Tag: pakistani

  • پہلی بار پاکستانی نژاد خاتون امریکی ریاست کی جج مقرر

    پہلی بار پاکستانی نژاد خاتون امریکی ریاست کی جج مقرر

    واشنگٹن : امریکا میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد خاتون رابعہ کولیر نے بطور جج سول ڈسٹرکٹ کورٹ ٹیکساس کا حلف اٹھالیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد خاتون رابعہ کولیر کو امریکی ریاست ٹیکساس کی 113 ویں سول ڈسٹرکٹ عدالت کی جج کی تعینات کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رابعہ کولیر گذشتہ 12 برس سے وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ٹیکساس بار کونسل میں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابعہ کولیر ہیرس کاونٹی میں ڈیموکریٹ لائرز ایسوسی ایشن کی بورڈ ممبر اور ایسوسی ایشن آف ویمن اٹارنی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابعہ ٹیکساس کی پروفیشن بار کمیٹی میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ اس سے قبل ہیوسٹن ینگ لائرز ایسوسی ایشن کی شریک چیئرمین بھی رہی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق رابعہ کولیر نے کنگ ووڈ ہائی اسکول ہیوسٹن سے گریجویشن مکمل کیا اور آسٹن میں موجود یونیورسٹی آف ٹیکساس سے بیچلرز آف آرٹس ڈگری حاصل کی جبکہ ٹیکساس سڈرن یونیورسٹی سے جیورس ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد خاتون نے مقدمہ بازی، کمرشل مقدمہ بازی، کنزیومر لاء اور شہری حقوق میں مہارت رکھتی ہیں اور اب تک وفاقی اور ریاست عدالتوں میں تقریباً 250 مقدمات لڑچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ رابعہ نے رابرٹ کولیر نامی شخص سے شادی کی تھی جو بحیثیت اٹارنی تعینات ہیں، رابعہ اپنے خاوند رابرٹ کولیر اور دو بیٹوں کے ہمراہ شمالی ہیوسٹن میں رہایش پذیر ہیں۔

  • بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں: ایف بی آر اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب

    بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادیں: ایف بی آر اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے 14 جنوری کو ایف بی آر اور ایف آئی اے سے دبئی جائیدادوں پر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے نے ماہانہ رپورٹ فائل کرنی تھی، کیا وقار احمد جرمانے کی رقم ادا کر رہے ہیں؟ جس پر وقار احمد کے وکیل نے کہا کہ وقار احمد نے 6 کروڑ کی رقم ادا کر دی ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے پوچھا کہ 21 ماڈل کیسوں پر کیا پیش رفت ہوئی؟ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین نے بتایا کہ تمام کیسوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ تاثر دیا گیا دبئی جائیدادوں پر 3 ہزار ارب مل سکتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ 16 کروڑ کی ادائیگی ٹیکس کی مد میں وصول ہو چکی ہے۔ 14 کروڑ کی ادائیگیوں کا مزید تعین کر لیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ علیمہ خان نے 29 کروڑ سے زائد ادا کرنے ہیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا علیمہ خان نے رقم ادا کر دی ہے؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ علیمہ خان کے پاس 13 جنوری تک رقم ادا کرنے کا وقت ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ دبئی میں جائیداد خریدی گئی، پاکستان سے پیسہ اڑا کر باہر لے جایا گیا۔ جائیدادوں کی معلومات ڈی جی ایف آئی اے نے حاصل کیں۔ ایف بی آر جس رفتار سے کام کر رہا ہے یہ کام کب تک مکمل ہوگا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انشا اللہ ایف بی آر متحرک انداز سے کیسز کو چلائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایف بی آر پر ہم ذمے داری ڈال رہے ہیں، خدا کا واسطہ ہے ملک کا پیسہ خزانے میں لانے میں کردار ادا کریں۔

    چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو مزید بتایا کہ دبئی جائیدادوں پر ملک بھر میں دفاتر قائم کر دیے، 775 افراد نے جائیدادوں پر بیان حلفی دے دیے۔ 13 جنوری کو عدالت کو مفصل رپورٹ جمع کروائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ 60 کیس ایسے ہیں جن میں جائیدادیں زیادہ ہیں۔ 60 کیسوں سے زیادہ وصولی کا امکان ہے۔

    عدالت نے 14 جنوری کو ایف بی آر اور ایف آئی اے سے دبئی جائیدادوں پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • کرکٹ کے لٹل ماسٹر کا 84واں یوم پیدائش، گوگل نے اپنا ڈوڈل حنیف محمد کے نام کردیا

    کرکٹ کے لٹل ماسٹر کا 84واں یوم پیدائش، گوگل نے اپنا ڈوڈل حنیف محمد کے نام کردیا

    لاہور: کرکٹ کے لٹل ماسٹر حنیف محمد کا 84واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، گوگل نے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل حنیف محمد کی تصویر سے مزین کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے والے حنیف محمد کو گوگل نے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور آج کا ڈوڈل لٹل ماسٹر کی تصویر سے سجادیا۔

    حنیف محمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے طویل اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے جو نوسو ستر منٹ پر محیط تھی، ویسٹ انڈیز کے خلاف اس اننگز میں لٹل ماسٹر نے ٹرپل سینچری بھی بنائی، جو کسی بھی پاکستانی کرکٹر کی ٹیسٹ میں پہلی ٹرپل سینچری تھی۔

    حنیف محمد اکیس دسمبر انیس سو چونتیس کو ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے، اپنے سترہ سالہ کیریئر میں انہوں نے پچپن ٹیسٹ کھیلے، انہیں لِٹل ماسٹر کا خطاب دیا گیا۔

    حنیف محمد نے پاکستان کا نام کرکٹ کے کھیل میں اس وقت روشن کیا جب سہولیات کی فراہمی دشوار تھی، کھیلوں کا سامان بھی مناسب نہ ہونے کے باوجود انہوں نے کئی بار تن تنہا پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

    پاکستان کیلئے ان کے محبت کے قصے زبان زد عام ہیں، بے غرض ہوکر انہوں نے ہمیشہ پاکستان کا سوچا اور ملک کے لیے خوب سے خوب تر کرنے کی کوشش کی۔

    انہوں نے سب سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ اننگز کھیلنے والے کھلاڑی کا سرڈان بریڈمین کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، حنیف محمد گیارہ اگست دوہزار سولہ کو اکیاسی برس کی عمر میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے۔

  • افغان انٹیلی جنس اہلکاروں کو پاکستانی شناختی کارڈ کے اجراء کا انکشاف

    افغان انٹیلی جنس اہلکاروں کو پاکستانی شناختی کارڈ کے اجراء کا انکشاف

    اسلام آباد : افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کونادرا حکام کی جا نب سے پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی کابینہ سیکریٹریٹ کمیٹی کی میٹنگ کے اختتام پر سینیٹر طلحہٰ محمودنے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ پاکستان میں تاجک اور افغان باشندوں کو سیکڑوں کی تعداد میں سبز شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔

    سینیٹر طلحہٰ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستانی شناخٹی کارڈ کے حامل غیر ملکی افراد کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں، تاہم نادرا کی جانب سے تاحال بعض شناختی کارڈ کوبلاک نہیں کیے گئے ہیں۔

    سینیٹر طلحہٰ محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل غیر ملکیوں کی فہرست خفیہ ایجنسی’ آئی بی‘ کے حوالے کردی گئی ہے۔

    سینیٹر طلحہٰ محمود نے بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے آئی بی کو پاکستانی شناختی کے حامل غیر ملکیوں سے تفتیش کےلیے فہرست دی گئی ہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ تقریباً 150 کے قریب تاجک باشندوں پاکستانی شناختی کارڈ لاہور سے برآمد ہوئے ہیں جنہیں نادرا حکام کی جانب سے بلاک کردیا گیا ہے۔

    سینیٹر طلحہٰ محمود نے میڈیا کو بتایا کہ جن غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ لاہور سے برآمد ہوئے ہیں انہیں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے، اور نہ ہی نادرا حکام نے غیر ملکیوں کوسبز شناختی کے اجراءکی روک تھام کےلیے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔

    سینیٹر طلحہٰ محمود کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے غیر ملکیوں کے سبز شناختی کارڈ کے حامل ہونے سے متعلق آئی بی سے رپورٹ طلب کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی کابینہ سیکریٹریٹ کمیٹی کے اجلاس میں آئی بی کے دائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلمان خان بھی شریک تھے۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی بی ڈاکٹر سلمان نے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق معاملے پر بریفنگ دی۔

    سینیٹ کی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں مہاجرین کی رجسٹریشن، سی پیک میں آئی بی کا کردارپر بھی بریفنگ دی گئی۔

  • پاکستانی شہری نے دبئی میں‌ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیت لی

    پاکستانی شہری نے دبئی میں‌ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیت لی

    ابوظہبی : دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاٹری کا آن لائن ٹکٹ خریدنے والے 48 سالہ پاکستانی شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر (12 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) انعام میں جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق روزگار کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستان کی کاروباری شخصیت نے دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈیوٹی فری لکی ڈرا سے خریدی گئی لاٹری سے دس لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم جیت کر اپنے نام کرلی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی شخص نے ملینیم لکلی ڈرا کے ذریعے پاکستانی 12 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم انعام میں جیتی ہے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں لاٹری جیتنے والا تاجر عمران اسحاق لاہور کے رہائشی ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنی قسمت آزمانے کے لیے دبئی کے مشہور لکی ڈرا کا ٹکٹ خریدا تھا تاہم ایک ہی دفاع میں قسمت کی دیوی نے ان پر نظر کرم کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 48 سالہ پاکستانی شہری کا کہنا ہے کہ میں انعامی رقم سے مزید پراپرٹی خریدوں گا اور مسقط میں گاڑیوں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کروں گا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمران اسحاق نے منگل کے روز ٹکٹ نمبر 2021 سے لاکھوں امریکی ڈالر جیتے تھے۔

    خیال رہے کہ 25 ستمبر کو بھی میلینم لکی ڈرا کا آن لائن ٹکٹ خریدنے والی پاکستانی تاجر نعمان عارف نے بھی دس لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیتی تھی۔

  • 10 سالہ کوہ پیما کا شاندار کارنامہ، ایک اور بلند ترین چوٹی سرکرلی

    10 سالہ کوہ پیما کا شاندار کارنامہ، ایک اور بلند ترین چوٹی سرکرلی

    ایبٹ آباد: خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والی دس سالہ کوہ پیما ’سلینہ‘ نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک اور بلند ترین اور دشوار گزار برف پوش چوٹی سر کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد کی دس سالہ کوہ پیما ’سلینہ‘ نے شاندار کارنامہ انجام دے کر سب کو حیران کردیا۔

    سلینہ نے دشوار گزار برف پوش ’ولیوسر‘ نامی چوٹی سرکی، جبکہ اس سے پہلے بھی وہ بڑی چوٹیاں سر کرچکی ہیں۔

    دس سالہ کوہ پیما دنیا کی بلند ترین ماونٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ایبٹ آباد کی نو سالہ سلینہ کوہ پیما بن گئی،عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    رواں سال جون میں پاکستان کی کم عمر ترین کوہ پیما سلینہ نے 6 ہزار 50 میٹر میٹر بلند مینگلی سرچوٹی سرکی تھی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سلینہ خواجہ نے ہنزہ میں واقع قز سر چوٹی سر کی تھی جو پانچ ہزار سات سو فٹ بلند ہے۔

    اس کم عمر اور بلند حوصلے والی کوہ پیما کے خواب بھی بہت بلند ہیں، وہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنا چاہتی ہے۔

    واضح رہے کہ سلینہ نے رواں سال مارچ میں برف پوش اور بلند ترین کوز سر چوٹی سر کر کے کم عمر کوہ پیماء کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

  • برطانیہ: سپراسٹور عملے سے تلخ کلامی پر پاکستانی نژاد جوڑے کی گرفتاری کے بعد رہائی

    برطانیہ: سپراسٹور عملے سے تلخ کلامی پر پاکستانی نژاد جوڑے کی گرفتاری کے بعد رہائی

    لندن: برطانیہ کے ایک سپراسٹور پر پاکستانی نژاد جوڑے کی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جوڑے کو گرفتار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے شہر راچڈیل میں پیش آیا جہاں ایک پاکستانی نژاد برطانوی جوڑے کو پولیس نے سپراسٹور عملے سے تلخ کلامی پر گرفتار کیا بعد ازاں رہا کردیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ تلخ کلامی کا واقعہ مقررہ تعداد سے زائد پانی کی بوتلیں خریدنے پر پیش آیا، پولیس کی مداخلت پر نوجوان کی اہلکاروں سے ہاتھا پائی ہوئی۔

    بعد ازاں پاکستانی نژاد برطانوی جوڑے کی گرفتاری عمل میں آئی، جوڑے کےخلاف مقدمہ درج کرکے رہا کر دیا گیا، اسٹور عملے کی جانب سے بوتلیں بیچنے سے انکار پر جوڑے نے مزاحمت کی تھی۔

    دوسری جانب پولیس کے خلاف شکایت پر بھی انکوائری شروع کردی گئی ہے، پولیس پر گرفتاری میں بنیادی اصول مدنظر نہ رکھنے پر شکایت درج ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس قسم کے واقعات میں پاکستانی شہروں کی گرفتاری ماضی میں بھی ہوچکی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں برطانیہ کے سیکیورٹی حکام نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد مسافر کو حراست میں لیا تھا، مسافر پی آئی اے کی فلائٹ 758 سے لاہور جارہا تھا۔

    مذکورہ شخص کی برطانوی سیکیورٹی حکام کے ہاتھوں گرفتاری کی اہم وجہ کیا بنی یہ واضح نہیں کی گئی تھی۔

  • دبئی: پاکستانی تاجر نے 12کروڑ سے زائد کی رقم لاٹری میں جیت لی

    دبئی: پاکستانی تاجر نے 12کروڑ سے زائد کی رقم لاٹری میں جیت لی

    ابوظہبی : دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاٹری کا آن لائن ٹکٹ خریدنے والے 32 سالہ پاکستانی تاجر نے دس لاکھ امریکی ڈالر (12 کروڑ 32 لاکھ پاکستانی) کی انعام میں جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم پاکستان کی کاروباری شخصیت نے دبئی ایئر پورٹ کے ڈیوٹی فری لکی ڈرا سے خریدی گئی لاٹری سے دس لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم جیت کر اپنے نام کرلی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر نے ملینیم لکلی ڈرا کےت ذریعے پاکستانی 12 کروڑ 32 لاکھ روپے کی خطیر رقم انعام میں جیتی ہے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں لاٹری جیتنے والا تاجر نعمان عارف پشاور کے رہائشی ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنی قسمت آزمانے کے لیے دبئی کے مشہور لکی ڈرا کا آن لائن ٹکٹ خریدا تھا تاہم ایک ہی دفاع میں قسمت کی دیوی نے ان پر نظر کرم کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 32 سالہ پاکستانی تاجر ایک بائک لیزنگ کمپنی کے مالک ہیں جنہوں نے منگل کے روز ٹکٹ نمبر 0241 سے کروڑوں روپے جیتے تھے۔

    اماراتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان عارف کا کہنا تھا کہ وہ ڈیوٹی فری لکی ڈرا کا بے حد شکر گزار ہے، جس کی بدولت میں لاکھوں ڈالرز کا مالک بن گیا۔

    خیال رہے کہ ملینیم لکی ڈرا کا آغاز سنہ 1999 میں کیا گیا تھا اور پاکستانی تاجر نعمان عاارف انعامی رقم جیتنے والے سولہویں پاکستانی ہیں۔

    یاد رہے کہ 2 ماہ قبل متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ نوجوان توجو میتھیو نے 70 لاکھ اماراتی درہم کی لاٹری جیتی ہے, جو 12 کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے بنتے ہیں۔

  • برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا ایک لاکھ 50 ہزا پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان

    برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا ایک لاکھ 50 ہزا پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان

    لندن : وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ایک لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا، اووسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کو خشک سالی سے بچانے کے لئے ڈیمز فنڈ میں تنخواہیں اور عطیات دینے کا سلسلہ جاری ہے ، وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے زبردست خیر مقدم کیا۔

    برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں رہنے والے پاکستانیوں نے ایک لاکھ پاؤنڈ دینے کا اعلان کردیا جبکہ آکسفورڈ میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں پچاس ہزار پاؤنڈ دینے کا وعدہ کیا۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے فنڈریزنگ مہم کا پروگرام بھی بنالیا ہے اور سب پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔

    اووسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

    مزید پڑھیں : ڈیمز کی تعمیر، وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔

  • عائشہ تارڑ اسکواش ٹورنامنٹ میں امریکی نمائندگی کرنے والی کم عمر پاکستانی

    عائشہ تارڑ اسکواش ٹورنامنٹ میں امریکی نمائندگی کرنے والی کم عمر پاکستانی

    واشنگٹن : امریکی طالبہ عائشہ تارڑ رواں ہفتے اسکواش کے عالمی ٹورنامنٹ میں امریکا کی نمائندگی کریں گی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر بالٹی مور کی رہائشی پاکستانی نژاد عائشہ تارڑ کم عمری میں ہی دنیا بھر اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے اسکواش کے میدان میں درجن سے زائد ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں۔

    پاکستانی نژاد امریکی طالبہ نے محض 11 برس کی عمر میں امریکا میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد انڈر 13 میں امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 اگست کو کینیڈا کے خلاف ’بیٹر آف دی بارڈر ٹورنامنٹ‘ کھیلیں گی۔

    عائشہ تارڑ کم عمری میں اسکواش ٹورنامنٹ میں امریکا کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں، عائشہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اسکواش کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں‘۔

    پاکستانی نژاد طالبہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اسکواش کے حوالے سے بہت مشہور ہے، اسکواش کی پاکستانی کھلاڑی جنگیز خان نے مجھے بہت متاثر کیا ہے اور میں نے ان کے اسکوئش کی تمام ویڈیوز دیکھیں ہیں‘۔

    عائشہ تارڑ نے بتایا کہ ’میں جب 7 برس کی تھی تو میری والدہ نے مجھے اسکواش کے بارے میں بتایا اور کھیلنا سکھایا تھا، اس کے بعد میں مسلسل اسکواش کھیل رہی ہوں‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے والدین نے مجھے قومی اور عالمی سطح پر لانے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، میری جتنی بھی کامیابیاں ہیں وہ سب میرے والدین کی وجہ سے ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں