Tag: #PakVsNZ

  • قومی اسکواڈ کے ایک اور رکن میں کرونا مثبت آ گیا

    قومی اسکواڈ کے ایک اور رکن میں کرونا مثبت آ گیا

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹرز کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، ایک اور رکن کرونا وائرس کی لپیٹ میں آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 54 رکنی اسکواڈ میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ارکان کی تعداد 8 ہوگئی، 2 کھلاڑیوں کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا ہے۔

    جمعرات کو ہونے والی ٹیسٹنگ کے بعد قومی کرکٹرز کو ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کرونا مثبت آ گیا ہے، پہلے، تیسرے، چھٹے روز ہونے والی ٹیسٹنگ میں 8 ارکان کا کرونا مثبت آ چکا ہے، اس وقت پاکستانی اسکواڈ کے 54 میں سے 8 ارکان کرونا میں مبتلا ہیں۔

    دورہ نیوزی لینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے لیے اچھی خبر

    محکمہ صحت کے مطابق 8 ارکان میں سے 2 نان انفیکشس کیسز قرار دیے گئے ہیں، تاہم یہ دونوں ارکان بھی دیگر اسکواڈ کے ہم راہ قرنطینہ مکمل کریں گے، 12 ویں روز کرونا ٹیسٹ اور 14 ویں روز کھلاڑیوں کا ہیلتھ چیک اپ ہوگا، اس کے بعد ہی کھلاڑیوں کو منیجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ جمعرات کی ٹیسٹنگ میں منفی آنے والوں کو ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے، جب کہ پی سی بی، نیوزی لینڈ میں موجود ٹیم منیجمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ادھر مثبت آنے والے کھلاڑی اب بھی قرنطینہ میں ہیں، کھلاڑیوں نے آئسولیشن میں خود کو فٹ رکھنے کے لیے بند کمروں میں ٹریننگ شروع کر دی ہے، کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے قرنطینہ میں اسٹریچنگ اور پش اپس کیے۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، 13 رکنی اسکواڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے والے گلین فلپس، ڈیون کونوئے، ٹم سیفرڈ، جمی نیشم، لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی شامل ہیں۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 18 دسمبر کو ہوگا، نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔

  • دبئی ٹیسٹ، دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 418 رنز پر ڈکلیئر کردی

    دبئی ٹیسٹ، دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 418 رنز پر ڈکلیئر کردی

    دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری دبئی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 418 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے حارث سہیل اور بابر اعظم کی شاندار سنچریوں کی بدولت اپنی پہلی اننگز 418 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنالیے، کیویز کو سبقت حاصل کرنے کے لیے مزید 394 رنز درکار ہیں۔

    نیوزی لینڈ نے راول 17 اور لیتھم 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے حارث سہیل 147 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور بابراعظم 127 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، سرفراز احمد نے 30 رنز بنائے۔

    نیوزی لینڈ کے گرینڈ ہوم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    کپتان سرفراز احمد نے گزشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 90 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے۔

    محمد حفیظ اور امام الحق 9،9 رنز بنانے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔

    قومی ٹیم کی 2 وکٹیں گرنے کے بعد اظہرعلی اور حارث سہیل نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

    پاکستان کی تیسری وکٹ 151 رنز پرگری جب اظہر علی 81 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے تھے، اسد شفیق 12 رنز بناکر اعجازپٹیل کا شکار بنے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں، اب نہیں دہرائیں گے، کریز پرسیٹ ہوجانے والے بیٹسمینوں لمبی اننگز کھیلنی ہوگی۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بیٹسمینوں کو وکٹ پرٹھہرنا چاہیے تھا، کوشش ہوگی غلطیاں اگلے میچز میں نہ دہرائیں۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان باؤلرز جتنا ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اتنا سیکھتے جائیں گے۔

    ابو ظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی


    یاد رہے کہ 19 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست ہوگئی تھی۔ قومی ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

  • دوسرا ٹی 20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 202 رنز کا ہدف دے دیا

    دوسرا ٹی 20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 202 رنز کا ہدف دے دیا

    آکلینڈ: پاکستا ن نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 202 رنز کا ہدف دیا‘ پاکستانی بلے با ز ٹی ٹوئنٹی میں نیا ریکارڈ بھی قائم کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ آج نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا جارہا ہے ۔ پاکستان نے مقررہ اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹاپ آرڈر کے چاروں بلے باز 40 سے زیاد ہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔

    پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فخر زمان اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں‘ احمد شہزاد نے 44 اور کپتان سرفراز احمد نے 41 رنز کی اننگ کھیل کر نیوزی لینڈ کے خلاف بڑا اسکور کیا۔

    سیریز کو بچانے کے لئے پاکستان ٹیم کے لئے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا۔ ٹیم میں محمد نواز کی جگہ احمد شہزاد کو شامل کیا گیا۔

    کرکٹ ماہرین کے مطابق ایڈن پارک میں ہونے والے مقابلے میں چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بولرز کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ میچ میں بڑے اسکور کی توقع کی جارہی ہے۔ اگر پاکستانی بولرز نے ذمے داری کا مظاہرہ نہیں کیا، تو اس ’ڈو اور ڈائی‘ میچ میں شکست پاکستان کا مقدر بن سکتی۔

    یاد رہے کہ ایڈن پارک میں دونوں ٹیموں کے کا یہ تیسرا ٹاکرا ہے۔ دوہزار دس میں نیوزی لینڈ اور دوہزار سولہ میں پاکستان یہاں کامیاب رہا تھا۔ میچ سے قبل شاہینوں نے نیٹ میں جم کر پریکٹس کی۔ کھلاڑیوں کی جانب سے کیویز کو شکست دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

    مصنوعی روشنی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا یہ فیصلہ کن میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میں پاکستان کا شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں دیا گیا ہدف مکمل کر کے 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کرلی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

    ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس کے مطابق  سرفراز احمد کپتانی سے فرائض سرانجام دیں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر انضمام الھق کا کہنا تھا کہ ’عماد وسیم کو گھٹنے کی انجری کے باعث سلیکٹ نہیں کیا گیا اُن کی جگہ محمد نواز کو موقع دیا جائے گا جبکہ صہیب مقصود کو بھی کمر کی تکلیف کے باعث سیلکٹ نہیں کیا گیا‘۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی سربراہی میں 5 ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود ہے، ابتدائی دو میچز میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کر کے 2-0 سے برتری حاصل کی ہوئی ہے۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سرفراز الیون کو پہلے میچ میں 61 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کیویز نے 8 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی، دونوں میچز بارش کے باعث متاثر ہوئے تھے، نتیجہ ڈک ورتھ لوئس کے تحت بنایا گیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا میچ 13 جنوری کو ڈبلن اسٹیڈیم جبکہ چوتھا 16 جنوری کو ہملٹن اور آخری میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلے گی۔

    ایک روزہ میچ کے بعد سرفراز الیون پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 جنوری کو ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا 25 تیسرا اور آخری میچ 25 جنوری کو کھیلے گی۔

    ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ 

    سرفراز احمد ( کپتان / وکٹ کیپر)

    فخر زمان

    احمد شہزاد

    بابر اعظم

    شعیب ملک

    ہارس سہیل

    محمد حفیظ

    محمد نواز

    شاداب خان

    فہیم اشرف

    عامر یامین

    محمد عامر

    حسن علی

    رومان رئیس

    عمر امین


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔