Tag: #PakistanResolutionDay2021

  • یوم پاکستان: صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ

    یوم پاکستان: صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حق خودارادیت کےحصول کیلئے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نےہندوتوا ذہنیت سے آزادی کیلئے علیحدہ وطن کےقیام کا فیصلہ کیا، ہمیں قائد اعظم کے اتحاد،عقیدے اور نظم وضبط کے اصولوں پر عمل پیراہونےکی ضرورت ہے۔

    آئسولیشن پریڈ سے جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن غیر قانونی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام سے بھی اظہاریکجہتی کرتے ہیں، حق خودارادیت کےحصول کیلئے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کرونا وبا کا سامنا کرنےکیلئےمضبوط رہنےکی ضرورت ہے۔

    اپنے بیان میں وزیراعظم نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے مترادف، ترقی پسند ،خوشحال ریاست بنانے کےعزم کی تجدید کریں۔

    وزیراعظم صدرعارف علوی نے بھی یوم پاکستان کےموقع پر پیغام میں پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط اور خوشحال بنانےکے عزم کا اعادہ کیا، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کیلئے رواداری، انسان دوست معاشرہ بنانےکی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ آج کےدن ہمیں اپنےکشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھناچاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نےسات دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، اقوام عالم کوغیر قانونی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کانوٹس لینا چاہیے، آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کےحق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہدکی حمایت جاری رکھنےکا عہد کرتے ہیں۔

    صدر پاکستان نے کرونا وبا کاپھیلاؤ روکنے کیلئےاہم کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کی مدد سےہم اپنی راہ میں آنے والےکسی بھی چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں۔

  • یوم پاکستان آج شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

    یوم پاکستان آج شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: قوم ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے انتھک جدوجہد کے عزم کی تجدید کے ساتھ یوم پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    یہ دن 1940ء میں آج ہی کے دن تاریخی قرار داد لاہور کی منظوری کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جس نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ مادر وطن کے مقصد کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے لائحہ عمل فراہم کیا۔

    کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔یوم پاکستان کی مناسبت سے ہر سال شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شان دار پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے، اس سال بھی مسلح افواج نے پریڈ کے لیے بھرپور تیاریاں کیں، پاک فضائیہ کے طیاروں نے وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں ریہرسل بھی کی۔

    مگر اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق موسم کی صورت حال کے پیش نظر یوم پاکستان کے موقعے پرہونے والی پریڈ 23 مارچ کے بجائے 25 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔

    یوم پاکستان کی مناسبت سے ایوانِ صدر میں آج پُروقار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں صدر عارف علوی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات میں اعزازات اور تمغے تقسیم کریں گے۔

    مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب

    یوم پاکستان کے مناسبت سے لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں پاک فضائیہ کےچاق وچوبند دستےنے مزاراقبال پر گارڈز کےفرائض سنبھالے، ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری 

    ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم کی مزار پر حاضری دی ، وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔