Tag: pakvscot

  • سرفراز کی شاندار بیٹنگ، اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 48 رنز سے شکست

    سرفراز کی شاندار بیٹنگ، اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 48 رنز سے شکست

    اینڈن برا: پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 48 رنز سے شکست دے دی، سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے قومی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے مابین دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔

    قومی ٹیم کو اوپننگ پارٹنر شپ اچھی نہ مل سکی اور 33 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعد ازاں 46 کے ہندسے پر دوسرے اوپنر فخر زمان بھی پویلین روانہ ہوئے۔

    نئے آنے والے بیٹسمین حسین طلعت نے 18 رنز بنائے اور وہ 87 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کپتان اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورٹیم کو بڑی پارٹنر شپ دی جس کے باعث سرفراز الیون اچھا مجموعہ دینے میں کامیاب ہوئی۔

    بعد ازاں شعیب ملک 19ویں اوور میں 27 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے یوں دونوں کھلاڑی 96 رنز کی شراکت داری قائم کرنے میں کامیاب ہوئے، سرفراز احمد نے 48 گیندوں پر 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    سرفراز الیون نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو 205 رنز کا ہدف دیا۔

    اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو ابتدا میں پاکستانی باؤلرز ناکام نظر آئے اور مہمان ٹیم کے بیٹسمینوں نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائد ہ اٹھایا مگر کچھ ہی دیر بعد شاہینوں نے اونچی پرواز دکھائی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم صرف 156 رنز تک محدود رہی اس طرح پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 48 رنز سے فتح حاصل ہوئی۔

    ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اس لیے آج اُسے آسان حریف کے طور پر نہیں لیں گے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ آسان نہیں کیونکہ ہم دیکھ چکے بنگلادیش جیسی ٹیم کو افغانستان نے آسانی کے ساتھ وائٹ واش کیا، مختصر اوورز کے کھیل میں کامیابی ٹیم کی درجہ بندی پر نہیں بلکہ  کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے’۔

    واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 371 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں مورگن الیون 49ویں اوور میں 365 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: اسکاٹ لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، انجری کا شکار ہونے والے بابر اعظم کی جگہ حارث سہیل کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد پندرہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا، ویسٹ انڈیز کے خلاف فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے صرف لارڈز ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے والے بابر اعظم کی جگہ حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، احمد شہزاد، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    قومی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 جون کو کھیلے گی جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 جون کو کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ نے گزشتہ روز لیڈز ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس کو اننگز اور 55 رنز سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے لاڑڈ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی اس طرح سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔