Tag: pakistani-flags

  • مقبوضہ کشمیر میں بھی کئی مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے

    مقبوضہ کشمیر میں بھی کئی مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے

    سرینگر: بھارتی فورسز کے ہاتھوں غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے جموں و کشمیر کے لوگ بھی آج پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام آج پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔

    بڑی تعداد میں بھارتی فورسز، پولیس اہل کاروں، ڈرونز اور نگرانی کے سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے سرینگر، بارہمولہ، بڈگام، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام اور خطہ جموں کے کئی علاقوں میں 14 اگست کی آدھی رات کو پاکستان سے محبت کے اظہار میں پاکستانی پرچم لہرائے۔

    کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے بھی لگائے۔

    کشمیریوں نے سرینگر میں بھی پاکستان کے یوم آزادی پر بھارتی افواج کی طرف سے جوابی کارروائی کے خوف کے بغیر اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے پٹاخے پھوڑے، باوجود یہ کہ بھارتی فورسز نے کل بھارت کے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاؤنی اور ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

    نوجوانوں نے بارہمولہ اور بڈگام کے علاقوں میں وہ بھارتی جھنڈے بھی جلائے جو بھارتی حکام نے انھیں زبردستی دیے تھے، واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

    حریت رہنما عبدالحمید لون نے بھی ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے، نوجوانوں نے پاکستانی پرچم کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے، انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت ختم نہ کر سکا۔

  • کرتار پورراہداری ، بھارتی سکھوں نے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا دیئے

    کرتار پورراہداری ، بھارتی سکھوں نے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا دیئے

    جالندھر : کرتارپور راہداری کھولنے کی خوشی میں بھارتی سکھوں کے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا نے کی  ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہدری کھولنے کا فیصلہ کرکے بھارت سمیت دنیا بھرمیں مقیم سکھوں کے دل جیت لئے ہیں ، سکھ برادری کرتارپورراہداری کھلنے پر خوش اور عمران خان کی شکرگزار ہے۔

    بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر کے ایک محلے میں سکھوں نے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم لہرا دئیے، جس کے بعد پاکستانی پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی جبکہ مودی سرکارعمران خان کی مقبولیت سے خائف ہیں۔

    اس سے قبل امرتسرمیں بھی عمران خان کے اقدام کی بھرپور پذیرائی ہوئی تھی اور شہرمیں شکریہ عمران خان کے بل بورڈز آویزاں کردیئے گئے تھے ، بعد ازاں عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلائی مودی سرکارنے بل بورڈزہٹوادئیے تھے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کی بھارت میں دھوم مچ گئی

    دوسری جانب سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کرتارپورراہداری سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ کرتارپورماڈل پاکستان اوربھارت کے تنازعات حل کرنے میں مدد کرے گا، خوشحال مستقبل کے لئے امن ہی واحد راستہ ہے۔

    یاد رہے ننکانہ صاحب میں کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب 9نومبر کو ہوگی ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب میں شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا۔

  • خیبرپختونخوا سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ

    پشاور : محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پرپاکستان کاجھنڈابنانےکافیصلہ کرلیا اور تمام اسکولوں کےپرنسپلز،ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ ٹیچرز کو جلد عمل کرنے ہدایات کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبےکےسرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ کرلیا ، جھنڈےکےاوپر’’ہم پاکستانی، وی آر پاکستانی‘‘بھی لکھاجائے گا جبکہ جھنڈےکےساتھ ہی محکمہ تعلیم خیبرپختونخواکا لوگو بھی بنایاجائے گا۔

    ڈائریکٹرایجوکیشن خیبرپختونخوا نے ایجوکیشن افسران کومراسلہ جاری کردیا ، جس میں تمام اسکولوں کےپرنسپلز،ہیڈ ماسٹرزاورہیڈ ٹیچرز کو جلد عمل کرنے ہدایات کی گئی ہے۔

    مشیرتعلیم خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اقدام سےطلبامیں وطن سے محبت کا جذبہ مزید بڑھے گا، ’’ہم پاکستانی‘‘کا پیغام صوبے کے ہر گھر تک جائے گا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اور کہا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل25(اے) کے تحت 8سے لے کر16سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اس سال داخلہ مہم میں آٹھ لاکھ بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا اوراس سلسلے میں ایجوکیشن آفسران سے باقاعدہ بریفنگ بھی لی جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب، جدہ کو پاکستانی جھنڈوں سے سجا دیا گیا

    وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب، جدہ کو پاکستانی جھنڈوں سے سجا دیا گیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی آمد کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت جدہ کی  اہم شاہراہوں، چوراہوں کو  پاکستان کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، عمران خان کی آمد پر سعودی عرب کے دارالحکومت جدہ کو پاکستان کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا۔

    سعودی حکومت کی جانب سے پہلی بار جدہ کی اہم شاہراہوں، چوراہوں پر پاکستانی اور سعودی پرچم لہرا دیئے گئے۔

    وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جبکہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزرا اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم مدینہ منورہ میں زیارت اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

    سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم بدھ کی شام وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد وزیراعظم کا ایئرپورٹ پراستقبال کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔