Tag: panah gaah

  • پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے، وزیراعظم

    پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے۔

    یہ ہدایات انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے دیں اس موقع پر ایم ڈی بیت المال، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ان کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے، پناہ گاہوں کے قیام کا مقصدغریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں سے پہلےغریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے، منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو پناگاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے منصوبے پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر 3مرحلوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ موجودہ پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی، نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناگاہوں کے عملے کو تربیت دلائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ پالیسی پر عمل درامد کیلئے ایک مرکزی بورڈ تشکیل دیا جائے گا، انتظامی معاملات دیکھنے کے لئے پناہ گاہ میں4رکنی بورڈ تشکیل پائے گا۔

    بریفنگ کے مطابق سہولیات پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا، ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے باآسانی چلایا جاسکے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکےان کوحل کیا جائے گا اور پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹرز بھی کھولے جائیں گے۔

  • پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹابیس بنانے کا فیصلہ

    پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹابیس بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم کی ہدایت پر پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹابیس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمان کو ٹاسک سونپ دیا۔

    اس حوالے سے فوکل پرسن نسیم الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں اب تک 50 پناہ گاہیں قائم کی جاچکی ہیں، یہ پناہ گاہیں اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈیٹابیس سے پتہ چل سکے گا کن اضلاع میں غربت کی شرح زیادہ ہے، پہلی بار ریاست غریب طبقے کی ذمہ داری لے رہی ہے، خوراک اور رہائش کی فراہمی بنیادی آئینی حقوق ہیں۔

    نسیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال مزید1000پناہ گاہیں بنانے کا منصوبہ زیرغور ہے، پاکستان کو انصاف پسند، فلاحی ریاست بنانا وزیراعظم کا وژن ہے، وزیراعظم کا مستحق افراد کو اولین ترجیح کا بیانہ حقیقت میں بدل رہا ہے۔

  • راولپنڈی : وزیراعظم عمران خان نے ہولی فیملی اسپتال اور "پناہ گاہ” کا دورہ کیا

    راولپنڈی : وزیراعظم عمران خان نے ہولی فیملی اسپتال اور "پناہ گاہ” کا دورہ کیا

    راولپنڈی : وزیراعظم عمران خان نے ہولی فیملی اسپتال اور "پناہ گاہ” کا ہنگامی دورہ کیا اور اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر وزیر صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابقوزیراعظم عمران خان راولپنڈی میں اچانک ہولی فیملی اسپتال پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا، وفاقی وزیر صحت، افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    اس موقع پر وزیراعظم کو اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نےاسپتال میں علاج معالجے کے معیار، صفائی کی مجموعی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔

    وزیراعظم ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں بھی گئے اور مریضوں کی خیریت اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ امراض کی تشخیص ،علاج ،انتہائی نگہداشت کے شعبے کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔

    انہوں نے وفاقی وزیر صحت سے ہولی فیملی اسپتال سے متعلق مفصل رپورٹ طلب کرلی، عامرکیانی کل شام تک اسپتال سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں گے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں قائم "پناہ گاہ” کا بھی دورہ کیا، وزیراعظم نے بےگھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے پناہ گاہ کے بہترین انتظام وانصرام پر وزیر صحت عامر کیانی اور انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سخت سردی کے موسم میں خلق خدا کیلئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے، چھت سےمحروم افرادکیلئےسہولتوں کا بندوبست لائق تحسین ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پسے ہوئے محروم انسانوں کی نگہداشت معاشرے کی ذمہ داری ہے، شہریوں کاانسانیت کی خدمت کیلئےآگےبڑھنا نہایت حوصلہ افزا ہے۔