لاہور : وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ لاہور سے دبئی روانہ ہوگئے، حسین نواز اپنے والد نواز شریف کا اہم پیغام لیکر سعودی عرب اور لندن میں اہم ملاقاتیں کرینگے ۔
رائیونڈ میں موجودہ سیاسی صورتحال پر شریف خاندان نے خصوصی مشاورت کی ہے، جس میں نواز لیگ کا کوئی رہنما موجود نہیں تھا۔
حسین نواز نے جانے سے قبل اپنے والد نواز شریف سے دو گھنٹے اکیلے میں طویل ملاقات بھی کی ہے،نواز شریف نے حسین نواز کو اہم ذمہ داریاں بھی دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پامانہ لیکس کے حوالے سے شریف فیملی میں بھی کچھ اختلافات کی بھی خبریں ہیں، جس پر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان اختلافات کو عقل مندی اور دانشمندی سے حل کیا جائے تاکہ اس سے پہلے کہ معاملہ ہی نمٹ جائے۔
لندن : پاناما لیکس پر جواب دینے کے لئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون برٹش پارلیمنٹ میں پیش ہوگئے۔ ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی خلاف قانون اقدام نہیں کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما پیپرزمعاملے میں والدکانام آنے کے بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کےنظام کی خامیاں دورکرنے کیلئے قانون میں پچیس نئی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام میں آف شورکمپنیوں میں برطانوی باشندوں کی ملکیت واضح ہوگی، انہوں نے کہا کہ والد سے متعلق کرپشن الزامات افسوسناک ہیں۔
ڈیوڈ کیمرون نے اپنے گزشتہ چھ سال کے ٹیکس ریٹرن کا ریکارڈ بھی شائع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010 سے آف شور کمپنیوں میں میرے کوئی شیئرز نہیں ہیں،ٹیکس ریکارڈ جاری کرنا ضروری تھا۔
پاناما اسکینڈل کے باعث اپوزیشن لیبرپارٹی نے وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہم نے پانامہ لیکس کے باعث انٹرا پارٹی انتخابات کو ملتوی کرنے اور رائیونڈ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رائیونڈ مارچ کی تیاری کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں، یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
عمران خان نے کہا کہ آج پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بلانے کا مقصد انٹرا پارٹی انتخابات اور پاناما لیکس کے حوالے سے مشاورت کرنا تھا، ہم نے تحریک چلانی ہے جس کا اختتام رائے ونڈ پر ہوگا۔
عمران خان نے سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، مزدوروں اور کسانوں کو تحریک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک سے کرپشن کو ختم کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔
کرپشن کیخلاف فیصلہ کن مرحلہ آ گیا ہے۔ اگر عوام باہر نہ نکلے تو حکمران اسی طرح ملک کو لوٹتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ 24اپریل کو پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں ایک بڑا شو کرنے جا رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ وہ جلسے کے بعد پاناما لیکس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلا لیں۔
ویلیٹا : پاناما لیکس کے انکشافات نے مالٹا میں بھی ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ مالٹا میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کے دوران وزیراعظم جوزف مسکت سے استعفےکا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس میں وزیراعظم مالٹا کی کابینہ سے دو وزرا کے آف شوراکاؤنٹس ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ جس پر ہزاروں افراد وزیراعظم کیخلاف سڑکوں پرنکل آئے۔
ویلیٹا میں ہونے والے مظاہرے میں شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو اخلاقی طور پر حکومت کرنے کا کوئی اختیار نہیں رہا۔ انہیں فوری مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کیخلاف خوب نعرے بازی کی،انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آج ایمپائر کی انگلی اٹھ گئی ہے، اللہ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، اب عوام کو موقع مل گیا ہے کہ ملک کا رخ بدل دیں، ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، اپنے حق کیلئے جہاد کرنا ہوگا۔ نواز شریف پانامہ لیکس پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔
یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ملک کی دوسری بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں، مجھے پی ٹی وی پر خطاب کرنے کا حق ہے۔ کیونکہ میں ہی اپوزیشن لیڈر ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے خطاب اپنی ذاتی حیثیت میں کیا، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پر چار بڑے الزامات ہیں ،ن لیگ کے وزراء نے اپنے قائد سے کرپشن کے بارے میں پوچھنے کی بجائے شوکت خانم پر الزامات لگانا شروع کر دیئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جب حکمران پیسے کا غلط استعمال کریں گے تو اپوزیشن کو سوال پوچھنے کا حق ہے انہوں نے نواز لیگ کے وزراء سے سوال کیا کہ کیا آخرت میں ان کو اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے یا نواز شریف کو ؟
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانیوں نے اب بھی جدوجہد شروع نہ کی تو ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا، عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے بعد دنیا بھر میں احتجاج شروع ہوا اور لوگ حکمرانوں کے احتساب کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ۔
ہمیں بھی پاکستان کے پیسے اور جمہوریت کی حفاظت خود کرنی ہو گی کیونکہ اگر ہم خود اس ظلم کے خلاف نہیں کھڑے ہونگے تو یہ لوگ ہمیں دباتے جائیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے پاس اپنے اوپر لگے الزمات کا جواب صرف یہ ہے کہ سب کرپشن کرتے ہیں .
ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کو عمران خان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں ملا تو انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے خیراتی ادارے شوکت خانم کے فنڈز میں سے 3کروڑ کی رقم سرمایہ داری میں ضائع کردیئے گئے ہیں لیکن میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ تین کروڑ واپس آ چکے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آئس لینڈ کے عوام کرپشن کیخلاف باہر نکل آئے، انہوں نے اپنے حق کیلئے جہاد کیا۔
کراچی : وزیر اعظم نواز شریف بھی دو آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے۔ ۔ورلڈبینک اوراقوام متحدہ کی مشترکہ ویب سائٹ پر دو کمپنیوں کے بینی فشل اونر کا نام نواز شریف لکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ کے ہنگامے کے بعد ایک اورتہلکہ سامنے آگیا، بیٹوں کے بعد وزیر اعظم نواز شریف خود بھی دو آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے۔
ورلڈ بینک اور اقوام متحدہ کی مشترکہ ویب سائٹ پر دو آف شور کمپنیوں، شیم روک اور شینڈرن کے بینی فشل اونر کا نام نواز شریف درج ہے۔
دستاویز کے مطابق ایک کمپنی آف شور کومبر گروپ سے انیس لاکھ ڈالر نوازشریف کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز اس کمپنی کی ملکیت کا اعتراف کرچکے ہیں۔
ورلڈ بینک اوراقوام متحدہ کی مشترکہ دستاویز میں شریف خاندان کی بارہ آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کمپنیز کی صرف تین ٹرانزیکشنز میں دو ارب روپے کی رقم نکالی گئی ہے۔
لندن : پاناما لیکس کے بعد اس کے آفٹر شاک کا سلسلہ جاری ہے، دنیا بھر میں پاناما پیپرز آنے کے بعد سے ہلچل برقرارہے، پاناما لیکس میں برطانوی وزیراعظم کی جانب سے آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کے معاملے پر اپوزیشن نے ڈیوڈ کیمرون سے استعفے کا مطالبہ کردیا ۔
برطانوی وزیراعظم کے گھر ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر ہزاروں افراد جمع ہوگئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پاناما لیکس میں ان کے والد کا نام آنے کے بعد وزیراعظم استعفی دے کر گھر چلے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں کیونکہ انہوں نے آف شور کمپنی کا معاملہ کئی برسوں تک چھپائے رکھا۔
لندن میں ڈیوڈ کیمرون کے سرکاری گھرکے سامنے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔
احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں دھکم پیل بھی ہوئی ایک شخص چلتی گاڑی پر چڑھ گیا، مظاہرین نے سڑک پر ڈیوڈ کیمرون سےاستعفےکےمطالبےکا نعرہ درج کیا۔
یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم کے والد کانام بھی پانامہ لیکس میں آیاہے۔ ڈیوڈ کیمرون نے اپنے والد کی آف شور کمپنیوں میں تیس ہزار پاﺅنڈ سے زائد کی سرمایہ کاری کااعتراف کیا ہے۔