Tag: #PakVsSA

  • پاکستان اور جنوبی افریقا آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مد مقابل

    پاکستان اور جنوبی افریقا آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مد مقابل

    جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے جوہانسبرگ میں ہوگا، چار میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے شروع ہوگا۔

    پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، پروٹیز کے دیس میں ون ڈے سیریز جیت کرپاکستان اب ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے فیورٹ قرار دی جارہی ہے۔

    پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کون کرے گا؟ پاکستان کے پاس کئی آپشن ہیں، ایک روزہ سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل دو سنچریاں بنانے والے فخر زمان کے ساتھ جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو اوپن کرائے جانے کا امکان ہے۔

    مڈل آرڈر پر کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی اور ٹی ٹوئنٹی آج اپنے میچز کی سینچری کرنے والے محمد حفیظ موجود ہونگے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقی قائد ٹیمباباووما ہیمسٹرنگ انجری کےباعث پاکستان کے خلاف ٹی20سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، باووماکی غیرموجودگی میں ہینرچ کلاسین پروٹیزکی قیادت کریں گے۔

    آل راؤنڈر ڈوائن پریٹوریس بھی انجری سے مکمل طور پر چھٹکارہ نہیں پاسکے ہیں، ریزا ہینڈرکس بچےکی ولادت کے باعث سیریز سےدستبردار ہوچکے جبکہ جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز وین ڈر ڈوسن بھی تاحال ان فٹ ہے اور ان کی پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

    اس کے علاوہ سینیئر کھلاڑیوں کی نجی لیگ میں شرکت کے باعث پروٹیز کی آدھی ٹیم پہلے ہی پاکستان کے خلاف اسکواڈ سے باہر ہوچکی ہے۔

    پاک جنوبی افریقا ٹی ٹوئنٹی سیریز: رینکنگ پر کیا فرق پڑے گا؟

    آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم فی الحال 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ‏میزبان جنوبی افریقہ 251 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ اس فہرست میں انگلینڈ ‏‏(272)کا پہلا، بھارت (270) کا دوسرا جبکہ آسٹریلیا (267) کا نمبر تیسرا ہے۔

    مہمان ٹیم اگر سیریز کے چاروں میچز جیت جاتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ان کے پوائنٹس ‏کی تعداد 264 ہوجائے گی تاہم اگر نتائج اس کے برعکس ہوتے ہیں تو پھر جنوبی افریقہ کی ٹیم ‏آئی سی سی رینکنگ میں چوتھے اور پاکستان چھٹے نمبر پر چلا جائے گا۔

    اب تک دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں سے 9 میں جنوبی افریقہ جبکہ ‏‏8 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ اس تناظر میں یہ سیریز پاکستان کے لیے برتری حاصل کرنے ‏کا بہترین موقع بھی ہے۔

  • آخری ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

    آخری ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی

    سنچورین: پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان سنچورین کے اسٹیڈیم میں سیریز کا آخری ٹی 20 میچ کھیلا گیا، جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر شعیب ملک کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    مہمان ٹیم کی دعوت پر پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، قومی ٹیم کو ایک بار پھر اوپننگ اچھی نہ مل سکی اور پہلے کھلاڑی بابر اعظم 24 کے مجموعی جبکہ 23 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 ، آصف علی 25، بابر اعظم 23 اور شاداب خان 22 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    اسکور کارڈ

    آل راؤنڈر شاداب خان نے 8 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کیے جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے بیورن ہینڈرکس نے چار اوورز میں چودہ رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مورس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پانچ کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی نے پروٹیز کے پہلے کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، 14 کے مجموعی اسکور پر جے این ملن کو عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا جبکہ 30 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ گری۔

    پاکستانی باؤلرز نے دو کے علاوہ باقی تمام افریقی بلے بازوں کو زیادہ دیر وکٹ پر ٹکنے نہ دیا۔ سی ایچ مورس نے 29 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈوسن 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    اسکور کارڈ

    پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2 ، 2 جبکہ شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قومی ٹیم میں تبدیلیاں

    قومی ٹیم نے وائٹ واش سے بچنے کے لیے دو تبدیلیاں کیں، فہیم اشرف اور محمد عامر پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

    اسکواڈ

    پاکستان: شعیب ملک (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، محمد رضوان، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی

    جنوبی افریقہ: ڈیوڈ ملر (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، جینیمان مالان، روسی فینڈر ڈوسن، ہینرچ کلاسن، اینڈائل فیلکوائیو، کرس مورس، لتھو سمپالا، بیورن ہینڈرکس، جونیئر ڈالا، تبریز شمسی

    مزید پڑھیں: بہترین کھیل پیش کیا لیکن افسوس کہ ہم میچ نہ جیت سکے: شعیب ملک

    پاکستان کو مختصر فارمیٹ میں صرف ایک بار انگلینڈ سے تین میچ کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، سنچورین میں پروٹیز تاریخ بنانے اور شاہین جیت کے لیے میدان میں اترے۔

    خیال رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی تھی، بابر اعظم نے 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 55 رنز اسکور کیے بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔

  • کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: قومی ٹیم کو شکست، سیریز جنوبی افریقا کے نام

    کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: قومی ٹیم کو شکست، سیریز جنوبی افریقا کے نام

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے 41 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے محمد عباس وہ واحد باؤلر تھے جنہوں نے ڈی برائن کی وکٹ لی جبکہ افریقی بلے باز ہاشم آملہ محمد عامر کی گیند لگنے سے زخمی بھی ہوئے۔

    میزبان ٹیم نے مقررہ ہدف 9.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔

    ڈوپلسی کو شاندار بیٹنگ اور سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    پانچ روزہ ٹیسٹ کا نتیجہ ڈھائی دن میں ہی نکل آیا، پاکستان کے بلے باز دوسری اننگز میں بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے شکست کا ملبہ بیٹنگ لائن پر ڈال دیا۔

    جنوبی افریقا کی ٹیم نے کیپ ٹاؤن اور سینچورین میں فتح حاصل کر کے سیریز اپنے نام کرلی، تیسرا ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 41 رنز کا ہدف ملا تھا، پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 61، اسد شفیق نے 88 اور بابراعظم نے 72 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    مڈل آرڈر کی نصف سنچریوں کے علاوہ کوئی پاکستانی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، امام الحق 6، اظہر علی 6، فخر زمان 7، کپتان سرفراز احمد 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے تھے۔

    مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے لگا، جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم

    دوسری اننگز میں جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور ربادا نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فلینڈر اور اولیویئر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں جنوبی افریقہ نے 382 رنز 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز دوبارہ شروع کی تو وکٹ کیپر بلے باز ڈی کوک 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 431 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شان مسعود نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

    یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور ان کی اس جیت میں 11 وکٹیں لے کر مرکزی کردار ڈوئن اولیوئیر نے ادا کیا تھا۔