Tag: Pakistani Air Space

  • فضائی حدود کی بندش : کوالالمپور میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    فضائی حدود کی بندش : کوالالمپور میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : بھارت کی فضائی حدود سے پاکستان آنے والی پروازوں کی بندش کے باعث کوالالمپور میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے دیگرمسافروں کو بھی جلد لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جنگی جنون کے باعث بھارت کی فضائی حدود سے پاکستان آنے والی پروازوں کی بندش کے معاملے پر اے آر وائی نیوز کوالالمپور میں پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گیا۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد کوالالمپور سے پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، اس حوالے سے کنٹری منیجر پی آئی اے کولالمپور کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے150سے زائد مسافروں کو غیر ملکی ایئرلائنز کے ذریعے وطن واپس پہنچا دیا ہے، مزید پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ایک کپتان اور فرسٹ آفیسر سمیت 9 فضائی میزبان کو بھی کل غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے وطن واپس پہنچایا جارہا ہے۔

    پی آئی اے کے ذریعے پاکستان سے آنے والے وہ مسافر  جو وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ پاکستانی سفارت خانے اور پی آئی اے کے کوالالمپور میں دفاتر سے رابطہ کریں۔

    کنٹری منیجر کا کہنا تھا کہ رہ جانے والے مسافروں کو جلد از جلد وطن واپس پہنچایا جائے گا،350سے زائد مسافر27فروری سے پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے پاکستان جانے سے رہ گئے تھے۔

    بھارت کی فضائی حدود سے آنے والے پروازوں کا آپریشن بند ہے، پی آئی اے کوالالمپور نے15اپریل تک ٹکٹوں کی فروخت مکمل طور پر بند کی ہوئی ہے۔

  • کراچی : سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جنوبی ایشیاء کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کھول دی ہے، تاہم بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے والی فضائی حدود تاحال بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان کی جانب سے بند کی جانے والی مشرقی فضائی حدود سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر اعلانیہ طور پر بند کردی تھیں۔

    ان فاضائی حدود کو کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے والی فضائی حدود تاحال بند رہے گی۔

    بھارت سے آنے والی کوئی پرواز پاکستتانی حدود میں داخل نہیں ہوسکے گی، اس حوالے سے سی اے اے نے ائر لائن انتظامیہ کو نوٹم بھی جاری کردیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، رحیم یارخان اور بہاولپور ائیر پورٹ بند رہیں گے۔

    سی اے اے نے بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 11مارچ تک توسیع کردی ہے، پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیں11مارچ دوپہر3بجے تک بند رہے گی۔

    سی اے اے نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کے فعال ہوائی اڈوں پر15مارچ تک جزوی طور پر آپریشن بحال رہے گا جبکہ غیر فعال ائیر پورٹس27فروری سے فضائی آپریشن کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی، تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    یاد رہے کہ دو مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک کے چار ایئر پورٹس پر پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن کی اجازت دی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں مخصوص ایئر پورٹس کی بحالی کا ذکر کیا گیا ہے۔

  • پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    کراچی : پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے، اندرون ملک پروازوں کی روانگی کے بعد بیرون ملک پروازوں کا آغاز آج رات سے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کیلئے بند کردیا گیا تھا ۔

    تاہم گزشتہ روز اسے کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا تھا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے655لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ پرواز پی کے305لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے225لاہورسے رات 12:45پر مسقط کیلئے روانہ ہوگی، لاہور سے دبئی کیلئے پروازوں کا آغاز کل صبح10بجے سے کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی ، تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    پی کے203لاہور سے دبئی کیلئے پیر صبح10بجے روانہ ہوگی، اس کے علاوہ لاہور سے اندورن و بیرون ملک پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی، ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

  • فضائی آپریشن کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے، ایئرمارشل ارشد ملک

    فضائی آپریشن کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے، ایئرمارشل ارشد ملک

    کراچی : سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کارکنان و عملہ فضائی آپریشن کی بحالی کو جلد از جلد مکمل کرے، بیجنگ، کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا فضائی آپریشن ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر معمول کے مطابق جاری ہے، سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پی آئی اے کارکنان و عملہ بحالی آپریشن کو جلد از جلد مکمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران فضائی بندش سے چار سو سے زائد پروازیں اور پچیس ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے، پروازوں کی بحالی کے بعد تقریباً آٹھ ہزار مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ فضائی حدود کی بندش کے دوران کراچی سے مسافروں کو زمینی راستے سے لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد پہنچایا گیا۔

    بیرون ملک مختلف ممالک میں تعینات اسٹاف مسافروں کی سہولیات کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، سی ای او کے مطابق پی آئی اے کی بیجنگ، کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی،  انہوں نے کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں، کم سے کم وقت میں مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچائیں گے۔

  • پاک بھارت کشیدگی : تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    پاک بھارت کشیدگی : تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    کراچی : سرحدوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند کی گئی پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے، ملک کے چار ایئر پورٹس پر پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال کر دی گئیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں مخصوص ایئر پورٹس کی بحالی کا ذکر کیا گیا ہے۔

    ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔ دیگر ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن چار مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔

    مذکورہ ایئر پورٹس میں لاہور، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد اور رحیم یار خان سمیت 22 ایئرپورٹس شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جارہ کردہ نوٹم کے بعد پی آئی اے نجی ایئرلائن سمیت غیر ملکی ایئرلائنز بھی آپریشن شروع کردیا ہے۔

    پروازیں روانہ ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ پی آئی اے کی کوالالمپور، بنکاک اور چائنا کیلئے پروازیں عارضی طور پر آپریٹ نہیں کی جائیں گی جبکہ دبئی، ابوظہبی، مسقط، سعودی عرب، برطانیہ ، یورپ اور کینیڈا کیلئے آپریشن معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

  • پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ملک بھرکے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    فضائی حدود بند ہونے سے ملکی وغیر ملکی تمام ایئرلائنزکا آپریشن معطل رہے گا، سول ایوی ایشن کے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی رات12بجے تک بند رہے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھی پاکستان آنے والی تمام پروازیں معطل ہیں، سعودی عرب، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ جانے والی پروازیں بھی معطل رہیں گی۔

    اس کے علاوہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن بھی معطل رہے گا، اس سلسلے میں تمام ایئرلائنز نے فضائی حدود بند ہونے سے متعلق اپنے مسافروں کو آگاہ کردیا۔

  • بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    اسلام آباد: موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان ایئر اسپیس کل رات 12 بجے تک کے لیے بند کردی گئی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا باقاعدہ ناٹم جاری کردیا۔ تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنوں کو ناٹم کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے۔

    لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنوں نے مسافروں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔

    دوسری جانب پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751 اور اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پی کے 701 روکی ہوئی ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور سے دلی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 270 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔