Tag: pani

  • عوام پانی کی نعمت سے تاحال محروم، پیاسوں کی حکومت کو بد دعائیں

    عوام پانی کی نعمت سے تاحال محروم، پیاسوں کی حکومت کو بد دعائیں

    کراچی : شہرمیں پانی کا بحران شدت اختیارکرگیا ہے۔ عوام پانی کی بوند بوند کوترس گئے ہیں اور اپنے طورپر بندوبست کرکےگزارا کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا تقریباً ہرشہری پانی کی قلت کی دہائی دیتا نظرآتا ہے۔پانی سے محرومی نے عوام خصوصا خواتین کو احتجاج کرنے اوربدعائیں دینے پرمجبورکردیا ہے۔

      شہر میں پانی کی بوند بوند کوترستے عوام اپنی مدد آپ کے تحت پانی کا بندوبست کررہے ہیں۔ ستم تو یہ ہے کہ کراچی واٹربورڈ بھی عوام کی تکلیف پرکان دھرنے کوتیار نہیں۔

    پانی فراہم کرنے کے صرف دعوے اور کچھ نہیں۔ حکام کی بے حسی کا شکوہ کرتے عوام کہتے ہیں کہ بورنگ سے بھی پانی نہیں مل رہا۔ ہم آخر جائیں تو جائیں کہاں؟

      عوام کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پانی کی قلت فوری دور کرے ورنہ عوامی احتجاج شدت بھی اختیارکرسکتا ہے۔

  • سمندر کے کنارے آباد شہر قائد میں پانی کا بحران آخر کب تک؟

    سمندر کے کنارے آباد شہر قائد میں پانی کا بحران آخر کب تک؟

    کراچی : شہر قائد بوند بوند کو ترس گیا۔ اور لگتا ہے سندھ کے سائیں سرکارخواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ شہر میں زیر زمین پانی کی لائنیں خشک مگر واٹر ٹینکرزسڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں۔ غریب عوام کی امیدیں اور حکومتی اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    زمینی حقائق یہ ہیں کہ اہلیان کراچی قلت آب کا شکار ہیں۔ پانی کے سنگین بحران کے باجود واٹر ہائیڈرنٹس پر دھڑلے سے ٹینکر بھر بھر کے بیچےجارہےہیں۔پانی کےترسےشہریوں کاکہناہےکہ دومہینے ہوگئے لیکن پانی نہیں آیا۔ ہیوی ڈیوٹی سکشن پمپ لگائے گئے لیکن نتیجہ صفر رہا۔

    پانی کی تلاش میں دربدرشہریوں نےشکوہ کیا ہےکہ ٹینکر مافیا صورتحال سےفائدہ اٹھاتےہوئے مجبوروں کو دونوں ہاتھوں سے لُوٹ رہی ہے۔ کمشنر کراچی نے قلت آب سے متاثرہ علاقوں میں واٹر ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کا دعویٰ کردیا ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ کمشنر کراچی کے دعوے حقیقت کا روپ دھارتے ہیں یا ماضی کی طرح یہ باتیں صرف اخبارات یا میڈیا کی زینت ہی بنیں گی؟  پانی کے بحران پر انتظامیہ کے تازہ ترین دعوے عملی حقیقت میں نہیں بدلے تو جلد شہرقائد کی فضاؤں میں ۔چلو بھر پانی میں۔۔۔۔۔۔۔ کے نعرے لگیں گے۔

    کراچی کی عوام پانی کی تلاش میں سرگرداں ہے اور ارباب اختیار کی بے حسی کم ہونے میں نہیں آرہی۔۔جس کے باعث ٹینکر مافیا شہر پرراج کرنے لگی۔ معاشی حب کہلانے والا شہرکو جہاں بہت ساری بنیادی مسائل نے جکڑا ہوا ہے شہریوں کو صاف اور میٹھے پانی کا حصول بھی مشکل ہوگیاہے۔

    شہری بجلی اور بھی پانی پر احتجاج کرتے نظر آتے ہیں مگر مسائل حل ہوتے نظر نہیںآ رہے پانی کی شدید قلت کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے ٹینکر مافیا کی جانب سے مہنگے داموں مضر صحت پانی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا سوال ہے کہ شہریوں کو پانی میسر نہیں تو ہائیڈرنٹس کو پانی کہاں سے مل رہا ہے؟

    ۔مختلف علاقے نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی،اورنگی ٹاون،بلدیہ ٹاون، کورنگی اور لانڈھی سمیت دیگر علاقوں کے مکین بھی پانی کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہیں پانی کی قلت کو واٹر بورڈکی غفلت قرار دیتے ہوئے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب بلبلاتے عوام نے بارش کیلئے نماز استسقاادا کرنا شروع کر دی ہے۔ کراچی میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران نے شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

    لوگ متبادل  ذرائع کی تلاش میں ہیں۔ کوئی واٹر ٹینکرز مافیا کی منت سماجت کر رہا ہے۔ تو کوئی کئی سو فٹ گہری بورنگ کروا کے پانی کی تلاش میں ہے۔ لیکن پانی ہے کہ ملتا ہی نہیں۔ پانی خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے غریبوں نے تو اپنی نگاہیں آسمان پر لگا دی ہیں۔ کہ بادل ہی برس پڑیں۔

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بلبلاتے شہریوں نے کڑی دھوپ میں نماز استسقاء ادا کرڈالی۔ بڑی تعداد میں شریک لوگوں کی ایک ہی دعا تھی۔اے اللہ بارش برسا دے۔

    پانی کی قلت کے خلاف اب جگہ جگہ مظاہرے ہورہے ہیں۔ ستم یہ ہے کہ سمندر کنارے آباد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے۔

  • کراچی: پانی اور بجلی کی بندش، شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی: پانی اور بجلی کی بندش، شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی : پاک کالونی کے رہائشیوں نے پانی وبجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حبیب بینک چورنگی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے۔

    پاک کالونی کے مکین علاقہ میں پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف بھپر گئے، مشتعل مظاہرین نے احتجاجا ٹائر نذرآتش کئے اور سڑک بلاک کردی ۔

     احتجاج کے باعث ناظم آباد سے سائٹ ایریا کو جانے والی ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی،جس سے ارد گرد کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

    ٹریفک جام کے باعث کئی گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا، آفس جانے اوردفاتر سے واپس آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

       آٹھ گھنٹے بعد حکومتی نمائندوں نے مظاہرین سے با چیت کر کے انہیں سڑکیں کھولنے پررضا مند کر لیا جس کے بعد دھرنا ختم اور ٹریفک بحال ہوگیا ۔

  • بجلی وپانی کی بندش کیخلاف کراچی کے شہری سراپا احتجاج

    بجلی وپانی کی بندش کیخلاف کراچی کے شہری سراپا احتجاج

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے اوراحتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف مکینوں کے احتجاج کا سلسلہ دن بھرجاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی نایاب ہوگئے،جس پرعوام بلبلاکر سڑکوں پر نکل آئے، لسبیلہ میں بجلی عدم فراہمی کے خلاف مکینوں نے شدیداحتجاج کیا۔

    مظاہرین نے سڑک بلاک کردی اورکےالیکٹرک کی گاڑیوں کا گھیراؤبھی کیا۔ علاوہ ازیں سات روزقبل لسبیلہ فٹبال گراؤنڈ سے متصل آبادی کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی پر کاٹی گئی جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاہےکہ بجلی بحال کی جائے کیونکہ لوگ بجلی کے بل ادا کرتے ہیں،نیوکراچی میں بھی بجلی اورپانی کی بندش کے خلاف شہریوں نے واٹر بورڈ کے دفترکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین نے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔نیوکراچی مشتعل واٹربورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت کے باعث شہر میں پانی کے مصنوعی بحران کیخلاف شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبری ہوگیا۔

    بدھ کے روز نیوکراچی میں کئ ماہ سے پانی کی بوند بوند کو ترستے مکینوں نے ناصرف سڑک پر احتجاج کیا بلکہ واٹر بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور شکایتوں کے انبار لگا دئیے۔

    جمشید ٹاون اور سولجر بازار کے مکینوں نے بھی بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف لسبیلہ چوک پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی معطل رہی۔

    بلدیہ اتحاد ٹاون، گلشن معمار اور کورنگی سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔