Tag: Pakistani Safeer

  • پاکستانی سفیرکی افغان دفتر خارجہ طلبی، سرحد بند کرنے کا شکوہ

    پاکستانی سفیرکی افغان دفتر خارجہ طلبی، سرحد بند کرنے کا شکوہ

    کابل : پاکستانی سفیر کو افغان دفتر خارجہ طلب کرکے بارڈر سیل ہونے پر شکوہ کیا گیا۔ پاکستانی سفیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانی وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیرابرارحسین کو طلب کرکے پاک افغان بارڈر بند کرنے کا شکوہ کیا اور کہا کہ سرحد بند ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    افغان حکام کے شکوے  کے جواب میں ابرارحسین نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔

    پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا ہے۔ لہٰذا پاکستان میں دہشت گردی کےخاتمے کے لیے بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد سے بچنے کیلئے پاکستان میں موجود دہشت گرد بھاگ کر افغانستان نہیں جا سکتے۔

  • سعودی عرب: شاہ سلمان کا پریشان حال پاکستانیوں کو تنخواہ دینے کا حکم

    سعودی عرب: شاہ سلمان کا پریشان حال پاکستانیوں کو تنخواہ دینے کا حکم

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے وزیر محنت ڈاکٹر مفرج الحقبانی کو کارکنوں کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کے تحفظ پروگرام اور وزارت خزانہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نجی کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپن کارکنوں کو لیبر قوانین کے مطابق وقت پر واجبات ادا کریں۔

    اس سلسلے میں جن کمپنیوں کے حکومت کے ساتھ مختلف منصوبوں کے معاہدے ہیں انہیں حکومت کی طرف سے اس وقت تک ان کے واجبات نہ دیئے جائیں جب تک وزارت محنت کی طرف سے اس بات کی تصدیق نہ ہو کہ کمپنی نے کسی کارکن کی تنخواہ روکی ہوئی نہیں ہے۔


    سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی دعائیں رنگ لے آئیں


    اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کے لیے 50 ہزار روپے فی خاندان مالی امداد کا اعلان کیا تھا ۔

    وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس مد میں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے 500 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جو دس ہزار خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

    وزیراعظم پاکستان نے وزارت سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت کو سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی مزدوروں کی فہرست اور مکمل تفصیلات جمع کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی تھی تاکہ ان کے مسائل کے حل اور رقوم کی تقسیم میں آسانی ہو۔


    سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے امداد کا اعلان


    واضح رہے کہ سعودی عرب میں روزگار کے حصول کے لیے مقیم ہزاروں پاکستانی کئی ماہ سے بے یارو مددگار پھنسے ہوئے ہیں یہ افراد مختلف کمپنیوں کے لیے سعودی عرب کے دور دراز علاقوں میں کام کر رہے تھے جنہیں نہ تو کئی ماہ کی تنخواہیں نہیں ملی ہیں بلکہ قیام و طعام کی نامناسب سہولیات کا بھی سامنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق تنخواہیں نہ ملنے اور پرسان حال کے نہ ہونے کے باعث کئی ملازمین ذہنی کوفت اور اذیت کا شکار ہو کر خودکشی کی کوشش کر چکے ہیں جب کہ کچھ ملازمین بیمار ہیں جن کو طبی امداد بھی نہیں مل پا رہی جب کہ ان ملازمین کے سفری دستاویزات بھی سعودی کمپنیوں کے پاس ہیں۔

  • سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی دعائیں رنگ لے آئیں

    سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی دعائیں رنگ لے آئیں

    جدہ : سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں پھنسے سیکڑوں  پاکستانیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، پاکستانی سفیرنے سعودی حکام سے ملاقات کرکے پاکستانیوں کا معاملہ اٹھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر منظور الحق نے سعودی حکام سے ملاقات کی اور مختلف شہروں جدہ، دمام اور طائف میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کے ساتھ پیش آنے والے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    پاکستانی سفیر منظور الحق نے جدہ میں پاکستانیوں کے کیمپ کا دورہ کیا اور مزدوروں کو کھانے پینے کےلیے فی کس 200 ریال فراہم کیے، اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’’سعودی انتظامیہ نے پاکستانی محنت کشوں کی ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی اور جو پاکستان جانا چاہتے ہیں انہیں واپس بھیجنے کے لیے قانونی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی‘‘۔

    واضح رہے سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانی محنت کشوں کے احتجاج کی رپوٹس شائع ہونے کے بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔