Tag: pakistan

  • ’تحریک انصاف نے آزاد کشمیر سے پی پی اور ن لیگ کا صفایا کردیا‘

    ’تحریک انصاف نے آزاد کشمیر سے پی پی اور ن لیگ کا صفایا کردیا‘

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ ہفتے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج اور گزشتہ روز ہونے والے دوسرے مرحلے میں چار اضلاع میں انتخابی نتائج آنے کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق وہاں پیپلز پارٹی اور ن لیگ مکمل تباہ ہوچکی ہیں۔ تحریک انصاف نے بلدیاتی االیکشن میں دونوں جماعتوں کا آزاد کشمیر سے صفایا کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، تحریک انصاف سب سے آگے

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں زبردست کامیابیاں سمیٹیں ہیں۔ کوئی شبہ نہیں کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی الیکشن سے بھاگ رہی ہیں وہ بھی جوتے اتار کر۔

     

  • موٹر ویز کے مختلف حصے شدید دھند کے باعث بند

    موٹر ویز کے مختلف حصے شدید دھند کے باعث بند

    صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز کے مختلف حصے تمام ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون برہان تا صوابی تک دھند کے باعث بند کیا گیا ہے جب کہ ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے۔

    موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ تک اور ایم 5 ظاہر پیر سے اوچ شریف تک تمام گاڑیوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کا ہنا ہے کہ سیالکوٹ موٹر وے بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔

  • کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو انتشار پھیلانے کا مقدمے میں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عبدالستار بگٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اعظم سواتی کے خلاف انتشار پھیلانے کا مقدمے میں عدالت نے انہیں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    خیال رہے کہ اعظم سواتی پر اداروں کے خلاف ٹویٹ اور بیان بازی سے متعلق ملک بھر میں مختلف مقدمات درج ہیں، 2 روز قبل انہیں بلوچستان پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

    وفاقی دارالحکومت میں گرفتاری کے بعد وہ چند روز پولیس کی حراست میں رہے تھے اور ضمانت کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں کوئٹہ لے جایا گیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔

  • کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ

    کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے اور میدانی علاقوں میں ہلکی دھند دیکھی جارہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، دن میں مطلع صاف اور موسم خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک تک رہے گا۔

  • آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، تحریک انصاف سب سے آگے

    آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، تحریک انصاف سب سے آگے

    آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اب تک آنے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سب سے آگے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں 4 اضلاع میں ہونے والے الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 67 نشستوں کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے جن میں پاکستان تحریک انصاف 27 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے ہے۔ ن لیگ نے 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی 15 نشستوں پر کامیاب رہی ہے جب کہ 5 نشستیں آزاد امیدواروں کے ہاتھ آئی ہیں۔

    ضلع باغ کی ضلع باغ کی ڈسٹرکٹ کونسل کی 28 نشستوں میں سے 24 کے نتائج آگئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف 10 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

    آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے 4 نشستیں جیت لی ہیں۔ 3 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ن لیگ کے ہاتھ صرف 2 نشستیں آتئی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ کونسل پلندری کی 18 نشستوں میں سے 14 کے نتائج جاری ہوئے ہیں۔ یہاں بھی پی ٹی آئی 8 نشستوں حاصل کرکے سب سے آگے ہے۔ ن لیگ نے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک نشست جے یو آئی اور ایک پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔

    میونسپل کمیٹی پلندری کی 8 نشستوں کے نتائج جاری ہوچکے ہیں جن میں پی ٹی آئی امیدوار 4 نشستوں پر کامیاب رہے ہیں۔ تین نشستیں آزاد امیدواروں نے حاصل کیں جب کہ ایک ن لیگ کے ہاتھ آئی۔

    ڈسٹرکٹ کونسل ضلع پونچھ کی 29 نشستوں کے نتائج جاری ہوئے ہیں جن میں ن لیگ 9 نشستیں جیت کر آگے جب کہ پی ٹی آئی کے ہاتھ 8 نشستیں آئیں۔ پیپلز پارٹی نے 6 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جموں کشمیر پی پی نے 5 نشستوں پر ہاتھ صاف کیا جب کہ ایک پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

    \میونسپل کارپوریشن راولا کوٹ کی 22 نشستوں کے نتائج جاری ہوئے ہیں جن میں جموں وکشمیر پیپلز پارٹی 7 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے ہے۔ 5 نشستوں پر آزاد امیدوار اور پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 پر کامیابی پائی۔ یہاں پی ٹی آئی اور ن لیگ نے تین تین نشستیں حاصل کی ہیں۔

    ٹاؤن کمیٹی کھایئگلہ کی 11 نشستوں کے نتائج جاری ہوئے ہیں۔ یہاں سے پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف تین تین نشستوں پر کامیاب ہیں آزاد امیدواروں نے 2 جب کہ ن لیگ نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

    میونسپل کمیٹی ہجیرہ کی 7 نشستوں پر بلدیاتی الیکشن کے جاری نتائج کے مطابق پی پی پی اور آزاد امیدواروں نے تین تین نشستیں حاصل کیں یہاں سے پی ٹی آئی کو صرف ایک پر کامیابی ملی ہے۔

    میونسپل کمیٹی عباس پور کی 5 نشستوں کے جاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی تین پر کامیاب ہوئی ہے، پی پی پی اور آزاد امیدوار کے حصے میں ایک ایک نشسست آئی ہے۔

    ڈسٹرکٹ کونسل حویلی کہوٹہ کی 12 نشستوں میں سے 10 کے نتائج جاری ہوچکے ہیں جن میں ن لیگ 5 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے اور پی پی پی 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تحریک انصاف کو یہاں سے صرف ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔

    ٹاؤن کمیٹی حویلی کہوٹہ کی 3 نشستوں میں سے 2 پر ن لیگ اور ایک پر پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ہے۔

  • کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان ہیڈ اف مشن عبید الرحمان نظامانی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ‘مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے، تاہم سیکیورٹی گارڈ گولیاں‌ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

    کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ‌: امریکا اور یواین سیکیورٹی کونسل کی سخت مذمت ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے دو ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

  • جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی، عمران خان

    جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی، عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی۔

    سابق وزیراعظم نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دے کربہت بڑی غلطی کی تھی۔ فوج میں کبھی کسی کو ایکسٹینشن نہیں ملنی چاہیے، ہم نئے نئےاقتدار میں آئے تھے، مسائل بہت تھے اور اس وقت حالات ایسے بنا دیے گئے تھے۔ میں مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ میں فوج کو بھی مضبوط دیکھنا چاہتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پتا ہی نہیں چلا کہ کس طرح مجھے دھوکا دیا گیا اور جھوٹ بولا گیا۔ نیب ان کے ہی کنٹرول میں تھی۔ میں نے کہا تھا سیاسی عدم استحکام آگیا تو کوئی معیشت نہیں سنبھال سکے گا۔ شوکت ترین کو ان کے پاس بھیجا وہ 2 گھنٹے تک بریفنگ دیتے رہے۔ سمجھاتا رہا جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں جائے گا۔ نیب میرے کنٹرول میں نہیں تھا ان کے ساتھ تھا۔ یہ لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ 7 ماہ میں کیا ہوا ہے؟ کیا پارٹی ٹوٹ ہوگئی ہے؟ نہیں بلکہ سات ماہ میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگئی ہے۔ انہوں نے سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ ہم پر7ماہ تک تشدد کیا گیا، 25مئی کو جو کچھ ہوا لگ رہا تھا کہ یہ مقبوضہ کشمیر ہے، جو بھی مجھے آکر ملتا تھا یہ اس کے پیچھے پڑجاتےتھے۔ عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ اصولی طور پر جب نکالا گیا تو مجھے رسوا ہوجانا چاہیے تھا لیکن للہ نے مجھے وہ عزت دی جو میں تصور نہیں کرسکتا تھا۔ انہوں نے جتنا دبایا ہماری پارٹی اتنی ہی اٹھتی گئی۔

    عمران خان نے کہا کہ شوکت ترین سے کبھی کہا گیا کہ بے فکر رہیں آپ کی حکومت برقرار رہے گی۔ 10اپریل کو وہ ہوا جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوا،جب تھری اسٹوجز کی شکلیں عوام نے دیکھیں تو عوام باہرنکل کر ہمارے ساتھ آگئے۔ رجیم چینج کے بعد 13 پارٹیوں نے مل کر پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن لڑا اور وہاں بھی ہار گئے۔ ہارنے کے بعد ان کا مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بن گیا تھا۔ مجھ سے نواز شریف کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

    جس وقت ہم چھوڑ کر گئے ملک اوپر جا رہا تھا۔ یہ بتائیں کہ یہ لوگ اپنے کون سے دور حکومت میں ملک کو اوپر لے کرگئے؟  بنگلا دیش تک ہم سے آگے نکل گیا اس سے زیادہ شرم کی کیا بات ہو سکتی ہے۔ چوروں نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔

    یہ المیہ ہے کہ زرداری کہہ رہا ہے کہ عمران خان نا اہل ہوگا اور نیب کے ذریعتے جیل جائے گا۔ اس کی تو چوری پر دنیا میں کتابیں لکھی ہوئی ہیں۔ میں سندھ کے لوگوں کو آصف زرداری سے آزاد کراؤں گا۔

    سینیٹر اعظم سواتی پر ان کے گھر والوں کے سامنے تشدد کیا گیا۔ ان کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس پر افسوس ہے۔ عدلیہ اس ظلم کو دیکھ رہی ہے لیکن حیرت ہے کہ اس معاملے پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مونس الہٰی کا بالکل علیحدہ تجربہ ہوا ہوگا، ہوسکتا ہے کہ مونس الہٰی کو کہا گیا ہو کہ پی ٹی آئی کے ساتھ چلے جاؤ اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ دوسرے والے کو کہا گیا ہو کہ ن لیگ کے ساتھ چلے جاؤ ہمارے اپنے لوگوں کو الگ الگ پیغام بھیجے جارہے تھے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں۔ یہ باہر سے آکر ملک میں واردات کرتے ہیں پھر مشکل پڑنے پر دوبارہ باہر چلے جاتے ہیں اور این آر او لے کر پھر آجاتے ہیں ان دو خاندانوں کے آنے کے بعد پاکستان بہت پیچھے چلا گیا۔ دوبارہ اقتدار میں آکر انہوں نے اپنے کیسز معاف کرائے، ملک مزید مقروض ہو رہا ہے آخر میں انہوں نے پھر باہر بھاگ جانا ہے۔ ان کو اقتدار میں لانے والے سب سے بڑے قصور وار ہیں۔ پاک فوج واحد ادارہ ہے جو ان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

    اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اگر وہ مارچ یا اس کے آخر تک الیکشن کیلیے تیار ہیں تو ہم رک جاتے ہیں لیکن ہم مارچ سے آگے نہیں جائیں گے۔ اگر مارچ میں نئے الیکشن کا نہ مانے تو اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ ہم 66 فیصد پاکستان میں الیکشن کرانے جا رہے ہیں۔ اگر یہ چاہتے ہیں تو ہم الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتے ہیں۔ بجٹ کے بعد الیکشن کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنے میں حکومت کو کیا دیر لگنی ہے۔ ہمارا فیصلہ ہوگیا ہے۔ پرویزالہٰی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان سے طویل مشاورت ہوچکی ہے اور انہوں نے مجھے اختیار دیا ہے کہ جب چاہیں اسمبلی تحلیل کردیں۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دونوں اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن کرانے ہیں۔ میرا مقصد ہے ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی ہو۔ میری بڑی کمزوری یہ ہے کہ میں لوگوں پر اعتبار کرلیتا ہوں۔ مجھے پوری گیم کا پتا چل گیا کہ نوازشریف سے ان کی بات چل رہی ہے۔

  • کلچر ڈے : جرمن قونصل جنرل کا سندھ کے باسیوں کے نام پیغام

    کلچر ڈے : جرمن قونصل جنرل کا سندھ کے باسیوں کے نام پیغام

    کراچی سمیت سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے, سندھی ثقافتی دن کے موقع پر جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹنز بھی ثقافتی رنگوں میں رنگ گئے۔

    جرمن قونصل جنرل نے سندھی میں سندھ کے تمام باسیوں کو کلچرل ڈے کی مبارکباد دی ہے، ڈاکٹر روڈیگر لوٹنز نے مختلف رنگوں کی سندھی ٹوپی کے ساتھ جرمن پرچم کے رنگوں پر مشتمل سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت اور پاک جرمن دوستی زندہ باد کا بھی پیغام دیا۔

    جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹنز نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوفیوں نے یہاں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بچے، بوڑھے، نوجوانوں اور خواتین کی جانب سے اپنی ثقافت سے محبت بھرپور اظہار کیا جارہا ہے۔

  • سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ نے کہا ہے کہ اگر سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان صدف عبدالجبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست ہے ہی مذاکرات کا نام اس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، عمران خان مشروط مذاکرات کی بات کریں گے تو ایسے میں بات کیسے ہوسکتی ہے؟

    امتیازشیخ نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرتا، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات سے دور بھاگ رہی ہے اورالزامات لگاتی ہے، الزامات پہلے ہی لگادیئے جائیں تو ایسے میں کوئی بات نہیں ہوتی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ متعین ہے پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو آئے بات کرے، معیشت سے متعلق فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں مشکل حالات ہیں لیکن یہ ہمیں ورثے میں ملے ہیں، پی ٹی آئی نے8ماہ سے پورے ملک میں انتشار پھیلایا ہوا ہے،معیشت میں غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے۔

    امتیازشیخ نے کہا کہ پہلے جب ہم الیکشن کا مطالبہ کیا کرتے تھے اس وقت تو عمران خان بھاگتے تھے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ صرف عمران خان کے مطالبے پر الیکشن کرادیں، حکومت نے فیصلہ کرنا ہے الیکشن کس وقت ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے بات کریں تو دوسری طرف اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی دیتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے۔

    امتیازشیخ کامزید کہنا تھا کہ پرویزالٰہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے، سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا۔

  • بلوچستان : کوئلے کی کان سے 6 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

    بلوچستان : کوئلے کی کان سے 6 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 6 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں، آپریشن تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہا۔

    حادثہ ہفتے کی صبح ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ترخ تنگی کی ایک کوئلے کی کان میں پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے کی وجہ کان میں میتھین گیس کی موجودگی کو قرار دیا گیا ہے۔

    گیس دھماکے کے باعث کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور سینکڑوں فٹ گہرائی میں6 کان کن پھنس گئے تھے جو باوجود کوشش کے زندہ نہ بچ سکے۔

    ریسکیو کی ٹیم آکسیجن کے لیے استعمال ہونے والے متبادل راستے سے کان کے متاثرہ حصے تک پہنچی ہے اور دو لاشیں نکال لی گئیں جبکہ اب مزید دو مزید کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریکسیو آپریشن تقریباٗ 8 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پی ڈی ایم اور محکمہ معدنیات کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا، لاشیں متعلقہ اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں جہاں ان کی شناخت نصیب گل، سرفراز، نجیب اللہ ، رحمان اللہ ، غنی رحمان اور باچا کے نام سے کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے، دوسری جانب محکمہ معدنیات کے حکام کا کہنا ہے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، تحقیقات جاری ہیں تمام ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 7 مزدور جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے ضلع اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکے کے وقت کان میں 13 مزدور کام کر رہے تھے۔