیل دفتر میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پہلے سے رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کو اگر رقم نہیں مل رہی تو اپیل درج کر سکتے ہیں، اپیل پر خواجہ سراؤں کو یہ رقم دی جا سکے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سہ ماہی قسط کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد بذریعہ بینک کی جائے گی۔

  • ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

    ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے ، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، متعدد بار عدالت میں پیش ہوچکا ہوں۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کی وجہ سےپاکستان کانقصان ہوا، موجودہ حالات کے پیچھے نیب کابہت عمل دخل ہے، نیب قوانین کی وجہ سےسرمایہ کار خوفزدہ ہیں۔

    نواز شریف کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا، نواز شریف علاج کرانے گئے ہیں علاج کروا کر آئیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو استحکام دیا ہے، حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔

  • کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

    کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

    کراچی : پولیس نے انتیس سالہ فیکٹری ملازم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ، جہاں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں انتیس سالہ فیکٹری ملازم کو بے لگام پولیس اہلکاروں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    متاثرہ نوجوان وحید حسین کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اہل خانہ نے بتایا کہ دو روز قبل اورنگی کے علاقے رئیس امروہی میں رات گئے اہلکاروں نے گھر سے وحید کو حراست میں لیا۔

    اہل خانہ کا کہنا تھا کہ کمپنی کے باہرڈکیتی ہوئی تھی پولیس نے شبے میں وحیدکو حراست میں لیا اور 24 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تشدد کا نشانہ بنایا اور چھوڑ دیا۔

    اہل خانہ نے مزید بتایا کہ وحید کے جسم کے مختلف حصوں پرتشدد کے نشانات ہیں۔

    دوسری جانب پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ہمارےپاس اقبال مارکیٹ تھانےمیں وحید کوحراست میں لینےکی کوئی انٹری نہیں، ممکنہ طور پرپولیس کے کسی اور سیل نے تفتیش کیلئے حراست میں لیا ہوگا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ معاملے کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • عمران‌ خان کی ارکان اسمبلی کو حلقوں میں پہنچنے اور انتخابات کی تیاری کی ہدایت

    عمران‌ خان کی ارکان اسمبلی کو حلقوں میں پہنچنے اور انتخابات کی تیاری کی ہدایت

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران‌ خان نے ارکان اسمبلی کو حلقوں میں پہنچنے اور انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے ممبران اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ حلقوں میں واپس پہنچیں اور انتخابات کی تیاری کریں۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ پی ڈی ایم انتخابات سے بھاگتی رہی تو وقت ضائع کئے بغیر پنجاب اورخیبرپختونخوا کے صوبائی الیکشن کی طرف جائیں گے اور قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹ 5،6 کی تجدید کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ ڈیم کے یونٹ 5،6 کی تجدید کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    شہباز شریف نگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

    اس موقع پر شہباز شریف منگلا ڈیم کے فعال یونٹس کادورہ کریں گے ، جہاں ان کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

    منگلہ ڈیم کی تجدید اور بحالی کا منصوبہ یو ایس ایڈ اور حکومت پاکستان کے تعاون سے جاری ہے۔