Tag: Palestinian couple

  • پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی جوڑے کی سادگی سے شادی

    پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی جوڑے کی سادگی سے شادی

    غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایسے میں ایک فلسطینی جوڑے نے انتہائی سادگی سے شادی کرلی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کاسلسلہ جاری ہے،جس میں اب تک ہزاروں افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں، جن میں بہت بڑی تعداد بچیوں اور خواتین کی ہے۔

    اسرائیلی بربریت سے غزہ میں خوراک اور ادویات کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ عالمی ادارہ صحت نے بھی اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    رفح کے پناہ گزین کیمپ میں جنگ کے ماحول میں بھی فلسطینی خاندان نے اپنے بچوں کی شادی کی رسوم انتہائی سادگی سے انجام دیں، بتایا جارہا ہے کہ جوڑے کی شادی اسرائیلی حملے سے قبل طے کی جاچکی تھی۔

    یہ خاندان اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اپنے گھروں سے محروم ہونے کے بعد پناہ گزین کیمپوں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

    شادی کرنے والے جوڑے کے والدین نے بتایا کہ جنگ رکنے کا نام نہیں لے رہی، ایسے میں ہم نے یہ درست جانا کہ اس سوگوار ماحول میں خوشی کے نغمے بکھیر دیں تاکہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر جائیں۔

    شادی کی تقریب میں دلہن نے روایتی لباس زیب تن کر رکھا تھا، شادی میں کیمپ میں رہائش پذیر دیگر فلسطینی بھی شریک ہوئے، نغمے گائے گئے اور کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

  • تصاویر: تباہ شدہ غزہ سے اچھی خبر

    تصاویر: تباہ شدہ غزہ سے اچھی خبر

    غزہ: فلسطین کے اس محصور شہر میں جسے صہیونی فورسز نے اپنی درندگی سے کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے، ایک اچھا واقعہ یہ رونما ہوا ہے کہ ایک جوڑے نے ان غارت گر دنوں میں شادی کر کے ایک خوش گوار یاد کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری ہے، تاہم ہفتے کے روز ایک نوجوان فلسطینی جوڑا رفح کے علاقے کے ایک اسکول میں شادی کے خوب صورت بندھن میں بندھ گیا ہے۔

    جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں واقع اس اسکول میں بہت سے دیگر افراد کے ساتھ اس جوڑے نے بھی پناہ لی ہوئی ہے۔

    محمد اور یاسمین عبد العال کا تعلق بھی غزہ شہر ہی سے ہے، لیکن تقریباً 10 لاکھ دیگر فلسطینیوں کی طرح وہ بھی جان کی حفاظت کی تلاش میں رفح میں پناہ گزیں ہو گئے ہیں۔

    چوں کہ جوڑے کی شادی ایک سادہ تقریب میں اسکول کی پناہ گاہ میں ہوئی ہے، اس لیے رشتہ داروں نے اسکول ہی کے ایک بلیک بورڈ پر نوبیاہتا جوڑے کے لیے محبت بھرے پیغامات لکھے۔

    واضح رہے کہ غزہ شہر سے تعلق رکھنے والے محمد اور یاسمین عبد العال کی شادی 6 جنوری 2024 کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں بے گھر لوگوں کے لیے مختص ایک اسکول میں ہوئی ہے۔