Tag: pakistan

  • اوکاڑہ میں عمر رسیدہ ذہنی معذور خاتون سے زیادتی

    اوکاڑہ میں عمر رسیدہ ذہنی معذور خاتون سے زیادتی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں عمر رسیدہ ذہنی معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، دونوں خاندانوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے تھانہ صدر کے علاقے میں 52 سالہ ذہنی معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھر میں گھس کر اسلحے کے زور پر زیادتی کی، عزیز و اقارب نے موقع پر پہنچ کر زیادتی کرنے والے ملزم کو پکڑا۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ملزم کے عزیز و اقارب ڈنڈے اور کلہاڑیاں لے کر اسے چھڑوانے آئے، انہوں نے متاثرہ خاتون کے بھائی اور بہن پر بہیمانہ تشدد کیا اور ملزم کو چھڑا کر موقع سے فرار ہو گئے۔

    پولیس نے واقعے کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • فیصل واوڈا نااہلی کیس کا تحریری فیصلہ جاری

    فیصل واوڈا نااہلی کیس کا تحریری فیصلہ جاری

    سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا نا اہلی کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا نا اہلی کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلے میں لکھا ہے کہ فیصل واوڈا نے بتایا کہ 25 جون 2018 کو شہریت ترک کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے تسلیم کیا کہ ان سے غلط بیانی ہوئی۔ وہ 2018 میں اسمبلی کے رکن بننے کے لیے اہل نہیں تھے۔ ان کی جانب سے غلطی تسلیم کرنے پر فیصل واوڈا پر آرٹیکل 63 ون سی کا اطلاق ہوتا ہے۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا موجودہ اسمبلی کی مدت تک نا اہل تصور ہوں گے اس کے بعد وہ آئندہ انتخابات لڑنے کے لیے اہل ہوں گے۔

    عدالت عظمیٰ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا سینیٹ نشست سے استعفیٰ فوری چیئرمین سینیٹ کو بھجوائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا نے غلطی تسلیم کرلی ، تاحیات نااہلی ختم ، 5سال کے لیے نااہل قرار

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس امیدوار کو الیکشن سے قبل نا اہل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ اس لیے الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کی جانب سے تاحیات نااہلی کا دیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

  • عمران خان کا سندھی یوم ثقافت پر خصوصی پیغام

    عمران خان کا سندھی یوم ثقافت پر خصوصی پیغام

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سندھی یوم ثقافت کے موقع پر صوبے کے عوام کو خصوصی پیغام دیا ہے۔

    سندھ یوم ثقافت کے موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

    عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سندھ صوفیوں اور آزادی کی سرزمین ہے۔ آج ہم سندھ کی شاندار ثقافت اور روایات کا جشن منا رہے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ افسوس کہ سندھ زرداری مافیا کے ظلم وستم کا شکار ہے لیکن سندھ اپنی عظمت اور آزادی کے لیے دوبارہ ظلم کے خلاف اٹھے گا۔

     

    واضح رہے کہ سندھ کا یوم ثقافت آج صوبے بھر میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے اس حوالے سے مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھی یوم ثقافت آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر مختلف سیاسی، ثقافتی، سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی وادی سندھ کی صدیوں پرانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

  • پیپلز بس سروس بھی سندھی ثقافتی رنگوں میں ڈھل گئی، وڈیو دیکھیں

    پیپلز بس سروس بھی سندھی ثقافتی رنگوں میں ڈھل گئی، وڈیو دیکھیں

    آج صوبے بھر میں سندھ کا یوم ثقافت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر پیپلز بس سروس بھی سندھ کے ثقافتی رنگوں میں ڈھل گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سندھ کا یوم ثقافت بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ صوبے بھر میں منایا جا رہا ہے۔ مختلف سیاسی، سماجی اور ثقافتی تنظیموں کی جانب سے ہزاروں سال قدیم ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں پیپلز بس سروس بھی سندھ کے ثقافتی رنگوں میں ڈھل گئی ہے۔

    پیپلز بس سروس کی انتظامیہ نے سندھی ثقافت کے دن پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آج کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں پیپلز بس سروس کا عملہ ثقافتی رنگوں میں سج گیا ہے اور سب سے اجرک اور سندھی ٹوپی پہن لی ہے۔

    کراچی میں رات گئے عملے نے روایتی سندھی دھنوں پر رقص کیا اور ہزاروں سال قدیم ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ’سندھ ثقافت کی ماں موئن جو دڑو ہے‘

    یوم سندھی ثقافت کے موقع پر پیپلز بس انتظامیہ کی جانب سے اہل حیدرآباد کے لیے خصوصی اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اب حیدرآباد میں 5 کلومیٹر تک سفر کرنے والے مسافروں سے 30 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔

  • سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنے کے لیے حکومت سندھ کا اقدام

    سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنے کے لیے حکومت سندھ کا اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے نفسیاتی و ذہنی علاج کے سیشنز منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں سیلاب میں جانی و مالی نقصانات کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار سیلاب متاثرین کے سائیکالوجیکل سیشنز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سیشنزکا مقصد سیلاب متاثرین کو ڈپریشن سے نکالنا ہے۔

    اس کے لیے سندھ حکومت نے لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور ورکرز کی خدمات حاصل کی ہیں، سندھ حکومت نے 370 ایل ایچ ایس اور 10 ہزار 992 ایل ایچ ڈبلیو کی خدمات لی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے 12 سیلاب زدہ اضلاع میں سائیکالوجیکل سیشنز منعقد ہوں گے۔

    ان میں میرپور خاص، خیرپور، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، بدین، شہید بے نظیر آباد، دادو، جامشورو، جیکب آباد، قمبر، لاڑکانہ اور شکار پور کے اضلاع شامل ہیں جن میں موجود سیلاب متاثرین کے سائیکالوجیکل سیشنز ہوں گے۔

  • ’عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے لیں گے یا اسمبلیاں توڑ دیں گے‘

    ’عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے لیں گے یا اسمبلیاں توڑ دیں گے‘

    پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے لیں گے یا اسمبلیاں توڑ دیں گے۔

    سینیئر سیاستدان نے نئے انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے نیا دعویٰ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا ہے۔

    شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے لیں گے یا اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ سیاست آباد کریں یا برباد کریں۔

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ان کی معیشت کا پوسٹ مارٹم کر رہا ہے۔ چار چار وزرا مل کر بھی بیانات دیں تو کوئی ان کی بات نہیں سنتا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ حکومت عوام میں جانے کے قابل نہیں ہے۔ الیکشن کی تیاری کریں۔

     

  • ’سندھ ثقافت کی ماں موئن جو دڑو ہے‘

    ’سندھ ثقافت کی ماں موئن جو دڑو ہے‘

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سندھی یوم ثقافت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ ثقافت کی ماں موئن جو دڑو ہے۔

    بلاول بھٹو نے سندھ ثقافت کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی، موسیقی، روایتی کھانے منفرد پہچان رکھتے ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع اس کی خوبصورتی اور طاقت ہے۔ دنیا بھی اس پر متفق ہے کہ ثقافتی تنوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ پاکستانی نوجوان اپنی ثقافت کو دنیا بھرمیں اجاگر کرنے کیلیے کردار ادا کریں۔

    واضح رہے کہ سندھ کا یوم ثقافت آج صوبے بھر میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھی یوم ثقافت آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھی یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف سیاسی، ثقافتی، سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی وادی سندھ کی صدیوں پرانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • سندھی یوم ثقافت آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    سندھی یوم ثقافت آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

    سندھ کا یوم ثقافت آج صوبے بھر میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے اس حوالے سے مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات ہوں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کا یوم ثقافت آج صوبے بھر میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف سیاسی، ثقافتی، سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی وادی سندھ کی صدیوں پرانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    آج شہر اور قصبات کے افراد سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر صوبے کی ہزاروں سال قدیم ثقافت اور روایات سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    سیاسی کارکنوں، رہنماؤں، این جی اوز، طلبہ، مزدوروں، دیہاتیوں، انجمنوں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے اس دن کے موقع پر روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک کی خریداری کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی، وزیر اطلاعات شرجیل میمن، پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے سندھی یوم ثقافت پر صوبے میں رہنے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    آصف زرداری نے اپنے پیغام میں پوری دنیا میں سندھی ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باشعور اور مہذب قومیں اپنی ثقافت، تہذیب اور زبان کبھی بھی نہیں بھولتی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ثقافت کی عزت برقرار کیلیے اقدامات کیے اور سندھ نے اپنی تاریخ اور ثقافت کو ہمیشہ مقدس ومقدم رکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ صوفی بزرگوں، علم دوستوں اور بہادروں کی دھرتی ہے۔ امن، پیار، عزت اور بھائی چارہ سندھ کی عظیم تہذیب رہی ہے۔ اہل سندھ ثقافت زندہ رکھنے کے ساتھ  ہر طرح کی شدت پسندی کو جگہ نہ دیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن نسل پرستی، انتہا پسندی اور امتیازی سلوک کے خلاف دن ہے جو ہمیں بغیر کسی تفریق کے تمام روایات اور رسومات کا احترام کرنے کا سبق دیتا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے جو مہمان نوازی، رواداری اور محبت کے جذبوں سے مالا مال ہے۔

  • پاکستان نے کابل میں سفارتخانے پر حملے میں خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی

    پاکستان نے کابل میں سفارتخانے پر حملے میں خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی

    پاکستان نے گزشتہ روز کابل میں اپنے سفارتخانے پر حملے میں اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ نے گزشتہ روز کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر دہشتگرد حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان افغان حکام سے بات چیت کے بعد اس دہشتگرد حملے میں اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتا ہے۔

    اس سے قبل فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا تھا کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ‘مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔‘

    یہ بھی پڑھیں: کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    یاد رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے، تاہم سیکیورٹی گارڈ گولیاں‌ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

  • ملک بھر میں 17 کرونا وائرس کیسز رپورٹ

    ملک بھر میں 17 کرونا وائرس کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 17 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 630 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 75 ہزار 185 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 564 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 704 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار 127 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.25 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 24 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 99 ہزار 826 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 22 لاکھ 8 ہزار 520 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔