Tag: Pakistan’s first Test cricket team

  • پاکستان کی پہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی خالق حقیقی سے جاملے

    پاکستان کی پہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی خالق حقیقی سے جاملے

    کراچی : پاکستان کی پہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وقارحسن انتقال کرگئے، انہوں نے 21ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز منگل کو کراچی میں ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن اور سابق چیف سلیکٹر وقار حسن 87 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔

    مڈل آرڈر بیٹسمین وقار حسن نے پاکستان کی جانب سے1952 میں بھارت کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ دہلی کے میدان میں کھیلا تھا، وقار حسن نے 21ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    وقار حسن نے پاکستان کیلئے ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں اسکور کیں، اپنی پہلی سیریز میں انہوں نے پانچ میچ کھیلے اور44.62 کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے۔

    وقار حسن1932 میں انڈیا کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے تھے، وقار حسن 1960، 1970اور پھر 1980 میں تھوڑے تھوڑے عرصے تک پاکستان کے چیف سیلکٹر بھی رہے۔

    ایک غیر ملکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے وقار حسن کا کہنا تھا کہ اس بات سے مجھے بے حد اطمینان حاصل ہوتا ہے کہ میں نے پاکستان کا پہلا کھلاڑی ہونے کے متعدد اعزاز اپنے نام کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز  میں نصف سنچری بنانے والا پہلا کھلاڑی بنا، انگلینڈ میں پہلی نصف سنچری بنائی، پاکستان میں کھیلتے ہوئے پہلی نصف سنچری بنائی، ہوم ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والا کھلاڑی بنا۔

    انہون نے بتایا کہ حنیف محمد کے ساتھ پہلی سنچری پارٹنرشپ قائم کی اور 1955-56 میں امتیاز احمد کے ساتھ پہلی ڈبل سنچری پارٹنرشپ بنائی۔

    مرحوم وقار حسن کی نماز جنازہ کل بروز منگل مسجد شاہین ڈیفینس فیز سکس کراچی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین بدھ کے روز ڈیفنس فیز 8کے قبرستان میں کی جائے گی۔