Tag: Pakistani Food

  • پاکستانی کھانوں کے لیے اسپیشل فلائٹ لیکر جاتا ہوں: خبیب

    پاکستانی کھانوں کے لیے اسپیشل فلائٹ لیکر جاتا ہوں: خبیب

    روس سے تعلق رکھنے والے یو ایف سی کے سابق چیمپئن خبیب نورماگومیدوف بھی پاکستانی کھانوں کے شوقین نکلے۔

    یو ایف سی کے سابق چیمپئن خبیب نورماگومیدوف نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کی کامیابی کا راز پاکستانی کھانے ہیں۔

    روسی مارشل آرٹسٹ کا کہنا ہے پاکستانی کھانے لاجواب ہیں، یہی میری کامیابی کا راز ہیں، روس سے سان فرانسسکو خصوصی پرواز لیکر جاتا ہوں تاکہ پاکستانی کھانے کھا سکوں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک بار صرف سان فرانسسکو کے اپنے پسندیدہ پاکستانی ریسٹورنٹ ’چٹنی‘ سے کھانا کھانے کے لیے امریکا میں سستی اکانومی فلائٹ پر سوار ہوئے، لیکن عملے سے بحث کے بعد انہیں جہاز سے اتار دیا گیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News Urdu (@urdu.arynews.tv)

    خبیب نے بتایا کہ ’چٹنی‘ ریسٹورنٹ رات 9 یا 10 بجے بند ہو جاتا ہے، اس لیے میں وقت پر وہاں پہنچنے کے لیے اکانومی کلاس میں سفر کرنے کا فیصلہ کیا تاہم میرا ساتھی اس پر راضی نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ خبیب نورماگومیدوف، روس کے مسلم اکثریتی علاقے داغستان سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے قزاقستان میں ’ایم ایٹ‘ کے نام سے فاسٹ فوڈ چین شروع کی ہے، جو اپنے منفرد سینڈوچز کی وجہ سے شہرت رکھتی ہے۔

  • ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے خطیر رقم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کے حوالے کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق نے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ووہان میں مقیم پاکستانوں کے لیے تیار کھانا ارسال کر رہا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبا کے لیے 14 ٹن تیار کھانا ارسال کیا جائے گا، کھانا لے کر جہاز جمعہ کے روز اسلام آباد سے ووہان روانہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق وزارت اوور سیز نے طلبا کے کھانے کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں، رقم کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضال کے حوالے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ووہان میں موجود طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن چین میں موجود ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔