Tag: pakistan

  • ’نمبرون سے دوستی اور نمبرون سے دشمنی کرتا ہوں‘

    ’نمبرون سے دوستی اور نمبرون سے دشمنی کرتا ہوں‘

    سینئر سیاست دان شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ذمہ داران سےاپیل کی ہےکہ ملک کوالیکشن کی طرف جانا چاہیے نمبرون سےدوستی اورنمبرون سےدشمنی کرتا ہوں اس وقت جوبھی عمران خان کوچھوڑےگاوہ اپنی سیاست کو دفن کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جو عوام کی سیاست کرتاہےوہ اس وقت عمران خان کوبالکل نہیں چھوڑے گا عمران خان کیساتھ کھڑاہوں کسی ادارےنےمجھےتنگ نہیں کیا الیکشن عید کے بعد ہوں یا پہلے ن لیگ کی سیاست دفن ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اسمارٹ فیصلہ کیا اہم وزارتیں بھی اپنے پاس رکھیں پیپلزپارٹی نےن لیگ کو آگے رکھ کر سیاسی فائدہ اٹھایا ہے۔

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ فوری اسمبلیاں کیوں نہیں توڑ رہے میرا خیال ہے 5،8 دن میں اچھی خبریں آئیں گی اسمبلی ٹوٹنے اورالیکشن کی تاریخ آنےکی دیر ہے پی ڈی ایم کو امیدوار نہیں ملیں گے الیکشن ابھی ہوں یادوماہ بعد پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہوگئی ہے موجودہ حکومت کیساتھ بہت بڑا ہاتھ ہو گیا ہے ان کی سیاست ختم ہوگئی ہے پی ٹی آئی مقبول ہے آئندہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف بڑی مشکل سے باہر گئے ہیں وہ پاکستان واپس نہیں آئیں گے شہبازشریف پہلے اپنے بھائی کو پاکستان لائیں جو بڑے سرمایہ کار ہیں، پردے کے پیچھے الیکشن سے متعلق کام شروع ہو گیا ہے وزیراطلاعات کو اوپر سےجوہدایت ہوتی ہیں وہ اسےکرنا ہوتا ہے کمپنی کی مشہوری کیلئےکل ای سی سی نے 2 ارب روپےکی منظوری دی ہے۔

  • مونس الٰہی نے پرویزالٰہی کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچا دیا

    مونس الٰہی نے پرویزالٰہی کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچا دیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے مونس الٰہی نے والد پرویزالٰہی کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے لاہور زمان پارک میں مونس الٰہی نے ملاقات کی جو سوا گھنٹہ جاری ہی۔

    ملاقات میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنےسےمتعلق تفصیلی مشاورت ہوئی جب کہ عمران خان کاحکومت کو مذاکرات کی پیشکش کےحوالےسےبھی تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں طےپانےوالےاموربھی زیربحث آئے۔ مونس الٰہی نے والد پرویزالٰہی کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچایا۔

    قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور تحلیل کرنے سے متعلق آپشنز پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اسمبلیوں سے باہر آنے کی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف انویسٹی گیشن سیل نعیم اشرف بٹ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 5 ارکان اسمبلی نے اسمبلی تحلیل کرنے پر رائے دی ہے جس میں سے 3 ایم پی ایز نے کہا الیکشن کمیشن پر اعتبار نہ کریں۔

  • کابل میں سفارت خانہ بند کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، دفتر خارجہ

    کابل میں سفارت خانہ بند کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے افغان دارالحکومت کابل میں سفارت خانہ پر حملے کے بعد اسے بند کرنے یا عملہ واپس بلانے کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ کابل میں سفارت خانہ بند نہیں کیا جا رہا، سفارتی عملے کو بھی واپس نہیں بلا رہے، عملے کی سکیورٹی سے متعلق افغانستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔

    ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کابل میں ہیڈ آف مشن پر آج حملہ کیا گیا جس میں سکیورٹی گارڈ زخمی ہوا، افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے واقعے پر شدید احتجاج اور اس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ افغان حکام نے سکیورٹی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی، کابل میں سفارت خانے کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ دیگر سفارتی مشنز کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ نے ہمارے ناظم الامور سے بات کی ہے، افغان وزیر خارجہ نے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، انہوں نے سکیورٹی بہتر بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • ایک دو دن میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹر تعینات ہو جائے گا، ناصر شاہ کا دعویٰ

    ایک دو دن میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹر تعینات ہو جائے گا، ناصر شاہ کا دعویٰ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ایک دو دن میں ایم کیو ایم پاکستان کا ایڈمنسٹر تعینات ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا۔ وفد میں ناصر حسین شاہ اور وقار مہدی شامل تھے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وسیم اختر اور جاوید حنیف سمیت دیگر ارکان نے وفد سے ملاقات کی۔

    ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم مرکز کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہا کہ آج بھی وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے میٹنگ ہوئی، ایم کیو ایم سے بات حتمی تھی کہ ایم کیو ایم سے جو نام آئے گا ان کو ایڈمنسٹریٹر بنایا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے عمران خان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب پاکستان کی سیاست کی خرافات ہیں، لوگ ان کے مارچ میں نہیں آئے، اب انہوں نے نیا شوشہ چھوڑا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کریں گے جو کہ ان سے نہیں ہوگا۔

  • ایم کیو ایم کا سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان

    ایم کیو ایم کا سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی کے حق میں امیدوار دستبردار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ 8 دسمبر کو سینیٹ کا الیکشن ہے اسی لیے ناصر شاہ تشریف لائے ہیں، پی پی کی درخواست پر امیدوار کو دستبردار کروایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ ہے کہ کل اپنے امیدوار کو دستبردار کروالیں گے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وقار مہدی کے حق میں ایم کیو ایم امیدوار دستبردار ہوں گے تو وہ کل ہی سینیٹر بن جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ناصر حسین شاہ نے وقار مہدی کے مقابلے میں کوئی اور امیدوارنہیں تھا، عمران خان حکومت سے نکلنے کے بعد بوکھلائے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مستعفی ہونے کے بعد نشست خالی ہوئی تھی جس پر پولنگ 8 دسمبر میں ہوگی۔

  • کمانڈر امریکی سینٹ کام کی جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد

    کمانڈر امریکی سینٹ کام کی جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد

    کمانڈر امریکی سینٹ جنرل ایرک کوریلا نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد دی ہے۔

    امریکی سینٹ کام کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کمانڈر امریکی سینٹ کام جنرل ایرک کوریلا کی گفتگو ہوئی ہے۔

    دونوں فوجی سربراہان نےدوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنےکا عزم دہرایا، گفتگومیں پاک امریکاسیکیورٹی تعاون کی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ دونوں فوجی افسران کے درمیان گفتگو ویڈیو ٹیلی کانفرنس میں ہوئی۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب اور یواے ای کے سفیروں سے الگ الگ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے الملکی اور متحدہ عرب امارات کےسفیر حمادعبید ابراہیم سالم الزابی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

  • ملک دیوالیہ ہونے کا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دوں گا، شوکت ترین

    ملک دیوالیہ ہونے کا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دوں گا، شوکت ترین

    پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے کا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دوں گا۔

    کراچی میں نیوز کانفرنس میں شوکت ترین نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے یہ ایک غیر ذمے دارانہ بیان ہے۔

    شوکت ترین نے کہا کہ میں ایسا نہیں کہوں گا لیکن معاشی صورتِ حال کے باعث عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ بیرونی قرضے ری شیڈول کرائے، روس کے پاس رعایتی قیمت پر پیٹرول کے لیے دوبارہ جائے اور غریبوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دے۔

    ان کہنا تھا کہ 18 فیصد ایکسپورٹ نومبر میں گر گئیں، آفیشل اور ان آفیشل ڈالر کی قیمت میں فرق ہے، لوگ حوالہ ہنڈی کی طرف جا رہے ہیں۔

  • ’عمران خان سنجیدہ ہیں توکل وزیراعظم ہاؤس آئیں بات کر لیتے ہیں‘

    ’عمران خان سنجیدہ ہیں توکل وزیراعظم ہاؤس آئیں بات کر لیتے ہیں‘

    مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان سنجیدہ ہیں توکل وزیراعظم ہاؤس آئیں بات کر لیتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان کوکس نے کہا ہے کہ انہیں ہم موقع دیں گے بچےجمہور کوجس طرح لگاتےہیں اس طرف لگ جاتاہے۔

    حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان راولپنڈی کیا لینے آئے تھے انہیں تو اسلام آباد جانا تھا وہ راولپنڈی کسی وجہ سے آئے تھے جس کا فائدہ نہیں ہوا، عمران خان کو راولپنڈی میں 15ہزار لوگ نظرآئےاس لیےاسلام آبادنہیں گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو راولپنڈی میں مایوسی ہوئی اسی لیے اسمبلیاں تحلیل کا اعلان کیا عمران خان صرف ڈرانےکی کوشش کرتےہیں کچھ کرتےنہیں ہیں انہوں نے اسمبلیاں تحلیل کرنےکی بات کی لیکن وہ نہیں کریں گے۔

    لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کو منالوں گا آئیں ستمبر میں الیکشن کراتے ہیں لیکن دھمکیاں دے کر، کردارکشی کر کے اپنے مطالبات نہیں منوائےجا سکتے، عمران خان نے دنیا کو بار بار کہا ہےکہ پاکستان ڈیفالٹ پر جا رہا ہے یہ بس پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اگر عمران خان سنجیدہ ہیں توکل وزیراعظم ہاؤس آئیں بات کر لیتے ہیں۔

  • وزیر خارجہ رواں ماہ امریکا کا دورہ کریں گے

    وزیر خارجہ رواں ماہ امریکا کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ کے وسط میں امریکا کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے صدر دفتر کی تقریبات میں شرکت کریں گے، 15 اور 16 دسمبر کو گروپ 77 وزارتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    پاکستان کی صدارت میں گروپ 77 کا یہ آخری اجلاس ہوگا۔ پاکستان نے جنوری 2021 میں گروپ کی قیادت سنبھالی تھی۔ 2023 میں اس کا سربراہ کیوبا ہوگا۔

    کیوبا کو گروپ 77 کی سربراہی سونپنے کی تقریب اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہو گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مرکزی تقریب میں چیئرمین شپ کیوبا کے حوالے کریں گے۔

  • کابل میں‌ پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ، سپاہی زخمی، سفارتی عملے کو واپس بلانے کا فیصلہ

    کابل میں‌ پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ، سپاہی زخمی، سفارتی عملے کو واپس بلانے کا فیصلہ

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور کو نشانہ بنایا گیا فائرنگ سے سپاہی اسرار محمد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتی حکام پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی چہل قدمی کررہے تھے۔۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ عملے کے سپاہی اسرار محمد کے سینے پر تین گولیاں لگی ہیں انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پاکستان کا افغانستان میں موجود سفارتی عملے کو واپس بلانے کا فیصلہ

    سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود سفارتی عملے کو وقتی طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے خصوصی طور طیارہ بھیجا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ آج رات یا کل علی الصبح بھیجا جائے گا، طیارہ زخمی سپاہی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیجیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی کو نشانہ بنایا گیا، انہیں بچاتے ہوئے گارڈ اسرار محمد شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان عبوری حکومت حملے کی تحقیقات کرے، افغانستان میں پاکستانی سفارتی مشن کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    سفارتی مشن پر حملہ باعث تشویش ہے، صدر مملکت

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ناظم الامور محفوظ ہیں، زخمی گارڈ کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ سفارتی مشن پر حملہ باعث تشویش ہے، پاکستانی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا ناظم الامور عبید الرحمان کو ٹیلی فونک رابطہ

    دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سفاتکاروں کی سیکیورٹی بنیادی اہمیت کی حامل ہے سپاہی اسرار محمد کو بہادری پر سلیوٹ پیش کرتا ہوں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔