Tag: pakvwl

  • بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے

    بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے

    دبئی: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں بابر اعظم پہلے نمبر پر آگئے، لیگ اسپنر شاداب خان نے بالرز کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر قبضہ جمالیا۔

    بابر اعظم 95 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پانچ وکٹیں لینے والے شاداب خان نے بالرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی، پہلے نمبر پر افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان موجود ہیں، بھارتی اسپنر چاہل اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ساؤٹھی بالتریتب تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔

    دیگر قومی بلے باز کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے، شعیب ملک کا 32 واں نمبر ہے، فخر زمان اور حسین طلعت بالترتیب 50 اور 54 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    محمد عامر اور حسن علی کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے، عامر 15 ویں نمبر سے 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں، حسن علی 10 درجے بہتری کے بعد 30 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں بھی قومی ٹیم پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا کا نمبر دوسرا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • شاداب خان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد

    شاداب خان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد

    کراچی: قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    لیگ اسپنر نے گزشتہ روز ونڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں والٹن کو آؤٹ کرنے کے بعد اشارہ کیا تھا، شاداب کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

    شاداب خان کے رویے کی رپورٹ فیلڈ امپائرز کی جانب سے کی گئی جس پر میچ ریفری ڈیوڈ بون نے جرمانہ عائد کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز والٹن کو 40 رنز پر شاداب خان نے اپنے نویں اوور میں آؤٹ کرنے کے بعد اشارہ کیا تھا، لیگ اسپنر نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا ہے، انہوں نے میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ونڈیز کو 82 رنز سے شکست دی تھی، سیریز کا آخری اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں کتنے میچز کھیلے گئے؟

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں کتنے میچز کھیلے گئے؟

    کراچی: پاکستان میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد آج سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہورہا ہے، بارہ سال قبل ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ون ڈے میچ کھیلا تھا، 2009 کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی آنے والی پہلی انٹرنیشنل ٹیم ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا ون ڈے میچ 21 نومبر 1980 کو کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

    پانچ سال بعد 6 دسمبر 1985 کو پھر ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں اس میچ میں بھی ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

    تیس اکتوبر 1987 کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کھیلا گیا، اس میچ میں بھی کامیابی ویسٹ انڈیز کے حصے میں آئی اور پاکستان کو 28 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    نو نومبر 1990 کو ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان میچ میں پاکستان کو پہلی کامیابی اپنے ہوم گراؤنڈ پر نصیب ہوئی جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 6 رنز سے ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔

    بیس نومبر 1991 کو دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچ کھیلا گیا اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی 24 رنز سے شکست دے دی۔

    پندرہ سال بعد 16 دسمبر 2006 کو قومی ٹیم ایک بار پھر کالی آندھی سے ٹکرائی، ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 6 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں چار میچز کا فیصلہ نہ ہوسکا جبکہ دو میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کے علاوہ اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑی پہلی بار کراچی میں بین الاقوامی میچ کھیل رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑی دنیش رام دین اور مارلون سیمویلز بھی پہلے نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کھیل چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی نمبر پر براجمان ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا پانچواں نمبر ہے، پاکستان ویسٹ انڈیز کو سیریز میں شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرسکتا ہے، بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعطم اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اب تک دونوں ٹیموں کے مابین 11 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے، جن میں سے 8 پاکستان نے جیتے اور تین میچز میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی ملی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک ویسٹ انڈیز سیریز، سیکیورٹی کے لیے پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ناصر حسین شاہ

    پاک ویسٹ انڈیز سیریز، سیکیورٹی کے لیے پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز کے تین میچز ہورہے ہیں، پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شائقین کے لیے پارکنگ ایریا بنائے گئے ہیں، شٹل سروس بھی ہوگی، گرمی کی وجہ سے وقت بارہ کے بجائے تین سے سات بجے تک رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس فائنل نے میڈیا نے ہمارا ساتھ دیا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں پھر میڈیا کی سپورٹ کی ضرورت ہے، پوری کوشش کریں گے کہ اس بار عوام کو زحمت نہ ہو۔

    ممنونہ اشیا اسٹیڈٰیم میں لانے پر پابندی ہوگی، بریگیڈیئر شاہد

    اتوار یکم اپریل سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے سیریز کے حوالے سے بریگیڈیئر شاہد کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اشیا کو اسٹیڈٰیم میں لانے پر پابندی ہوگی، کھانے پینے کی اشیا کو اسٹیڈیم میں لانے پر پابندی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ شاپنگ بیگز چھوٹے استعمال کئے جائیں تاکہ سیکیورٹی کلیئرنس میں آسانی ہو، سیکیورٹی پی ایس ایل کے ماڈل جیسی اپنائی جائے گی، جبکہ حکومت سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم کے اندر فوڈ اسٹالز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

    بریگیڈیئر شاہد نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات پر بھرپور توجہ دی گئی ہے، دوپہر تین بجے سے لے کر 7 بجے تک اسٹیڈیم کے گیٹ کھلے رہیں گے، اسپتال کے قریب سے شٹل سروس ڈراپ کرکے اسٹیڈیم کے قریب لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سڑکیں 11 کے بجائے 2 بجے بند ہوں گی، ڈی آئی جی ٹریفک

    میچز کے دوران سڑک بند کرنے کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پی ایس فائنل جیسا ہی ہے البتہ سڑکیں بند کرنے کے اوقات میں تبدیلی کی ہے، سڑکیں 11 کے بجائے 2 بجے بند ہوں گی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی کہ شارع فیصل اور شارع پاکستان کو ٹریفک کے لیے زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل کو کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 3 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان کی ٹیم نے پریکٹس سیشن کا آغاز کردیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج رات کراچی پہنچے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈین اسکواڈ کا اعلان

    پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈین اسکواڈ کا اعلان

    کراچی: پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈین 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکم، 2 اور 3 اپریل کو کھیلی جائے گی، ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت جیسن محمد کریں گے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریادا یمرٹ، آندرے فلیچر، آندرے مکارتھی، کیمو پاؤل، ویرا سیمی پرمول، رومان پاول، دنیش رام دین، مارلن سیمویلز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز۔

    ویسٹ انڈین ٹیم مینجمنٹ میں اسٹیورٹ لاء (ہیڈ کوچ)، الفونسو تھامس، ریان میرون، ویرنن ولیمز اور ڈیکسٹرآگسٹس شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز اور ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ویول بائنڈز بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

    دورہ پاکستان کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ  فائنل کا کامیاب انعقاد ہوا ہے اس کے بعد ہماری ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے۔

    ویسٹ انڈیز کے مستقل ٹی ٹوئنٹی کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کی عدم دستیابی کے باعث جیسن محمد کو قیادت سونپی گئی ہے، وہ پہلی بار اپنی ٹیم کے کپتانی کریں گے۔

    ویسٹ انڈیز کے ون ڈے کپتان جیسن ہولڈر بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہے جبکہ کرس گیل، کیرون پولارڈ، لیندل سیمنز، ڈیوائن اسمتھ، اور سینل رائن بھی پاکستان آنے والی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ چیمپئن ہے آسان حریف تصور نہیں کریں گے، مکی آرتھر

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ چیمپئن ہے آسان حریف تصور نہیں کریں گے، مکی آرتھر

    کراچی: قومی  کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ چیمپئن ہے آسان حریف تصور نہیں کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مکی آرتھر نے کہا کہ تمام کھلاڑی کراچی میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں۔

    ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی سال سے انٹرنیشنل کرکٹ اپنے ملک میں نہیں کھیلی، کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

    پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راحت علی نے پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کیا، کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں اچھی بیٹنگ کی، بدقسمتی سے کامران اکمل اچھے فیلڈر نہیں ہیں، اچھے فیلڈر ہوں تو ٹیم میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔

    مکی آرتھر نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں جبکہ عثمان خان شنواری فارم میں اور فٹ ہیں، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹیم بنا رہا ہوں۔

    محمد حفیظ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حفیظ اگر بولنگ کررہے ہیں تو اچھی بات ہے مگر بولنگ کے بغیر حفیظ کا فائدہ نہیں البتہ ان پر کرکٹ کے دروازے بند نہیں ہوئے، ون ڈے میچز میں ان کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

    ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، چاہتا ہوں کہ کراچی میں گراؤنڈ تماشائیوں سے بھرا ہوا ہو، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پر امن انعقاد کے لیے سندھ رینجرز کے جوانوں نے سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔