Tag: Pakistani embassy

  • جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ کیا جس کے بعد 2 افغان شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، 8 سے 10 افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے اندر جانے کی کوشش کی۔

    افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی عمارت پرپتھراؤ بھی کیا، جرمن حکام نے افغان شہریوں کو قونصل خانے کے سامنے احتجاج کی اجازت دی تھی۔

    جرمن پولیس نے اس واقعے کے بعد 2 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے، جرمن پولیس حکام ویڈیوز کی مدد سے مزید مظاہرین کی شناخت کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستانی سفارتی حکام نے برلن میں جرمن وزارت خارجہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے، جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • اٹلی کشتی حادثہ : درجنوں پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئیں

    اٹلی کشتی حادثہ : درجنوں پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئیں

    اسلام آباد : پاکستانی سفارت خانے نے اٹلی میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ساحل کے قریب غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پر ترجمان پاکستانی سفارت خانے نے اہم بیان جاری کردیا۔

    اٹلی میں پاکستانی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ اطالوی ساحل کے قریب کشتی پر سوار تارکین میں پاکستانی بھی تھے،کشتی ڈوبنے سے28پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، مبینہ طور پرکشتی پر40پاکستانی سوارتھے۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹلی کے ساحل کے قریب ہونے والے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی موجودگی پر نظر ہے، روم میں پاکستانی سفارتخانہ مزید حقائق جانننے کیلئے اطالوی حکام سے رابطے میں ہے۔

    مزید پڑھیں : اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی کو خوفناک حادثہ، 46 ہلاک

    واضح رہے کہ لیبیا سے اٹلی آنے والے تارکین وطن کی کشتی اٹلی کے ساحل شہر کروٹون کے قریب ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 46تارکین وطن ہلاک ہوگئے، ڈوب کر ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں، کشتی میں 250افراد سوار تھے، حادثہ سمندر میں طغیانی کے باعث پیش آیا۔

  • کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان ہیڈ اف مشن عبید الرحمان نظامانی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ‘مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے، تاہم سیکیورٹی گارڈ گولیاں‌ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

    کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ‌: امریکا اور یواین سیکیورٹی کونسل کی سخت مذمت ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے دو ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

  • سعودی عرب میں رہائش پذیر بے روزگار افراد کے لیے روزگار کا سنہری موقع

    سعودی عرب میں رہائش پذیر بے روزگار افراد کے لیے روزگار کا سنہری موقع

    اسلام آباد : پاکستانی سفارت خانے نے بے روزگار سعودی اقامہ ہولڈرز کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، سفارتخانہ کی زیر نگرانی مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے انٹرویو لیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں رہائش پذیر بے روزگار افراد کے لیے روزگار کا موقع آگیا، بے روزگار افراد کا 2 ستمبر 2021 کودن 3 بجے دوپہر خصوصی انٹرویو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایکسپائر اقامہ ہولڈرز بے روزگار افراد کو سفارت خانہ پاکستان آنے کی ہدایت کی ہے، سفارتخانہ کی زیر نگرانی مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سےانٹرویو لیےجائیں گے۔

    اس دوران کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں ہیں۔

    خیال رہے سعودی عرب نے مکمل ویکسینیشن والے افراد کو داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کے بعد وہ تمام ممالک جن پرعارضی پابندی تھی وہ اب سعودی عرب جاسکیں گے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کا فیصلہ آئندہ ماہ سے نافذالعمل ہونے کاامکان ہے ، تاحال فلائٹس روانگی کی حتمی تاریخ کا تعین نہ ہوسکا تاہم مسافروں کو تمام حفاظتی تدابیرکی پابندی برقراررکھنا ہوگی۔

  • کابل : پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھگدڑ مچنے سے 15افراد جاں بحق

    کابل : پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھگدڑ مچنے سے 15افراد جاں بحق

    کابل : جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کے قریب اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث 15افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والے افراد ویزا کے حصول کیلئے موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی سفارت خانے کے قریب اسٹیڈیم میں اچانک بھگڈر مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11خواتین سمیت 15افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قونصلیٹ کے باہر مذکورہ اسٹیڈیم میں ہزاروں افراد ویزے کی درخواست دینے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیاجب وہاں موجود لوگ باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے تو اچانک بھگدڑ مچی اور افرا تفری میں کئی افراد ایک دوسرے پر گر کر کچلے گئے۔

    کابل : جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کی انتظامیہ نے اسٹیڈیم میں بھگدڑ سے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے سے ویزوں کا اجرا جاری رہے گا۔

    اپنے جاری بیان میں سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ جلال آباد ،مزارشریف، قندھار اور ہرات میں تمام سفارت خانے اپنا کام بدستور جاری رکھیں گے، افغانیوں کو کاروبار، تعلیم، طبی بنیادوں اور خاندان سے ملنے کیلئے ویزے جاری کیے جاریے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی سفارتخانہ نے افغان عوام کی سہولت کیلئے ملٹی پل انٹری ویزہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے،  پاکستانی قونصل خانے نے سات مہینے کے وقفے کے بعد ایک ہفتہ پہلے ویزے کے اجراء کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

     

  • افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری

    افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری

    کابل : افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اسلحہ بردار افغان انٹیلی جنس حکام سفارت کاروں کو ہراساں کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے عملہ کو سول کپڑوں میں ملبوس نامعلوم مسلح افراد ہراساں کررہے ہیں، جبکہ ان کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹ ڈالی جارہی ہے جس کے باعث عملہ خوف کا شکار ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا یہ سلسلہ گزشتہ 5روزسے جاری ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی سے ایک اسلحہ بردار شخص اترتا ہے، اس نقاب پوش اسلحہ بردار کو پاکستانی سفارت کاروں کی گاڑی کے پاس دیکھا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ گزشتہ کچھ روز سے کابل میں پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں پاکستان افغان حکومت کو اپنی تشویش سے باظابطہ طور پر آگاہ کرچکا ہے، انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پاکستانی سفارت خانے کے عملے کی حفاظت یقینی بنائے۔

    مزید پڑھیں : جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی دھماکا، 6 زخمی

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افغان حکومت نے پاکستان میں افغان سفیر سے ناروا سلوک کا الزام عائد کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے افغان مؤقف کو مسترد کیا گیا ہے۔

  • افغان پولیس کی موجودگی میں مشتعل افراد کا پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا

    افغان پولیس کی موجودگی میں مشتعل افراد کا پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا

    کابل : پاکستان آنے کے خواہش مند افغانیوں نے پولیس کی موجودگی میں پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا، مقامی پولیس تمائشائی بنی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے پر افغان شہریوں نے دھاوا بول دیا، سفارت خانے کے باہر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پایا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ افغان حکومت پاکستانی سفارت خانے کی حفاظت سے غافل نکلی،، افغانیوں نے افغان پولیس کی موجودگی میں سفارت خانے پر دھاوا بولا تھا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانہ یومیہ 2 ہزار ویزے جاری کرتا ہے، سفارت خانے پر دھاوا پاکستان آنے کے خواہش مند افغانیوں نے بولا تھا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے معاملے میں دخل اندازی کرنے پر سفارت خانے کے باہر احتجاج شدت اختیار کرگیا، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ویزوں کے اجراء میں تیزی اور زیادہ کاؤنٹر بنائیں جائیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں پولیس نے پاکستان قونصلیٹ میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنائی تھی، افغان خاتون بیگ میں ہینڈ گرینیڈ لے کر پاکستانی قونصلیٹ پہنچی تھی جسے پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی قونصلیٹ مزار شریف عارضی طور پر بند کرکے افغان حکام سے پاکستانی سفارت خانے کی فول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔

  • جلال آباد قونصل خانے کی بندش، افغان حکام نے پاکستانی مؤقف تسلیم کرلیا

    جلال آباد قونصل خانے کی بندش، افغان حکام نے پاکستانی مؤقف تسلیم کرلیا

    اسلام آباد : افغان حکام نے گورنر ننگرہار کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف کو تسلیم کرلیا، پاکستانی عملے کو سیکیورٹی کی مکمل فراہمی کے بعد ہی سفارت خانہ کھولا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ بند کرنے کے معاملے پر پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے افغان وزارت خارجہ حکام سے ملاقات کی ہے، پاکستان نے افغان حکام کو دو ٹوک مؤقف سےآگاہ کردیا۔

    اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری سے ملاقات میں پاکستانی حکام کا مؤقف تھا کہ ننگرہار کے گورنر نے پاکستانی قونصل خانے پردھاوا بولا جو قابل مذمت ہے۔

    اس موقع پر افغان حکام کی جانب سے پاکستانی مؤقف کا برملا اعتراف کیا گیا، افغان حکام نے ننگرہار کے گورنر کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کےتحفظات درست ہیں، گورنرکو ایسااقدام نہیں کرنا چاہئے تھا۔

    دوسری جانب پاکستانی وزارت خارجہ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پاکستانی توقعات کے مطابق اور جواب مثبت ہونے پر ہی جلال آباد میں قونصل خانہ کھولا جائے گا، پاکستانی حکام کو افغان وزارت خارجہ حکام کے جواب کا انتظار ہے۔

    مزید پڑھیں: گورنر کی مداخلت پر پاکستان نے جلال آباد میں قائم سفارت خانہ احتجاجاً بند کردیا

    سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستانی حکام کی جانب سے قونصل خانہ کی سیکیورٹی سے متعلق متبادل تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    مزید پڑھیں: شہریوں کے تحفظ کی خاطر جلال آباد قونصل خانہ بند کیا، وزیر خارجہ

    یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم سفارت خانہ گورنر ننگر ہارحیات اللہ حیات کی کی بے جامداخلت کرنے پر احتجاجاً بند کردیا تھا، سفارتی عملے نے مکمل سکیورٹی کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔

  • ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں‌ جشن آزادی کی تقریب

    ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں‌ جشن آزادی کی تقریب

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے تحت وطن عزیز کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں رنگا رنگ کلچرل اینڈ کلاسیکل میوزک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سے آئے ہوے پٹیالہ گھرانے کے گلوکار استاد حامد علی خان نے گائیکی کا اشاندار مظاہرہ کیا۔

     

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستان کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ثقافتی شو کا انعقاد کیا گیا۔

    سفارت خانے کے کنگ فہد کلچرل سینٹر کے خوبصورت ہال میں اس تقریب کا آغاز ہوا تو رنگ برنگی روشنیوں نے لوگوں کا استقبال کیا اور دوسری جانب ایسے رنگ بکھرے کہ لوگ داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

    ثقافتی شو میں گلوکار استاد حامد علی خان نے قومی ترانے گائے جس پر حاضرین جھومتے اور داد دیتے رہے، استاد حامد علی خان اسٹیج پر آئے توان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

    اس موقع پر کھانے پینے کے اسٹالوں کے علاوہ چوڑیوں، کاسمیٹکس اور مہندی کے اسٹالوں نے بھی خوب رنگ جمایا اور پاکستانی چٹ پٹے کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

    سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے تمام اسٹالوں کا دورہ کیا اور ویلفئیر اتاشی عبدالشکور شیخ نے تمام اسٹالوں کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔

    پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا،اس موقع پر ریاض شہر کے نوجوانوں کے میوزیکل بینڈ نے پاپ میوزک کے گانے پیش کیے اس کے بعد پاکستان سے آئے نایاب علی خان نے گائیکی کے ایسے شاندار سر چھیڑے کہ ہال میں بیٹھے ہر فرد نے دل کھول کر داد دی۔

  • ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد ہوگا

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد ہوگا

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد کیا جائے گا جس میں کلاسیکل استاد حامد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں 21 اکتوبر کو رنگا رنگ کلچرل اینڈ میوزیکل شو منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں ہزاروں پاکستانی شرکت کریں گے شو کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    یہ میوزیکل ایونٹ سفارت خانہ پاکستان کے تحت پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے دارالحکومت ریاض کے کنگ فہد کلچرل ہال میں منعقد ہوگا جہاں پاکستانی ثقافت کے رنگ نمایاں ہونگے وہیں پر معروف پاکستانی کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے سفیر اور سعودی حکومت کے اعلی حکام بھی شرکت کریں گے، اس حوالے سے سفارت خانہ پاکستان کے کیمونٹی ویلفئیر اتاشی محمود لطیف کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔