Tag: Palestinian refugee camp

  • لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری، 11 ہلاک

    لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری، 11 ہلاک

    بیروت: لبنان کے ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری ہیں، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ عین الحلوہ میں دو گروپوں کے درمیان تیسرے روز بھی جھڑپیں ہوئیں، جس میں اب تک گیارہ افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو چکے ہیں۔

    پناہ گزین کیمپ کے قریب لبنانی فوجی اڈے پر راکٹ گرنے سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا ہے، واضح رہے عین الحلوہ کیمپ اپنی لاقانونیت کے لیے جانا جاتا ہے اور وہاں تشدد معمولی بات ہے۔

    مہاجرین کیمپ میں جھڑپیں سیاسی پارٹی کے کارکنوں اور شدت پسندوں کے حامیوں کے درمیان ہو رہی ہیں، رپورٹس کے مطابق عین الحِلوہ کیمپ میں یہ جھڑپیں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق جھڑپوں کا آغاز گزشتہ روز سخت گیر اسلام پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے ایک گروپ کے رہنما محمود خلیل پر قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش سے ہوا تھا جس میں ایک شخص مارا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مسلح عسکریت پسندوں کی طرف سے الفتح کے ہیڈ کوارٹر پر فائرنگ اور حملے کیے گئے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں تقریباً 55 ہزار لوگ رہتے ہیں، جو 1948 میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی رہائش کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ لبنان کے 12 فلسطینی کیمپوں میں تقریباً 4 لاکھ فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔

  • شرپسند وزیر کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج کا فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، بچے کو ڈھال بنا لیا

    شرپسند وزیر کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج کا فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، بچے کو ڈھال بنا لیا

    رام اللہ: شرپسند اسرائیلی وزیر بیزلیل سموٹریچ کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول کر چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کر دی، چھاپے کے وقت اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی شخص اور ان کے بچے کو اپنے لیے انسانی ڈھال بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر اریحا میں فلسطینی عقبات پناہ گزین کیمپ پر چھاپا مارا۔

    اہل کار گھروں میں داخل ہو گئے جس پر اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، اور اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کر دی۔

    جھڑپوں کے بعد 6 فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے شرپسندی پر مبنی بیان دیا تھا کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں حوارا کو بمباری کر کے ملیا میٹ کر دے۔

    اس نے کہا مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں حوارہ کو بمباری کر کے ملیا میٹ کرنا ہوگا، دوسری جانب امریکا نے اسرائیلی وزیر کے بیان کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ایسے بیانات سے امن کی کوششوں کو مزید نقصان پہنچے گا۔

    نیڈ پرائس نے کہا وزیرِ اعظم نتن یاہو عوامی طور پر اسرائیلی وزیر کے بیان کو مسترد کریں۔

    او آئی سی نے بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ اسرائیل کو بے لگام چھوڑ دیا گیا ہے، اسرائیلی جرائم پر خاموشی نے مظالم میں اضافہ کیا۔