Tag: #PakVsAus

  • پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

    پاکستان نے 20 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی

    لاہور: پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر 20 سال بعد سیریز جیت لی، بابر اعظم کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 211 رنز کا ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 37.5 اوورز میں حاصل کرلیا اور سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری، فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد امام الحق نے اور کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

    بابر اعظم نے شاندار 105 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق بھی 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    آسٹریلوی ٹیم ابتدا سے ہی پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی، اوپنر ٹریوس ہیڈ اور کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    الیکس کیری 56 اور شان ایبٹ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بین میکدر میٹ 36 اور کیمرون گرین 34 رنز بناسکے۔

    مارکس لبوشین 4 اور مارکس اسٹونس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نیتھن ایلس 2 رنز بنا کر محمد وسیم کا نشانہ بنے۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے دو اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیتا اور مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی، فائنل میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    فیصلہ کن معرکے کے لئے آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، مچل سوئپسن کی جگہ جیسن بیرنڈورف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان 20 سال سے آسٹریلیا کے خلاف کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیتا ہے۔

     دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق کی سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

    اس سے قبل پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف 327 رنز تھا، جو اس نے بنگلا دیش کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں عبور کیا تھا۔

    اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری بناکر ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا، بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 15 سنچریاں بنانے والے بیٹر بنے تھے۔

  • بابر اور امام کی سنچریاں، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

    بابر اور امام کی سنچریاں، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

    لاہور: دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 349 رنز کا 49 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کپتان بابر اعظم نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی 106 رنز اسکور کرکے کپتان بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا۔

    اوپنر فخر زمان 67 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن ایلس اور مارکس اسٹونس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دیاتھا۔

    بین میکدر میٹ نے شاندار 104 رنز کی اننگز کھیلی، ٹریوس ہیڈ 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مارنوس لبوشین بھی 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مارکس اسٹونس نے 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    کیمرون گرین اور الیکس کیری 5، 5 رنز بناسکے، شان ایبٹ 28 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد وسیم نے دو، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

    کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے اسی لئے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم میں تبدیلی سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرے ون ڈے میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    کینگروز کپتان ایرون فنچ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر ہم بھی ٹاس جیتنے میں کامیاب ہوتے تو پہلے بولنگ کرتے، اب اچھا ٹوٹل بناکرپاکستان پر دباؤ ڈال سکتےہیں۔

    فنچ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ، اس سے قبل آسٹریلیا بینو قادر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرچکی ہے۔

  • گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    گرین شرٹس آسٹریلیا سے حساب چکانے کیلئے تیار

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا، قومی ٹیم سیریز برابر کرنے کا عزم لئے میدان میں اترے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،  3 میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔

    دوسرے معرکے میں کینگروز الیون میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں، البتہ پاکستان کی فائنل الیون میں شاہین آفریدی کی واپسی متوقع ہے جو گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا، پاکستان ٹیم کو سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے آج ہر صورت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ آگئی

     ادھر قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ سپرلیگ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کی بہتری کیلئے نئی حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے اور کوشش ہوگی کہ باقی دو میچوں میں کامیابی کے ساتھ درجہ بندی میں بہتری حاصل کی جائے ۔

    میچ سے ایک روز قبل آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مختصر دورانیے کی ٹریننگ کی جبکہ پاکستان ٹیم نے آرام کیا، کینگروز کپتان ایرون فنچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج دوسرا میچ جیت کر سیریز پر قبضے کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • ٹریوس ہیڈ نے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتادیا

    ٹریوس ہیڈ نے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتادیا

    لاہور: پہلے ایک روزہ میچ کے ہیرو آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن پریس کانفرنس میں ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ دوپہر کے وقت بیٹنگ تھی اس لئےاچھا پلیٹ فارم بنا، نئے بال سے بیٹنگ کرنا آسان تھا،مجھے موقع ملااو رمیں اس کے مطابق کھیلا۔

    آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ اوس کی وجہ سے مشکل ہو سکتی ہے، پلیٹ فارم اچھا ملا تو مڈل آرڈر نے بھی اپنا حصہ ڈالا اور کامیابی ملی۔

    پہلے ایک روزہ میچ کے مین آف دی میچ کا مزید کہنا تھا کہ اسکواڈ میں شامل دو کھلاڑی کرونا کا شکار ہوئے جبکہ ایک انجرڈ ہوا تاہم کھلاڑیوں نے تمام معاملات کو پس پشت ڈالتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘میرے آؤٹ ہونے پر میچ ہاتھ سے نکل گیا

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے گذشتہ روز پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 88 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے شاندار سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

    اس سے قبل بینو قادر ٹیسٹ سیریز بھی مہمان ٹیم اپنے نام کرچکی ہے۔

  • ‘آسٹریلیا کی ٹیم کو کبھی آسان نہیں لیتے’

    ‘آسٹریلیا کی ٹیم کو کبھی آسان نہیں لیتے’

    لاہور: قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کو اہم قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن پریس کانفرنس میں فخر زمان نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں میری کارکردگی اچھی ہے اور رنز بھی ہو رہے ہیں، پلان یہی ہے کہ آسٹریلیاکےخلاف لمبا اسکور کروں۔

    جارح مزاج بیٹر نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے لیے اچھی پچز تیار کی گئی ہیں، مجھے امید ہے کہ وائٹ بال سیریز کے تمام میچز ہم جیتیں گے۔

    پاکستان کے اوپنر بیٹر نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کے بارے میں کہا کہ آسٹریلیا سےاہم سیریز ہے، ہمیں ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا، ورلڈ کپ لیگ کے پوائنٹس بہتر کرناہونگے اسکے لئے پورےپوائنٹس لیناہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی کپتان کو شاہین آفریدی کا خوف ستانے لگا

    انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی ٹیم میں بڑے نام نہیں کھیل رہے اگر بڑے نام کھیلتے تو اچھا ہوتا، نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کل سے 5 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

  • آسٹریلوی کپتان کو شاہین آفریدی کا خوف ستانے لگا

    آسٹریلوی کپتان کو شاہین آفریدی کا خوف ستانے لگا

    لاہور: آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ بابراعظم ایک روزہ میچز کا لیڈر جبکہ شاہین آفریدی خطرناک بولر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پری میچ ورچوئل پریس کانفرنس میں آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے آغاز کے خواہشمند ہیں، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

    ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستانی میں پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا ہے، سنا ہے کہ ایشیائی پچز بیٹنگ کے لیے زیادہ تر سازگار ہوتی ہیں، اس لیے کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر برتری ثابت کریں، مجھے باہمی سیریز شروع ہونے کا بےتابی سے انتظار ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: وائٹ بال سیریز سے قبل آسٹریلیا مشکلات کا شکار

    ایرون فنچ نے اعتراف کیا کہ ون ڈے میچز میں بہترین پرفارمنس دینے والی پاکستانی ٹیم کو ہوم گراونڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا، بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی جیسے ورلڈ کلاس کرکٹرز پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں، شاہین شاہ آفریدی اچھی سوئنگ کرتے ہیں۔

    آسٹریلوی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک اچھا کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں صرف ایک میچ ہے تاہم سری لنکا میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں جس سے تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کل سے 5 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

  • آسٹریلوی اسپنر کا ہدف کون؟ اپنی زبانی بتادیا

    آسٹریلوی اسپنر کا ہدف کون؟ اپنی زبانی بتادیا

    لاہور: آسٹریلین لیگ اسپنر ایڈم زمپا پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے بے تاب ہیں اور انہوں نے اپنے ہدف بھی بتادئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں آسٹریلین لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں پاکستان کامقابلہ کرناچیلنج ہوگا تاہم پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنےکی کوشش کریں گے۔

    ایڈم زمپا نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی 20سیریز میں پچز ٹیسٹ میچز سےمختلف ہونگی،کوشش ہوگی کہ ان پچز پر اچھی باؤلنگ کی جائے ، ہماری ٹیم میں کچھ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو اہم ثابت ہوسکتےہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا

    آسٹریلوی لیگ اسپنر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میرے لئے بھی چیلنج ہے کیونکہ پاکستان کے خلاف سیریز آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لئے بہت چیزیں واضح کردے گی۔

    ایڈم زمپا کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور رضوان کو آؤٹ کرنا ان ٹارگٹ ہے، وکٹ گرا کر پاکستان پر پریشر ڈالنا ہدف ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان وائٹ بال سیریز 29 مارچ سے شروع ہونے جارہی ہے جس میں 3 ون ڈے میچز پر سیریز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

  • لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز کینگروز کے نام

    لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز کینگروز کے نام

    آسٹریلیا نے لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کو 116 رنز سے شکست دیکر بینو قادر ٹرافی اپنے نام کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی، 351 رنز کے جواب میں 77 رنز کا شاندار آغاز ملنے کے باوجود قومی ٹیم کے بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی اور 235  رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    امام الحق 70 اور کپتان بابراعظم کے 55 رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کینگروز بولرز کے خلاف مزاحمت نہ کرسکا، مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم 11 اور محمد رضوان 0 پر آؤٹ ہوئے۔

    عبداللہ شفیق 27، اظہر علی 17، ساجد خان 21، حسن علی 13 ، شاہین آفریدی 5 اور نسیم شاہ 1 رنز بناسکے۔

    Image

    آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا،مچل اسٹارک اور کمیرون گرین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    لاہور ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی کینگروز ٹیم نے بینو قادر ٹرافی 0-1 سے اپنے نام کرلی، اس سے قبل سیریز کے دونوں میچز ڈرا ہوئے تھے۔

    آسٹریلیا کی پہلی اننگز

    لاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، مہمان ٹیم نے بیٹر عثمان خواجہ کے 91 رنز کی بدولت 391 رنز بنائے تھے، اسٹیو اسمتھ 59، کیمرون گرین 79، اور ایلکس کیرے 67 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

    پاکستان کی پہلی اننگز

    آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کے بیٹرز نے ناقص کارکردگی کے نتیجے میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور کپتان بابراعظم کے 67 رنز کے باوجود قومی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 391 رنز برابر کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 123 رنز کی برتری ملی تھی۔

    آسٹریلیا کی دوسری اننگز

    آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں عثمان خواجہ کی سینچری کی بدولت 227 رنز تین کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈیکلیر کرنے کا اعلان کیا اور پاکستان کو جیت کے لئے 351 رنز کا ہدف دیا جسے قومی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس

     دونوں ٹیموں کے درمیان بینو قادر ٹرافی سیریز کے تحت تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی جو کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ تھی۔

    ICC WTC Table March 20

    آئی سی سی نے 23-2021 کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو 12 پوائنٹس دیئے جائیں گے، میچ ڈرا ہونے پر 4 پوائنٹس جبکہ میچ برابر(ٹائی) ہونے پر دونوں ٹیموں کو 6،6 پوائنٹس حاصل ہوں گے۔

    ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ میں میں پوائنٹس ٹیبل پر نمبر کے لیے حاصل کردہ پوائنٹس کی شرح استعمال کی جائے گی۔

  • لاہور ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز درکار

    لاہور ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز درکار

    لاہور ٹیسٹ جیتنے کے لیے قومی ٹیم کو مزید 278 رنز درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو کامیابی کے لیے دس وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے 351 رنز کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنالیے ہیں اور جیت کے لیے مزید 278 رنز درکار ہیں۔

    اوپنر امام الحق 42 اور عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    اس سے قبل کینگروز نے دوسری اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 351 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے تھے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

    Imageاس سے قبل پاکستان لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور کپتان بابراعظم کے 67 رنز کے باوجود قومی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 391 رنز برابر کرنے میں ناکام رہی۔Image

    آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 123 رنز کی برتری ملی تھی۔

    واضح رہے کہ لاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، مہمان ٹیم نے بیٹر عثمان خواجہ کے 91 رنز کی بدولت 391 رنز بنائے تھے، اسٹیو اسمتھ 59، کیمرون گرین 79، اور ایلکس کیرے 67 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔Image

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ساجد خان اور نعمان علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ بینو قادر ٹرافی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

  • وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

    وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

    لاہور: پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ خصوصی فلائٹ کے زریعے آج لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچا، جہاں انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں لاہور کے نجی ہوٹل پہنچایا گیا۔

    وائٹ بال سیریز میں حصہ لینے والے کھلاڑی تین روزہ آئسولیشن مکمل کرنے بعد اتوار سے پریکٹس شروع کرینگے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایرون فنچ آسٹریلیا کے کپتان ہونگے۔

    سیریز کا پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا دو اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی بھی 5 اپریل کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تینوں ون ڈے میچز سہ پہر 3 بجے جبکہ ٹی ٹوئنٹی رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر

    دوسری جانب پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شدت سے منتظر شائقین کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ بال سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے، تمام ٹکٹس بک می ڈاٹ پی کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

    ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 4 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پر 6 ٹکٹس تک خریدے جاسکتے ہیں۔