Tag: Pakistani Consulate

  • امارات سے وطن واپسی کے خواہشمند غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ نہ خریدیں: پاکستانی قونصل جنرل

    امارات سے وطن واپسی کے خواہشمند غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ نہ خریدیں: پاکستانی قونصل جنرل

    دبئی: پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا ہے کہ وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانی صرف پی آئی اے کے کاؤنٹر سے ٹکٹ حاصل کریں اور غیر معتبر ذرائع سے ٹکٹ خریدنے سے پرہیز کریں۔

    دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے جو فلائٹس مختص کی ہیں ان کا ٹکٹ صرف پی آئی اے کاؤنٹر سے ہی حاصل کیا جائے۔

    قونصل جنرل نے کہا کہ پی آئی اے نے کراچی کے لیے اکانومی کلاس کا کرایہ 810 درہم، بزنس کلاس کے لیے 19 سو درہم، پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کے لیے اکانومی کلاس کا کرایہ 11 سو 20 درہم اور بزنس کلاس کے لیے 22 سو درہم رکھا ہے، اس رقم کے علاوہ مزید کوئی اضافی رقم نہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات آرہی ہیں کہ کچھ ایجنٹ اضافی پیسے وصول کر کے ٹکٹ فروخت کر رہے ہیںِ، ایسے افراد کو کوئی اضافی رقم نہ دی جائے۔

    قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایجنٹ دبئی یا شمالی امارات میں پی آئی اے کے ٹکٹ فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہے چنانچہ کسی بھی شخص سے ٹکٹ نہ خریدیں۔

    ان کے مطابق ٹکٹ صرف پی آئی اے کاؤنٹر سے ایشو ہوگا، خود وہاں جائیں اور ٹکٹ خرید کر نقد یا کارڈ سے ادائیگی کریں۔ اس کے علاوہ نہ تو کسی شخص کو پیسے دیں اور نہ کسی کو رقم آن لائن ٹرانسفر کریں۔

    قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کاؤنٹر پر بھی اگر کوئی شخص کہے کہ وہ ایمبسی یا قونصلیٹ کا نمائندہ ہے تو یاد رکھیں کہ ہماری طرف سے ایسا کوئی نمائندہ وہاں نہیں بھیجا گیا۔ اسی طرح اگر لائن میں آگے لگوانے کے لیے بھی کوئی شخص رقم کا تقاضا کرتا ہے اور آپ اس کو رقم دے دیتے ہیں تو نقصان کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔

    انہوں نے اپیل کی کہ ایسے افراد کے بارے میں پولیس، پی آئی اے انتظامیہ یا قونصلیٹ عملے کو اطلاع کریں جو غیر ضروری طور پر رقم کا تقاضہ کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات سے وطن واپسی کے لیے اب تک 70 ہزار پاکستانی، دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ میں اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

  • بھارت اپنے جھوٹ سے سچ کو نہیں چھپاسکتا، پاکستانی قونصلر

    بھارت اپنے جھوٹ سے سچ کو نہیں چھپاسکتا، پاکستانی قونصلر

    نیو یارک : اقوا م متحدہ میں پاکستانی قونصلر نے بھارت کو تیسرا جواب دے دیا۔ پاکستانی قونصلر ٹیپو عثمان نے کہا کہ بھارت اپنے مسلسل جھوٹ سے سچ کو نہیں چھپاسکتا۔ مسئلہ کشمیر پربھارت دنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکناچاہتاہے۔

    دنیا کی نظروں سے مقبوضہ کشمیر کا انسانی المیہ نہیں چھپ سکتا، خواتین سمیت کشمیریوں کو نابینا کرنا دنیاسے چھپانا ممکن نہیں ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری،اور بزرگوں کا قتل عام کررہی ہے۔

    نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر بھارت نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حربےاورچالیں کشمیر کےحالات نہیں بدل سکتے، مقبوضہ کشمیر کااصل مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد ہے۔

    بھارت کشمیر پراقوام متحدہ کی قرارداد پرعمل نہیں ہونے دے رہا، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال بند کرائے۔

    ٹیپو عثمان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ بھارت کا اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد نہ کرانا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے لاتعداد ثبوت ہیں، کشمیری آزادی کیلئے سینوں پر گولیاں کھا کر شہید ہورہےہیں۔

    پاکستانی قونصلر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت تحریک طالبان اور جماعت الاحرار کو فنڈنگ کررہاہے، یہ دونوں کالعدم تنظیمیں پاکستان میں دہشت گردی کررہی ہیں، دنیا جان گئی ہے کہ ٹی ٹی پی،جماعت الاحرارکے پیچھے بھارتی ہاتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کانشانہ بنایاگیا، بھارت دہشت گردی کی فیکٹریاں بنارہاہے، کلبھوشن یادیو اوراس کے ساتھیوں کو قانون کےکٹہرے میں لائیں گے۔

    پاکستانی قونصلر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے، کشمیریوں پرظلم وجبر میں ملوث بھارت ایک تصویر کے پیچھے چھپنا چاہتا ہے۔