Tag: pakistani return

  • پی آئی اے پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پی آئی اے پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    کراچی : پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے 2400 سے زائد ہم وطنوں کو واپس وطن لایا گیا۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی 27خصوصی پروازوں کے ذریعے چوبیس سوسے زائد پاکستانیوں کو وطن پہنچایا جاچکا ہے، بیرون ملک سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کے ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

    عالمی وبا کی وجہ سے وطن سے دور رہنے والے پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور عقیدت کا اظہار بھی اپنی جگہ خاص حیثیت رکھتا ہے، یہ نظارے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر اس وقت دیکھنے میں آئے جب ہم وطنوں کی وطن واپسی ممکن ہوئی

    پی آئی اے قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے 27خصوصی پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد ہم وطنوں کو پہنچایا گیا ہے اور مزید واپسی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    پی آئی اے نے برطانیہ، انڈونیشیا کے شہر جکارتہ، دبئی، ترکی سمیت دیگر ممالک سے ہم وطنوں کو واپس پہنچایا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے کا عملہ اس وقت مشکل وقت میں بہادری سے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

  • سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خوشخبری

    سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خوشخبری

    کراچی : سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق مسافروں کیلئے خوشخبری آگئی، ایئرمارشل ارشد ملک کی ذاتی کاوششوں کی وجہ سے 18مارچ تک کی خصوصی اجازت دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر سعودی عرب نے تمام بین الاقوامی پروازوں کے آنے اور جانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں عمرہ زائرین اور وہاں موجود پاکستانی پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    اس حوالے سے ایئرمارشل ارشد ملک نے ذاتی طور پر سعودی ایوی ایشن سے درخواست کی تھی کہ انہیں کچھ دن کیلئے پروازوں کی اجازت دی جائے جس پر سعودی ایوی ایشن جی اے سی اے نے پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے خصوصی اجازت دے دی۔

    پی آئی اے کے پاکستان سے خالی جہاز (فیری فلائٹس) جدہ اور مدینہ لینڈ کرسکیں گے، ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو 18مارچ تک کی خصوصی اجازت دی گئی ہے، پی آئی اے جدہ اور مدینہ میں وطن واپسی کے منتظر عمرہ زائرین اور مسافروں کو 18مارچ تک کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔

    پی آئی اے آج سعودی عرب پر لگنے والی پابندی کے باوجود 1800لوگوں کو لے کر پرواز پاکستان کیلئے روانہ ہوگی، پی آئی اے نے سعودی عرب میں ایئرپورٹس کی بندش سے پہلے 22پروازیں آپریٹ کی ہیں جن کے ذریعے 6ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن پہنچایا ہے۔

  • وزیر اعظم کی کوششوں سے ملائیشیا میں محصور سیکڑوں پاکستانیوں کی وطن واپسی

    وزیر اعظم کی کوششوں سے ملائیشیا میں محصور سیکڑوں پاکستانیوں کی وطن واپسی

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے ملائیشیا میں محصور300 سے زائد رہائی پانے والے مزید پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے، اسکیم سے 8ہزار افراد مستفید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا خصوصی طیارہ محصور پاکستانیوں کو ملائیشیا سے اسلام آباد لے کر پہنچ گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ذاتی کوششیں رنگ لے آئیں۔

    پی آئی اے کا خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا، پرواز پی کے9895پاکستانیوں کو ملائیشیا سے اسلام آباد لے کر پہنچ گئی، اس موقع پر ایئر پورٹ کے لاؤنج میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، استقبال کیلئے آنے والے عزیز و اقارب ان کو گلے سے لگا کر آبدیدہ ہوگئے۔

    اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ملائیشیا حکومت نے ان افراد کی رضاکارانہ وطن واپسی کیلئے اسکیم متعارف کرائی تھی، مذکورہ اسکیم یکم اگست2019 سے شروع ہوئی تھی،آج ختم ہوگئی۔

    آٹھ ہزار سے زائد پاکستانیوں نےملائیشین اسکیم کا فائدہ اٹھایا،5ماہ میں ہائی کمیشن نے1833ایمرجنسی ٹریول دستاویزات جاری کیے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیح ہے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا میں محصور300سے زائد پاکستانی شہری مختلف وجوہات کی بنا پر ملائشیئن حکام کی تحویل میں تھے, کوالالمپور سے اسلام آباد کے لئے پی آئی اے کی خصو صی پرواز کے ذریعے اپنے پیاروں کے پاس واپس وطن پہنچیے۔

    اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی جلدی لانے کیلئے کوئی بھی ائرلائن تیار نہ تھی۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر اس معاملے کو اہم قومی فریضہ سمجھتے ہوئے, ہم وطنوں کو واپس پاکستان پہنچانے کے لئے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا تھا۔

    ائیرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ قومی ضرورت کے وقت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے قدم بڑھایا ہے۔ پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک کبھی بے یارو مددگار نہیں چھوڑا، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے آئندہ بھی قومی ذمہ داری نبھانے کا عزم رکھتی ہے کیونکہ پی آئی اے پاکستان ہے اور پاکستان پی آئی اے ہے۔

  • کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی زائرین کئی گھنٹوں بعد وطن واپس پہنچ گئے، زائرین نے عراقی ایئرلائن میں اے سی خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے مسافر کراچی پہنچ گئے، پاکستانی زائرین نے عراقی ایئرلائن میں اے سی خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا جس پر انتظامیہ نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بغداد ایئر پورٹ میں محصور کردیا تھا۔

    پاکستانی مسافر کئی گھنٹے بعد پرواز آئی اے409 کےذریعےکراچی پہنچ گئے۔ مسافروں نے پاکستانی سفارتخانے اور اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کیا۔

    وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے تین سے زائد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، عمر رسیدہ مسافر سمیت خواتین مسافروں پر بھی تشدد کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز پرخبر نشرہوئی جس پر پاکستانی سفارت خانے نے ایکشن لیتے ہوئے عراقی حکام سے کامیاب مذاکرات کئے اور پرواز روانہ کی گئی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اور عراق کے درمیان مسافر کارگو سروس شروع کرنے پر غور

    مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے پاکستانی مسافروں سے موبائل فون میں تشدد کی ویڈیو ڈیلیٹ کروائی اور تمام مسافروں کا موبائل فون بھی چیک کیا۔