Tag: Pakistan’s High Commissioner to India

  • بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا،عبدالباسط

    بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا،عبدالباسط

    نئی دہلی : بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے  کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی نہ دینے پر بھارت کی جانب سے دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کے بیان کو مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا پاک بھارت مذاکرات میں ایک قدم آگے پھر دو قدم پیچھے کی پالیسی نہیں چلےگی، بھارت کے ساتھ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں، پالیسی کے معاملات میں وزیراعظم ڈرائیونگ سیٹ پر ہیں، بھارت کیساتھ مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

    پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ بھارت کےساتھ مذاکرات باہمی سطح پر ہونے چاہئیں، تعلقات پراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کوئی بڑی بات نہیں، دنیا بدل چکی ہے، دونوں ملک مستقل تناؤکی حالت میں نہیں رہ سکتے، فخرہے پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔

    عبدالباسط نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی نہ دینے پر بھارت کی جانب سے دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کے بیان کو مسترد کردیا اور کہا کہ دوطرفہ قونصلر رسائی معاہدے کے مطابق سیاسی اور سیکیورٹی معاملات سے متعلق کیسز میں فیصلہ میرٹ پر کیا جائیگا، کلبھوشن یادیو نے کئی سالوں تک پاکستان میں سفر کیا اور اس کے پاس دو بھارتی پاسپورٹ ہیں۔


    مزید پڑھیں : کلبھوشن کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں، پھانسی ہو گی، عبد الباسط


    انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ایران سے اغوا کیے جانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا  کہ کلبھوشن کو بلوچستان سے پکڑا گیا جسے جاسوسی کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔

    پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کی سزائے موت کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2008 کے معاہدے اور قانون کے مطابق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی، ہم قانونی کارروائی کررہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو اپنی سزا کے خلاف اپیل کرسکتا ہے اور اپیلٹ کورٹ میں بھی جاسکتا ہے، اگر فیصلہ برقرار رہے تو آرمی چیف اور وزیراعظم سے رحم کی اپیل بھی کرسکتا ہے۔

  • پٹھان کوٹ حملے کے بعد دونوں ممالک نے تعاون پررضامندی ظاہر کی، عبدالباسط

    پٹھان کوٹ حملے کے بعد دونوں ممالک نے تعاون پررضامندی ظاہر کی، عبدالباسط

    نئی دہلی: بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہےکہ پٹھان کوٹ واقعے کے بعد دونوں ممالک نے تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا ہے جو خوش آئند ہے۔

    بھارتی نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ اس موقع پر کوئی قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتا، یقیناً پٹھان کوٹ کے معاملے کی تحقیقات پر دونوں جانب سے رضامندی کے بعد شروع کی گئیں ہیں۔

    ان کا کہا کہ پاکستانی وفد کا دورہ پٹھان کوٹ معاملے کی تحقیقات اور اس سے اس مکروہ جرم کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں میں مددگار ثابت ہوگا ، مسعود اظہر کے معاملے پر عوامی فورم میں بات سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کہ وہ زیرحراست ہیں یا پھر حفاظتی تحویل میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مقاصد کے حوالے سے واضح ہونا چاہیے، پاکستان نے اس طرح کے افراد کے خلاف کارروائی کی ہے، ضروری ہے کہ دونوں ممالک تحقیقات کے اس مرحلے پر ایکدوسرے سے تعاون کریں، ہم اپنی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں توانتظار کیا جائے قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔

  • بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو استقبالیہ

    بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو استقبالیہ

    نئی دہلی: بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے عید کے موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو استقبالیہ دیا گیا۔

    پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاونٹ پر ملاقات کی چند تصویر ٹوئٹ کیں۔

    تصویروں میں عبدالباسط کے ساتھ بھارتی وزیر خارجہ ششمہ سیوراج کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عبدالباسط نے بھارتی وزیر ضارجہ ششمہ سیوارج کا استقبالیہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی مہمان نوازی کی تعریف کی ۔

  • وزیرِاعظم کی بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے ملاقات

    وزیرِاعظم کی بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نوازشریف نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیرِاعظم نوازشریف نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے پاک بھارت تعلقات سے متعلق تبادلہ خیال کیا، نوازشریف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا اہم ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان تمام ہمسائیہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے برابری، باہمی احترام پرمبنی تعلقات چاہتا ہے، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور کا حل ضروری ہے۔

    اس سے قبل بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کو بیٹھ کر مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے، بھارت جب تیار ہو مذاکرات کی درخواست کرسکتا ہے ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے جس طرح متاثر ہوا کوئی اور ملک نہیں ہوا۔