Tag: panama case

  • کرپٹ افراد کے پاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، سراج الحق

    کرپٹ افراد کے پاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں آنیوالے افراد کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے قانون سازی ہونی چاہئیے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور مال روڈ مسجد شہداء سے چیئرنگ کراس تک جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عزم احتساب مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے اثاثے ان کی آمدنی سے زیادہ تهے، اس لئے انہیں صادق امین نہ ہونے کی بنا پر نااہل کیا گیا، حکمران جماعت کو عدالتی فیصلہ قبول کرنا چاہیئے تها لیکن وہ مسترد کر رہے ہیں، نوازشریف سے متعلق عدالت کے فیصلے کو قوم نے سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ میرا مسئلہ صرف نواز شریف نہیں، وہ سب لوگ ہیں جن کی وجہ سے غریب کو حق نہیں مل رہا، جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں سب کا احتساب چاہتے ہیں۔

    پاناما اسکینڈل میں436لوگوں کا نام لیکر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا، پانامہ اسکینڈل میں حکمران ہیں، دیگر سیاستدان، جج ، بیوروکریٹ ہیں یا جنرل سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔

    سراج الحق نے کہا کہ یہ فیصلہ آخری نہیں ہونا چاہیئے، کسی نے سیاہ جهنڈا اٹهایا ہو یا سفید، سب کا احتساب چاہتے ہیں، میری لڑائی کسی پارٹی سے نہیں یا کسی بیمار سے نہیں، میری لڑائی ان سے ہے جنہوں نے ملک کو بدنام کیا ہے۔

    آئین کی شق 62اور63 کا خاتمہ نہیں ہونے دیں گے

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آئین کی شق 62، 63 کا خاتمہ چاہتے ہیں، جس کے تحت صرف صادق اور امین اسمبلی ممبر ہو سکتا ہے، غیرمسلم ممالک میں بهی دیانتدار اور امین ہونے کی شرط ہے تو یہ مسلمان ملک کے آئین سے نکال رہے ہیں، کل آپ پاکستان کے آئین سے وزیراعظم اور صدر کیلئے مسلمان کی شرط بهی ختم کریں گے۔

    یہ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر 62، 63 کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کا ہاتھ ان کے گریبان پر ہو گا، وزیراعظم کے انتخاب میں اپوزیشن متفقہ امیدوار دے ورنہ ثابت ہو جائے گا کہ حزب اختلاف تقسیم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سومنات کے مندر پر یہ پہلہ حملہ ہے، ہم سترہ حملے کر کے کرپشن کے ہر بت کو پاش پاش کریں گے، میرا ایجنڈا نواز شریف کو ہٹانا نہیں کرپشن مافیا کا احتساب ہے، اشرافیہ اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دو اگست کو مرکزی مجلس شوری کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی دوں گا، میں جهکنے اور ڈرنے والا نہیں، میں سیاست اور صرف سیاست نہیں اصلاح چاہتا ہوں۔

  • سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی آئین کے مطابق درست ہے:عالمی مصالحت کار

    سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی آئین کے مطابق درست ہے:عالمی مصالحت کار

    ہیگ : نواز شریف کی نااہلی سے مطعلق پاکستانی عدالتوں کا فیصلہ پاکستان کے آئین کے عین مطابق ہے اور قانون کی بالادستی ہی ریاستوں کے استحکام کا باعث ہوتی ہے۔

    اس بات کا اظہار بین الاقوامی تنازعات میں ثالثی کے عالمی ماہر فیصل محمد نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہی۔

    انھوں نے کہا کہ چند ایشائی ممالک میں کمزور جمہوریت اور قانون میں سقم کی وجہ سے ان ممالک کے اکثر سیاسی خاندان مالی بد عنوانیوں کے مرتکب پائے گئے جن میں پاکستان کے سابقہ وزیر اعظم بھی شامل ہیں ۔

    فیصل محمد کے مطابق نواز شریف پارلیمنٹ کے فلور سمیت دیگر معاملات میں بھی کئی بار متضاد بیانی اور کئی اہم معلومات خفیہ رکھنے کے مرتکب ہوئے جو کہ نہ صرف پاکستانی آئین بلکہ کئی دیگر ممالک کے قوانین میں بھی قابل گرفت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ یہ فیصلہ پاکستان سے بدعنوانی اور دہشت گردی کو ختم کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا کیونکہ دنیا میں ہرجگہ دہشت گردی کے پیچھے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی ہی سب سے بڑی وجہ پائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ کے پانچ ججز پر مشتمل لارجر بنچ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے عہدہ چھوڑدیا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نوازشریف کی نااہلی. کراچی اوردیگر ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں

    نوازشریف کی نااہلی. کراچی اوردیگر ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں

    اسلام آباد: پاناما کیس میں نااہلی کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی کے ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں جبکہ نواز شریف کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے نااہل ہونے پرنواز شریف وزرات عظمی سے ہاتھ دھو بیٹھے، نااہلی کے بعد کراچی ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ، لاہور اور دیگر ایئرپورٹس سے نواز شریف کی تصاویر ہٹا دی گئیں۔

    نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کا عمل کل رات سے شروع کیا گیا تھا، کراچی کے ایئرپورٹ سے نوازشریف کی تصاویر پہلے ہی ہٹا دی گئی تھیں، ایئر پورٹ پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور صدر ممنون حسین کی تصاویر موجود ہیں جبکہ تیسرے فریم کو نواز شریف کی تصویر نکال کر نئے وزیر اعظم کیلئے خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر پورٹس پر قائداعظم کے سوا کسی کی تصویر نہیں لگائی جائے گی۔

    قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے نوازشریف کا نام بطور رکنِ اسمبلی ہٹادیا

    پاناما کیس میں نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے نوازشریف کا نام بطور رکنِ اسمبلی ہٹادیا گیا، قومی اسمبلی کے حلقوں کی ترتیب میں این اے 119 کے بعد ڈائریکٹ 121 کا تذکرہ ہے جبکہ نواز شریف کے حلقے این اے 120 کو ہٹا دیا گیا۔

    دوسری جانب کئی سرکاری ویب سائٹس پر اب بھی نواز شریف کا نام بطور وزیرِ اعظم موجود ہے، وزارتَ اطلاعات،وزارتِ خارجہ امور ،پرائم منسٹر آفس اور کیبنٹ ڈویژن کی ویب سائٹس پر نواز شریف اب بھی وزیر اعظم ہے جبکہ کابینہ کی تحلیل ہونے کے بعد کابینہ ارکان کے نام تاحال قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر درج ہیں۔


    مزید پڑھیں :  پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بنچ نے پاناما لیکس کے تاریخ ساز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دے دیا اور کہا کہ نوازشریف صادق اورامین نہیں رہے جبکہ کیپٹن صفدر، اور اسحاق ڈارکو بھی نااہل قراردیا گیا ہے۔

    عدالت نے نیب کو حکم دیا تھا کہ چھ ہفتوں کے اندروزیراعظم‘ کیپٹن صفدر‘ اسحاق ڈار اور مریم صفدرکے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے اور احتساب عدالت چھ ماہ میں فیصلہ کرے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نوازشریف کی نااہلی، کمرہ عدالت کا آنکھوں دیکھا احوال

    نوازشریف کی نااہلی، کمرہ عدالت کا آنکھوں دیکھا احوال

    اسلام آباد : پامانا لیکس کیس کے فیصلے کے موقع پر نوازشریف کی نااہلی کا حکم آتے ہی سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک میں شور مچ گیا جسٹس کھوسہ نے’’آرڈر، آرڈر‘‘ کہہ کرلوگوں کو خاموش کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق28 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ کے کمرہ نمبرایک میں پاناما کیس کا اہم اور بڑا فیصلہ سنایا گیا۔ مذکورہ فیصلہ سپریم کورٹ کے سینئرجج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سنایا۔

    جسٹس آصف کھوسہ کمرہ عدالت میں کچھ تاخیر سے پہنچے جس پر انہوں نے پر معذرت بھی کی، ساڑھے گیارہ بجتے ہی کمرہ عدالت میں موجود لوگوں کے دل کی دھڑکنیں بے قابو ہونے لگیں لیکن ابھی صبرکے کچھ لمحات باقی تھے۔

    اگلا آدھا گھنٹہ قیامت کا انتظار رہا، تقریباً بارہ بجے پانچوں ججز اپنی نشستوں پر براجمان ہوگئے، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تاخیرکی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ تاخیر ہوئی۔


    مزید پڑھیں: پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    جسٹس کھوسہ نے کہا کہ یہ فیصلہ جسٹس اعجاز افضل سنائیں گے، جس کے بعد جسٹس اعجاز افضل نے پہلے نیب ریفرنس کا فیصلہ سنایا اس کے بعد وہ جیسے ہی نوازشریف کی نااہلی کے پیراگراف پر پہنچے تو عدالت میں شور مچ گیا جس پر جسٹس آصف کھوسہ نے آرڈ آرڈ کہہ کر خاموشی کروائی۔

    جسٹس اعجازافضل نے فیصلہ مکمل کیا تو اس کے بعد جسٹس آصف کھوسہ نےعدالتی حکم  پڑھ کرسنایا، عدالتی حکم میں بھی نوازشریف کو نااہل کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کاحکم دیا گیا۔

  • پوری امید ہے کہ گیم از اوور ، کھیل ختم پیسہ ہضم، شیخ رشید

    پوری امید ہے کہ گیم از اوور ، کھیل ختم پیسہ ہضم، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ پوری امید ہے کہ گیم از اوور ، کھیل ختم پیسہ ہضم ، یہ اللہ کی پکڑ ہے انھوں نے اپنا کیس خود خراب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پوری امید ہے کہ گیم از اوور، جعلی دستاویزات پیش کرنے پر7سال قید کی سزا ہے، 40فیصدفیصلہ پہلے آیا60 فیصد ججز نے مل کر کرنا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان نے دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع نہیں کرائیں، پانچوں ججز نے لکھا تھا، جےآئی ٹی 7دن میں بنائی جائے، میں نیا نیا وکیل بنا ہوں،63،62 میرا ہی ہے، مریم نواز لندن فلیٹس کی بینفشل ہیں، اٹارنی جنر ل نے تصدیق کی مریم نواز لندن فلیٹس کی بینفشری ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ یہ اللہ کی پکڑ ہے انھوں نے اپنا کیس خود خراب کیا، شریف خاندان نے مخدوم اور اکرم سے لیکر چوٹی کے 10وکیل رکھے، نوازشریف گیٹ نمبر 4سے سیاست میں داخل ہوئے، چوہدری نثار نے کل کہا اداروں سے تعلقات گھمبیر ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاناما کیس کا کل فیصلہ نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا، روسٹر جاری

    پاناما کیس کا کل فیصلہ نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا، روسٹر جاری

    اسلام آباد : پاناما کیس کا فیصلہ اگر کل نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا، روسٹر جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کاروسٹر جاری کردیا، جس کے مطابق اگلے ہفتے پاناما عملدرآمد کیس کا بینچ اسلام آباد میں نہیں ہوگا، پاناماکیس کاکل فیصلہ نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا۔

    روسٹر کے مطابق پاناما عملدرآمد بینچ میں شامل جج جسٹس اعجازالاحسن رخصت پر ہونگے جبکہ جسٹس عظمت سعید شیخ لاہور میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔

    سپریم کورٹ نے 11 اگست تک کے لیے بنچ تشکیل دے دیئے ہیں ، جس کے مطابق سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے تین بنچ مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ اگست کے دوسرے ہفتے میں دو بنچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔


    مزید پڑھیں : پاناما کیس: سماعت مکمل‘ سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ


    یاد رہے 21 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، اور کہا تھا کہ  فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم ممکنہ طور پر نااہل ہوسکتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • قوم انتظارمیں ہے، سپریم کورٹ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے، عمران خان

    قوم انتظارمیں ہے، سپریم کورٹ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے، عمران خان

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججزسے درخواست ہے کہ پوری قوم کو پاناما لیکس کیس کے فیصلے کا انتظار ہے، شکرہےکہ فرینڈلی اپوزیشن کاخاتمہ ہوگیا، شریف برادران مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور حالات مزید بگڑتے جارہے ہیں، ججزسے صرف درخواست کررہاہوں۔

    جانتا ہوں ججز پر نوازشریف مافیا دباؤ ڈال رہی ہوگی مجھے بھی دس ارب روپے کی آفرکی گئی، عدالت عظمیٰ کے ججز سے گذارش ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنا دیں پوری قوم کو پاناما لیکس کیس کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پردہشت گردی ہورہی ہے، لاہورمیں دھماکا ہوا اور وزیراعظم مالدیپ چلے گئے، سندھ اسمبلی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہے، کےپی کےاسمبلی میں بھی استعفے کیلئےقرار داد بھیجی جاچکی ہے، وکلا، سول سوسائٹی سمیت سب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پوری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان کا وزیراعظم کرپشن میں ملوث ہیں۔

    دونوں بھائی مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں

    چیئرمین پی ٹی آئی نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی معصوم اور مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، یہ لوگ صحافیوں اور میڈیا ہاﺅسز کو بھی خریدنے کی کوششیں کر رہے ہیں، خود رشوت کا پیسہ چلارہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ باقی لوگ بھی سب کرپٹ ہیں، ان کے ضمیر فروش وزراء لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔

    منی ٹریل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نےاپنی پوری منی ٹریل عدالت میں پیش کی، میں اپنے فلیٹ فروخت کرکے پاکستان پیسہ لایا تھا جبکہ ان لوگوں نے بیرون ملک محلات رکھے ہوئے ہیں، ایک کھلاڑی 11 سال تک کرکٹ کھیلتا ہے تب کہیں جاکر60لاکھ کا فلیٹ خریدتا ہے۔

    کہاں یہ60لاکھ کاایک فلیٹ اورکہاں ساڑھے6ارب کامحل؟ جس کی خریداری کیلئے پاکستان سے چوری کیا ہوا پیسہ غیرقانونی طریقے سے باہر بھجوایا گیا، پوچھتا ہوں کہاں سے آیا اتنا پیسہ ؟ یہ پیسہ پاکستانی قوم کا ہے۔

    حلال اور حرام کی کمائی کرنے والوں کو ایک ہی کیا جارہا ہے، لندن میں جوفلیٹ خریدا، کیاوہ حرام کی کمائی سےخریدا تھا، شکریہ ادا کرتا ہوں ان لوگوں کا کہ جنہوں نے میرا40سال پرانا ریکارڈ تلاش کیا۔

    میں تو کاروباری شخصیت نہیں تھا پھر بھی منی ٹریل پیش کی، یہ تو کہتےہیں ہم عرصہ دراز سے کاروباری تھے۔

    جنگ میڈیا گروپ کے میر شکیل الرحمٰن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرشکیل کی شکل کل سپریم کورٹ میں دیکھ لیتے، میرشکیل بھی وہی باتیں کررہا تھاجو لیگی وزرا کرتے ہیں، کبھی کبھی اللہ پاک انسان کےمنہ سے سچ نکلوا ہی دیتا ہے۔

    میر شکیل کہہ رہاتھا کہ صحافت کو نہیں جانتا میں تو بزنس مین ہوں، میرشکیل تم اپنے میڈیا ہاؤسز کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال کرتے ہو، صحافت ایک بڑانام، پروفیشنل ہے اوریہ اس سے کاروبارکرتا ہے، میرشکیل کرپٹ خاندان کو بچانے کیلئے اپنے میڈیا گروپ کو استعمال کررہا ہے۔

    ملک کو لوٹنے والے کے ساتھ یہ میڈیا ہاؤس بھی ملاہوا ہے، میڈیا کا کام شفافیت ہے، بلیک میلنگ کرنا نہیں، میں شروع دن سے کہہ رہا تھا کہ میرشکیل پیسے سے چلتا ہے۔

    عوام میر شکیل کے میڈیا ہاؤس کا بائیکاٹ کریں 

    عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ عوام آج سے میرشکیل کے میڈیاہاؤس کا بائیکاٹ کریں اور میرشکیل الرحمان کوسبق سکھائیں، کارکنان اور سول سوسائٹی بھی میرشکیل کے میڈیا گروپ کا بائیکاٹ کرے۔ میڈیا کا کام جھوٹ کو بےنقاب کرنا اور سچ کو سامنے لانا ہوتا ہے، مافیا کےخلاف کھڑے ہونے والے میڈیا ہاؤسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی تاریخ لکھی جائےگی تو صحافیوں کا خاص ذکر ہوگا، صحافیوں اور کچھ میڈیا ہاؤسز نےجمہوریت کی بقا کیلئے بہت نقصان اٹھایا۔

    عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ اورپیپلز پارٹی اس وقت اچھا کام کررہی ہے، شکر ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن کا خاتمہ ہوگیا ہے، سیدھے راستے پر آنے والے کی ہمیں حمایت کرنی چاہئیے۔

     خواجہ آصف کیخلاف عدالت سے رجوع کریں گے

    کبھی ایسا سنا ہے کہ وزیراعظم اقامہ لے کر بیٹھا ہوا ہے؟ لیگی وزرا بھی اقامے لےکر بیٹھے ہوئے ہیں، یہ لوگ لوٹ مار کا پیسہ بچانے کیلئےدین کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں، اقامہ کے معاملے پر خواجہ آصف کیخلاف عدالت جارہے ہیں، اس حوالے سے عثمان ڈار اور فردوس عاشق اعوان تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک شخص اوربھی ہے جو پیسہ بچانےکیلئے دین کے پیچھے چھپتا ہے، نوازشریف کو گاڈفادر کہنے پرجسٹس عظمت سعید کھوسہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اگر نااہل ہوبھی جاؤں تو مافیا سےنجات دلانے کیلئےیہ بہت چھوٹی قیمت ہے، لیکن نوازشریف نااہلی سےنہیں بچ سکتے، نوازشریف کے نااہل ہونے پرجشن تاریخ میں لکھا جائیگا۔

  • وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، گیلپ سروے میں عوام کی اکثریت کا فیصلہ

    وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، گیلپ سروے میں عوام کی اکثریت کا فیصلہ

    لاہور : گیلپ پاکستان کی جانب سے تازہ ترین سروے نتائج جاری کر دیے ہیں ، جس میں عوام کی اکثریت نے فیصلہ سنایا کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں جبکہ عدلیہ اور فوج کو معتبر ادارے قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے میں کئی دلچسپ نتائج سامنے آئے ہیں، عوام نے عدلیہ اور فوج کوسب سے زیادہ معتبر ادارے قرار دیا، جبکہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اکثریت کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کو اب گھر جاناچا ہیے۔

    سروے کے مطابق 79 فیصد عوام نے عدلیہ اور فوج کو مشترکہ طور پر سب سے معتبر ادارہ قرار دیا جبکہ سب سے کم یعنی 38 فیصد پولیس ڈپارٹمنٹ پر یقین رکھتے ہیں۔

    ایک اور سوال کے جواب میں اکثریت یعنی 51 فیصد عوام نے نواز شریف کو سیاست سے کنارہ کش ہو کر گھر بیٹھنے کا مشورہ دیا۔

    سروے میں سوال کیا گیا کہ کیا مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کی بطور وزیر اعظم کی نامزدگی قبول ہے؟ تو جواب میں 59 فیصد عوام نے اس تبدیلی کے حق میں جبکہ 41 فیصد لوگوں نے شہباز شریف کو نیا وزیراعظم بنانے کی مخالفت کی ہے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں 73 فیصد عوام نے بتایا کہ وہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بارے میں جانتے ہیں یا اس کے بارے میں سنا ہے۔

    واضح رہے کہ گیلپ پاکستان کی جانب سے یہ سروے ملک کے مختلف شہروں میں کیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاناما کیس: جنگ کے رپورٹرنے جج کو کال کرنے کا اعتراف کرلیا

    پاناما کیس: جنگ کے رپورٹرنے جج کو کال کرنے کا اعتراف کرلیا

    اسلام آباد : روزنامہ جنگ اور دی نیوز کے رپورٹر نے جج سے براہ راست معلومات لینے کی کوشش کا اعتراف کرلیا۔ احمد نورانی نے جواب میں دیگرتمام میڈیا کو جھوٹا قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احمد نورانی نے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے، روزنامہ جنگ اور دی نیوز کے رپورٹراحمد نورانی نے جج کو کال کرنے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے توہین عدالت کے نوٹس پر اعترافی بیان جمع کرا دیا ہے۔

    رپورٹر احمد نورانی نے پاناما کیس کے حوالے سے جج سے براہ راست معلومات لینے کی کوشش کی تھی، رپورٹر نے جسٹس اعجاز افضل خان کو کال کی، رپورٹر نے اپنے جواب میں تسلیم کیا کہ بینچ کے ایک جج کوکال کی گئی۔

    احمد نورانی نے جواب میں مزید کہا ہے کہ رجسٹرار کےجواب نہ دینے پر میں نے جج سے رابطہ کیا، جج سے یہ رابطہ تین اور چار جولائی کی درمیانی شب آٹھ بج کر گیارہ منٹ اور آٹھ بج کر چودہ منٹ پرہوا، معزز جج نےفون خود ریسیو کیا۔

    بیس جون کو دی نیوز اخبار نے درست خبرشائع کی، خبرمیں کہا گیا کہ ویڈیو ریکارڈنگ پر حسین نواز کا مؤقف مسترد کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاناما کیس میں عدالت کی آبزرویشن تھی کہ جنگ اورجیو نیوزنے غلط رپورٹنگ کی تھی، رپورٹر نے اپنے جواب میں خود کو بچانے کے لئے دیگر میڈیا کوملوث کرنے کی بھی کوشش کی۔


    مزید پڑھیں: پاناما عملدرآمد کیس، جنگ گروپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری


    جواب میں لکھا گیا ہے کہ روزنامہ جنگ میں تصویرلیکس کی خبر پر مختلف معاملہ ہوا، ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے مدنظرعدالت کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، بہت سارے دیگراخبارات نے تصویر لیکس کے معاملے پر غلط خبر چلائی، جنگ نیوز نیوز کے رپورٹراحمد نورانی نے جواب میں دیگرتمام میڈیا کو جھوٹا قرار دے دیا۔

  • عید میں بڑی قربانیاں شروع ہوں گی، منظور وسان

    عید میں بڑی قربانیاں شروع ہوں گی، منظور وسان

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ عید قربان پر چھوٹی نہیں بڑی قربانی ہوگی ، نواز شریف کو وزیر اعظم رہنے میں بہت پریشانیاں آئیں گی۔

    سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ عید میں بڑی قربانیاں شروع ہوں گی۔ موسم تو ٹھنڈا ہے پر سیاسی موسم گرم رہے گا۔ 24 جولائی سے 15 اگست کے درمیان اہم فیصلے ہوں گے۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ احتساب کا جو سلسلہ چل پڑا ہے وہ سیاستدانوں تک محدود نہیں رہے گا، اس میں سب آئیں گے، اینٹی کرپشن اب آنٹی نہیں ہوگی اصل اینٹی ہوگی۔

    منظور وسان نے چوہدری نثار کی کمر درد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا چوہدری صاحب کی کمر کا درد کبھی بڑھتا جائے گا تو کبھی کم ہوگا،  چوہدری نثارکے کمر کا درد  شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے لیے ہے،  بہت سے لوگ اسپتال جائیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تکلیف میں اضافے کا احساس ہے ، معاملہ نوازشریف تک محدود سمجھنا بھول ہے، معاملات اور لوگوں تک بھی جائیں گے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونی چاہئے اگر جمہوریت ڈی ریل ہوگی تو پھر الیکشن جلدی نہیں ہوں گے۔ پاکستان میں جمہوری نظام ہی ترقی کر سکتا ہے۔


    مزید پڑھیں : جولائی تک میاں نواز شریف وزیراعظم نہیں رہیں گے، منظور وسان


    یاد رہے اس سے قبل صوبائی وزیر منظور وسان نے بڑی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ جولائی تک میاں نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہیں گے، نواز شریف کا کاونٹ ڈاوٴن شروع ہوگیا ہے، نواز شریف خود  استعفی دینگے اور دوسرا وزیر اعظم  آئے گا، حالات کو دیکھتے ہوئے آہستہ آہستہ فیصلے آئیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔