Tag: pakvsa

  • جنوبی افریقہ کے کپتان نے میچ میں شکست کی وجہ بتادی

    جنوبی افریقہ کے کپتان نے میچ میں شکست کی وجہ بتادی

    قومی کرکٹ ٹیم  نے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں 3 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی، جنوبی افریقہ کے کپتان نے اپنی شکست کی بنیادی وجہ بیان کردی۔

    میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈین مارکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے مجموعی اسکور میں 20رنز کم بنائے جو ناکامی وجہ بنے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں اپنی ان غلطیوں پر قابو پائیں، جب میچ آخری اوور تک جاتا ہے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے تمام کھلاڑیوں نے بہت اچھی فائٹ کی۔

    اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم  نے زبردست کھیل پیش کیا، ہماری بیٹنگ لائن شروع میں لڑکھڑا گئی تھی۔

     مجھے اپنے کھلاڑیوں پر یقین تھا، محمد رضوان 

    کپتان محمد رضوان نے کہا کہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے بہت عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، مجھے بھی اپنے کھلاڑیوں پر یقین تھا۔

    قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ ایک لمبا فارمیٹ ہے، اس میں وکٹیں لینے کی بہت اہمیت ہے، سلمان علی آغا نے اپنا ایوارڈ صائم کو دیا جو ٹیم کیلئے بہت اچھی مثال ہے۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا کے شہر پارل میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف ملا جو کہ قومی ٹیم نےآخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو ہدف تک لے آئے، صائم ایوب نے ون ڈے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور 201رنز کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    یاد رہےکہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے جنوبی افریقا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔

  • آخری ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

    آخری ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

    سنچورین: پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان سنچورین کے اسٹیڈیم میں سیریز کا آخری ٹی 20 میچ کھیلا گیا، جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر شعیب ملک کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    مہمان ٹیم کی دعوت پر پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، قومی ٹیم کو ایک بار پھر اوپننگ اچھی نہ مل سکی اور پہلے کھلاڑی بابر اعظم 24 کے مجموعی جبکہ 23 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 ، آصف علی 25، بابر اعظم 23 اور شاداب خان 22 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    اسکور کارڈ

    آل راؤنڈر شاداب خان نے 8 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کیے جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے بیورن ہینڈرکس نے چار اوورز میں چودہ رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مورس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پانچ کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی نے پروٹیز کے پہلے کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، 14 کے مجموعی اسکور پر جے این ملن کو عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا جبکہ 30 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ گری۔

    پاکستانی باؤلرز نے دو کے علاوہ باقی تمام افریقی بلے بازوں کو زیادہ دیر وکٹ پر ٹکنے نہ دیا۔ سی ایچ مورس نے 29 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈوسن 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    اسکور کارڈ

    پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2 ، 2 جبکہ شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قومی ٹیم میں تبدیلیاں

    قومی ٹیم نے وائٹ واش سے بچنے کے لیے دو تبدیلیاں کیں، فہیم اشرف اور محمد عامر پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

    اسکواڈ

    پاکستان: شعیب ملک (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، محمد رضوان، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی

    جنوبی افریقہ: ڈیوڈ ملر (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، جینیمان مالان، روسی فینڈر ڈوسن، ہینرچ کلاسن، اینڈائل فیلکوائیو، کرس مورس، لتھو سمپالا، بیورن ہینڈرکس، جونیئر ڈالا، تبریز شمسی

    مزید پڑھیں: بہترین کھیل پیش کیا لیکن افسوس کہ ہم میچ نہ جیت سکے: شعیب ملک

    پاکستان کو مختصر فارمیٹ میں صرف ایک بار انگلینڈ سے تین میچ کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، سنچورین میں پروٹیز تاریخ بنانے اور شاہین جیت کے لیے میدان میں اترے۔

    خیال رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی تھی، بابر اعظم نے 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 55 رنز اسکور کیے بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔

  • چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    جوہانسبرگ: پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی، عثمان شنواری کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا جانے والا 165 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنر نے شاندار پارٹنر شپ قائم کی، گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 70 رنز پر گری جب فخر زمان 44 رنز بنا کر لیگ اسپنر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    امام الحق 71 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے،  بابر اعظم نے ناقابل شکست  41 رنز بنائے، محمد رضوان 4 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے لیگ اسپنر عمران طاہر اور ربادا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز پرمشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ کی بدولت قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 164 رنز تک محدود کردیا۔

     چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی جانب ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا۔

    نوجوان فاسٹ باؤلرشاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کے مجموعی اسکور پر کوئنٹن ڈی کوک کو ایل بی ڈبلیو کیا، وہ کوئی رنز نہ بناسکے جبکہ 18 کے مجموعی اسکور پرریزا ہینڈرکس بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    بعد ازاں جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 18 کے مجموعی اسکور پر گری، ہاشم آملہ اور کپتان ڈوپلیسی نے شراکت داری قائم کی اور اسکور 119 تک پہنچایا البتہ ڈوپلیسی شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین گئے، عماد وسیم نے 130 کے مجموعی اسکور پر اوپنر آملہ کو کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔

    نئے آنے والے کھلاڑی ملر صرف چار زنز کی انفرادی اننگز کھیل سکے اور وہ محمد عامر کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین روانہ ہوئے یوں 32ویں اوور میں 140 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

    عثمان شنواری نے 38 ویں اوور میں تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کا نقشہ ہی پلٹ دیا، انہوں نے پہلے ڈوسسین، اسٹین، ربادا کی وکٹیں حاصل کیں اگلے اوور میں پاکستانی باؤلر نے ایک اور وکٹ حاصل کی۔

    مجموعی طور پر جنوبی افریقا کی ٹیم 41 ویں اوور میں 164 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، عثمان شنواری نے چار، شاہین آفریدی اور شادان خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، میزبان ٹیم کے 7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    اسکور کارڈ باؤلرز کی کارکردگی

    بگ بیش کھیل کر قومی ٹیم کو جوائن کرنے والے پاکستانی باؤلر نے اپنی شاندار کارکردگی کینسر کے مریضوں کے نام کردی۔

     

    یاد رہے کہ آئی سی سی نے سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کردی جس کے بعد  شعیب ملک قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں۔

    شعیب ملک کا کہنا ہے کہ سرفرازدوسرے ون ڈے میں ہونے والے واقعے کی وجہ سے نہیں کھیل رہے، سرفرازسے متعلق آئی سی سی کا فیصلہ آنا ہے، مزید بات نہیں کرنا چاہتا۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ بتایا گیا ہے سرفرازاحمد 4 میچزکے لیے باہرہے، سرفرازاحمد سے متعلق آئی سی سی کا فیصلہ جلد آجائے گا۔

    اسکواڈ پاکستانی ٹیم

    قومی ٹیم محمد حفیظ، بابر اعظم، امام الحق، کپتان شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، رضوان احمد حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے۔

    جنوبی افریقا ٹیم اسکواڈ

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرک، ریسی وین دیر ڈیسن، اینڈلے فلکوایو، ڈیوڈ ملر، ڈیل اسٹین، کگیسورا بادا، بیرون ہینڈرکس، اور تبریز شمسی پرمشتمل ہے۔

    ڈک ورتھ لوئس قانون: پاکستان کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میزبان ٹیم کو 13 رنز سے فتح یاب قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

  • سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    سنچورین: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی، اولیویئر کو 11 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، پروٹیز کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی، اولیویئر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    تیسرے روز 149 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسن علی نے اوپنر مرکرام کو صفر پر ہی پویلین بھیج دیا۔ فخر زمان نے ہاشم آملہ کا آسان کیچ ڈراپ کردیا جس کے بعد ہاشم آملہ نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    جنوبی افریقہ کے ایلگر نے 50 رنز بنائے انہیں شان مسعود نے آؤٹ کیا، ڈی برائن 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈوپلیسی پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور شان مسعود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا دوسرا میچ کیپ ٹاؤن میں 3 جنوری سے شروع ہوگا۔

    پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی 223 رنز بنا سکی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں، دونوں نے بالترتیب 57 اور 65 رنز بنائے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک ہونے والے 23 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 4 جنوبی افریقہ 12 میچ جیتے ہیں جبکہ 7 میچ ڈرا ہوئے۔

  • سنچورین ٹیسٹ: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف

    سنچورین ٹیسٹ: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف

    سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے صرف 149 رنز کا ہدف دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 149 رنز کا آسان ہدف دے دیا، اولیویئر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں نے بالترتیب 57 اور 65 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد دونوں اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    اوپنر فخر زمان پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں ناکام رہے وہ صرف 12 رنز بناسکے، اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    اسد شفیق کو 6 رنز پر ڈیل اسٹین نے آؤٹ کیا جبکہ بابر اعظم 6 رنز پر ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، محمد عامر کو 12 رنز پر ربادا نے پویلین بھیج دیا۔

    یاسر شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے اولیویئر کی گیند پر وکٹ کیپر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے، شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے اولیویئر نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں، ربادا نے تین اور ڈیل اسٹین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    یہ پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن: پاکستانی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کے 5 وکٹ پر 127 رنز

    قبل ازیں جنوبی افریقہ نے 127 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی تو پوری ٹیم 223 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پروٹیز کے باووما نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر ڈی کوک نے 45 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔