Tag: PAKvAUS

  • پاک آسٹریلیا ٹیسٹ: پرتھ میں ڈراپ ان پچز لگانے کا کام مکمل

    پاک آسٹریلیا ٹیسٹ: پرتھ میں ڈراپ ان پچز لگانے کا کام مکمل

    پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ کے لیے پرتھ میں ڈراپ اِن پچز لگانے کا کام مکمل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے، پہلے ٹیسٹ کے لیے پرتھ کے اسٹیڈیم میں ڈراپ اِن پچز لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

    ان 5 ڈراپ ان پچز پر بھی واکا گراؤنڈ والی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا ہے، ایک ڈراپ ان پچ کا وزن 25 ٹن کے قریب ہے اور اس کی تنصیب میں دو دن لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا، جب کہ پرتھ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر کو میلبورن اور تیسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری 2024 کے درمیان پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

    پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

    لاہور: پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر 20 سال بعد سیریز جیت لی، بابر اعظم کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 211 رنز کا ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 37.5 اوورز میں حاصل کرلیا اور سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری، فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد امام الحق نے اور کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

    بابر اعظم نے شاندار 105 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق بھی 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    آسٹریلوی ٹیم ابتدا سے ہی پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی، اوپنر ٹریوس ہیڈ اور کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    الیکس کیری 56 اور شان ایبٹ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بین میکدر میٹ 36 اور کیمرون گرین 34 رنز بناسکے۔

    مارکس لبوشین 4 اور مارکس اسٹونس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نیتھن ایلس 2 رنز بنا کر محمد وسیم کا نشانہ بنے۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے دو اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیتا اور مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی، فائنل میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    فیصلہ کن معرکے کے لئے آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، مچل سوئپسن کی جگہ جیسن بیرنڈورف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان 20 سال سے آسٹریلیا کے خلاف کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیتا ہے۔

     دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق کی سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

    اس سے قبل پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف 327 رنز تھا، جو اس نے بنگلا دیش کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں عبور کیا تھا۔

    اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری بناکر ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا، بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 15 سنچریاں بنانے والے بیٹر بنے تھے۔

  • گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا، قومی ٹیم سیریز برابر کرنے کا عزم لئے میدان میں اترے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،  3 میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔

    دوسرے معرکے میں کینگروز الیون میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں، البتہ پاکستان کی فائنل الیون میں شاہین آفریدی کی واپسی متوقع ہے جو گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا، پاکستان ٹیم کو سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے آج ہر صورت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ آگئی

     ادھر قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ سپرلیگ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کی بہتری کیلئے نئی حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے اور کوشش ہوگی کہ باقی دو میچوں میں کامیابی کے ساتھ درجہ بندی میں بہتری حاصل کی جائے ۔

    میچ سے ایک روز قبل آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مختصر دورانیے کی ٹریننگ کی جبکہ پاکستان ٹیم نے آرام کیا، کینگروز کپتان ایرون فنچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج دوسرا میچ جیت کر سیریز پر قبضے کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • حارث رؤف نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا

    حارث رؤف نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا

    لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز بہت اچھی رہی اور شائقین کرکٹ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

    حارث رؤف نے بتایا کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تھا لیکن سیریز کے آغاز سے قبل کووڈ کا شکار ہوگیا کمبی نیشن کی وجہ سے پلئینگ الیون کا حصہ نہیں بن سکا لیکن میرا خواب تھا کہ میں ٹیسٹ کھیلوں۔

    لاہور ٹیسٹ پر گفتگو کرتے ہوئے حارث کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور دیگر بولروں نے عمدہ بولنگ کی تاہم بد قسمتی سے میچ میں فتح حاصل نہ کرسکے۔

    بولنگ کوچ کے حوالے سے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ شان ٹیٹ چاہتے ہیں کہ ڈیتھ اوورز میں بولنگ اچھی ہونی چاہئیے، میں ان کے ساتھ کام کر رہا ہوں وہ مجھے ٹریننگ کے دوران اس حوالے سے بتائیں گے۔

    ویڈیو کانفرنس میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کینگروز اسکواڈ کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں ناتجربہ کار ضرور ہیں لیکن انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ ہےجبکہ آسٹریلوی کرکٹرز بگ بیش لیگ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں تاہم پاکستان ٹیم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائے گی اور سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی، ہم سیریز کو کسی صورت بھی آسان نہیں لے سکتے۔

  • بینو قادر ٹرافی کا حقدار کون؟ فیصلہ کن مرحلہ آن پہنچا

    بینو قادر ٹرافی کا حقدار کون؟ فیصلہ کن مرحلہ آن پہنچا

    پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے آخری روز جیتنے کے لئے 278 رنز اور مہمان ٹیم کو 10 وکٹ درکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور ٹیسٹ میچ کا آخری روز سنسنی خیز بن گیا، دونوں ٹیموں کی اچھی کارکردگی کسی ایک ٹیم کو میچ سمیت سیریز کا بھی فاتح بنادے گی۔

    لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے 351 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، کھیل کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنائے، اوپنر امام الحق 42 اور عبداللہ شفیق 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، دونوں بیٹرز کے درمیان 73 رنز کی شراکت داری ہوچکی ہے۔Image

    اس سے قبل کینگروز نے دوسری اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 351 رنز کا ہدف دیا تھا، آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور کپتان بابراعظم کے 67 رنز کے باوجود قومی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 391 رنز برابر کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 123 رنز کی برتری ملی تھی۔Imageلاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، مہمان ٹیم نے بیٹر عثمان خواجہ کے 91 رنز کی بدولت 391 رنز بنائے تھے، اسٹیو اسمتھ 59، کیمرون گرین 79، اور ایلکس کیرے 67 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ساجد خان اور نعمان علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔Image

    پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اورکرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مشترکہ طورپرمتعارف کرائی گئی ٹرافی کودونوں ملکوں کے لیجنڈ لیگ اسپنرز عبدالقادر اوررچی بینوسے منسوب کیا گیا ہے جس کا مقصد آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کا جشن منانا ہے۔

    پاکستان کے مشہورلیگ اسپنرعبدالقادر نے آسٹریلیا کیخلاف 11 ٹیسٹ میچز میں 45 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس دوران انہوں نے سال 1982 اور 1988 میں کھیلے گئے دو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 33 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    رچی بینو کی قیادت میں آسٹریلیا نے1959 پاکستان کا پہلا مکمل دورہ کیا تھا،مہمان ٹیم نے یہ سیریز 2-0 سے جیتی تھی۔ICC WTC Table March 20

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس

    آئی سی سی نے 23-2021 کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو 12 پوائنٹس دیئے جائیں گے، میچ ڈرا ہونے پر 4 پوائنٹس جبکہ میچ برابر(ٹائی) ہونے پر دونوں ٹیموں کو 6،6 پوائنٹس حاصل ہوں گے،۔

    ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ میں میں پوائنٹس ٹیبل پر نمبر کے لیے حاصل کردہ پوائنٹس کی شرح استعمال کی جائے گی۔

    اگر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل کا موازنہ کیا جائے تو آسٹریلیا 60 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ پاکستان 44 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اگر آسٹریلیا لاہور ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو اس کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید مستحکم ہوجائے گی۔

  • کپتان ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے بے تاب

    کپتان ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے بے تاب

    لاہور: کینگروز فاسٹ بولنگ اٹیک سے نمٹنے کے لئے کیا تیاری کی تھی؟ بابراعظم نے اہم انکشاف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قٖذافی اسٹیڈیم سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں تیرہ سال بعد ٹیسٹ میچ ہونے جارہا ہے، ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے احساسات بیان نہیں کر سکتا، بھرپور کوشش کرینگے کہ فتح اپنے نام کریں۔

    بابراعظم نے انکشاف کیا کہ آسٹریلیا سیریز سے قبل ریورس سوئنگ کے لیے ٹیپ بال سے پریکٹس کی تھی جس کا فائدہ ہوا اور ہم نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کوٹف ٹائم دیا۔

    موسم کی صورت حال سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کپتان ٹیسٹ ٹیم بابر اعظم کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیےتیارہیں اور پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی سی سی ٹرافیاں مل گئیں

    ورچوئل کانفرنس میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میں تبدیلی کا فائدہ ہوتا ہے جیسا کہ ہم نے کراچی ٹیسٹ میں کیا، میں بولنگ پہلے بھی کرتا رہا ہوں۔

    آوٹ آف فارم مڈل آرڈر بیٹر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ فواد عالم کوعلم ہےکہ کم بیک کیسےکرتےہیں؟

    قومی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے آج فیصلہ کریں گے، قذافی اسٹیڈیم کی پچ کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے لیکن لگ رہا ہے بال کو ٹرن ملے گا۔

  • تیسرا ٹیسٹ: بولنگ کوچ نے فاسٹ بولرز کو ‘اہم راز’ بتادیا

    تیسرا ٹیسٹ: بولنگ کوچ نے فاسٹ بولرز کو ‘اہم راز’ بتادیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہردور میں اچھےفاسٹ بولرز پیدا ہوئے، ابھی بھی ٹیلنٹڈ فاسٹ بولرز ہیں، انکےساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کے ساتھ لطف اندوز ہو رہا ہوں یہ میرے لئے ایک نیا تجربہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میچ میں تاخیر سےجوائن کیا لیکن رابطے میں رہا، اگلے بارہ ماہ میں پاکستان کی بہت کرکٹ ہے اور یہ بڑا مصروف شیڈول ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے کہا کہ اب تک ہونے والے ٹیسٹ میچز میں فاسٹ بولرز کو بہت محنت کرنا پڑی، میرا ماننا ہے کہ فاسٹ بولرز کیلئےجارحانہ انداز بہت ضروری ہے۔

    ورچوئل پریس کانفرنس میں قومی باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ نےمزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دباؤ کے حوالے سے پاکستان کے بولرز کے مدد کرتا ہوں تو میں سمجھتا ہوں کہ میں نے اپنا کام کرنے میں کامیاب ہوگیا، کیونکہ پاکستان نے ہر دور میں اچھے فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، ابھی بھی ٹیلنٹڈ فاسٹ بولرز ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں: اسکواڈ جوائن کرتے ہی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کا اہم اعلان

    اس سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی بولر شان ٹیٹ کا کہنا تھا کہ یہ میرا پہلا دورہ پاکستان ہے،یہاں آکرخوش ہوں، یقین ہے کہ پاکستان کی کوچنگ کرنا ایک یادگار تجربہ ہوگا۔

    قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ دو سال میں کوچنگ کا کافی تجربہ حاصل کیا، پی ایس ایل سے بھی منسلک رہاہوں، پاکستان میں کوچنگ کرنے بہت مزہ آئے گا کیونکہ پاکستان فاسٹ بولنگ کے حوالے سے مشہور ہے، اپنا تجربہ پاکستانی بولرز کو منتقل کرنےکی کوشش کروں گا۔

  • کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

    کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

    کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہوگئی، آسٹریلیا نے قومی ٹیم کے خلاف 489 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

    کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، عثمان خواجہ 35 اور مارنوس لبوشین 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، آسٹریلیا کی مجموعی برتری 489 رنز ہوگئی ہے۔

    ڈیوڈ وارنر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ حسن علی حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلوی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کرڈالا، 556 رنز کے جواب میں قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 148  رنز پر آؤٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی تھی۔

    آسٹریلوی بولرز کے سامنے قومی ٹیم کا مڈل آرڈر بُری طرح ناکام ہوا اور کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے سینچری میکر عبداللہ شفیق 13 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، امام الحق کی انفرادی اننگز 20 رنز تک محدود رہی،اظہر  علی 14 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، فواد عالم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، محمد رضوان 13 رنز سے آگے اپنی اننگز نہ بڑھاسکے جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    ساجد خان 5، حسن علی 0 اور شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈبییو کرنے والے سیمپئسن 2 وکٹیں لے اڑیں جبکہ پیٹ کمنز، لیتھن لیون ،کیمرون گرین کےحصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز556 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ سے لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • کراچی ٹیسٹ:  آسٹریلیا نے اننگز ڈکلیئر کردی

    کراچی ٹیسٹ: آسٹریلیا نے اننگز ڈکلیئر کردی

    کینگروز ٹیم نے کراچی ٹیسٹ میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی ہے۔

    آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے روز کا آغاز ہوا تو 505 رنز پر آسٹریلیا کی نویں وکٹ گرگئی، مچل اسٹارک اپنے گذشتہ روز کے اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے پویلین لوٹ گئے۔

    بعد ازاں کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے مچل سوئپسن نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، ٹیل اینڈر نے پاکستانی بولنگ اٹیک پر کرارا حملے کئے اور تیز رفتاری سے اسکور کرنے لگے۔

    کپتان پیٹ کمنز نے 34 رنز کی تیز اننگز کھیلی جس میں 3 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، بعد ازاں 555 رنز پر کینگروز قائد نے اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: رضوان اور اسمتھ کی دلچسپ ویڈیو وائرل

    پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ایلکس کیری نمایاں رہے مگر7رنزکی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ93 بنا کر بابر اعظم کی گیند پر بولڈہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے 2، 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ شاہین آفریدی ، نعمان علی،حسن علی اور کپتان بابر اعظم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

     

  • حسن علی بھی ڈیوڈ وارنر کے نقش قدم پر، ویڈیو وائرل

    حسن علی بھی ڈیوڈ وارنر کے نقش قدم پر، ویڈیو وائرل

    کراچی ٹیسٹ میں کم بیک کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی انوکھی حرکت کے باعث شہہ سرخیوں میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بینو قادر ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں جاری ہے، جس میں راولپنڈی ٹیسٹ مس کرنے والے فاسٹ بولر حسن باؤنڈری لائن پر دلچسپ حرکت کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلی۔

    فاسٹ بولر حسن علی آسٹریلیا کے خلاف اوورز کرانے کے بعد جیسے ہی باؤنڈری لائن کے قریب آئے اچانک انہوں نے ڈیوڈ وارنر کی طرح بھنگڑا ڈالا اور شائقین کرکٹ سے خوب داد وصول کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے مذکورہ ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کردیا ہے، جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کئے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران ڈیوڈ وارنر کی باؤنڈری لائن پر ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، چند سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں وارنر کھیل سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ ڈانس کررہے تھے، جسے شائقین نے خوب پسند کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وارنر کی اسٹیڈیم میں ڈانس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر گراؤنڈ میں تماشائیوں نےڈیوڈ وارنر کے نام کے نعرے لگائے تو انہوں نے رقص کرنا شروع کردیا تھا۔