Tag: pakistani-ambassadors

  • بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت میں تعینات ناظم الامور سمیت بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی، منظوری وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سفارشات پر دی گئیں۔

    فیصل نیاز ترمذی کو متحدہ عرب امارات میں سفیر تعینات کیا گیا ہے، رضا بشیر تارڑ جاپان میں، عاصم افتخار احمد فرانس میں اور عائشہ فاروقی کو آئر لینڈ میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    علی جاوید اٹلی میں، آصف میمن ہنگری میں، جنید یوسف ترکی میں اور عامر آفتاب قریشی یونان میں سفیر تعینات کیے گئے ہیں۔

    آفتاب حسن کو ہائی کمشنر برائے جنوبی افریقہ تعینات کیا گیا ہے، آفتاب خان اس وقت بھارت میں پاکستانی ناظم الامور ہیں۔ ان کی جگہ سلمان شریف دہلی میں ناظم الامور کے فرائض سر انجام دیں گے۔

    فواد شیر جدہ میں او آئی سی میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب ہوں گے۔

  • امریکا، برطانیہ اور یورپی ملکوں کیلئے پی آئی اے کے  فضائی آپریشن کی بحالی، پاکستانی سفیروں کیلئے اہم ٹاسک

    امریکا، برطانیہ اور یورپی ملکوں کیلئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی بحالی، پاکستانی سفیروں کیلئے اہم ٹاسک

    کراچی: مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کو پی آئی اے کی امریکا، برطانیہ اور یورپی ملکوں کی پروازوں کا آپریشن بحال کرانے کے لیے ٹاسک دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے امریکا، برطانیہ ، یورپی ملکوں میں فضائی آپریشن کے معاملے پر بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کو آپریشن بحال کرانے کے لیے ٹاسک دے دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل کو پی آئی اے کے یورپی ملکوں کی فضائی آپریشن کے لیے یورپی یونین سے رابطہ تیز کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر آئندہ پیر سے سے پی آئی اے کی پروازوں کو بحال کرنے سے متعلق یورپی یونین کے حکام سے ملاقات کریں گے۔

    پی آئی اے سی ای او ایرمارشل ارشد ملک اور جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے، جس میں ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے ملکوں میں فوری طور فضائی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    اس سے قبل یورپی یونین کی جانب سے پابندی کے معاملے پر پی آئی اے نے یورپی یونین ا یئر سیفٹی ایجنسی ایاسا سے رابطہ کیا تھا اور کہا اکاؤ نےسی اے اے پر سگنیفیکنٹ سیفٹی کنسرن ختم کردیا، یورپ اور برطانیہ جانے والی پروازوں سے پابندی ختم کی جائے۔

    پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اکاؤ کی رپورٹ کے بعد یورپی سیفٹی ایجنسی پی آئی اے پر نظر ثانی کرے تاکہ پی آئی اے بر طانیہ اور یورپ کے لئے فلائٹ آپریشن دو بارہ سے شروع کر سکے۔