Tag: Pakistani Pilgrims

  • پاکستانی حجاج کرام کی واپسی آج سے شروع ہوگی

    پاکستانی حجاج کرام کی واپسی آج سے شروع ہوگی

    کراچی: سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی واپسی آج سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ سے رخصت ہونے لگے ہیں، پاکستانی حجاج کرام کی واپسی آج سے شروع ہوگی۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ جدہ ایئر پورٹ سے پہلی 3 حج پروازوں کے ذریعے 693 حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے، پہلی حج پروازیں جدہ سے کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد پہنچیں گی۔

    جدہ سے حج فلائٹ آپریشن 20 جولائی تک جاری رہے گا، حجاج کرام کی مکہ سے مدینہ روانگی کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، 38 ہزار حجاج کرام کو مدینہ منورہ بھجوایا جائے گا، اور مدینے سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔

  • خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے دوران پاکستانی زائرین کے لیے پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی جانب سے خواتین گائیڈ تعینات کی گئی ہیں جبکہ خاص طور پر متعدد سہولیات کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے تحت عازمین حج کی رہنمائی کےلیے خواتین گائیڈ بھی تعینات کی گئی ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے باہر خواتین گائیڈ نماز جمعے کے بعد اپنے فرائض غیر معمولی لگن اور جانفشانی سے ادا کررہی ہیں۔

    پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق سیزنل ڈیوٹی اسٹاف کی ٹیمیں ایک حکمت عملی کے تحت مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے باہر پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے تعینات ہیں۔

    پاکستانی گائیڈز مسجد الحرام سے عازمین کو ان کی رہائش تک پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں، ان کے مقرر کردہ بس اسٹاپ اور رہائشی سیکٹر تک پہنچانے میں معاونت کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ مسجد الحرام کے اطراف پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے 50 سے زائد گائیڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے گائیڈ عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔

    رہائشی سیکٹرز سے پاکستانی عازمین کو 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں، حج سے قبل عازمینِ حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی۔

    مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کے لیے انتظامی لحاظ سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس اسٹاپس بنائے گئے ہیں۔

  • سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے رواں برس کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھا دیا جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دینے کی تجویز تسلیم کرلی۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُن کی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے حج کوٹہ بڑھانے کا اعلان کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے رواں برس حج کوٹہ 1 لاکھ 84 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کردیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ عادل الجبیر کو فون کر کے اُن کا اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: قومی حج پالیسی 2019 منظور، سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ، سہولیات پر سمجھوتا نہ کرنے کا اعلان

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ سروس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے دورہ پاکستان کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ سعودی پاکستانی حجاج کو آسان سہولیات فراہم کرے تاکہ سب آسانی کے ساتھ فریضہ مقدس ادا کرسکیں۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ پاکستانی حجاج کو ویزہ اُن کی دہلیز پر ہی مل جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ای ویزہ سروس لاہور اور اسلام آباد میں شروع کی جائے گی بعد ازاں کراچی میں بھی اسے شروع کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسری بار عمرے پر جانے والے کو 2 ہزار ریال اضافی ادا کرنا ہوں گے، وفاقی وزیر

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں ای ویزہ فراہم کیا جائے کیونکہ سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر انتظار میں بہت زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔